قُلْ اِنَّمَا حَرَّمَ رَبِّىَ الْفَوَاحِشَ مَا ظَهَرَ مِنْـهَا وَمَا بَطَنَ وَالْاِثْـمَ وَالْبَغْىَ بِغَيْـرِ الْحَقِّ وَاَنْ تُشْرِكُوْا بِاللّـٰهِ مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهٖ سُلْطَانًا وَّاَنْ تَقُوْلُوْا عَلَى اللّـٰهِ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ
(سورہ اعراف:33)
کہہ دو میرے رب نے بے حیائی کی باتوں کو حرام کیا ہے، خواہ وہ علانیہ ہوں یا پوشیدہ، اور ہر گناہ کو اور ناحق کسی پر ظلم کرنے کو بھی، اور یہ کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ جس کی اس نے کوئی دلیل نازل نہیں کی، اور یہ کہ اللہ پر وہ باتیں کہو جو تم نہیں جانتے۔
مذکورہ بالا آیت قرآن کریم کی ساتویں سورت سورہ اعراف کی آیت نمبر33 ہے۔ سورت کے مضامین پر غور وفکر سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ اس کے اہم مضامین انبیاء کرامؑ کی دعوت، ایمان و عملِ صالح کی ترغیب اور سابقہ نافرمان قوموں کے عبرت ناک انجام کی تفصیلی وضاحت پر مشتمل ہیں اور اس میں انسانوں سے ابلیس کی ازلی دشمنی سے بچاؤ، اللہ کی نعمتوں پر شکر گزاری اور آخرت کی جواب دہی کے لیے نفس کو تیار کرنے کی ہدایات موجود ہیں۔ گویا یہ سورت عقیدہ توحید، رسالت اور عقیدۂ آخرت کو راسخ کرنے کے لیے ایک جامع ہدایتی دستاویز ہے۔
لیکن اس کا مرکزی مضمون دعوت و رسالت ہے اور ساری گفتگو کا مدعا یہ ہے کہ مخاطبوں کو رب کے بھیجے ہوئے پیغمبر کی پیروی اختیار کرنے پر آمادہ کیا جائے، لیکن اس دعوت میں انداز (تنبیہ اور ڈراوے) کا غالب ہے۔ چناں چہ تفہیمی انداز میں دعوت رسالت کو قبول کرنے کے ساتھ ساتھ سابقہ قوموں کی روش اور ان کے عبرت ناک انجام سے خبردار کیا گیا ہے۔ سورت کے آخری میں نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور آپ کے صحابہ کو حکمتِ تبلیغ کے متعلق چند اہم ہدایات دی گئی ہیں جو بالخصوص دعوتی کاز میں صبر و تحمل کی تاکید کرتی ہیں۔
مذکورہ بالا آیت کو سورت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے، جو پر امن معاشرتی تشکیل کے سنہری اصولوں پر مبنی ہے۔ آیت میں موجود جن پانچ اخلاقی برائیوں کو حرام قرار دے کر ان سے پہلو تہی کا حکم دیا گیا ہے وہی دراصل تخریب معا شرہ کا باعث ہیں، چناں چہ رب کائنات نے اس آیت میں دو ٹوک الفاظ میں ان کی وضاحت کرکے اس کا سد باب کردیا ہے۔
’’قل انما حرم ربی‘‘ آیت کا آغاز سرکار دوعالم کو خطاب کرتے ہوئے قریش مکہ کے طرز عمل پر نکیر کے ذریعے ہوتا ہے، جو ان کی خود ساختہ ایجادات تھیں کہ وہ کعبہ کا طواف برہنہ ہو کر کرتے تھے اور اپنی مرضی سے حلال و حرام طے کر لیا کرتے تھے۔ چناں چہ اللہ رب العزت نے اس آیت میں زبان رسالت سے ان تمام منہیات کی وضاحت کرتے ہوئے یہ باور کرایا کہ کسی طبقہ یا سوسائٹی کے اثر و رسوخ سے احکامات الہیہ میں ہیرا پھیری کا تمھیں کوئی حق نہیں اور حرام کام تو صرف وہ ہیں جو میرے رب نے کیا ہے اور وہ پانچ کام یہ ہیں:
1) ’’الفواحش ما ظہر منہا وما بطن‘‘
اس ضمن میں مفسرین کے متعدد اقوال ہیں۔ علانیہ فحش باتوں سے مراد بعض کے نزدیک طوائفوں کے اڈوں پر جا کر بدکاری اور عمل لواطت اور پوشیدہ سے مراد کسی گرل فرینڈ سے خصوصی تعلق قائم کرنا ہے، بعض کے نزدیک اول الذکر سے مراد محرموں سے نکاح کرنا ہے جو ممنوع ہے۔ اس میں ہر قسم کی ظاہری بے حیائی شامل ہے، جیسے فلمیں، ڈرامے، ٹی وی، وی سی آر فحش اخبارات و رسائل، رقص و سرود اور مجروں کی محفلیں، عورتوں کی بےپردگی اور مردوں سے ان کا بےباکانہ اختلاط، مہندی اور شادی کی رسموں میں بےحیائی کے کھلے عام مظاہر وغیرہ۔ یہ سب فواحش ظاہرہ ہیں اور دل میں پوشیدہ عمل مثلاً کبر و غرور، ریا و نمود، نفاق، غیبت و بہتان تراشی وغیرہ فواحش باطنہ ہیں۔ جب کہ بعض مفسرین شراب نوشی کو ظاہرہ جب کہ زناکاری کو باطنہ کے درجے میں رکھتے ہیں۔
2)’’الاثم‘‘
گناہ اللہ کی نافرمانی کا نام ہے، لہذا اس میں ہر طرح کے گناہ کی حرمت شامل ہے، خواہ وہ کبیرہ ہوں یا صغیرہ۔ ایک حدیث میں نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا: گناہ وہ ہے جو تیرے سینے میں کھٹکے اور لوگوں کے اس پر مطلع ہونے کو تو برا سمجھے۔ بعض کہتے ہیں گناہ وہ ہے جس کا اثر گنہ گار کی اپنی ذات تک محدود ہو۔
3) ’’البغی بغیر الحق‘‘
بغی یہ ہے کہ اس کے اثرات دوسروں تک بھی پہنچیں۔ یہاں بغی کے ساتھ بغیر الحق کا مطلب ناحق ظلم و زیادتی، تکبر اور اس میں حد سے تجاوز کر جانا ہے۔ مثلا لوگوں کا حق غصب کرلینا، کسی کا مال ہتھیالینا، ناجائز مارنا پیٹنا، سب وشتم کر کے کسی کی تذلیل کرنا، طعنے تشنے دے کر کسی کی انا کو ٹھیس پہنچانا اور شب وروز کسی کو تنگ کرکے ذہنی و جسمانی امراض سے دوچار کردینا وغیرہ ہے۔ گویا معاملات کی ساری خرابیاں اس ضمن میں آتی ہیں۔
4) ’’وان تشرکوا باللہ‘‘
اس ضمن میں ہر قسم کا شرک آتا ہے، مثلا غیر اللہ کی عبادت، اور شرک اصغر یعنی ریاکاری، غير الله کی قسمیں اور غیر اللہ کے لیے نذر و نیاز وغیرہ۔
مالم ینزل بہ سلطنا: کوئی بھی دلیل نہیں اتاری نہ جزوی نہ کلی، نہ عقلی نہ نقلی۔
5) ’’وأن تقولوا علی اللہ مالا تعلمون‘‘
اللہ تعالیٰ کی طرف کوئی بھی بات منسوب کرنا، مثلاً اپنی خواہشات کے مطابق حلال کو حرام اور حرام کو حلال قرار دے دینا۔ موجودہ دور میں حلال ذبیحہ کے گوشت کو حرام سمجھنے کا رجحان، کسب معاش کی راہ میں متعدد حرام ذرائع آمدنی کو حلال قرار دینے کا اجتہاد، اسٹاک مارکیٹنگ کے بعض ناجائز طریقے کار وغیرہ اور پردہ و حجاب سے متعلق طرح طرح کی تاویلات وغیرہ پیش کرنا، دل کے پردے کی تائید اور حجاب کی توہین و تحقیر کرنا، دین کے نام پر متعدد مواقع پر انجام دی جانے والی مروجہ بدعات بھی گویا ان تقولوا علی اللہ مالا تعلمون کے مترادف ہے۔
مولانا عبد الماجد دریا بادی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر ماجدی میں روح المعانی کے اشارات نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ’’الفواحش سے اشارہ رذائل قوت بہیمیہ کی جانب ہے اور البغی سے رذائل قوت سبعیہ کی جانب اور ان تقولوا سے رذائل قوت نطقیہ کی جانب۔‘‘ (تفسیر ماجدی ، جلد دوم ص ٣١١)
مختصر یہ کہ یہ آیت کریمہ ان منہیات کی جامع ہدایات کا مجموعہ ہے، جن سے عملی زندگی میں احتراز ہی کامیاب معاشرے کا ضامن ہے۔ اس ضمن میں مفسر تھانوی نے لکھا ہے جس طرح ’’امر ربی بالقسط‘‘ الخمیں تمام مامورات داخل ہوگئے، اسی طرح اب ’’انما حرم ربی‘‘ میں تمام منہیات آگئے۔
خلاصہ درس یہ ہے کہ اسلام جس چیز کی بیخ کنی کرنا چاہتا ہے، وہ محض منظر عام پر آنے والی برائیاں ہی نہیں ہیں، بلکہ خاموشی سے انجام دی جانے والی فی نفسہ سیئات بھی ہیں، کیوں کہ آیت میں مذکور ظاہری برائیاں بشمول باطنی برائیاں، مثلاً: کبر و غرور اور شرک و بدعات ہی تخریب کاری کی اصل وجوہات ہیں۔ لہٰذا یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ پاک نفسوں اور پاکیزہ طینت سوسائٹی کی تشکیل اسلام ہی کی ہدایات پر عمل سے ممکن ہے، نہ کہ ان جاہلی تہذیبوں کے قانون پر عمل کرنے سے، جو اخلاقیات کی دنیا میں محض ظاہر کی ملمع سازی میں مصروف رہتے ہیں۔ گویا آیت کریمہ کا مقصود فطرت سلیمہ پر مبنی معتدل نظام زندگی ہے، جو آیت میں مذکور برائیاں مثلاً بے حیائی اور گناہ ، ظلم و زیادتی اور شرک و بدعات سے منزہ و مبرا ہو اور جائز پلیٹ فارم مثلاً عقد نکاح ، اطاعت الٰہی اور عادلانہ نظام کا مرقع ہو۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں فطرت سلیمہ پر مبنی اصولوں کا پابند بنائے اور بشمول شرک و بدعات ہر قسم کی برائیوں سے محفوظ رکھے آمین یارب العالمین۔
٭ ٭ ٭


0 Comments