السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
امید ہے کہ آپ بخیر و عافیت ہوں گی۔ یہ بہت ہی مسرور کن بات ہے کہ آپ کا رسالہ ھادیہ منظر عام پر آرہا ہے اس کامیابی پر میری جانب سے تہہ دل سے مبارک باد قبول فرمائیے۔
میڈیا پر ہونے والے حالیہ مناظروں میں معاشرہ میں خواتین کی حیثیت اور ان کے حقوق کا چرچہ زور و شور سے جاری ہے، جس کی وجہ سے ہماری مسلم مستورات بالخصوص نوجوان بچیاں ذہنی الجھنوں کا شکار ہورہی ہیں۔ بلا شبہ یہ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے کہ خواتین کے حقوق کو قرآن و حدیث اور فقہی اصولوں کی روشنی میں سمجھایا اور عام کیا جائے۔
اسلام میں مسلمان عورتوں کو طرز لباس، حسن معاشرت کے انداز، نیز امور خانہ داری کی تعلیمات سے نوازا گیا ہے، جن سے نہ صرف ان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے، بلکہ یہ حسین اصول انہیں ظلم و تعدی اور استحصال جیسے مذموم افعال سے بھی نجات کا مژدہ سناتے ہیں۔
اسلام میں عورت کی حیثیت جنسی تسکین کا سامان نہیں ہے، بلکہ انہیں تو اعلی مرتبت اور گھر کی ملکہ کا مقام حاصل ہے، جو بیت المسلم کی تعمیر کرتی ہیں۔
ایسے حالات میں یہ رسالہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ اشاعت ان شاء اللہ معاشرہ کی ذہن سازی اور اصلاح میں ایک موثر کردار ادا کرے گا۔
مجھے قوی امید ہے کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اس رسالے سے خوب استفادہ کریں گی۔ آپ تمام کی کامیابی و کامرانی کے لیے دل سے دعا گو ہوں۔
اللہ تعالی آپ تمام کی ان محنتوں کو قبول فرمائے۔