خاموش خدمتوں کی اَن سنی کہانی

میری نند اپنے بچوں اور شوہر کے ساتھ اپنے میکے آنے والی تھی۔ وہ اکثر اتوار کے دن اپنے چار بچوں اور شوہر کے ساتھ میکے آتی ہے اور سارا دن گزار کر رات کو واپس چلی جاتی۔ ایک ہی شہر میں میکہ ہونے کا یہ بڑا فائدہ ہوتا ہے، انسان اپنوں سے جلدی ملاقات کر لیتا ہے۔
گھر کی اکلوتی بہو ہونے کے ناطے سارا کام مجھے ہی کرنا ہوتا ہے، لہٰذا میں نے ایک دن پہلے ہی تیاریاں شروع کر دی تھیں۔ امی (میری ساس) نے مجھے بتایا کہ نند کے شوہر کو دھنیے کی چٹنی بہت پسند ہے۔ اس کے بغیر وہ کھانا نہیں کھاتا تو میں نے اتوار کی صبح ہی دھنیے کی چٹنی بنا کر فریج میں رکھ دی تھی کہ کہیں بھول نہ جاؤں۔
ہفتے کے دن، دن بھر کے کاموں کے بعد شام کو میں نے پہلے اپنے گھر کے لیے کھانا بنایا۔ امی کی طبیعت خراب رہتی تھی تو وہ کام نہیں کرسکتی تھیں، اس لیے سارا کام مجھے ہی کرنا ہوتا ہے۔ سب کو کھانا کھلانے اور برتن دھونے کے بعد دعوت کی تیاری کے لیے چنے کی دال اور چکن کے کباب کا آمیزہ چولہے پر رکھ کر ساتھ ہی فِش بھی میرینیٹ کرنے لگی۔ جب یہ دونوں چیزیں تیار ہو گئیں تو ان کو فریز کر دیا، پھر میٹھے میں ایک گھنٹہ لگا کر فیرنی بنائی اور اس کو بھی فریز کر دیا۔ ان تمام کاموں کے برتن دھوتے اور کچن صاف کرتے مجھے رات کے بارہ بج گئے۔ اگرچہ نماز بہت لیٹ ہو چکی تھی مگر پھر بھی قضا پڑھ لی۔
کمرے میں آئی تو شوہر صاحب گہری نیند سو رہے تھے۔ میں بھی ڈھیروں کروٹیں بدلنے کے بعد بالآخر سو گئی۔ مجھے بڑی پریشانی تھی کہ ہر چیز وقت پر اور بالکل صحیح ہو جائے۔ الارم لگایا ہوا تھا تو صبح ٹائم سے آنکھ کھل گئی۔ نماز پڑھ کر پہلے پورے گھر کی صفائی کی، جیسے ہی سب گھر والے جاگے، سب کے لیے ناشتہ بنایا۔ ناشتہ کروا کر برتن دھوئے اور اتنے میں مہمان آ گئے۔ مہمانوں کو چائے پانی پلا کر میں کچن میں گھس گئی۔
مٹن کا قورمہ بنانے میں تقریباً دو گھنٹے لگ گئے۔ اس کے بعد بریانی کا سامان تیار کرنے لگی۔ شوہر صاحب کچن میں آئے، پانی پیا اور چلے گئے۔ میں نے سوچا، پتہ نہیں کون سی عورتیں ہوتی ہیں جن کے شوہر کام میں مددگار ہوتے ہیں۔ چلو خیر، کوئی بات نہیں، ویسے بھی یہ عورتوں کا ہی کام ہے۔
بریانی بنا کر فریج سے کباب کا آمیزہ نکالا، کباب کی شیپ دے کر ان کو فرائی کرنے کر کے رکھا۔ کچھ رات کی نیند اور کچھ دن کی تھکن نے کمر کو تختہ کر دیا تھا۔ دل چاہ رہا تھا ڈھیر سارا سو جاؤں مگر فی الحال ممکن نہیں تھا۔ کباب فرائی کر کے سلاد کاٹا اور ٹیبل پر کھانا لگا دیا۔ کتنا کچھ ایک دن پہلے سے کر کے رکھا تھا، پھر بھی کھانا بنانے میں دو بج گئے۔ کھانا ٹیبل پر لگا کر جیسے ہی سب بیٹھے، بچوں نے شور کر دیا، ہم نے تو پاستا کھانا ہے۔ نند کندھے اچکا کر مسکرائی اور کہنے لگی، یہ بچے گھر میں بھی زیادہ تر یہ کھانا نہیں کھاتے، اگر تم نہیں بنا سکتی تو آرڈر کر لو۔
میں نے شوہر کی طرف دیکھا، وہاں بے نیازی تھی اور ساس نے بھی کوئی حوصلہ نہیں بڑھایا، تو میں دوبارہ کچن میں چلی گئی۔ نئے سرے سے سب کچھ کانٹ چھانٹ کر پاستا بنانے لگی۔ بھوک اور تھکن سے برا حال تھا۔ نند کا سب سے چھوٹا بیٹا رونے لگا کہ مجھے تو چپس کھانی ہیں۔
پاستا بناتے ہوئے آلو کاٹ کر اس کے لیے چپس بنائیں۔ جب میں کچن سے باہر گئی تو سب کھانا کھا چکے تھے۔ مجھے دھچکا سا لگا، کسی نے ازراہِ مروت بھی مجھے کھانے کے لیے نہیں پکارا۔ ڈھیر سارے آنسو حلق میں اتار کر ذبردستی موڈ بہتر کیا۔
پتہ نہیں کیوں مجھے ایسا لگا جیسے امی اور آپی کا موڈ بہت خراب ہے۔ میں نے مسکرا کر پوچھنے کی کوشش کی کہ کھانا کیسا بنا ہے؟

سوائے میرے شوہر کے کسی نے کوئی جواب نہیں دیا۔
کھانا کھاتے ہی مہمان رخصت ہو گئے۔ میں بھی ٹیبل پر بیٹھ گئی کہ کچھ کھا لوں۔ جیسے ہی پہلے لقمے کی طرف ہاتھ بڑھایا، امی کی آواز آئی: ’’اگر تم نہیں چاہتی کہ میری بیٹی اس گھر میں آئے یا تم اس کی خدمت کرو، تو تم ہمیں صاف بتا دو۔ آئندہ میں تمھیں زحمت نہیں دوں گی۔ میں خود اتنا کام کر سکتی ہوں، تمھارے احسان کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
میں نے ہکا بکا امی اور اپنے شوہر کی طرف دیکھا، پھر میں نے پوچھا: ’’کیا ہوا اماں کوئی کمی رہ گئی؟‘‘
کہنے لگیں، ’’تمھیں میں نے کل بھی بتایا تھا کہ عارف دھنیے کی چٹنی کے بغیر کھانا نہیں کھاتا، مگر تم نے ضد میں اس کے لیے چٹنی نہیں بنائی۔‘‘
میں ہکا بکا انھیں دیکھتی رہی۔ میں اتنا بھی نہیں کہہ سکی کہ وہ چٹنی فریج میں رکھی ہے، میں بس ٹیبل پر رکھنا بھول گئی تھی۔ وہ دونوں چلے گئے، مگر میں ٹیبل پر تنہا بیٹھی رہ گئی۔ ڈھیر سارا ضبط کرنے کے باوجود آنکھ سے ایک آنسو میرے چہرے سے لڑھکتا ہوا گرا اور دوپٹے میں جذب ہو گیا۔
میری اتنی خدمت اور خلوص کا صلہ یہ تھا کہ سب مجھ سے ناراض ہو گئے۔ میرا دل اس ناقدری کا بوجھ برداشت نہیں کر پا رہا تھا۔ ہر تھوڑی دیر بعد مجھے رونا آتا ہے۔ بےعزتی تو وہ جو مجھے محسوس ہوئی، لیکن اس دنیا میں خلوص کی قدر کون لوگ کرتا ہے یہ سمجھ نہیں آ رہا۔

نوٹ:

اگر آپ نند ہیں تو بھابی کے کھانا بنانے پر کھل کر اس کی تعریف کیجیے۔ اگر آپ بھابی ہیں تو اپنے کام میں سب کو شامل کیجیے تاکہ لوگ آپ کی مشقت کو دیکھ سکیں۔ کبھی کبھی پردے کے پیچھے کی کہانی معلوم نہ ہونے کے سبب ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. Dr.Saleha ateeque

    Aslam alkm…..my tahreer
    Padhi kuch dair k liye my jazbati hogayi aankhon se aanson chalak pade laikin waqeatan ye tahreer Haqeeqat ki akkasi karti hai….Aur agr ham sab ye samjh lein k jo ham par aik dosre ka qayal rakhna reshte aur sab se badh kar insaniyat ka taqaza hai to gharon me zahni izteraab k bajaye sakoon wo shadmani ham la sakte hain….aise tahreerein shaye karte rahiye jis se qareyeen k zindagiyon me zaroor musbit tabdeeliyan hosakti hain Allah se Dua hai k wo aur bhi zor e qalam paida kare….wassalam i

    Reply
    • Khan Mubashsharah firdous

      شکرا آپ نے اپنے خیال کا اظہار کیا آپ کے کمنٹس ہمیں موضوعات کے تعین میں معاونت کرتے ہیں
      ۔شکرا جزیلا

      Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے