جہیز اور گھریلو تشددخاموش معاشرتی بحران

12 مئی کو ٹویشا شرما کی موت بھوپال کے کٹارا ہلز علاقے میں واقع ان کے سسرال کے گھر میں ہوئی تھی۔ خاندان کا الزام ہے کہ انھیں جہیز کے لیے مسلسل ہراساں کیا جا رہا تھا اور اسی دباؤ نے انھیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ دوسری جانب سسرال والوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹویشا شرما منشیات کی لت سے متاثر تھیں۔
پولیس نے ٹویشا شرما کے شوہر سمرتھ سنگھ اور ان کی ساس گری بالا سنگھ کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ سمرتھ سنگھ پیشے سے وکیل ہیں، جب کہ گری بالا سنگھ سابق ضلع جج رہ چکی ہیں۔
دوسرا کیس اسی ماہ میں دیپیکا کا ہے۔ شادی کے محض 17 ماہ بعد 26 سالہ دیپیکا سسرال کی چھت سے گر کر پراسرار حالت میں ہلاک ہو گئی۔ متوفیہ کے چچا وشیش ناگر نے کہا کہ خاندان نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ دیپیکا کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے اور ایک گہرا زخم بھی تھا، جو کسی نوکیلی چیز یا پیچ کس سے لگایا گیا محسوس ہوتا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ پہلے دیپیکا کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور پھر واقعے کو حادثہ یا خودکشی ظاہر کرنے کے لیے اسے چھت سے نیچے پھینک دیا گیا۔ انھوں نے اس پورے واقعے کے پیچھے جہیز کو اصل وجہ قرار دیا ہے۔
حالیہ دہائی میں ہندوستان میں جہیز کی وجہ سے قتل کے مقدمات میں مجموعی طور پر کمی کے باوجود جہیز کی وجہ سے ہونے والی اموات بھارت میں ایک المناک حقیقت بنی ہوئی ہے جو سالانہ 6,000 سے زیادہ جانیں لے رہی ہے، یعنی کہ ہر 90 منٹ میں ایک شادی شدہ عورت گھریلو تشدد، ہراسانی یا جہیز کے مطالبے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق 2024ء میں جہیز کے مطالبے کے سبب 5,737 خواتین جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، یعنی روزانہ 15 سے زائد اموات ریکارڈ ہوئیں ہیں۔
اتر پردیش سب سے زیادہ متاثرہ ریاست رہی جہاں 2024ء میں 2,038 جہیز کے سبب ہونے والی اموات رپورٹ ہوئیں جو ملک بھر کے مجموعی کیسز کا ایک تہائی سے زیادہ ہے۔ جہیز کے باعث بہار میں 1,078، مدھیہ پردیش میں 450، راجستھان میں 386 اور مغربی بنگال میں 337 اموات درج کی گئیں۔
2024ء میں بھارت بھر میں شوہر کا جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے بیوی پر بہیمانہ تشدد اور جلانے کی کوشش جیسے معاملات میں 1.20 لاکھ سے زائد مقدمات درج ہوئے، جن میں اتر پردیش اور مغربی بنگال سرِفہرست رہے۔ اتنی گمبھیر صورت حال ہونے کے باوجود 2024ء میں تقریباً 37 فیصد مقدمات زیرِ التواء رہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرہ خواتین کو فوری انصاف نہیں مل پا رہا۔
اس رپورٹ کو لکھتے ہوئے راجستھان کا ایک کیس سامنے آیا جس میں 36 سالہ انو مینا نے گھریلو تشدد اور جہیز کے برابر مطالبے سے تنگ آ کر جے پور میں اپنے گھر خودکشی کر لی۔ اس طرح کے واقعات ہمارے سماج کا وہ تاریک پہلو دکھاتے ہیں جس میں ایک مرد کی تربیت پوری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔ لالچ اور طاقت اس کے اندر کے حیوان کو اتنا ابھارتی ہے کہ وہ اپنا انسان ہونا بھول جاتا ہے۔ ایسے سنگین حالات کے پیچھے لڑکی کے گھر والوں کی بھی بڑی غلطی ہوتی ہے، بجائے اس کے کہ اس تشدد سے وہ لڑکی کو باہر نکالیں، برابر اس رشتے کو نبھانے کی بات کرتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ بہت دیر ہو جاتی ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے