مارچ ٢٠٢٦
راحت

زندگی کے کچھ لمحے انسان کو تھکا دیتے ہیں؛ جسم سے نہیں، روح سے بھی۔ راحت اس ہر لڑکی کی کہانی ہے، جو بہن ہونے کے ساتھ بھائی کا کردار بھی نبھاتی ہے۔ یہ افسانہ قربانی، دعا، خلوص اور اس لمحے کی کہانی ہے، جب ایک لڑکی صرف لڑکی نہیں رہتی، وہ سب کچھ بن جاتی ہے اور آخر میں، جب سوال بہت زیادہ ہو جائیں، تو جواب صرف ایک ہوتا ہے۔
’’بیشک، مشکل کے بعد آسانی ہے۔‘‘

راحت

ہسپتال کی تنگ و تاریک راہ داری میں وہ کبھی اِدھر جاتی، کبھی اُدھر۔ کبھی ڈلیوری روم کے دروازے کے سامنے کھڑی ہوتی، تو کبھی ایک لمبا چکر لگا کر پھر وہیں لوٹ آتی۔ ایک انجانی بے چینی نے اس کے قدموں کو قرار نہ لینے دیا تھا۔
’’ڈلیوری ہوئی ہے کیا؟‘‘ اس نے لرزتی آواز میں سسٹر سے پوچھا۔
سسٹر نے ماتھے پر بل ڈال کر، چڑھ کر کہا:
’’کتنی بار کہا ہے کہ ابھی نہیں ہوئی! کیوں بار بار آ کر تنگ کرتی ہو؟ دِکھ نہیں رہا، ایمرجنسی ہے؟‘‘
یہ سن کر وہ لڑکی خاموشی سے پلٹ گئی، جیسے اس کی آواز کی بھی کوئی حیثیت نہ ہو۔ پیشنٹ روم کے باہر بیٹھے رشتہ داروں میں اس کی ماں، بہن کی ساس اور کچھ اور لوگ موجود تھے۔ وہ جا کر ایک کونے میں بیٹھ گئی، چہرے پر اداسی کا سایہ گہرا ہوتا جا رہا تھا۔
’’کیا ہوا؟ اتنی اداس کیوں ہو؟‘‘ مسکان کی والدہ نے نرمی سے پوچھا۔
’’ابھی تک ڈلیوری نہیں ہوئی…‘‘ اس کی آواز جیسے گم ہوتی جا رہی تھی۔
یہ سن کر والدہ کے پیشانی پر پریشانی کی شکن نظر آئی۔
مسکان کی بہن کی یہ دوسری ڈلیوری تھی اور دونوں بار ہی سیزر تھا۔ وہ دل سے دعا کر رہی تھی کہ اس بار اللہ اسے بھانجی عطا کرے؛ ایک نازک سی، چنچل بچی۔
اس کا بہنوئی سعودیہ کے شہر جدہ میں تھے، نوکری میں مصروف اور حالات کے باعث وطن آنے سے قاصر تھے۔ ہسپتال کا سارا انتظام، اخراجات، دوائیں اور بھاگ دوڑ ان سب کی ذمہ داری مسکان پر تھی۔ میڈیکل اور دوائیوں کے حوالے سے وہ بہت سے جنرل نالج جانتی تھی، اسی لیے اس نے سب کچھ سنبھال لیا تھا اور وہ ایک بھائی بن کر سب کچھ کر رہی تھی۔
اسی ادھ کھلے دروازے کے پیچھے سے اچانک ایک کمزور سی رونے کی آواز آئی۔ مسکان کے دل نے جیسے سجدہ شکر ادا کیا۔ وہ جلدی سے سسٹر کے پاس پہنچی۔ ’’لڑکی ہوئی ہے کیا؟‘‘ اس کی آنکھوں میں امید چمک رہی تھی، کیوں کہ وہ بہت وقت سے دعا کر رہی تھی کہ اسے بھانجی پیدا ہو۔
سسٹر نے بے نیازی سے جواب دیا: لڑکا ہوا ہے۔
بس وہیں اس کی دنیا جیسے لمحہ بھر کو رک گئی۔ اس نے نظریں جھکا لیں، گویا اپنی خواہش پر شرمندہ ہو گئی ہو۔ لیکن جب اسے ننھا سا وجود گود میں دیا گیا، تو اس کے لبوں پر ایک بے اختیار مسکراہٹ ابھری۔
پھر اچانک ہسپتال کی مصروف فضا میں شور اٹھا: ’’کسی مرد کو بلاؤ، پیشنٹ کو روم میں شفٹ کرنا ہے!‘‘
لیکن وہاں کوئی مرد نہ تھا۔ مسکان کے والد دوا لینے باہر گئے تھے، سسٹر جھنجھلا گئی۔ ’’یہ کوئی مذاق ہے؟ کسی مرد کے بغیر کیسے ہوگا؟‘‘
وہ خاموشی سے آگے بڑھی، آنکھوں میں چٹان جیسا عزم لیے۔ ’’میں خود لے چلوں گی!‘‘
سسٹر نے طنزیہ ہنسی سے کہا: ’’ارے تم؟ اکیلی اٹھا لو گی؟‘‘
یہ سن کر وہ غصہ میں بولی:
’’ہاں! میں لے جاؤں گی! اگر دل میں ہمت ہو تو ایک لڑکی سب کچھ کر سکتی ہے!‘‘ اس نے تن کر کہا۔
کچھ دیر بعد مسکان کے والد بھی واپس آ گئے۔ دونوں نے مل کر آہستہ سے بیڈ پر لیٹایا۔
کمرے میں پرسکون خاموشی چھا گئی۔ باہر سورج ڈھل رہا تھا۔ اندر، ایک نئی صبح نے آنکھ کھولی تھی۔
اس معصوم سی جان کا رنگ بہت سفید تھا۔ وہ چھوٹے چھوٹے ہاتھ پاؤں اور ننھی آنکھوں سے دیکھ رہا تھا۔
اُسے خوشی تھی ایک بہن ہونے کی، ایک خالہ ہونے کی اور سب سے بڑھ کر اپنے رب کی تابع دار ہونے کی۔
رات کے تھکا دینے والے لمحے ختم ہوئے، لیکن مسکان کی جاگتی آنکھوں نے نیند کو آنے نہ دیا۔ جب فجر کا وقت ہوا، تو اس نے ہسپتال کی راہ داری میں ہی اپنی چادر درست کی، وضو کیا، اور دیوار کے سائے میں رب کے حضور سجدہ ریز ہو گئی۔
ایسے ہی لمحات میں انسان کی روح اپنے خالق سے جُڑ جاتی ہے۔ مسکان کی دعا خاموش تھی، لیکن دل سے نکلی ہوئی۔
مگر… سکون کے ان لمحوں کا دورانیہ بہت مختصر نکلا۔
ابھی صبح کی روشنی پوری طرح پھیلی بھی نہ تھی کہ اچانک ہسپتال کے کمرے میں ہلچل مچ گئی۔ ترنم کا بڑا بیٹا ہادی بخار میں تپ رہا تھا۔ ننھا سا وجود، تپتی پیشانی، ہلکی ہلکی سسکیاں لے رہا تھا اور ماں کا دل بے قرار، مگر سیزیرین کی وجہ سے وہ بستر سے اٹھ بھی نہ سکتی تھی۔
اسی بیچ، کسی چھوٹی سی بات پر مسکان اور ترنم میں معمولی جھڑپ ہو گئی۔ بات معمولی تھی، لیکن تھکن اور جذبات نے اسے بڑا بنا دیا۔ مسکان کی آواز اونچی ہو گئی، ترنم کی آنکھیں نم اور لمحے بھر میں بہنوں کی وہ شیرینی کڑوے لہجے میں چھپ گئی۔
’’اب اور نہیں!‘‘ مسکان جھنجھلا کر بولی۔ ’’سب کچھ میں ہی کیوں کروں؟ کسی کو فرق ہی نہیں پڑتا!‘‘
اور وہ باہر نکل گئی۔ تنہا، غصے سے کانپتی، دل میں گہرا دکھ لیے۔
لیکن ابھی دروازہ مکمل بند بھی نہ ہوا تھا کہ سامنے کے بچوں کے ہسپتال کی طرف جاتی ساس کی ہانپتی ہوئی آواز سنائی دی۔
’’مسکان! ذرا مدد کرو! ہادی کو سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے۔ بہت بخار ہے۔‘‘
وہ رک گئی۔ پل بھر کو دل چاہا کہ انجان بن کر نکل جائے۔ جیسے اسے کچھ سنائی ہی نہ دیا ہو۔
اگلے ہی لمحے وہ بے قرار ہو گئی۔
اس نے تیز قدموں سے بڑھ کر ہادی کو اپنی بانہوں میں سمیٹا، پیشانی پر ہاتھ رکھا۔ واقعی بخار بہت تیز تھا۔ اسے وہ ڈاکٹر کے پاس لے گئی، دوائیں لیں اور اسے واپس ترنم کے پاس کمرے میں چھوڑ آئی۔
ترنم، جو خود بھی اندر ہی اندر نادم تھی، خاموشی سے اسے دیکھتی رہی۔
مسکان باہر نکل گئی، شاید دوبارہ خود کو سمیٹنے کے لیے۔
کچھ دیر بعد، ترنم نے خود کو سنبھالا۔ ہڈیوں تک پھیلی تھکن اور درد کے باوجود بیڈ پر بیٹھ کر نظریں باہر کے دروازے کی طرف ڈالیں اور خود سے کہنے لگی:
’’کیا ضرورت تھی اتنا کرنے کی؟ بچی ہے… اتنا کرتی ہے اور میں نے… کچھ کہہ دیا…‘‘
بہن کی ساس آہستہ سے بولیں:
’’ترنم… بہت کم لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں، جو بہن، بھائی، بیٹی، ماں سب کی جگہ ایک ساتھ نبھاتی ہیں۔ قدر کرو اس کی…‘‘
ترنم کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے اور اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا۔
مسکان اب بھی ہسپتال کے ایک کونے میں بیٹھی تھی، آنکھیں بند، دل میں سکون، رب سے بات کر رہی تھی۔
کیا اب میری آزمائش کا خاتمہ ہے، جو میں اتنے سال سے مانگ رہی ہوں؟ کیا وہ اب مجھے مل جائے گا؟ کیا اب اس مشکل کے بعد راحت ہے؟ تب ہی اس بیچ اسے آواز سنائی دی:
’’بیشک مشکل کے بعد آسانی بھی ہے۔ ‘‘
اس نے نظر اٹھا کر دیکھا تو ایک خاتون فون میں اسلامی ویڈیو دیکھ رہی تھی، لیکن اب وہ بہت خوش ہو چکی تھی، کیوں کہ اسے اس کے سوال کا جواب مل چکا تھا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے