رمضان المبارک ہی وہ مہینہ ہے جس کا قرآن مجید میں ذکر آیا ہے اور اس کے تذکرہ سے رمضان المبارک کی عظمت، اس کے تقدس اور اس کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے۔
اس ماہ مبارک میں قرآن مجید نازل ہوا، جس میں ہدایت کی کھلی کھلی نشانیاں ہیں اور وہ حق و باطل میں فرق کرتا ہے اور پھر تم میں سے کوئی اس مہینہ کو پائے تو چاہیے اس میں روزہ رکھے اور عبادت کرے۔
رمضان میں اعتکاف بھی عبادت کا ایک اہم جز ہے اور یہ عموماً رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کی جاتی ہے۔ قرآن مجید سے اس کا ثبوت اس آیت سے ہے: ’’اور تم جب مسجدوں میں اعتکاف کی حالت میں ہو تو اپنی بیویوں سے مباشرت مت کرو۔‘‘ اور سنت سے اس کا ثبوت یہ ہے: حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرماتے تھے، یہاں تک کہ آپ اس دنیا سے پردہ فرما گئے۔ پھر آپ کے بعد آپ کی ازواج مطہرات نے اعتکاف کیا۔ (بخاری و مسلم)
اعتکاف سابقہ امتوں میں بھی مشروع تھا۔ قرآن مجید کی دوسری آیت سے معلوم ہوتا ہے، جس میں اللہ رب العزت نے یہ کہا ہے کہ ہم نے حضرت ابراہیم و اسماعیل (علیہم السلام) سے عہد کیا ہے کہ تم میرے گھر کو طواف کرنے والوں، رکوع و سجدہ کرنے والوں اور اعتکاف کرنے والوں کے لیے پاک صاف رکھو۔
معتکف تمام تر اوقات نماز میں ہوتا ہے، اس لیے کہ وہ یا تو حقیقتاً نماز میں ہوتا ہے یعنی نماز کے انتظار میں ہوتا ہے، کیوں کہ اعتکاف کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ جماعت کے ساتھ نماز پڑھی جائے۔ معتکف روزے کی حالت میں ہوتے ہیں اور روزے دار اللہ کا مہمان ہوتا ہے، گویا کہ معتکف مضبوط قلعے میں محفوظ ہوتا ہے، یعنی ہرقسم کے گناہوں سے اس کی حفاظت ہوتی ہے۔ معتکف ایک وقت میں دس قسم کی عبادتوں کا ثواب حاصل کر سکتا ہے، مثلا: روزہ، تلاوت قرآن، نماز، توبہ و استغفار، ذکر و اذکار، انتظار صلاۃ، اعتکاف، عشرہ اخیر کی عبادت، شب قدر کی عبادت اور معاصی سے اجتناب وغیرہ۔
یہ سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے۔ اگر کچھ لوگوں نے اس سنت مؤکدہ کو ادا کر لیا تو باقی لوگوں کی طرف سے یہ سنت سا قط ہو جائے گی اور اگر بستی میں سے کوئی بھی اس سنت مؤکدہ کو ادا نہیں کیا تو سب کے سب گناہ گار ہوں گے۔
اس عشرے میں عبادتیں اور ریاضتیں کرکے خداوند قدوس کی خوش نودی حاصل کرنا ہر امتی کا فریضہ ہے۔ اس میں عبادتیں یہ ہے:
(١) اعتکاف
(٢) شب قدر کی تلاش
(٣) قیام لیل کا نظم
اعتکاف مستحسن فعل ہے، اس کا شمار نیک اعمال میں سے ہوتا ہے، جن کا ماہ رمضان المبارک کے آخری دس دنوں کے اندر بجا لانا کتب شریعہ میں مستحسن قرار دیا گیا ہے، تاکہ مسلمان لیلتہ القدر کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant [Aitekaaf Ki Ehmiyat]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/02/Girls-Plant-Aitekaaf-Ki-Ehmiyat.jpg)
0 Comments