مارچ ٢٠٢٦
سوفی کی دنیا (Sophie’s World)

ناروے کی ایک دوپہر چودہ سالہ سوفی اسکول سے گھر واپس آرہی تھی۔ موسم بہار کا آغاز تھا اور جنگل میں پتے ابھی ابھی کھل رہے تھے۔ وہ اپنے گھر کی طرف جاتے ہوئے سوچ رہی تھی کہ زندگی کیا ہے اور انسان کون ہے؟ جب وہ اپنے گھر کے قریب ہوتی ہے، راہ میں موجود میل باکس پراچانک اس کی نظر جاتی ہے۔ اسے میل باکس میں ایک سفید لفافہ ملتا ہے، جس پر صرف ایک سوال لکھا ہوتا ہے: ’’تم کون ہو؟‘‘ اس نے ابھی اسے دیکھا تھا کہ اسےپھر دوسرا لفافہ ملتا ہے اور اس پر دوسرا سوال ہوتا ہے : ’’یہ دنیا کہاں سے آئی؟‘‘
سوفی حیران ہوئی۔ یہ سوالات اسے عام زندگی سے بالاتر سوچنے پر مجبور کر رہے تھے۔ وہ سوچتی ہے کہ اس کا نام سوفی ہے، وہ ایک لڑکی ہے، لیکن اصل میں وہ کون ہے؟ کیا صرف جسم اور نام؟ یا کچھ اور؟ دنیا کے بارے میں بھی اس کے سوال اسی طرح کے تھے ۔ یہ سب کچھ کہاں سے آیا؟ خدا سے یا کوئی اور وجہ؟یا اس کا راز بگ بینک ہے ؟ وہ محسوس کرتی ہے کہ یہ سوالات اس کی روزمرہ زندگی سے بالکل مختلف ہیں۔ وہ انھیں بچکانہ بھی لگتے ہیں، لیکن ساتھ ہی بہت گہرے اور اہم بھی ہیں۔ وہ رات کو سونے سے پہلے بھی ان کے بارے میں سوچتی رہتی ہے۔
سوفی ان سوالات کو پراسرار، دلچسپ اور تھوڑا ڈراؤنا سمجھتی ہے۔ وہ سوچتی ہے کہ شاید کوئی اس کا مذاق اڑا رہا ہے، لیکن پھر بھی وہ ان سے کھنچی چلی جاتی ہے۔ یہ سوالات اس کی سوچ کو ایک نئی دنیا میں لے جاتے ہیں، جہاں عام جوابات کافی نہیں، اسے ان سوالات کے جوابات کو کھوجنا ہوگا ۔
کچھ دنوں بعد سوفی کو ایک بڑا لفافہ ملتا ہے جس میں کئی صفحات ہوتے ہیں۔ یہ البرٹو ناکس نامی ایک پراسرار فلسفی کی طرف سے ہوتا ہے، جو خود کو سوفی کے فلسفہ کا استاد کہتا ہے۔ وہ لکھتا ہے کہ وہ سوفی کو فلسفہ سکھانا چاہتا ہے اور یہ سوالات اسی کورس کا حصہ ہیں۔
البرٹو شروع میں صرف خطوط اور بڑے پیکیٹس بھیجتا ہے۔ خطوط میں فلسفہ کی تاریخ کے آسان لیکچر ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی پوسٹ کارڈز بھی آتے ہیں جو دراصل ہلڈے مولر ناگ کے نام ہوتے ہیں، جو کتاب کی میٹا فزیکل کہانی کا حصہ ہیں۔ پھر ایک دن البرٹو سوفی کو ایک خط میں ملاقات کے لیے کہتا ہے۔ وہ اسے ایک خفیہ جگہ جنگل میں ایک جھونپڑی پر ملنے کو کہتا ہے۔ سوفی خوفزدہ بھی ہوتی ہے، لیکن تجسس کی وجہ سے چلی جاتی ہے۔ وہاں پہلی بار البرٹو ناکس سے ملتی ہے ۔ایک لمبا، بوڑھا آدمی جو سبز ہوڈی پہنتا ہے اور فلسفہ کے بارے میں بہت پرجوش انداز میں بات کرتا ہے۔اس کے بعد البرٹو اور سوفی کی ملاقاتیں جاری رہتی ہیں ۔ کبھی جنگل میں، کبھی ایک پرانی چرچ میں، کبھی سوفی کے گھر کے قریب۔ البرٹو سوفی کو سقراط سے لے کر سارتر تک کا فلسفہ سکھاتا ہے اور سوفی ہر ملاقات کے بعد زیادہ سوچنے والی اور حیران ہوتی چلی جاتی ہے۔ یہ سارا عمل بہت پرتجسس ، مسٹریس اور ایڈونچر کی طرح ہے ۔ سوفی محسوس کرتی ہے جیسے وہ ایک خفیہ فلسفیانہ اسکول میں داخل ہو گئی ہو۔
اگر آپ یہ ابتدائی حصہ پڑھیں گے تو آپ بھی سوفی کی طرح ان سوالات میں گم ہو جائیں گے اور اس کا تاثر تادیر رہے گا۔ آپ زندگی کو مختلف زاویے سے سوچنے لگیں گے اور آپ کے وجود کا مقصد واضح ہوگا ۔ یہ ایک ناول سوفیز ولڈ (Sophie’s World, 1991) دنیا بھر میں ایک شہرہ آفاق، بیسٹ سیلر ناول ہے، جس کے مصنف جوسٹین گارڈر (Jostein Gaarder ہیں۔ مصنف چوں کہ نارویجین ہیں اس لیے بنیادی طور پر یہ کتاب ناوریجن زبان میں لکھی ہوئی ہے۔ اس کتاب کے ۵۰؍ملین سے زائد نسخے فروخت ہو چکے ہیں اور ۶۰؍سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اردو میں بھی اس کے متعدد ایڈیشن دستیاب ہیں۔ یہ ایک ناول ہے جو فلسفہ کی تاریخ کو ایک دلچسپ کہانی کے ذریعے بیان کرتی ہے اور خاص طور پر نوعمر قارئین کے لیے لکھی گئی ہے۔ انگلش میں امریکی مترجم Paulette Møller کا ترجمہ معیاری ترجمہ ہے، جسے بیسٹ سیلر کا اعزاز حاصل ہے ۔
یہ ناول فلسفیانہ سوالات کے جوابات سے اپنے قاری کو مطمئن کرتا ہے ۔فلسفے کے خشک ترین موضوع کو کہانی کے طور پر سمجھایا گیا ہے ۔ کہانی ایک ۱۴؍سالہ نارویجی لڑکی سوفی آمونڈسین کے گرد گھومتی ہے۔کہانی کے پیش کرنے کا انداز اتنا دلچسپ ہے کہ قاری خود بخود اس سے جڑ جاتا ہے ۔ اس ناول میں جملہ ۳۵؍ابواب ہیں ۔ پہلا باب جس کا عنوان ہے:

جنت کا باغ (The Garden of Eden)

یہ پہلا باب قاری کی ذہنی سطح کو فلسفہ سمجھنے کے قابل بناتا ہے۔کہانی کے انداز بیان میں اس طور پر سادگی ہے کہ Ontology اور Metaphysics کے بنیادی خشک ترین موضوع کو آسانی سے قاری کا دماغ قبول کرنے لگتا ہے۔ناول کی خوبی اس کی پراسراریت ہے، جو درمیان سے قاری کو اٹھنے نہیں دیتی۔ ایک پراسرار فلسفی البرٹو ناکس اسے خطوط اور ملاقاتوں کے ذریعے فلسفہ کی تعلیم دینا شروع کر دیتا ہے۔ کتاب سقراط سے لے کر جدید فلسفیوں جیسے جین سارتر تک کی تاریخ کا احاطہ کرتی ہے، یہ سب ایک ناول کی شکل میں پیش کیا گیا ہے ۔ یہ کوئی خشک فلسفہ کی کتاب نہیں، بلکہ ایک ایڈونچر اور مسٹری ہے، جو قاری کو فلسفیانہ سوچ کی طرف کھینچتی چلی جاتی ہے۔ مصنف نے پیچیدہ خیالات کو بہت آسان اور دلچسپ انداز میں بیان کیا ہے، جیسے ایک استاد اپنے شاگرد کو سمجھا رہا ہو۔
ان سوالات کے ساتھ ساتھ سقراط، افلاطون، ارسطو، ڈیکارٹ، اسپینوزا، کانٹ اور سارتر جیسے فلسفیوں کے نظریات سادہ اور دل چسپ انداز میں بیان کیے جاتے ہیں۔ کہانی آگے بڑھتے ہوئے ایک حیرت انگیز موڑ لیتی ہے جو قاری کو حقیقت اور فکشن کے فرق پر غور کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔یہ کتاب فلسفہ سے دلچسپی پیدا کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اگر آپ نے کبھی فلسفہ نہیں پڑھا، تو یہ ایک مزے دار آغاز ہے۔ یہ نہ صرف معلومات فراہم کرتی ہے، بلکہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ ہماری دنیا کا وجود اور حقیقت کیا ہے۔
اس ناول کا دوسرا باب The Top Hat ہے، جس میں مصنف نے اسے پہلے باب میں اٹھائے گئے سوالات سے مربوط کیا ہے اور جادو کی مثال سے یہ بتایاہے کہ دنیا کیسے وجود میں آئی اور فلسفہ کیسے شروع ہوا؟اس بات کی ابتدا کچھ اس طرح ہوتی ہے :
’’ تصور کریں کہ آپ ایک چھوٹے سے کمرے میں بیٹھے ہیں اور اچانک کوئی جادوگر سامنے آتا ہے۔ وہ اپنی سیاہ ٹوپ ہیٹ اٹھاتا ہے اور اس میں سے ایک سفید خرگوش نکالتا ہے! سب لوگ واہ واہ کرتے ہیں، تالیاں بجاتے ہیں۔ لیکن سوفی کے پراسرار استاد البرٹو ناکس اسے بالکل مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔یہ باب بالکل ایسے ہی شروع ہوتا ہے ایک جادوئی تمثیل سے۔ البرٹو سوفی کو خط لکھتا ہے اور پوچھتا ہے: ’’خرگوش تو ٹھیک ہے، لیکن وہ سفید خرگوش کہاں سے آیا؟ ٹوپ ہیٹ سے؟ اور وہ ٹوپ ہیٹ کہاں سے آئی؟ جادوگر کی آستین سے؟ اور جادوگر خود کہاں سے آیا؟ اور سب سے بڑا سوال یہ ساری کائنات، یہ آسمان، ستارے، زمین، انسان، جانور، پھول یہ سب کہاں سے نکلا؟ کیایہ بھی کسی بہت بڑی ٹوپ ہیٹ سے نکالا گیا ہے؟‘‘
البرٹو کہتا ہے کہ زیادہ تر لوگ زندگی میں خرگوش بن کر رہ جاتے ہیں ۔سر سے بالوں تک سفید اور خوبصورت، لیکن وہ کبھی یہ نہیں سوچتے کہ وہ اس سیاہ ٹوپ ہیٹ یعنی کائنات میں سے کیسے نکلے۔ وہ بس زندگی گزارتے ہیں، کھاتے پیتے ہیں،اسکول جاتے ہیں، ٹی وی دیکھتے ہیں لیکن سوال نہیں پوچھتے۔ٹھہر کر کچھ نہیں سوچتے، مگر جو لوگ حیران ہوتے ہیں، جو سوچتے ہیں کہ یہ سب کچھ کہاں سے آیا، وہی فلسفی بنتے ہیں۔ فلسفہ کا لفظ یونانی زبان سے آیا ہے، جس کا مطلب ہے ’’حکمت سے محبت۔‘‘ فلسفی وہ ہے جو حیرت زدہ ہو سکتا ہو اور بچوں کی طرح سوال پوچھتا رہتا ہے۔ سوال پوچھنے میں خجالت محسوس نہ کرتا ہو ، یا بے نیازی سے آگے نہ بڑھ جاتا ہو ، بلکہ ٹھہر کر سوچتا ہو ، تجسس رکھتا ہو اور سوال پوچھتا بھی ہو اور تسلی سے اس کے جواب سن کر مزید سرگردان ہوتا ہے ۔البرٹو سوفی کوبتاتا ہے:

“The more we learn, the more we realize how little we know.”

جتنا ہم سیکھتے ہیں، اتنا ہی ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہم کتنا کم جانتے ہیں۔
علم انسان کی تشنگی کو بڑھاتا ہے اور جوں جوں وہ جاننے لگتا ہے ،اپنی کم مائیگی کو محسوس کرتا ہے اور تجسس کی سطح کو بڑھا دیتا ہے۔ اسی طرح البرٹا نے سوفی سے بتایا کہ

“The only thing we require to be good
philosophers is the faculty of wonder.”

اچھا فلسفی بننے کے لیے ہمیں صرف ایک ہی چیز درکار ہے، اور وہ ہے حیرت کرنے کی صلاحیت۔
یہ باب بہت دلچسپ ہے، کیوں کہ یہ آپ کو فوراً ایک جادوئی کہانی میں کھینچ لیتا ہے اور پھر اچانک آپ کو اپنی زندگی پر غور کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ البرٹو کہتا ہے کہ کائنات کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ وہ موجود ہے۔ کچھ بھی نہ ہونا بھی تو ممکن تھا نا؟ لیکن کچھ ہے اور وہ کچھ بہت خوبصورت، پیچیدہ اور حیرت انگیز ہے۔ آخر میں البرٹو سوفی کو چیلنج دیتا ہے: ’’اب تم خود سوچو ! کیا تم صرف اس خرگوش کے بالوں کے سرے پر بیٹھی ہو، یا تم ٹوپ ہیٹ کے راز کو جاننا چاہتی ہو؟‘‘
یہ باب پڑھتے ہوئے آپ محسوس کریں گے کہ آپ کی سوچ ایک دم سے کھل گئی ہے۔ یہ کوئی خشک لیکچر نہیں، بلکہ ایک جادوئی دعوت ہے جو آپ کو فلسفہ کی دنیا میں داخل ہونے کی طرف بلاتی ہے۔اگر آپ نے یہ باب پڑھ لیا تو یقیناً آپ بھی سوچ میں پڑ جائیں گے کہ ہم سب اس بڑی سیاہ ٹوپ ہیٹ میں سے نکلے ہیں اور اب سوال یہ ہے کہ یہ ٹوپ ہیٹ کس جادوگر کی ہے؟ مطلب کائنات کے نظام چلانے والے کی طرف سوچنے کی دعوت دیتی ہے ۔ یہ کتاب انسان کو سوچنے، سوال کرنے اور کائنات کو نئے زاویے سے دیکھنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ سوال کرنا اور غور و فکر کرنا انسان کی اصل پہچان ہے۔ فلسفہ محض مشکل اصطلاحات کا مجموعہ نہیں، بلکہ روزمرہ زندگی سے جڑا ہوا عمل ہے۔
سوفی کی دنیا فلسفے کو عام قاری، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے قابلِ فہم بناتی ہے۔ ناول اور فلسفے کا امتزاج اسے تعلیمی ہونے کے ساتھ ساتھ دل چسپ بھی بناتا ہے۔
اس کے دیگر ابواب میں تیسرا باب اساطیر (The Myths) ہے۔ یہ قدیم اساطیری توضیحات اور قدرتی فلسفیوں کا تعارف پیش کرتا ہے، جب کہ چوتھا باب قدرتی فلسفی (The Natural Philosophers) ہے، جو پری، سقراطی، فلسفیوں جیسے تھیلز، انیکسیمینڈر پر بحث کرتا ہے۔ انیکسیمینڈر(Anaximander) تھیلز کا شاگرد اور جانشین تھا۔ وہ بھی میلیتس سے تھا اور پہلا شخص تھا جس نے فلسفہ پر کتاب لکھی تھی ۔ اس کا بنیادی خیال ہے کہ کائنات کی اصل اپیرون (Apeiron) ہے، یعنی ’’لامحدود‘‘ یا ’’بے انت‘‘ مادہ۔ یہ کوئی مخصوص عنصر (جیسے پانی) نہیں، بلکہ ایک لامتناہی، ابدی اور غیر معین چیز ہے، جو نہ بوڑھا ہوتا ہے نہ مرتا ہے۔
پانچواں باب Democritus ہے۔ اس میں ایٹم theory کا تعارف ہے، جب کہ چھٹا بابFate مقدر ، قسمت اور قوت ارادی پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ساتواں باب Socrates ہے، اس باب میں سقراط کی زندگی اور سوال کرنے کے طریقے کی وضاحت ہے، اسی طرح اگلے ابواب کچھ اس طرح بہ ترتیب ہیں: Athens ایٹھنز، قدیم یونان کی ثقافت۔ Plato افلاطون
اس میں افلاطون کے خیالات کی دنیا اور غار کی تمثیل بیان کی گئی ہے ۔ میجر کی جھونپڑی کی کہانی (The Major’s Cabin) میں ایک نئے موضوغ کا آغاز ہوتا ہے۔ موڑہلڈے کا تعارف اور میٹا فکشن شروع ہوتا ہے۔اس طرح مختلف ابواب پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں ۔لاسٹ کا باب بگ بینک تھیوری ہے ۔ اگرچہ کتاب فلسفے کا جامع تعارف فراہم کرتی ہے، مگر بعض مقامات پر معلومات کی کثرت کہانی کی رفتار کو سست کر دیتی ہے۔ اس کے باوجود مصنف کا اسلوب قاری کو بور نہیں ہونے دیتا ہے۔
سوفی کی دنیا (Sophie’s World) بنیادی طور پر مغربی فلسفہ کی تاریخ کا ایک دلچسپ ناول ہے، جو سقراط سے لے کر جدید دور جین سارتر، وجودیت تک کے فلسفیوں کے خیالات پیش کرتا ہے۔ یہ کتاب خود کوئی نیا فلسفہ پیش نہیں کرتی، بلکہ فلسفہ کو ایک کہانی کے ذریعے آسان بناتی ہے۔ تاہم بہ حیثیت مسلم ہم اس پر یہ تبصرہ کرنے میں حق بہ جانب ہیں کہ مغربی دنیا کے یہ فلسفے اسلامی عقائد سے ٹکراؤ رکھتے ہیں۔ اسلام زندگی گزارنے کا طریقہ ہے اور دین اور فلسفے میں بہت فرق ہے۔ مغربی و مشرقی فلسفے کا مطالعہ ایک داعی اور طالب علم کے لیے ناگزیر ہے، تاکہ وہ دین اور فلسفے کے درمیان فرق محسوس کرسکے۔
فلسفے سے متعلق اس ناول کی تقابل مطالعہ کی دعوت کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔
مثلاً: کتاب میں ڈیکارٹ کا ’’میں سوچتا ہوں، پس میں ہوں‘‘، ہیوم کا شکوک (skepticism) اور کانٹ کا خدا کو عقل کی حدوں سے باہر قرار دینا بیان کیا گیا ہے۔ اسلام میں توحید اور خدا کی ذات پر یقین حتمی ہے (قرآن: ’’اللہ احد‘‘)، جب کہ یہ فلسفے خدا کے وجود کو منطقی بحث کا موضوع بناتے ہیں یا شک ڈالتے ہیں۔ کچھ قارئین یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایمان کو کمزور کر سکتا ہے۔اس لیے واضح ہو کہ یہ ناول تقابلی مطالعہ کرنے والے کو ابتدائی نظریات سمجھ کر پڑھنا چاہیے ۔
اسی طرح مادی اور انسانی ارتقاء (Humanism اور Materialism) ہے: جدید فلسفوں جیسے مارکس (مادی تاریخ)، ڈارون (ارتقاء) اور فرائیڈ (لاشعور) پر بحث ہے، جو دنیا کو خالص مادی اور انسانی عقل پر مبنی دیکھتے ہیں۔ اسلام کی نگاہ میں دنیا اللہ کی تخلیق ہے اور انسان خلیفہ ہے، لیکن اللہ کا مطیع۔ یہ فلسفے خدا کو پس منظر میں ڈال دیتے ہیں، جو اسلامی توحید سے متصادم ہے۔ مزیدیہ کہ مذاہب کا موازنہ اور توہم پرستی کا ذکر کتاب میں ایک جگہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی عیسائیت یا اسلام پر یقین رکھتا ہے تو اسے ’’ایمان‘‘ کہتے ہیں، لیکن دوسروں کے عقائد کو ’’توہم پرستی‘‘۔
یہ تنقید بھی اس ناول پر کرنے میں ہم حق بجانب ہیں کہ اس میں صرف یونانی اور یورپی فلسفہ پر توجہ ہے۔ اسلامی فلسفیوں (جیسے ابن سینا، غزالی، ابن رشد) کا ذکر بہت کم یا سطحی ہے۔ کچھ ناقدین کہتے ہیں کہ یہ مغربی برتری (Eurocentrism) کو فروغ دیتا ہے اور اسلام کو نظر انداز کرتا ہے۔
وجودیت اور آزادی (Existentialism)کے سلسلے میں سارتر اور کیرکیگورڈ کے خیالات یہ ہیں کہ زندگی کا کوئی مقررہ معنی نہیں، انسان خود معنی پیدا کرتا ہے۔ جب کہ اسلام میں زندگی کا معنی اللہ کی عبادت اور آخرت ہے (قرآن: ’’اور میں نے جن و انس کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا‘‘) یہ آزادانہ وجودیت اسلامی مقصدیت سے مختلف ہے۔ ان تمام بنیادی اختلافات کے باوجود کسی تقابلی مطالعہ کرنے والے قاری یا متجسس طالب علم کو اسے پڑھنا چاہیے،تاکہ وہ مغربی تصورات کو سمجھ سکے ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے