بچوں کی Hyperactivity کو معتدل کیسے بنائیں؟ یہ بات سمجھنے سے پہلے ہم یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ آج کل ہر دوسرا تیسرا بچہ ہائپر ایکٹیو کیوں ہے؟ بچے کے ابتدائی تین سال اس کے نشوونما میں تیزی کا وقت ہوتا ہے۔ تین سے چھ سال تک دماغی نشوونما میں ٹھہراؤ آجاتا ہے، اس لیے اس دور میں ہر متحرک بچے کو ہائپر ایکٹیو نہیں کہا جاتا۔ آئیے! ایک نارمل متحرک بچے اور ضرورت سے زیادہ متحرک میں اور ADHD (Attention-Deficit/Hyperactivity Disorder کے فرق کو پہلے سمجھتے ہیں۔
(1) نارمل متحرک بچہ
نارمل متحرک بچہ اپنی ہر ضرورت کا اظہار کرتا ہے۔ اچھل کود کرتا ہے، کھیلنا چاہتا ہے، تجسس کی وجہ سے ہر چیز کو چھوتا ہے۔ وہ اندازا نہیں کرپاتا کہ کونسی چیز پر کتنا زور لگانا ہے؟ اکثر چیز اس کے ہاتھ سے ٹوٹ جاتی ہے، ہر لمحہ سوال پوچھتا ہے، یا توڑ پھوڑ کرتا ہے۔ توڑ پھوڑ کی اصل وجہ اس کا اندازا قائم نہ کرپانا ہوتا ہے، اسی لیے بچے کو تین سال کی عمر سے پہلے fine Motar training دی جاتی ہے تاکہ وہ ہر چیز کا درست اندازا قائم کرسکے۔بظاہر یہ نارمل بات لگ رہی ہے، لیکن جن بچوں کو تین سال کی عمر سے قبل ہر چیز کا درست اندازا قائم کرنا سکھایا جائے تو ان کا برین یہ proportion قائم کرنا سیکھ لیتا ہے اور اس کا اطلاق ہر چیز پر ہوتا ہے۔ مزاجاً بچہ معتدل بن جاتا ہے، کس بچہ کو کتنا ماریں، پینسل کی نوک کو کتنا چھیلیں اور کتنا زور ڈالیں، کانچ کے گلاس پر کتنی احتیاط کی ضرورت ہے، کس شخص کو کتنا جواب دینا ہے، ملازم سے کتنا کام لینا چاہیے، کتنی دیر بھوکا رہا جاسکتا ہے، کتنا کس سبجیکٹ پر توجہ کی ضرورت ہے؟ ابتدائی ہزار دن کی تربیت کو لوگ نارمل اور عام بات سمجھتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہی ہوتی ہے کہ آپ اس عمر میں نیورون ڈیولپمنٹ کے ساتھ ساتھ بچے کی عادت کو فکس کررہے ہوتے ہیں، جس کے اثرات اس کی پوری شخصیت پر پڑتے ہیں۔ نارمل متحرک بچے کو بھی آج کل والدین ہائپر ایکٹیو سمجھنے کی غلطی کرتے ہیں۔ اگر ہائپر ایکٹیو کی طرح حرکات بھی نظر آئے تو بھی اتنی جلدی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔ کئی بار بچے صرف ذہنی دباؤ، جذباتی بے چینی، تھکن یا حد سے زیادہ متحرک ماحول کی وجہ سے ایسا رویہ ظاہر کرتے ہیں۔
اکثر والدین یہ شکایت کرتے ہیں کہ ان کا بچہ ایک جگہ نہیں بیٹھتا، ہر وقت بھاگتا رہتا ہے، جلدی غصہ کرتا ہے، چیزوں پر توجہ نہیں دیتا یا ہر وقت شور مچاتا رہتا ہے۔ ایسے بچوں کو فوراً بہت زیادہ شرارتی یا بے قابو سمجھ لیا جاتا ہے، حالاں کہ حقیقت میں زیادہ متحرک بچہ مسئلہ نہیں ہوتا۔
(2) ہائپر ایکٹیو چائلڈ
مسلسل بے چین رہے گا۔ ہر چیز کی ترتیب الٹ دے گا۔ بچوں کے درمیان ہو تو بچوں کو بلا وجہ مارے گا۔ ایک لمحے پر سکون نہیں ہوگا، ماں کے ساتھ ہو تو ماں کا دوپٹہ کھینچ رہا ہے۔ جسم پر کود رہا ہے، کھانا کھاتے ہوئے برتن بجارہا ہے، بیک وقت کئی کام کرتے ہوئے ہنگامہ برپا کرے گا۔ بچے کو مشاہدہ کرنے والے بھی اس کو ایک لمحہ پرسکون نہیں کرسکتے۔ آپ پانی واٹر کولر سے لانے کے لیے کہیے، وہ آدھا گلاس ہی بھر کر لا سکے گا، آدھا پانی گراتا ہوا لائے گا۔
ایک جگہ زیادہ دیر نہ بیٹھ پانا، مسلسل دوڑنا، کودنا یا ہاتھ پاؤں ہلاتے رہنا، بار بار چیزیں گرانا یا توڑ دینا، بہت زیادہ بولنا، دوسروں کی بات کاٹ دینا،ںاپنی باری کا انتظار نہ کر پانا، جلد بازی میں کام کرنا، پڑھائی یا کسی کام میں جلد بور ہوجانا، ہدایات مکمل نہ سننا، چیزیں بھول جانا، ایک کام شروع کرکے دوسرا شروع کردینا، متلون مزاج ہونا، ہوم ورک یا اسکول کے کام میں توجہ کی کمی، جلد غصہ آنا، Frustration برداشت نہ کرنا، ضد یا impulsive رویہ ہونا، جذباتی ہوجانا، جلدی رونا، جلدی مچانا وغیرہ۔
ایسے بچے کا اسکرین ٹائم زیادہ ہوتا ہے، لیکن اسکرین کے ساتھ ساتھ بھی وہ اپنی بے چینی کا اظہار کرتا ہے۔ اس کی کیا وجوہات ہیں؟
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بچوں کا دماغ مکمل طور پر نشوونما کے مرحلے میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے جذبات، توانائی اور احساسات کو بڑوں کی طرح قابو میں نہیں رکھ سکتا۔ جب بچہ بہت زیادہ تھکا ہوا ہو، بھوکا ہو، اس کی نیند پوری نہ ہوئی ہو یا اسے مسلسل ہدایات دی جا رہی ہوں تو اس کا دماغ جلدی بے ترتیب ہو جاتا ہے اور پھر وہ بے چینی، ضد، چیخنے یا بھاگ دوڑ کے ذریعے اپنا ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔
مذکورہ بالا دو قسموں کے علاوہ تیسری قسم بچے کے رویے میں تبدیلی ہے۔
(3) انہماک کی کمی ، اور ضرورت سے زیادہ سرگرم:
ایک نیورو ڈیولپمنٹل ڈس آرڈر ہے جو عموماً بچپن میں ظاہر ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات بڑی عمر تک بھی برقرار رہتا ہے۔ اس میں بچے یا بالغ فرد کو توجہ برقرار رکھنے، اپنی حرکات و جذبات کو کنٹرول کرنے اور غیرضروری جلد بازی سے بچنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ ADHD صرف شرارتی یا نہ سننے والے بچوں کا مسئلہ نہیں بلکہ دماغ کے اُن حصوں سے متعلق کیفیت ہے جو توجہ، منصوبہ بندی، خود کنٹرول اور تنظیم (organization) کو سنبھالتے ہیں۔ یہ کیفیت تعلیمی کارکردگی، سماجی تعلقات، اعتمادِ نفس اور روزمرہ زندگی پر اثر ڈال سکتی ہے، اس لیے بروقت رہنمائی، والدین کی سمجھ داری اور مناسب تھراپی بہت اہم ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اگر خاندان میں کسی فرد کو ADHD یا توجہ سے متعلق مسائل رہے ہوں تو بچوں میں اس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ حمل کے دوران شدید ذہنی دباؤ، تمباکو نوشی، منشیات یا بعض طبی پیچیدگیاں بھی اس پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ بعض بچوں میں دماغ کے اُن حصوں کی کارکردگی مختلف ہوتی ہے جو توجہ، خود کنٹرول اور منصوبہ بندی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیند کی کمی، بے ترتیب روٹین، اسکرین کا حد سے زیادہ استعمال، جذباتی دباؤ، جیسے والدین کے جھگڑے، رشتے داروں میں چیخ و پکار، پڑھائی پر سختی، یا گھر میں ہمہ وقت مہمانوں کی آمد، یا ٹیلی ویژن کی آوازیں، شور شرابا، انہماک نصیب نہ ہونا یا غیر متوازن ماحول علامات کو مزید نمایاں کرسکتے ہیں۔ ADHD کی علامات میں بار بار توجہ بٹ جانا، کام ادھورا چھوڑ دینا، چیزیں بھول جانا، ہدایات پوری طرح نہ سننا، بہت زیادہ بولنا، اپنی باری کا انتظار نہ کر پانا، ہر وقت حرکت میں رہنا، بے چینی، جلد بازی میں فیصلے کرنا اور کلاس یا گھر میں بار بار مداخلت کرنا شامل ہے۔ بعض بچوں میں زیادہ Hyperactivity ہوتی ہے، جب کہ کچھ بچوں میں صرف Attention کی کمی نمایاں ہوتی ہے۔ یہ علامات اگر مسلسل چھ ماہ یا اس سے زیادہ عرصے تک مختلف ماحول (جیسے گھر اور اسکول دونوں) میں نظر آئیں اور بچے کی روزمرہ کارکردگی متاثر ہونے لگے تو ماہرِ نفسیات یا Child Specialist سے تشخیص کروانا مفید ہوتا ہے۔
(1) بچے کی ضرورت سے زیادہ سرگرمیاں
(Hyperactivity) ہونے کی یہ وجویات ہوتی ہیں جو ذیل میں بیان کی جارہی ہیں۔
اگر بچے کے سونے، جاگنے، کھانے اور کھیلنے کے اوقات ہر روز بدلتے رہیں تو اس کا اثر اس کے رویے پر پڑتا ہے۔ ایسے بچے جلدی چڑچڑے ہو جاتے ہیں اور ان کے لیے خود کو پرسکون رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایک پرسکون اور ترتیب والا معمول بچے کے دماغ کو تحفظ اور سکون کا احساس دیتا ہے۔ تین سال سے کم عمر بچوں کی ہزار دن کی تربیت میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ بچہ صبح پانچ بجے اٹھتا ہے تو ماں کے لیے لازم ہے کہ 5:15 پر اس کی حاجات سے فارغ ہوجائے اور اس کے فیڈنگ ٹائم بھی بالکل طے شدہ ہوں۔ اس کے بعد اس کی مالش کرنی ہوتو مالش ہوجائے، سونے کا وقت بھی طے ہو۔ اگر سونے جاگنے کے اوقات کی تبدیلی تین سال تک کی تربیت میں نہیں ہوگی تو بچہ خود سے نیند کے وقت کو فالو نہیں کرے گا، نہ کھانے پینے میں وقت کا لحاظ کرے گا۔ یہ بے ترتیبی اس کی پوری شخصیت میں نظر آئے گی۔
(2) اسکرین ٹائم
دوسری اہم وجہ اسکرین کا زیادہ استعمال ہے۔ مسلسل موبائل، تیز آوازوں والی ویڈیوز، کارٹون اور تیزی سے بدلتی تصویریں بچے کے دماغ کو حد سے زیادہ متحرک کر دیتی ہیں۔ پھر بچہ عام ماحول میں جلدی بور ہونے لگتا ہے، توجہ کم ہو جاتی ہے اور وہ ہر وقت کسی نئی چیز کی تلاش میں رہتا ہے۔ اس لیے بچوں کے اسکرین وقت کو کم کرنا اور انھیں قدرتی کھیل، تصویری کتابیں، رنگ بھرنے، مٹی سے کھیلنے اور باہر وقت گزارنے کا عادی بنانا بہت ضروری ہے۔ اس لیے کہ اسکرین کا استعمال کرتے ہوئے بچہ ایک پوزیشن میں بیٹھتا ہے اور جسمانی حرکت و عمل معتل رہتی ہے، لیکن دماغ مسلسل حرکت میں رہتا ہے، اسی وجہ سے بچہ فربہ ہوجاتا ہے اور دماغی طور پر غبی ہوتا ہے۔
(3) تیسری وجہ تحکمانہ انداز تربیت
کئی والدین ہر وقت بچے کو بیٹھ جاؤ، چپ رہو، ادھر مت جاؤ یا سکون سے رہو کہتے رہتے ہیں۔ ایسا مت کرو، پڑھنے بیٹھو، بیک وقت کئی ہدایات دیتے ہیں جس میں واضح نہیں ہوتا کہ واقعی کیا کروانا چاہتے ہیں۔ اسی لیے بچے کا دماغ بھی واضح حکم نہ ہونے کی وجہ سے کام نہیں کرپاتا، لیکن کچھ بچوں کے جسم کو قدرتی طور پر زیادہ حرکت کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوڑنا، کودنا، چڑھنا اور کھیلنا ان کے جسم اور دماغ دونوں کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ جب بچے کو اپنی توانائی نکالنے کا موقع نہیں ملتا، گھر چھوٹا ہے فزیکل گیم کے لیے جگہ نہیں ہے تو وہ موبائل لے کر گھنٹوں بیٹھتا ہے۔ توانائی جمع رہتی ہے اور وہ اور زیادہ بے چین ہو جاتا ہے۔
(4) گھر کا غیرتوازن ماحول
گھر کا ماحول بھی بچے کے رویے پر بہت اثر ڈالتا ہے۔ اگر گھر میں ہر وقت شور، غصہ، لڑائی یا دباؤ کا ماحول ہو تو بچہ اندر سے غیر محفوظ محسوس کرتا ہے۔ ایسے بچے اکثر زیادہ غصہ کرتے ہیں، جلدی روتے ہیں یا ہر وقت restless رہتے ہیں۔ بچوں کو صرف discipline نہیں، بلکہ جذباتی سکون اور محبت بھی چاہیے ہوتی ہے۔
(5) کھان پان
کھانے پینے کی عادات بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بہت زیادہ میٹھی چیزیں، بازاری کھانے، ٹھنڈے مشروبات اور بے ترتیب کھانے کا وقت بعض بچوں میں بے چینی بڑھا دیتا ہے۔ سادہ گھریلو کھانا، مناسب پانی، تازہ پھل اور پوری نیند بچے کے رویے میں واضح بہتری لا سکتے ہیں۔
متوازن اور مستقل معمول
ضرورت سے زیادہ متحرک بچے کے ساتھ والدین کا رویہ کیا ہونا چاہیے جس سے بچے کی شناخت اور اس کے قابو کرنے کے طریقے پر غور کرسکیں؟ بچوں کی بے چینی کم کرنے کے لیے سب سے اہم چیز ایک متوازن اور مستقل معمول ہے۔ عادتیں ہمیشہ مسلسل اور متواتر کام سے بنتی ہیں۔ روزآنہ اسی وقت پر پڑھائی کے لیے گھر میں ماحول بنالیں تو بچوں میں پڑھنے کا شوق پیدا ہوجاتا ہے۔ اکثر لوگ مہمان آجائیں تو اس معمول کو توڑ دیتے ہیں اور بچے کی پڑھائی عادت نہیں بن پاتی ہے۔ جو والدین بچوں کو عادت ڈالنے میں ناکام ہوتے ہیں، وہ بچے بے ترتیب کام کے عادی بنتے ہیں اور یہ بے ترتیبی بچے کو ضرورت سے زیادہ متحرک بناتی ہے جسے ہائپر ایکٹیو چائیلڈ کہا جاتا ہے۔
متحرک اور ضرورت سے زیادہ متحرک یا ADHD بچے کی مائیں اگر اپنے بچے کو اس پریشانی سے نکالنے کا عزم رکھتی ہیں تو وہ کچھ تھراپیز گھر میں کرواکر بچے کی بڑھتی عمر کے ساتھ اس پر قابو پاسکتی ہیں۔ بعض جینٹکس ایشو ہوں تو کبھی کبھی کچھ مسئلے بچے کے ساتھ بڑے ہونے تک رہ جاتے ہیں، لیکن اگر تھراپی کروالی جائے تو یہی بچے عام بچوں کے مقابلے زیادہ ذہین اور زیادہ مستحکم اور کامیاب بن سکتے ہیں۔ مائیں ہمت کریں اور ذیل میں ہم کچھ تھراپی مشورتاً بیان کررہے ہیں اسے گھر میں عمل کریں۔
(1) رویّاتی تربیت Behavioral Therapy
سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسے بچوں کو صرف مسئلہ نہ سمجھا جائے۔ اکثر یہی بچے بہت ذہین، تخلیقی، حساس اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ انھیں سختی سے زیادہ سمجھنے، صبر اور صحیح رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب بچے کو محبت، توجہ، مناسب معمول اور پرسکون ماحول ملتا ہے تو آہستہ آہستہ اس کے رویے میں بھی سکون آنا شروع ہو جاتا ہے۔
Behavior Therapy سب سے مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے۔ دوپہر میں اسکول سے آنے کے بعد بچے کو روم میں ساتھ لے کر سوجائیں اور سونے سے پہلے بچے کے ہاتھ کو اپنے ہاتھ میں لے کر کہانی سنائیں۔ کہانی میں ٹھہرا ہوا لہجہ رکھیں۔ بچے کے اچھے رویے پر فوراً تعریف کریں اور اس پر بہت حیرت کا اظہار کریں اور بہت کامیاب سمجھتے ہوئے اسے مسکراکر دیکھیں، گویا نظروں میں اسے عظیم سمجھ رہی ہیں۔ چھوٹے rewards دیں، جیسے آپ کے لیے آپ کے پسند کی ڈش بنائی ہے، کیوں کہ آپ نے مما کو بہت خوش کیا۔ غلط رویے پر چیخنے کے بجائے calm correction کریں۔ ٹیچر شکایتیں کریں تو کہیں کہ بہت تعریف کررہی تھیں کہ اب آپ پہلے سے بہتر کررہے ہیں۔ بچے کے لیے Rules مختصر اور واضح رکھیں، جیسے ہوم ورک کے درمیان بات نہیں کریں گے پہلے لکھ لیتے ہیں۔ ایک وقت میں ایک ہدایت دیں، تین چار ہدایات یا غیر ضروری نصحیتیں یا تقابلی گفتگو بالکل نہیں۔
مثال: پہلے کھلونے رکھ لیجیے، پھر کہانی سنیں گے۔
بچہ کھلونے رکھ دے تو فورا تعریف کریں کہ ارے واہ کتنی جلدی آپ نے مما کی بات سن لی ہے! آج ہم ایسے ہی شخص کی کہانی سنیں گے جو مما کی بات فورا سن لیتا تھا۔ اسے کہتے ہیں رویے کو فکس کرنا۔
(2) روزمرہ کے کاموں کو مسلسل وقت پر متواتر کرنا ، ٹائم ٹیبل کسی وجہ سے خلط ملط نہ ہو Routine Therapy / Structured Environment ہائپر ایکٹو بچوں کو structured ماحول میں فکس ٹائم ٹیبل بہت مدد دیتا ہے۔ جب تک بچے سے ہائپر ایکٹیونیس نارمل نہ ہوجائے، آپ بچے کے نظام الاوقات کے معاملے میں بڑے سے بڑا نقصان برداشت کرلیں، لیکن بچے کی روٹین متاثر نہ ہونے دیں، مثلا: رات کے دس دس بجے تک مہمانوں کی آمد و رفت کا ماحول نہ بنائیں۔ بچوں کو دس بجتے ہی روم میں لائیں اور ساتھ لیٹ کر کہانی سناتے ہوئے سلادیں۔ پھر آپ جاگ کر مہمان کو کمپنی دیں۔ روزانہ ایک جیسا شیڈول رکھیں۔
سونے کا وقت، کھانے کا وقت، کھیل کا وقت، اسکرین ٹائم محدود، غیر منظم ماحول hyperactivity بڑھا سکتا ہے۔
(3) بچے کے حسی اعضاء کو مضبوط بنانے سے بچے میں ٹھہراؤ آتا ہے۔ خاص طور پر اگر بچہ sensory seeking ہو۔ مددگار سرگرمیاں، جھولا، مٹی یا clay سے کھیلنا، پانی سے کھیلنا، ریت میں کھیلنا، فائن موٹر اسکل کروانا، trampoline ،heavy work activities، جیسی سرگرمیاں جس سے خوب پسینہ نکلے، جیسے چیزیں اٹھانا، push-pull games، یہ جسمانی energy کو regulate کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ دوڑ لگوانا اور اسکیٹنگ کروانا بھی مفید سرگرمیاں ہیں۔
(4) بہت سارے کھیل جو بچوں کو ADHD کے لیے Play Therapy کے ذریعہ کروائے جاتے ہیں، وہ سبھی کروانا ضروری ہے۔ کھیل کے ذریعے بچہ emotions regulate کرنا سیکھتا ہے۔ کیرم گھر میں کھیلنا jinga یا turn-taking games puzzle games جس میں بچہ اپنی باری کا انتظار کرے، ٹیم ممبر کے ساتھ صبر کا مادہ پیدا ہو۔ سانس روک کر کھڑے رہنے والے بھی ایسے گیم ہیں جس سے بچے کی سوشل اسکل مضبوط ہوتی ہے اور خود پر قابو رکھنا سیکھتا ہے۔
(5) کچھ گیم ایسے ہیں جو بچے تنہائی میں کھیلتے ہیں، لیکن وہ کھیل بچوں کو Relaxation & Breathing Exercises میں مدد دیتے ہیں اور بچوں میں self-control بہتر ہوتا ہے، جیسے غبارے میں ہوا بھرنا، صابن کے پانی کے ببل اڑانا، Bubble breathing Balloon breathing، یا خوشبو پہچاننا، آنکھ بند کرکے خوشبو سے چیزوں کی شناخت کرنا یا Smell the flower, blow the candle” technique” وغیرہ دراصل بچے کے ADHD کو ریلیکس کرتے ہیں۔
ایک سادہ اور مؤثر breathing technique ہے جو بچوں کو اپنی بے چینی، غصہ، hyperactivity، یا anxiety کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس تکنیک میں بچے کو تصور کروایا جاتا ہے کہ اُس کے ہاتھ میں ایک خوشبودار پھول اور ایک جلتی ہوئی موم بتی ہے۔ پہلے بچہ ناک سے آہستہ اور گہرا سانس لیتا ہے، جیسے وہ پھول کی خوشبو سونگھ رہا ہو۔ اسے آڈر دہتے ہیں Smell the flower، پھر منہ سے دھیرے دھیرے سانس باہر نکالتا ہے، جیسے وہ موم بتی بجھا رہا ہو، Blow the candle۔ یہ عمل دماغ اور جسم کو پرسکون کرتا ہے اور بچے کی توجہ کو موجودہ لمحے پر لے آتا ہے۔
یہ تکنیک خاص طور پر ADHD، anxiety، emotional outbursts، یا غصے والے بچوں کے لیے مفید سمجھی جاتی ہے، کیوں کہ اس سے breathing slow ہوتی ہے، دل کی دھڑکن متوازن ہوتی ہے اور nervous system کو سکون ملتا ہے۔ والدین یا ٹیچر بچے کے ساتھ کھیل یا کہانی کے انداز میں یہ exercise دن میں 3–5 مرتبہ کرا سکتے ہیں، خاص طور پر اُس وقت جب بچہ زیادہ restless، upset، یا overexcited ہو۔ مسلسل مشق سے بچہ آہستہ آہستہ self-control اور emotional regulation بہتر سیکھنے لگتا ہے۔
(6) اگر آپ کے گھر میں ایسے بچے ہوں جو ہائپر ایکٹیو یا ADHD ہوں تو Parent Training Therapy لازما کرنی چاہیے۔
کہا جاتا کہ Parent Management Training میں والدین سیکھتے ہیں کہ بچے کے رویے کو کیسے manage کریں؟ tantrums کیسے handle کریں؟ مثبت discipline کیسے دیں؟ یہ چیزیں بہت فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
(7) جسمانی سرگرمی کروانے میں اگر چھ ماہ تسلسل سے والدین کام لیں تو بہت جلد Physical Activity سے بچے اپنی اس ڈس آڈر پر قابو پا سکتے ہیں۔ روزانہ جسمانی سرگرمی hyperactivity کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس سلسلے میں مفید سرگرمیاں، تیراکی، سائیکلنگ، مارشل آرٹ یا والدین کے ساتھ چہل قدمی، باہر یا گارڈن میں کھیل ہوسکتے ہیں۔
کن چیزوں سے والدین سختی کے ساتھ پرہیز کریں؟
مسلسل ڈانٹنا، مارنا، جھڑکنا، نفرت سے دیکھنا، بیزاری کا اظہار کرنا، دوسروں سے compare کرنا، بہت زیادہ mobile یا TV، اسکرین ٹائم بالکل ختم کرنا، بےقاعدہ نیند، چیخ کر بات کرنا، والدین کا تیز آواز سے لڑنا بالکل درست نہیں ہے۔ اس سے بچے کی نفسیات پر غلط اثر پڑتا ہے۔
کب اسپیشلسٹ سے رجوع کرنا چاہیے؟
اگر بچہ اسکول میں شدید مسئلے کررہا ہو اور بالکل توجہ نہ دیتا ہو، سیکھنے میں بہت مشکل ہو اور سیکھنے کے لیے بالکل قابو نہ ہو، aggression بہت زیادہ ہو حتی کہ آپ کو مارے، کسی کو شدید نقصان پہنچاریا ہو اور روز مرہ کی زندگی شدید متاثر ہو تو Child Psychologist یا Developmental Pediatrician سے assessment کروانا بہتر ہوتا ہے۔
بہت سے ہائپر ایکٹو بچے صحیح رہنمائی، محبت اور مستقل تربیت سے کافی بہتر ہوجاتے ہیں۔ اس کے لیے خصوصا ماں کی توجہ، گھر کے ماحول میں سکون، خوش مزاجی اور وقت کی پابندی ہونی چاہیے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments