معزز چیف ایڈیٹر صاحبہ!
زمرہ : پیغام

ای – میگزین ھادیہ
السلام علیکم
سوشل میڈیا کے ذریعے جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین کی جانب سے ای – میگزین ھادیہ کی اشاعت کی اطلاعات ملی ہیں ۔
ھادیہ ای -میگزین کی اشاعت بہت ہی جراءت مندانہ فیصلہ ہے۔50 صفحات کے میگزین کی اشاعت کوئ معمولی سی بات نہیں ہے۔یہ تو ایک جہاد کے مترادف ہے۔ اس میگزین میں زندگی کے تقریباً تمام شعبہ جات کا احاطہ کیا جائے گا جو آج کے مشینی دور میں ہر عمر کی خواتین کے لیے بہت معاون و کار آمد ثابت ہوں گے ۔ہر عمر کے قاری کے لئے یقیناً دلچسپی کا باعث ہوگا۔ آجکل اردو اخبارات ،رسائل اور کتابیں تو بہت چھپ رہی ہیں لیکن اسی شدت سے یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ اِن کی نکاسی بہت مشکل ہوتی ہے۔کتابیں مصنف یا شاعر کے شلف کی زینت بن جاتی ہیں یا دوستوں کو تحفتاً دی جاتی ہیں ۔میگزین تو چھپتے ہیں لیکن بکتے نہیں ۔قاری ختم ہوتے جارہے ہیں ۔آجکل الکٹرانک میڈیا کا دور ہے۔وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی بھی اڈوانس ہوتی جارہی ہے۔ اس حقیقت سے ساری اردو ادبی دنیا بخوبی واقف ہے ۔اس تلخ حقیقت کے پیشِ نظر ہمیں بھی جدید ٹیکنالوجی سے ضرور استفاده کرنا چاہئے ۔کیا پتہ کہ نئی نسل بھی دلچسپی لینے لگ جائے۔ اردو زبان سے دلچسپی بڑھنے لگ جائے ۔یہاں والدین کی ذمہ داری بھی بہت اہمیت کی حامل ہے ۔انھیں چاہیے کہ اپنی اولاد کو اردو سیکھنے، اخبارات اور میگزین کے مطالعہ کرنے کی طرف راغب کریں۔کڑی محنت سے اردو کی بقاء اور ارتقاء کی کوشش کریں تاکہ ہمارا تاریخی و مذہبی اثاثہ نوجوان نسل تک پہنچے۔ ان میں اردو سیکھنے کا جذبہ اور مطالعے کا شوق بھی پیدا ہو۔یہی ایک طریقہ اردو کی بقاء کا ہے۔اردو داں طبقہ اردو اخبارات و رسائل کو خرید کر پڑھنے کی عادت بھی ڈالے تاکہ میں اردوزبان کی خوشبو اور مہک سے گھر معطر رہے۔
ھادیہ ای میگزین تو جدید ٹیکنالوجی کی روشنی میں منظر عام پر آنے جارہا ہے ۔ محض ایک جنبش ،ایک ٹچ سے ایک دنیا آنکھوں کے سامنے ہوگی۔ورق گردانی کی زحمت بھی گوارا نہیں کرنی ہو گی۔ ان شاءاللہ، وقت کے بدلتے تناظر میں یہ میگزین خوب پسند کیا جائے گا ۔ جس میں زندگی کے تمام اہم شعبہ جات کا بہت خوبصورتی سے احاطہ کیا جائے گا۔امید ہے کہ ای میگزین کی یہ منفرد کوشش ہر عمر کے افراد کے لئے دلچسپ اور کارآمد ثابت ہوگی ۔یہ بہت آسانی سے دستیاب ہونے والا میگزین ہے۔ اس اشاعت کو قدر کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔
میں تمام ذمہ داران کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں ۔اللہ تعالیٰ کامیابی عطا فرمائے ۔آمین۔

 

Comments From Facebook
مارچ 10, 2021