خواتین کے خلاف تشدد کا صرف ایک چہرہ نہیں ہوتا۔ یہ اپنی زبان بدل لیتا ہے، اپنی جگہ تبدیل کر لیتا ہے اور بعض اوقات تو اپنی ظاہری حیثیت بھی۔ کبھی یہ گھر کی چار دیواری میں چھپ جاتا ہے، کبھی دفتر کی راہداریوں میں گونجتا ہے، کبھی موبائل اسکرین سے سرگوشی کرتا ہے، اور کبھی جنگ و آفات کے شور میں پھٹ پڑتا ہے۔
اس سلسلے کے دوسرے حصے میں ہم تشدد کی اُن مختلف صورتوں کا جائزہ لے رہے ہیں جو سماجی، معاشی اور ڈیجیٹل میدانوں میں عورت کی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔ مقصد صرف آگاہی نہیں بلکہ اصلاح، مزاحمت اور حوصلہ پیدا کرنا ہے۔
1. گھریلو اور ازدواجی تشدد
(گھر کی خاموش دیواروں کے اندر)
گھریلو تشدد بہ ظاہر ایک واقعہ معلوم ہوتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ایک مسلسل عمل ہے جو وقت کے ساتھ خود کو دہراتا رہتا ہے۔ اسی تکرار کو ماہرین ’’تشدد کا چکر‘‘ (Cycle of Abuse )کہتے ہیں۔ یہ چکر اچانک شروع نہیں ہوتا بلکہ آہستہ آہستہ تناؤ سے جنم لیتا ہے۔ اسے Tension building phase کہتے ہیں۔ ابتدا میں گھر کا ماحول بوجھل ہونے لگتا ہے۔ شوہر معمولی باتوں پر تنقید کرنے لگتا ہے، لہجہ سخت ہو جاتا ہے، شک اور بدگمانی بڑھتی ہے۔ بیوی ہر وقت اس خوف میں رہتی ہے کہ نہ جانے کس بات پر شوہر بھڑک اٹھے۔ وہ اپنے الفاظ ناپ تول کر بولتی ہے، اپنی پسند ناپسند کو دبا دیتی ہے، حتیٰ کہ سانس بھی احتیاط سے لیتی ہے۔ یہی تناؤ بڑھتے بڑھتے ایک ایسے مقام پر پہنچتا ہے جہاں کوئی چھوٹی سی بات شدید واقعے (Acute Incident)کا سبب بن جاتی ہے ۔
فرض کریں کوثر کے ہاتھوں کھانے میں نمک کچھ زیادہ ہو گیا۔ ایک عام گھر میں یہ بات ہنسی میں ٹالی جا سکتی ہے، مگر تشدد کے ماحول میں یہی معمولی غلطی غصے کے طوفان میں بدل جاتی ہے۔ کوثر کو دھکے دیے جاتے ہیں، چیخ کر ذلیل کیا جاتا ہے، یا ہاتھ اٹھا دیا جاتا ہے۔ یہ مرحلہ سب سے تکلیف دہ اور خوفناک ہوتا ہے۔
لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی۔ کچھ دیر یا چند دن بعد کوثر کا شوہر نرم لہجے میں معافی مانگتا ہے۔ کہتا ہے کہ اسے بہت افسوس ہے، وہ دباؤ میں تھا، وہ دوبارہ ایسا نہیں کرے گا۔ کبھی تحفہ لے کر آتا ہے، کبھی غیر معمولی محبت کا اظہار کرتا ہے۔ یہ دیکھ کر کوثر کو لگتا ہے کہ شاید واقعی اس کے شوہر میں تبدیلی آ گئی ہے۔ وہ امید باندھ لیتی ہے کہ اب سب ٹھیک ہو جائے گا۔ یہی مرحلہ
’’ہنی مون فیز‘‘ (Honeymoon Phase) کہلاتا ہے، جہاں وقتی محبت اور نرمی پچھلے زخموں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ اس کے بعد کچھ عرصہ گھر میں سکون رہتا ہے۔ بظاہر سب معمول پر آ جاتا ہے، مگر اندر ہی اندر تناؤ دوبارہ جنم لینے لگتا ہے۔ وہی شک، وہی بدگمانی، وہی لہجے کی سختی اور یوں تشدد کا چکر دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔ اسی مسلسل تکرار سے عورت ایک نفسیاتی کیفیت میں مبتلا ہو جاتی ہےجسے ’’ٹراما بونڈنگ‘‘ (Trauma Bonding) کہا جاتا ہے۔ وہ اس شخص سے جذباتی طور پر جڑی رہتی ہے جو اسے تکلیف بھی دیتا ہے اور وقتی سہارا بھی۔ ظلم اور محبت کے درمیان یہ جھول اسے الجھا دیتا ہے۔ وہ سوچتی ہے کہ شاید قصور اس کا اپنا ہے، شاید وہ مزید برداشت کرے تو حالات بہتر ہو جائیں۔
یوں تشدد صرف جسم پر نہیں، ذہن اور خود اعتمادی پر بھی حملہ کرتا ہے۔ عورت آہستہ آہستہ اپنی پہچان، اپنی آواز اور اپنے فیصلے کی قوت کھونے لگتی ہے۔ یہی وہ پیچیدگی ہے جو گھریلو تشدد کو محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک گہرا اور تباہ کن نفسیاتی جال بنا دیتی ہے۔
سماجی انکار (Societal denial)
اکثر سماج میں گھریلو تشدد کو ’’نجی معاملہ‘‘ کہہ کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ عورت کو سمجھوتے، برداشت اور خاندان کی عزت بچانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ خاموشی ظالم کو طاقت دیتی ہے اور مظلوم کو تنہا کر دیتی ہے۔
پناہ گاہیں اور قانونی تحفظ
ہندوستان میں Protection of Women from Domestic Violence Act ایک مضبوط قانونی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے، جس کے تحت متاثرہ خواتین کو تحفظ کے احکامات، رہائش کا حق، مالی امداد اور قانونی سہارا دیا جا سکتا ہے۔ یہ قانون اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ عورت کو صرف مارپیٹ سے نہیںبلکہ ذہنی،معاشی اور جذباتی استحصال سے بھی بچانا ضروری ہے۔ کاغذ پر یہ ایک امید کی کرن دکھائی دیتی ہے۔ ایک ایسا وعدہ کہ ریاست عورت کے ساتھ کھڑی ہے، لیکن جب ایک خوفزدہ عورت واقعی مدد کے لیے قانون کا دروازہ کھٹکھٹاتی ہے تو اسے اکثر ایک مختلف حقیقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پناہ گاہیں محدود ہیں، کئی اضلاع میں تو سرے سے موجود ہی نہیں۔ جو ہیں، وہاں جگہ کم اور وسائل ناکافی ہیں۔ ایک عورت جو گھر سے جان بچا کر نکلتی ہے، اسے تحفظ کے ساتھ ساتھ عزت اور نفسیاتی سہارا بھی چاہیے، مگر تربیت یافتہ کونسلرز کی کمی اس کے زخموں کو بھرنے کے بجائے انھیں خاموشی میں چھوڑ دیتی ہے۔
عدالتی کارروائیاں بھی فوری انصاف فراہم کرنے میں اکثر سست روی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ تاریخ پر تاریخ، پیشیوں کا سلسلہ، اور سماجی دباؤ، یہ سب مل کر متاثرہ خاتون کو تھکا دیتے ہیں۔ کئی عورتیں اسی تھکن اور بے بسی کے باعث دوبارہ اسی تشدد زدہ ماحول میں واپس چلی جاتی ہیں جس سے وہ نکلنا چاہتی تھیں۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ قانون کی موجودگی اور اس کے مؤثر نفاذ کے درمیان ایک خلا ہے۔ قانون امید دیتا ہے، مگر اس امید کو حقیقت بنانے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی عزم، وسائل کی فراہمی اور حساس عملے کی ضرورت ہے۔ جب تک پناہ گاہیں محفوظ پناہ نہ بنیں اور عدالتی نظام فوری اور ہمدردانہ انصاف نہ دے، تب تک خواتین کے لیے قانونی تحفظ ادھورا رہے گا۔
2. جنسی ہراسانی اور کام کی جگہ پر عدم مساوات
(جب روزگار بھی خطرہ بن جائے)
کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی عورت کی معاشی خودمختاری اور ذہنی سکون دونوں کو متاثر کرتی ہے۔
قانون : کامیابیاں اور کمزوریاں
ہندوستان میں Sexual Harassment of Women at Workplace (Prevention, Prohibition and Redressal) Act جسے عام طور پر POSH ایکٹ کہا جاتا ہے، کام کی جگہ پر خواتین کے تحفظ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس قانون نے اداروں میں داخلی شکایتی کمیٹیوں (Internal Complaints Committees) کی تشکیل لازمی قرار دی، جس کے ذریعے متاثرہ خواتین باضابطہ طور پر اپنی شکایت درج کرا سکتی ہیں۔ اس اقدام نے کم از کم اتنا ضرور کیا کہ جنسی ہراسانی کو معمولی یا غلط فہمی قرار دے کر نظر انداز کرنے کی روایت کو چیلنج کیا۔ کارپوریٹ شعبے میں تربیتی ورکشاپس، آگاہی پروگرام اور پالیسی دستاویزات کے ذریعے ایک حد تک شعور بیدار ہوا ہے اور یہ پیغام پہنچا ہے کہ کام کی جگہ پر عزت اور تحفظ ہر خاتون کا حق ہے۔
تاہم، قانون کی روشنی ہر جگہ یکساں طور پر نہیں پہنچ سکی۔ چھوٹے اداروں میں اکثر شکایتی کمیٹیاں صرف کاغذوں تک محدود رہتی ہیں یا سرے سے قائم ہی نہیں ہوتیں۔ دیہی علاقوں میں بہت سی خواتین اس قانون کے وجود سے ہی ناواقف ہیں۔ مزید برآں، شکایت درج کرانے والی عورت کو اکثر مشکوک نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے، اس کے کردار پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، اور بعض اوقات رازداری کے نام پر اس پر خاموش رہنے کا دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ یوں انصاف کا عمل خود ایک ذہنی آزمائش بن جاتا ہے۔
سب سے زیادہ نظر انداز ہونے والا طبقہ غیر رسمی شعبے کی خواتین ہیں۔ گھریلو ملازمین، زرعی مزدور، فیکٹری ورکرز اور ریڑھی بان خواتین۔ ان کے پاس نہ داخلی کمیٹی ہوتی ہے، نہ قانونی رہنمائی تک آسان رسائی۔ روزگار کھونے کا خوف، سماجی بدنامی اور معاشی انحصار انہیں شکایت کرنے سے روکتا ہے۔ نتیجتاً ان کا استحصال اکثر رپورٹ ہی نہیں ہوتا۔
کام کی جگہ پر عزت اور تحفظ کسی خاص طبقے کی سہولت نہیں ہونا چاہیے۔ اگر ایک کارپوریٹ دفتر میں کام کرنے والی خاتون کو قانونی تحفظ حاصل ہے تو کھیتوں میں مزدوری کرنے والی عورت بھی اسی درجے کی عزت کی مستحق ہے۔ حقیقی انصاف تب ہوگا جب قانون کی طاقت شہر سے نکل کر گاؤں اور غیر رسمی معیشت تک پہنچے گی، اور ہر عورت بلا خوف و خطر اپنی آواز بلند کر سکے ۔
3 ) کم عمری کی شادی اور ابتدائی مادریت
(چوری شدہ بچپن)
کم عمری کی شادی محض ایک سماجی رسم نہیں، بلکہ بچپن سے جوانی تک کے فطری سفر میں زبردستی مداخلت ہے۔ غربت اور ناخواندگی اس مسئلے کی بنیادی جڑیں ہیں۔ اگرچہ ہندوستان میں Prohibition of Child Marriage Act نافذ ہے، مگر کئی علاقوں میں یہ روایت اب بھی خاموشی سے جاری ہے۔ بعض گھرانوں میں بیٹی کو معاشی بوجھ سمجھا جاتا ہے، اور جلدی شادی کو اس بوجھ سے نجات یا تحفظ کا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ والدین کو خوف ہوتا ہے کہ کہیں غربت، ہراسانی یا سماجی دباؤ ان کی بیٹی کے مستقبل کو متاثر نہ کر دے، اس لیے وہ جلدی رخصتی کو ہی بہتر حل سمجھ لیتے ہیں۔
تصور کیجیے کہ ایک چودہ یا پندرہ سالہ لڑکی ہے، جس کا نام سائرہ ہے جو ابھی اسکول کی کتابوں اور سہیلیوں کے خوابوں میں مگن ہے۔ اچانک اس کی شادی طے ہو جاتی ہے۔ چند ماہ بعد وہ ماں بننے والی ہے۔ اس کا جسم ابھی مکمل طور پر نشوونما کے مرحلے میں ہوتا ہے، مگر اس پر زچگی کی ذمہ داری ڈال دی جاتی ہے۔ کم عمری میں حمل اکثر طبی پیچیدگیوں کا سبب بنتا ہے، ماں اور بچے دونوں کی صحت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے، معاشی خودمختاری کا راستہ بند ہو جاتا ہے، اور وہ مکمل طور پر دوسروں پر انحصار کرنے لگتی ہے۔ نفسیاتی دباؤ الگ، ایک بچی جسے خود رہنمائی کی ضرورت تھی، اب اسے کسی اور کی پرورش کرنی ہے۔
پندرہ سال کی بچی ماں تو بن سکتی ہے، مگر اس کا دل اور ذہن اب بھی بچپن کی دہلیز پر کھڑا ہوتا ہے۔ اس کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں، اور اس کی شناخت صرف رشتوں میں سمٹ کر رہ جاتی ہے۔
تاہم امید کی کرن بھی موجود ہے۔ مختلف خواتین تنظیمیں اور سماجی کارکن گاؤں گاؤں جا کر لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت اجاگر کر رہے ہیں، ہنر مندی کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ لڑکیاں معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں، اور کمیونٹی نگرانی گروپس تشکیل دے رہے ہیں جو کم عمری کی شادی کی اطلاع متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔ سب سے اہم یہ کہ وہ متاثرہ لڑکیوں کو بولنے کا حوصلہ دے رہے ہیں۔ جب کوئی سائرہ اپنی کہانی سناتی ہے تو صرف اس کی آواز نہیں گونجتی بلکہ نسلوں سے قائم خاموشی میں دراڑ پڑتی ہے۔ یہی آواز تبدیلی کی بنیاد بنتی ہے، اور یہی شعور معاشرے کو بتدریج ایک محفوظ اور منصفانہ سمت میں لے جاتا ہے۔
4. ڈیجیٹل اور سائبر تشدد
(جب اسکرین میدانِ جنگ بن جائے)
ٹیکنالوجی نے عورت کو گھر کی چار دیواری سے نکال کر عالمی دنیا سے جوڑ دیا ہے۔ آن لائن تعلیم، فری لانسنگ، سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے، یہ سب مواقع نئی راہیں کھولتے ہیں۔ مگر اسی اسکرین کے پیچھے ایک اندھیرا بھی چھپا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں تشدد اب الفاظ، تصاویر اور ویڈیوز کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ آن لائن ٹرولنگ، گالی گلوچ، کردار کشی، بغیر اجازت تصاویر کا پھیلاؤ، ڈیپ فیک ویڈیوز اور شناخت کی چوری یہ سب نئی صدی کے ہتھیار ہیں۔
تصور کیجیے ایک کالج کی طالبہ، ماریہ ، جو سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہے۔ ایک دن اس کی تصویر کو ایڈٹ کر کے نامناسب انداز میں وائرل کر دیا جاتا ہے۔ نامعلوم اکاؤنٹس اسے دھمکیاں دیتے ہیں، گندی زبان استعمال کرتے ہیں، اور اس کی ذاتی معلومات شیئر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماریہ گھر سے باہر نکلی نہیں، مگر اس کی عزت، اعتماد اور ذہنی سکون پر حملہ ہو چکا ہے۔ یہی ڈیجیٹل تشدد ہے، جہاں جسم محفوظ دکھائی دیتا ہے مگر ذہن اور شناخت زخمی ہو جاتے ہیں۔ نوجوان لڑکیاں خاص طور پر اس کا نشانہ بنتی ہیں کیونکہ وہ آن لائن زیادہ متحرک ہوتی ہیں اور سماجی دباؤ کا شکار بھی جلد ہو جاتی ہیں۔
قانونی طور پر ہندوستان کا Information Technology Act سائبر جرائم کے خلاف دفعات فراہم کرتا ہے، اور تعزیراتِ ہند کی بعض شقیں بھی آن لائن ہراسانی پر لاگو ہوتی ہیں۔ مگر عملی مشکلات اپنی جگہ موجود ہیں۔ سائبر سیلز محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہے ہیں، شکایت درج کرانے کا عمل پیچیدہ اور وقت طلب ہو سکتا ہے، اور سب سے بڑھ کر سماجی بدنامی کا خوف متاثرہ لڑکی کو خاموش رہنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ بہت سی لڑکیاں سوچتی ہیں کہ اگر انہوں نے آواز اٹھائی تو سوال انہی کے کردار پر اٹھیں گے۔
اسی لیے ڈیجیٹل خواندگی آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے۔ لڑکیوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ پرائیویسی سیٹنگز کیسے محفوظ کی جاتی ہیں، کس مواد کو شیئر کرنا محفوظ ہے اور کس کو نہیں، ڈیجیٹل رضامندی کیا ہوتی ہے، اور ہراسانی کی صورت میں شکایت کیسے درج کرائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ذہنی مضبوطی بھی ضروری ہے۔ یہ شعور کہ آن لائن نفرت ان کی قدر و قیمت کا تعین نہیں کرتی۔
ڈیجیٹل خودمختاری کے بغیر جدید دور میں حقیقی تحفظ ممکن نہیں۔ جب تک لڑکیاں ٹیکنالوجی کو اعتماد اور آگاہی کے ساتھ استعمال نہیں کریں گی، تب تک اسکرین ایک موقع بھی رہے گا اور ایک خطرہ بھی۔ اصل طاقت اس وقت آئے گی جب وہ خوف کے بجائے علم اور شعور کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھیں گی۔
5. تنازعات اور آفات میں تشدد
(بحران میں عورت کا جسم بطور میدان)
جنگ، فسادات یا قدرتی آفات جب کسی خطے کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں تو سب سے پہلے بنیادی ڈھانچے ٹوٹتے ہیں۔ گھر، سڑکیں، اسکول، اسپتال، مگر ان ملبوں کے نیچے سب سے زیادہ دبنے والی ہستی اکثر عورت ہوتی ہے۔ بے گھر ہونے کے بعد جب خاندان عارضی کیمپوں میں پناہ لیتے ہیں تو وہاں پرائیویسی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ ایک ہی خیمے میں کئی افراد، الگ غسل خانوں کی کمی، رات کے وقت سکیورٹی کا فقدان ، یہ سب عورت کو مسلسل خوف کی کیفیت میں رکھتے ہیں۔ طبی سہولتیں محدود ہوتی ہیں، تولیدی صحت کی خدمات تقریباً ناپید، اور ذہنی دباؤ کا کوئی باضابطہ علاج نہیں۔
تصور کیجیے ایک ایسی ماں کا جو سیلاب یا فسادات کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ کیمپ میں رہ رہی ہے۔ اس کا شوہر لاپتہ ہے یا روزگار سے محروم۔ امداد لینے کے لیے قطار میں کھڑے ہونا بھی اس کے لیے ایک آزمائش ہے، کیونکہ بعض اوقات راشن یا تحفظ کے بدلے استحصال کی پیشکش کی جاتی ہے۔ کم سن بچیوں کی زبردستی شادی کو تحفظ کا نام دے دیا جاتا ہے تاکہ خاندان ایک ذمہ داری کم کر سکے۔ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک ایسے ہی غیر مستحکم حالات میں سرگرم ہو جاتے ہیں، اور جنسی تشدد کے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔ یوں بحران کے وقت عورت کا جسم طاقت، انتقام اور کنٹرول کا میدان بن جاتا ہے۔
عالمی سطح پر United Nations Security Council کی قرارداد 1325 اس بات پر زور دیتی ہے کہ خواتین کو تنازعات میں تحفظ دیا جائے اور امن سازی کے عمل میں ان کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اس قرارداد کا مکمل نفاذ ابھی بھی ایک خواب ہے۔ جب تک امدادی پالیسیوں میں صنفی حساسیت شامل نہیں ہوگی، جب تک کیمپوں میں الگ اور محفوظ سہولتیں فراہم نہیں کی جائیں گی، تب تک بحران میں عورت کا تحفظ ادھورا رہے گا۔
اختتامی پیغام
گھر کی چار دیواری سے لے کر دفتر کی میز تک، سڑکوں سے لے کر ڈیجیٹل دنیا تک تشدد ایک تسلسل کی صورت میں موجود ہے۔ یہ محض انفرادی رویوں کا نتیجہ نہیں بلکہ طاقت کے عدم توازن اور پدرشاہی ذہنیت کی جڑوں سے پھوٹتا ہے۔ جب تک عورت کو کمزور، تابع یا قابلِ کنٹرول سمجھا جائے گا، تشدد کسی نہ کسی شکل میں سر اٹھاتا رہے گا۔
لیکن تصویر کا دوسرا رخ بھی ہے، امید، مزاحمت اور بیداری۔ ہمیں قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا ہوگا، پناہ گاہوں کو مضبوط اور باوقار بنانا ہوگا، تعلیمی نصاب میں صنفی شعور شامل کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل احترام اور برابری کا سبق سیکھے۔ معاشی خودمختاری کو فروغ دینا ہوگا تاکہ عورت انحصار کے دائرے سے نکل سکے، اور متاثرین کی آواز کو مرکزی دھارے میں جگہ دینی ہوگی تاکہ خاموشی ٹوٹے۔
تشدد خاموشی میں پنپتا ہے، مگر مزاحمت آگاہی سے جنم لیتی ہے۔ آئیے اس تحریر کو صرف ایک مضمون نہ رہنے دیں ، بلکہ ایک اجتماعی عہد بنائیں کہ عزت، تحفظ اور انصاف ہر عورت کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments