رمضان کا تیسرا روزہ تھا۔ فجر کے بعد ایک خاتون نے کال کیا۔ سسٹر میں بچوں کی تربیت کے لیے بہت پریشان ہوں، میرا بیس سالہ بیٹا کوئی بات نہیں سنتا اور نہ نماز پڑھتا ہے نہ روزے رکھتا ہے۔ رات دیر تک موبائل میں لگا رہتا ہے، گیمز کھیلتا ہے، آن لائن آرڈر کرکے کھانا منگوا لیتا ہے۔ اتنے بڑے بچے کو نہ مار سکتی ہوں نا ڈانٹ سکتی۔ نماز کے بعد رورو کر اپنے رب سے دعا کرتی ہوں۔ میں کیا کروں آپ رہنمائی کیجیے؟
ہم نے کہا اس معاملے میں ان کے والد کی مدد لیجیے۔ بیٹے کو والد بہتر طریقے سے سمجھا سکتے ہیں، ساتھ نماز کے لیے لے جاسکتے ہیں۔ پہلے تو بالکل خاموش ہوگئیں، کچھ توقف کے بعد کہا: سسٹر! میرے شوہر بھی نہ روزہ رکھتے ہیں، نہ نماز پڑھتے ہیں۔ اب اس کی آواز میں کرب تھا۔۔۔ جب میرے دونوں بیٹے اور بیٹی چھوٹے تھے، تو میں بیٹوں کو مسجد چھوڑنے جاتی تھی جبکہ بیٹی کو ساتھ لے کر نماز پڑھتی تھی۔ فجر کی نماز کے بعد میں بیٹی کو مکتب بھی چھوڑ آتی تھی۔جب بچے چھوٹے تھے گھر میں قرآن کا ماحول تھا، جوں جوں یہ بڑے ہوتے گئے ان کے والد نے ان کا اسکول بدل دیا، تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہو اور انھیں وہاںبھی اچھی صبحتیں نہیں مل سکیں۔ ان کو موبائل بھی ان کے ابو نے دلایا ہے، اب تینوں بچے موبائل میں سر ڈالے بیٹھے ہوتے ہیں۔ مجھے میرے بچوں کے آخرت کی فکر ہے۔ میرے شوہر خود بھی روزے رکھتے ہیں، نہ نماز پڑھتے ہیں۔
ہم نے انھیں سمجھایا کہ آپ اپنے تئیں کوشش کرتے رہیں، نرمی سے بیٹے سے بات کرتے رہیں اور دعا کریں اپنے بیٹے کے حق میں۔ بچوں کی یہ عمر ڈیولپمنٹ کی عمر ہوتی ہے۔ بچپن کے مقابلے اس عمر بچوں کی دلچسپیاں بدل جاتی ہیں، اس لیے وہ لاپرواہ ہوجاتے ہیں۔ اس کا یہ دباؤ کا دور نکل جائے گا تو جو عادتیں آپ نے بچپن میں ڈالی تھیں، وہ سب لوٹ آئیں گی، اللہ سے قوی امید رکھیں۔ آپ اپنی ذمہ داری ادا کررہی ہیں۔ساتھ ہی بچوں سے جب موقع ہو اللہ کے سامنے جواب دہی، عقاد اور زندگی کے حوالے سے نارمل انداز میں گفتگو کرتی رہا کریں۔ تاہم یاد رہے کہ اسے نصیحت بناکر تقریر نہ کریں، جب موقع ہو تب ہلکے پھلکے انداز میں بات کیا کریں۔ ان کے والد سے بھی مایوس نہ ہوں، ان سے بھی کہیں کہ بچوں کو ساتھ لے جائیں، جب جب نماز کے لیے جائیں۔ وہ منع کریں تب بھی آپ مایوس نہ ہوں، اللہ نے ہر انسان کو اپنی ذمہ داری کا بار اٹھانے کا مکلف بنایا ہے۔
میں نے فون ڈسکنیکٹ کیا۔ میرا تخیل سورہ احزاب کی آیت نمبر 72 پر آرکا۔ جب اس آیت پر توجہ کی تو ذہن لفظ ’’ظلوماً جہولاً‘‘ پر تدبر کرنے لگا، مختلف تفاسیر سے ہم نے اسے سمجھنے کی کوشش کی کہ آخر انسان کو اللہ نے کیوں ظالم، جہل اور نابلد کہا ہے؟ کونسا ظلم ہے جو انسان لاعلمی میں اپنی ذات کے ساتھ کررہا ہے؟
سوال پوچھنے والی خاتون جانتی ہے کہ آخرت کی کامیابی زیادہ ضروری ہے اور یہی آگاہی اسے بے چین کررہی ہے۔ دوسری طرف اس کا شوہر اپنی لاعلمی کے سبب خود اپنے عمل سے اور بچوں کی تربیت سے لاپرواہ ہے اس کا یہ اگنورینس، لاعلمی، جہل اس کے اپنے ساتھ ظلم ہے۔ نافرمانی بذات خود انسان کے اپنے اوپر ظلم ہے۔ اللہ رب العالمین کی نافرمانی کیا رب کے ساتھ ظلم ہے یا اپنے ساتھ ظلم ہے؟ وہ شخص نہیں جانتا کہ وہ اپنے رب کی نافرمانی کی وجہ سے کتنا بڑا نقصان خود اپنا بھی کررہا ہے اور اپنی نسل کے ساتھ بھی بے وفائی کی شکل میں کر رہا ہے۔ ماں تڑپ رہی ہے کیوں کہ اسے ادراک ہے۔ بچوں سے حقیقی محبت اسے آخرت کے تصور کی وجہ سے تڑپارہی ہے۔ یہی تو حقیقی محبت ہے کہ آپ اپنے خاندان، اولاد، شوہر سب کی آخرت کی فکرمندی سے جوجھ رہی ہیں، ورنہ یہی رشتے فتنہ بن جاتے ہیں۔
کل ہی ایک خاتون گفتگو کے دوران بتانے لگیں کہ باجی ہمارے ایک عزیز نے لوگوں کے پیسے بزنس کے لیے لیے اور سبھی انویسٹرز کو خسارہ بتادیا اور خود ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ کچھ عرصے بعد لوٹے اور جتنی زمینیں تھیں، ساری اپنے بچوں کے نام منتقل کردی، یہ کہتے ہوئے کہ آپ کی سات پشتیں اسے استعمال کرسکتی ہیں۔
اپنے انجام کا کیا؟ اپنی اولاد کے لیے اپنی آخرت تباہ کرڈالی؟ انسان جذبات سے مغلوب ہوکر یہ بھول جاتا ہے کہ کس چیز کا بار اٹھا رہا ہے؟ جن صاحب نے یہ حرکت کی، ان کی بہو ہم سے پوچھ رہی ہیں کہ کیا یہ معاملہ جو دوسروں سے غصب کیا گیا، میرے بچوں میں صالحیت پیدا کرسکتا ہے؟ میں بے حد فکرمند ہوں۔
بے شمار خاندان مختلف مسائل سے جھوجھ رہے ہیں؛ کہیں پر مرد اپنی خود آگاہی اور بچوں کی تربیت کے لیے پریشان ہیں، تو کہیں خاتون۔ بہرکیف جو شخص آگاہی رکھتا ہے وہ مضطرب رہتا ہے۔ کئی مرتبہ مرد حضرات اپنی بیوی کی بے دینی اور کمزور عقائد کی وجہ سے بچوں کی تربیت کے تئیں پریشان رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ انسان کو خواہ مرد ہو یا عورت اللہ نے بار امانت سونپا ہے، یہ ایک عظیم امانت ہے۔
اِنَّا عَرَضۡنَا الۡاَمَانَةَ عَلَى السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ وَالۡجِبَالِ فَاَبَيۡنَ اَنۡ يَّحۡمِلۡنَهَا وَاَشۡفَقۡنَ مِنۡهَا وَ حَمَلَهَا الۡاِنۡسَانُؕ اِنَّهٗ كَانَ ظَلُوۡمًا جَهُوۡلًا.( الأحزاب: 72)
’’ہم نے اپنی امانت آسمانوں اور زمین اور پہاڑوں کے سامنے پیش کی تو انھوں نے اس کے اٹھانے سے انکار کیا اور اس سے ڈرے اور انسان نے اس کو اٹھا لیا۔ بے شک وہ ظلم کرنے والا اور جذبات سے مغلوب ہوجانے والا ہے۔‘‘
یہ کونسا بار امانت ہے جسے آسمان اور زمین نے اور پہاڑوں نے خوف کی وجہ سے اٹھانے سے انکار کردیا؟ اور انسان نے اسے اٹھالیا۔ کیا جذبات سے مغلوب ہونا خود پر ظلم ہے؟ کیا لاعلمی ظلم ہے؟
بار امانت تو منصب خلافت ہے۔ آپ جہاں رہیں اللہ کی زمین پر اس کے دین کو نافذ کرنے کے لیے ہر حال کوشاں رہیں؛ چاہے مرد ہو یا عورت، گھر کی چہار دیواری میں اپنے بچوں کو دین، ایمان اور عقیدے کے ساتھ پروان چڑھائیں۔ سماج میں ہوں تو بھلی بات کہیں اور دیگر مذاہب کے درمیان ہوں تو اپنے عمل کو چلتی پھرتی دعوت بنائیں۔ الغرض کسی لمحے آپ سے یہ مشن جدا نہ ہو، کیوں کہ آپ اللہ کی زمین پر اس کے نائب اور خلیفہ ہیں۔ یہ جو ذمہ داری اللہ نے ہمیں سونپی ہے، اس ذمہ داری کو وہی شخص نبھا سکتا ہے، جو خود اپنے اعمال کو اللہ کے بتائے قوانین کے مطابق گزارتا ہے، عدل و انصاف روا رکھتا ہے، دوسروں کے ساتھ بھلائی اور احسان کا معاملہ کرتا ہے۔
یہی تھا وہ بار جس امانت کو سنبھالتے ہوئے انسان نے اس کے نتائج پر غور نہ کیا کہ یہ کتنی سخت آزمائشوں سے بھری رہ گزر ہے اور شیطان بھی اس میں انسان کو اتنی آسانی سے نہیں چھوڑتا۔ اس جنت ہی پر غور کریں کہ اتنے عمدہ پیڑوں سے سجی جنت میں بھی اللہ نے شجر ممنوعہ کو رکھا اور آزمائش بنادیا۔ شیطان کا بہکاوا اور اس بیکاوے میں انسان کا یقین کرلینا، حکم عدولی کرنا، پھر شرمسار ہوکر دعا کرنا کیسی سخت آزمائش تھی!
ربنا ظلمنا أنفسنا و إن لم تغفرلنا و ترحمنا، لنکونن من الخسرین. (الأعراف: 32)
’’اے ہمارے رب! ہم نے خود پر ظلم کیا اور اگر آپ نے ہمیں نہیں بخشا اور ہم پر رحم نہیں فرمایا تو ہم نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔‘‘
کتنی عاجزی ہے اس دعا میں، احساس شرمندگی ہے! حضرت آدمؑ کی جنت میں پیش آنے والی داستان درحقیقت اس امانت کا حصہ ہے، جو اللہ نے تمام مخلوقات میں صرف انسان ہی کو انتخاب کی آزادی کی شکل میں دی ہے۔ آسمان کی طاقت محدود ہے، زمین اور پہاڑوں کی طاقت محدود ہے، حتی کہ فرشتوں کے پاس بھی آزادیٔ انتخاب نہیں ہے، جو حکم دیا جاتا ہے وہ بجا لاتے ہیں، لیکن انسان کو اللہ نے انتخاب کی آزادی دی ہے۔ شیطان نے آدم کو بہکایا، لیکن اس انتخاب کا استعمال آدم ہی نے کیا، یہی وہ آزادیٔ انتخاب ہے، جس کی وجہ سے انسان اچھائی اور برائی کو مانتا ہے یا نافرمانی کو ترجیح دیتا ہے۔ نافرمانی کا راستہ منتخب کرنا بھی بشریت سے خالی نہیں ہے۔ وہ نافرمانی کرسکتا ہے، وہ بری راہ چن سکتا ہے، لیکن اس کو انتخاب کی آزادی دینے سے آزاد نہیں کردیا، بلکہ اس کے وجود میں اللہ نے ایک میکانزم رکھا کہ
وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا. (الشمس: 7-8)
’’اور قسم ہے نفس کی اور اس ذات کی جس نے اسے درست بنایا۔ پھر اس کو اس کی بدکاری اور اس کی پرہیزگاری سمجھا دی۔‘‘
یعنی آزادیٔ انتخاب کے ساتھ اسے خود آگاہ بھی بنادیا۔
امانت محض خودکار اطاعت نہیں
اگر امانت کا مطلب صرف یہ ہوتا کہ انسان بغیر کسی مخالفت کے محض احکام پر عمل کرے، تو پھر فرشتے جو اللہ کے کسی حکم کی نافرمانی نہیں کرتے یا جمادات جو مسلسل اس کی تسبیح کرتے ہیں، اس امانت کے زیادہ حق دار ہوتے۔ لیکن امانت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان کے اندر ایسے ارادہ و اختیار کی قوت موجود ہو، جو اسے اطاعت اور معصیت میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے قابل بنائے۔ وہ شعوری طور پر اپنی راہ منتخب کرے۔ اچھائی یا برائی اس پر واضح کی جائے کہ آپ کو جتنا کہا گیا ہے اتنا نہ سنیں، جو کہا گیا ہے اتنا ہی نہ کریں، بلکہ اس کی منطقی انجام کو سمجھیں۔ اس لیے جس راہ کا ہم انتخاب کرتے ہیں اس کی ذمہ داری بھی ہمیں اٹھانی پڑتی ہے۔
عیسائی عقیدہ کے مطابق آدم کی نافرمانی کی سزا کے بطور انسان کو دنیا میں اتار دیا گیا، لیکن اسلامی رو سے انسان نے اپنے اس انتخاب کی آزادی کے غلط استعمال پر اس کی ذمہ داری قبول کی۔ اپنے اچھے یا برے عمل کے جو بھی نتائج ہوں اس کی ذمہ داری اسے خود اٹھانی پڑتی ہے۔ انسان انتخاب کی اس آزادی میں نافرمانی کا ارتکاب کب کرتا ہے، جب وہ اپنے جذبات سے کنٹرول کم کرلیتا ہے۔ وہ اپنے ارادے اور اپنے جذبات میں کمزور ہوتا ہے تب وہ اپنا غلط قدم اٹھاتا ہے اور اس کی ذمہ داری اسے قبول کرنی ہوتی ہے۔ امانت کا مطلب صرف یہ نہیں ہے کہ انسان انتخاب کرے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنے انتخاب کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرے۔
یہی وہ نکتہ ہے جسے اپنے ٹین ایج بچوں کے ذہن میں آپ کو راسخ کروانا ہے، چاہے انھیں آفاقی قوانین کی حیثیت سے کروائیں یا عقائد کے ذریعہ۔ نکتہ یہی ہے کہ اپنے اچھے یا برے عمل کے نتائج کے ہم خود ذمہ دار ہیں۔ جس طرح شجر ممنوعہ سے پھل کھانے کے بعد معافی تو مل گئی، لیکن جنت میں مستقر ممنوع ہوگیا اور انسان کو نیابت و خلافت کی ذمہ داری سونپتے ہوئے دنیا میں بھیجا گیا۔
انسان کی اپنی آزادی کے حدود کا تعین ضروری ہے اور صلاحیت کا اندازا لگانا بھی مقصود ہے، جس کا تجربہ انسان نے جنت میں کیا۔ وسیع جنت جو بے شمار مباحات سے بھری ہوئی تھی، اس کے درمیان ایک ممنوع درخت کا ہونا آزادیٔ انتخاب کے امتحان کے لیے ضروری تھا۔ اگر کوئی ممانعت نہ ہوتی، تو انتخاب کا کوئی معنی نہ رہتا، کیوں کہ جب سب کچھ جائز ہو، تو ارادہ معطل ہو جاتا ہے۔ لیکن ممانعت کی موجودگی میں انسان کی یہ صلاحیت ظاہر ہوتی ہے کہ وہ یا تو اپنے نفس کو قابو میں رکھے، یا خواہشات کے پیچھے چل پڑے۔ لہٰذا یہاں معصیت دراصل اس بات کا ثبوت تھی کہ انسان کے پاس واقعی وہ صلاحیت موجود تھی، جس کی امانت اسے سونپی گئی تھی۔ یعنی اختیار اگرچہ اس نے اس لمحے درست طور پر استعمال نہ کیا۔
دراصل ہم یہی بات خود اپنی ذات کے لیے بھی بھول جاتے ہیں اور بچوں کی تربیت میں بھی یکسر نظر انداز کردیتے ہیں کہ ہمیں بچے کو اس انتخاب کی آزادی کے استعمال سے پہلے اچھائی اور برائی کے انتخاب کا شعور پیدا کروانا چاہیے۔ ساتھ ہی یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ دنیا میں رب کریم نے یہ ذمہ داری کسی ایک صنف پر نہیں ڈالی، بلکہ اس کے مخاطب مرد و خواتین دونوں ہیں۔
ہم جائزہ لیں آیا ہم اپنی زندگی کو صرف اپنی ذات، روزمرہ کے کام اور اپنے خاندانی مفاد تک محدود تو نہیں کرچکے؟
اس کائنات میں جو بھی اپنی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے جتنا خود آگاہ ہوگا، رب العالمین کے احکام کی پابندی کرے گا، ساتھ ہی اللہ کے دین کے فریضے کی ادائیگی کے لیے مواقع کے تلاش میں ہوگا، اللہ اسے اجر دے گا۔
خواتین کے لیے سماجی بیداری، اللہ کے دین کی طرف لوگوں کو بلانا، اصلاح معاشرہ کا کام کرنا، اپنے خاندان، ہم سائے اور ملاقاتیوں کے درمیان اللہ کے دین کو پہنچانا اور اس نیت کے ساتھ کوشش کرنا کہ ایک اچھی بات بھی اپنے ذریعہ کسی تک پہنچے تو اللہ اس کے صلے میں ان کی اولاد کو صراط مستقیم کی طرف لے آئے گا۔ یہ یقین ہی دراصل انسان کو اس دلی اضطراب سے نکالتا ہے۔
ایک خاتون بحثیت ماں اپنے بچوں کی آخروی زندگی کے لیے فکر مند ہے۔ اللہ کے نزدیک وہ اجر ثواب کی مستحق ہوگی، مرد کی لاپرواہی پر اللہ اس کی گرفت کرے گا، اس لیے دل برداشتگی یا مایوسی کے بجائے اپنا عمل کرتے جائیں اور اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہوں۔ یہاں وہی شخص اپنے عمل پر متوجہ رہتا ہے، جس کو اپنے جذبات پر زبردست کنٹرول ہوتا ہے، تاہم کہیں وہ جذباتی طور پر کمزور ہو تو اللہ نے اس کے لیے پلٹنے کے در ہمیشہ وا رکھے ہیں۔ لہذا اگر آپ بھی اپنے بچوں یا شوہر کے عمل پر دل برداشتہ ہوں تو خود کو تسلی دیں کہ آپ کی مستقل کوششیں انھیں ایک دن راستی پر ضرور لے آئے گی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments