مارچ ٢٠٢٦
مہاجنوں کے چنگل سے باہر آنے کی کوشش کرتے سکھدیو

قریب23 سال پہلے سکھدیو پنڈت کام کی تلاش میں جھارکھنڈ سے ممبئی آئے۔ سکھدیو جھارکھنڈ کے دھنباد ضلع کے پاتھرڈیہہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔ شادی کے بعد ان کے سسر ان کو ممبئی لے کر آئے تھے۔ اس وقت ان کے سسر ایک کلب میں نوکری کرتے تھے۔ سب سے پہلے سکھدیو نے ممبئی کے کھار علاقے میں گھر بنانے والے مزدور کے طور پر کام کیا۔ اور پھر جھمبکر میں ایک کینٹین میں کام کرنے لگے۔ کچھ وقت کے بعد کینٹین کے ٹھیکیدار کو ہٹا دیا گیا تو وہ باندرہ علاقہ میں گنیش ہوٹل میں کام کرنے لگے۔ کچھ سالوں بعد اسی علاقہ میں اپنا ایک چھوٹا سا ہوٹل شروع کیا۔ 19 سال سے آج تک وہ اسی کرائے کی جگہ پر اپنا ہوٹل چلا رہے ہیں۔
سکھدیو کے ایسبسٹس کی چھت والے ہوٹل میں پانچ اسٹاف کام کرتے ہیں۔ ان کے ہوٹل میں چائے اور ناشتے کے ساتھ ساتھ ویج اور نان ویج دونوں طرح کا کھانا ملتا ہے۔ آس پاس کی آفس میں کام کرنے والے ان کے مستقل گاہک ہیں۔ سکھدیو بتاتے ہیں کہ ’’جس وقت ہوٹل شروع کیا تھا، اس جگہ کا کرایہ چوبیس سو روپے تھا اور آج یہ بڑھ کر بارہ ہزار ہوگیا ہے۔‘‘
سکھدیو بیت النصر کے ممبر ہیں اور اس میں اپنا بچت کھاتہ چلاتے ہیں۔ بیت النصر سے جڑنے کی کہانی کو سکھدیو ان الفاظ میں بتاتے ہیں: ’’قریب پانچ سال پہلے میں روز کی طرح ہوٹل کے لیے مچھلی خریدنے بازار گیا تھا، بازار میں میں نے اپنی جان پہچان کے مچھلی والے کاکا کو ایک آدمی کے پاس پیسہ جمع کرتے دیکھا۔ میں نے کاکا سے پوچھا کہ آپ کس بینک کو پیسہ دے رہے ہیں۔ جواب میں کاکا نے مجھے بیت النصر کے بارے میں بتایا۔ کاکا نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک اچھا ادارہ ہے۔‘‘
سکھدیو نے آگے بتایا گیا کہ جب انھیں بیت النصر کے بارے میں پتہ چلا تو ان کے اندر بھی کھاتہ کھلوانے کی خواہش پیدا ہوئی۔ ان کی خواہش پر بیت النصر کے ڈیلی کلکٹر محبوب نے ان کی دکان پر جاکر ان کا کھاتہ کھول دیا۔ مچھلی والے کاکا کے پاس بھی محبوب ہی پیسہ لینے جاتے تھے۔

کاروبار کے جھٹکے کو سنبھالتا لون

سکھدیو نے بیت النصر سے پہلا قرض اپنے کاروبار کے گھاٹے سے ابھرنے کے لیے لیا تھا۔ دراصل سکھدیو سال میں ایک مہینے کے لیے جب اپنے گاؤں جاتے ہیں تو اپنے سالے کو ہوٹل کی ذمے داری سونپ دیتے ہیں۔ سکھدیو کے مطابق ہوٹل کی یہ ذمہ داری ’’گھاٹا تیرا نفع تیرا‘‘ کی شرط پر ہوتی تھی، لیکن ہر بار لوٹنے پر ہوٹل میں انھیں قریب دس ہزار کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سکھدیو کے سالے کرانے کی دکان سے لائے گئے ادھار، ہوٹل کا کرایہ وغیرہ پورا ادا نہیں کرتے ہیں۔
ایسے ہی ایک واقعے کے بارے میں سکھدیو بتاتے ہیں کہ ’’گاؤں جانے پر میں ہوٹل اپنے سالے کو سونپ کرگیا تھا۔ واپسی پر دیکھا کہ ہوٹل نقصان میں چلا گیا ہے۔ ہوٹل کے لیے جس دکان سے سامان آتا تھا، اس کا بہت قرض ہوگیا تھا۔ گھر سے لوٹنے کے بعد میں ہاتھ خالی تھا۔ ایسی حالت میں اس قرض سے نکلنے کے لیے میں نے پہلا لون لیا۔‘‘
غور طلب ہے کہ یہ قرض بیت النصر سے لیا گیا بتیس ہزار روپے کا گولڈ لون تھا۔ عام طور پر وہ ہر بار 32 ہزار روپے کا ہی گولڈ لون لیتے ہیں کیونکہ ضمانت کے طور پر رکھنے کے لیے ان کے پاس اتنا ہی سونا ہوتا ہے۔
سکھدیو سال میں دو بار اپنے گاؤں جاتے ہیں اور ہر بار لوٹنے پر انھیں اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے انھیں مالی مدد لینی پڑتی ہے۔ بار بار اس قسم کے نقصان سے نکلنے کا کوئی راستہ دکھائی دیتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں وہ کہتے ہیں کہ ’’اپنا کوئی ہوا ہے آج تک! سگا بھائی بھی اپنا نہیں ہوتا۔ میں ہوٹل بس اس لیے سونپ کر جاتا ہوں کہ میرا دھندا رہ جائے۔ یہ ہوٹل کھلا رہے اور میرے گاہک بنے رہیں۔‘‘
دراصل گھر سے لوٹنے کے بعد سکھدیو کو دو طرح کی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک تو ہوٹل کے کاروبار سے جڑا قرض اور دوسرا، لوٹنے کے فوراً بعد حسب معمول اپنے گھر والوں کے لیے خرچ بھیجنے لائق رقم کا نہ ہونا۔ انہی دونوں ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے انہیں قرض لینا پڑتا ہے۔ سکھدیو کے مطابق ان کے پاس جتنا سونا ہے اس کی مالیت کا آدھا انہیں بطور قرض ملتا ہے۔ اور گاؤں جانے سے پہلے وہ اپنا سونا قرض چکا کر واپس لے لیتے ہیں۔

گاؤں گھر تک پہنچی خوش حالی

پہلے سکھدیو اپنی فیملی کے ساتھ ممبئی میں ہی رہتے تھے، لیکن ابھی ان کی فیملی جھارکھنڈ میں ان کے گاؤں میں رہتی ہے۔ سکھدیو کی فیملی میں ان کی بیوی، دو لڑکے اور ایک لڑکی ہے۔ ان کے تینوں بچے ابھی پڑھائی کررہے ہیں اور غیرشادی شدہ ہیں۔
سکھدیو ممبئی میں اپنے چچیرے سسر کے ساتھ باندرہ میں اپنے ہوٹل کے پاس ہی کے ایک علاقے بھارت نگر میں کرایے کے ایک کمرے کے مکان میں رہتے ہیں۔ اس علاقے میں ان کے گاؤں کے دوسرے لوگ بھی رہتے ہیں۔ سکھدیو نے اب تک مراٹھی نہیں سیکھی ہے مگر وہ کام چلانے کی حد تک مراٹھی بول اور سمجھ لیتے ہیں۔
سکھدیو نے ہوٹل کے علاوہ گھریلو ضرورتوں اور دوسری ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے بھی لون لیا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’’کبھی کبھی بچوں کی پڑھائی کے لیے پیسے گھٹ جاتے ہیں۔ بیت النصر سے بہت کم سروس چارج پر قرض ملتا ہے تو بہت مدد مل جاتی ہے۔ باقی جگہ اتنا سستا قرض نہیں ملتا۔ میرے تینوں بچے پرائیویٹ اسکول میں پڑھتے ہیں۔ ان کی فیس جمع کرنے کے لیے بھی قرض لینا پڑتا ہے۔ ماں باپ کو بھی خرچ کے لیے کبھی کبھی پیسے بھیجنے پڑتے ہیں۔ میں گھر میں کمانے والا اکیلا ہوں۔‘‘
سال 2018 کی گرمیوں میں جب وہ اپنے گاؤں والے گھر میں واش روم بنوا رہے تھے تو پچیس ہزار روپے کم پڑ گئے تھے۔ اس وقت بھی انہیں بیت النصر سے قرض لینا پڑا تھا۔ کبھی کبھی ایسا بھی ہوا کہ سب خرچے پورے ہونے کے بعد اگر قرض لی گئی رقم بچی رہ گئی تو انھوں نے اس رقم سے سونا بھی خریدا۔ اس کے علاوہ قرض کے پیسے سے جب وہ تھوک میں چاول دال تیل جیسی چیزیں خریدتے ہیں تو یہ چیزیں انہیں کچھ سستی مل جاتی ہیں۔
سکھدیو بیت النصر سے آسانی سے ملنے والے قرض کے فائدے بتاتے ہوئے کہتے ہیں: ’’گجراتی مہاجن ڈیڑھ ٹکا سے ڈھائی ٹکا سود پر پیسے دیتے ہیں، لیکن بیت النصر سے سستا قرض لینے میں اور اسے ادا کرنے میں تکلیف نہیں ہوتی ہے۔ بیت النصر کا قرض واقعی میں اچھا ہے۔‘‘
انٹرویو کے دوران سکھدیو نے ہمیں بتایا کہ اس سال جون کے مہینے میں جب وہ گاؤں جائیں گے، تو وہ اپنے گھر کا پلاسٹر کروائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کام کے لیے انھیں پیسوں کی ضرورت پڑے گی مگر وہ قرض نہیں لے پائیں گے کیونکہ ضمانت کے طور پر دینے کے لیے فی الحال ان کے پاس سونا موجود نہیں ہے۔ ان کے پاس جو سونا تھا اس پر پہلے سے قرض لے رکھا ہے۔ اگلا قرض لینے کے بارے میں بتاتے ہیں کہ ’’گھر سے لوٹنے کے بعد میرے پاس سونا رہے گا تب ضرورت کے حساب سے سوچیں گے۔‘‘

بینک سے ملنے والے قرض کی مشکل شرائط

ممبئی میں سکھدیو کے دو بینکوں میں بہت پرانے کھاتے ہیں مگر انہوں نے کبھی قرض لینے کی کوشش نہیں کی۔ سکھدیو کہتے ہیں کہ ’’میں نے کبھی بینک جاکر قرض لینے کے بارے میں پتہ نہیں کیا۔ کیوں کہ میرے پاس پورے کاغذات نہیں ہیں۔ بینک والے ممبئی کا کاغذ مانگتے ہیں جو میرے پاس ہے نہیں۔ ضمانت دارکے طور پر سرکاری نوکری کرنے والوں کی مانگ کرتے ہیں۔ بھلا میں ایسے لوگوں کو کہاں سے لاتا۔ اس لیے میں نے کبھی بینک سے قرض لینے کی کوشش ہی نہیں کی۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دو میں سے ایک بینک کا ڈیلی کلکٹر روزانہ سکھدیو کے پاس پیسے لینے آتا ہے۔ سکھدیو اس میں پانچ سو روپے روزانہ جمع کرتے ہیں۔ لیکن نہ کبھی سکھدیو نے اس سے لون آپشنز کے متعلق کچھ پوچھا اور نہ کبھی اس ڈیلی کلکٹر نے بتایا۔ بات چیت کے دوران سکھدیو نے کہا کہ اگلی بار بینک کے ڈیلی کلکٹر کے آنے پر وہ اس سے لون آپشنز کے بارے میں پوچھیں گے۔

آسانی سے ملتا ہے قرض

سکھدیو کے ہوٹل پر روزانہ اوسطاً آٹھ ہزار روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔ اس کا بڑا حصہ وہ روز بیت النصر کے بچت کھاتے میں جمع کردیتے ہیں۔ ساتھ ہی اپنے قرض والے کھاتے میں ہر ماہ بتیس سو روپے ادا کرتے ہیں۔ بچت کھاتے سے لین دین کا ان کاتجربہ اطمینان بخش ہے۔ جب بھی پیسے نکالنے جاتے ہیں آسانی سے مل جاتے ہیں۔
سکھدیو کا قرض کی درخواست دینے سے لے کر قرض ملنے تک کا تجربہ بہت شاندار رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’’قرض آسانی سے مل جاتا ہے۔ دیر نہیں لگتی ہے۔ بیت النصر بغیر کسی وجہ کے دیر نہیں کرتا ہے۔ پہلا قرض صرف تین دن میں مل گیا تھا۔ پہلے دن ساری جانکاری جمع کی۔ دوسرے دن کاغذات لے کر گیا اور درخواست جمع کی اور تیسرے دن قرض مل گیا۔ اب تو ایک دن میں ہی قرض مل جاتا ہے۔ یہاں سود نہیں لیا جاتا، صرف معمولی سروس چارج لیا جاتا ہے۔ اگر یہی قرض باہر سے لینا ہو تو بہت زیادہ سود دینا پڑ جاتا ہے۔‘‘
سکھدیو اب تک قریب دس لوگوں کو بیت النصر سے جوڑ چکے ہیں۔ سکھدیو کہتے ہیں کہ ’’میرے کچھ کسٹمر بچت سے جڑی پریشانی بتاتے تھے تو میں نے ان سے بیت النصر کا تذکرہ کیا کہ بیت النصر والے روز پیسہ لینے آتے ہیں، آپ لوگ بھی اس میں روزانہ تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کرسکتے ہیں۔ میرے ہوٹل کے کاروبار اور میرے تجربے سے متأثر ہوکر وہ لوگ اس سے جڑ گئے۔ یہ سبھی لوگ ابھی بچت کررہے ہیں۔ انہوں نے قرض نہیں لیا ہے۔‘‘
سکھدیو کو بیت النصر کی میٹنگ کی اطلاع اور دعوت نامہ ملتا رہتا ہے لیکن وہ ابھی تک شامل نہیں ہو پائے۔ وہ کہتے کہ صرف دعوت نامہ ہی ملتا ہے، کبھی زور دے کر بلایا نہیں گیا۔ ویسے ان کی خواہش ہے کہ ان میٹنگوں میں شامل ہوں، بیت النصر کے کام کی تعریف کریں اور انہیں ممبرشپ بڑھانے کو کہیں۔

اب بھی مہاجنوں کے بھروسے

بیت النصر سے قرض لینے کے باوجود سکھدیو کو مہاجنوں سے قرض لینا پڑتا ہے۔ بیت النصر سے مزید قرض لینے کے لیے ان کے پاس ضروری سونا نہیں ہے۔ اس لیے پیسوں کی سخت ضرورت ہونے پر انھیں مہاجنوں سے اونچی شرح سود پر قرض لینا پڑتا ہے۔ یہ شرح کبھی کبھی پانچ سے دس فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔
بیتے سال گاؤں میں گھر بنانے کے لیے سکھدیو کو آٹھ ٹکہ فی سیکڑہ کی ماہانہ در پر پچاس ہزار کا قرض لینا پڑا تھا۔ اس طرح انہیں پچاس ہزار کے قرض پر بتیس ہزار روپے کا سود محض آٹھ مہینے میں دینا پڑا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر یہ قرض بیت النصر سے لیا ہوتا تو صرف چھ ہزار روپے دینے پڑتے۔
سکھدیو نے پچھلے سال جس مہاجن سے قرض لیا تھا اس سے وہ پندرہ سالوں سے قرض لیتے آرہے ہیں۔ شروع شروع میں یہ مہاجن دس فیصد ماہانہ کی شرح پر قرض دیتا تھا، اب چوں کہ یہ پرانے گاہک ہوگئے ہیں، اس لیے آٹھ فیصد پر ہی قرض دے دیتا ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ایک فون کرنے پر ہی قرض مل جاتا ہے۔
مہاجن سے آزادی حاصل کرنے کے لیے سکھدیو چاہتے ہیں کہ بیت النصر انہیں بنا سونا گروی رکھے قرض دے دے۔ وہ کہتے ہیں: ’’اگر بیت النصر ایسا کرتا ہے تو مجھے مہاجن کے پاس نہیں جانا پڑے گا اور نہ ہی اتنا سود بھرنا پڑے گا۔ مجھے تو دو پیسے بچیں گے ہی، بیت النصر کی کمائی بھی تھوڑی بڑھ جائے گی۔ ایسا قرض لے کر ہم بھاگ جائیں گے اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے