بچوں کی تربیت میں عموما یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انھیں بری صحبت سے بچالینا اصل تربیت ہے۔ اسی تگ ودو میں والدین بند کمروں یا بند اپارٹمنٹ میں ان کی پرورش کرتے ہیں۔ حالاں کہ انسان سماج کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا، سماج انسان کی اولین ضرورت میں سے ایک ہے۔ سماجی تعلق جس قدر بڑوں کے لیے ضروری ہے، اسی قدر بچوں کے لیے بھی لازم ہے، بچوں کا اپنا فرینڈ سرکل، ہم عمر حلقہ بھی ہوتا ہے۔ بعض والدین بچوں کی صحبت سے متعلق بہت فکرمند ہوتے ہیں۔ اکثر والدین یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو بند اپارٹمنٹ میں رکھیں گے تو بچہ بری صحبت سے دور ہوجائے گا، اس کی تربیت اچھی ہوگی اور وہ بہت سلیکٹیو چیزیں سیکھے گا اور اس کا رویہ بھی بہت لیا دیا سا ہوگا اور اسی چیز کو بیشتر والدین بچے کی اصل تربیت گردانتے ہیں۔ بچہ ہر بات فرماں برداری سے سن لیتا ہے، جو کہو وہی کرتا ہے، مکمل والدین کے کنٹرول میں رہتا ہے اور وہی بچہ تربیت یافتہ ہے؛ بلکہ اسے ڈرائینگ روم میں موجود مہمان کے سامنے بھی تصنع بھرے انداز میں اٹھنا بیٹھنا سکھایا جاتا ہے اور اسی بات کی تعریف مہمان میزبان دونوں کرتے ہیں کہ بچے شرارت نہیں کرتے، والدین کی آنکھوں سے اشارہ سمجھ لیتے ہیں۔
بچے بڑوں کا ضمیمہ نہیں ہوتے، بلکہ بچے بچے ہوتے ہیں۔ بڑوں سے مکمل مختلف بھی اور مکمل وجود بھی۔ دباؤ اور کنٹرول کے ماحول میں وہ اس وقت تک رہتے ہیں، جب تک ان کا شعور پختہ نہیں ہوتا، جوں ہی ان کا شعور پختہ ہوتا ہے، وہ خود کو بڑا خیال کرنے لگتے ہیں۔ یہی وہ بچے ہوتے ہیں جو شعور آتے ہی والدین کی گرفت سے الجھن محسوس کرنے لگتے ہیں اور آزاد فکر میں رہنا شروع کردیتے ہیں۔ والدین کی حکم عدولی سے انھیں روحانی تسکین ملتی ہے۔ بچہ سوچتا ہے کہ اب میں کنٹرول میں نہیں رہوں گا۔ میں اب تک والدین ہی کی سنتا آیا ہوں۔
دراصل بچوں کے لیے والدین کا کنٹرولنگ رویہ بہت تکلیف دہ ہوتا ہے، اس لیے بچپن ہی سے بچوں کی، سماجی، اخلاقی اور جذباتی تربیت ضروری ہے، جو بچوں کو دوست بنانے میں یا سماجی تعامل میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ جب بھی خواتین بچوں کے بدلتے رویے سے متعلق ہم سے سوال پوچھتی ہیں، تو سب سے پہلے یہی خیال آتا ہے بچے کو فراہم کیا گیا ماحول کنٹرولڈ رہا ہوگا۔ بچوں کو مناسب دوست بنانے کی اجازت بھی دینی چاہیے اور انھیں بچوں سے اپنے ہم جولیوں سے تعلق رکھنے دینا چاہیے۔ جتنے مختلف گروپس میں بچے شامل ہوں گے، اتنا ہی ان کے تجربات میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ اپنے ہم جولیوں سے سیکھتے ہیں۔
بچپن کی زندگی میں دوستی ایک ایسا عنصر ہے جو نہ صرف خوشی اور مسرت کا باعث بنتی ہے، بلکہ بچوں کی شخصیت کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ دوستی کا فن سیکھنا بچوں کو سماجی مہارتیں، ہمدردی، اعتماد اور تعاون کی اہمیت سکھاتا ہے۔ آج کی تیز رفتار دنیا میں جہاں بچے ڈیجیٹل آلات اور اکیلے پن کا شکار ہو رہے ہیں، والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو حقیقی اور پائیدار دوستیوں کی تشکیل کا ہنر سکھائیں۔ ہم اس مضمون پر ایک مکمل جائزہ پیش کریں گے، جس میں دوستی کی اہمیت، اس کی نشوونما کے مراحل، عملی طریقے اور کچھ کیس اسٹڈیز، چیلنجز اور حل شامل ہوں گے۔ ہم دیکھیں گے کہ کیسے بچوں کو دوستی کا فن سکھا کر انھیں ایک خوش حال اور متوازن زندگی کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔
بچپن کی دوستی
ابتدائی تین سال کی عمر تک کی دوستی بچپن کی بنیاد ہے۔ بچے جب دوستی کرتے ہیں تو وہ نہ صرف کھیلنے کا ساتھی پاتے ہیں، بلکہ زندگی کا سبق بھی سیکھتے ہیں۔ نفسیاتی ماہرین کے مطابق، بچپن میں اچھی دوستیاں بچوں کے دماغی اور جذباتی نشوونما کو فروغ دیتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک اچھا دوست بچے کو تناؤ سے نمٹنے، مسائل حل کرنے اور خود اعتمادی بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ جو بچے اچھے دوستوں کے ساتھ رہتے ہیں، ان میں ڈپریشن اور تنہائی کی شرح کم ہوتی ہے۔ امریکی نفسیاتی ایسوسی ایشن کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچپن کی دوستیاں بالغ زندگی میں رشتوں کی بنیاد بنتی ہیں۔ دوستی بچوں کو ہمدردی سکھاتی ہے، جیسے دوسرے کی خوشی میں شریک ہونا یا غم میں تسلی دینا۔ یہ فن نہ صرف سماجی طور پر مفید ہے بلکہ تعلیمی کامیابی بھی بڑھاتا ہے، کیوں کہ دوستی والے بچے گروپ ورک میں بہتر پرفارم کرتے ہیں۔ نبوی دور میں بھی رسول اللہ ﷺ بچوں کو یہ سکھایا کرتے تھے کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ فرماتے ہیں کہ ایک دن وہ رسول اللہ ﷺ کے پیچھے سواری پر بیٹھے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اے لڑکے! میں تمھیں چند باتیں سکھاتا ہوں…‘‘
دوسروں سے بات کی ابتدا سلام سے کرو۔
سلام دوستی کا پہلا دروازہ ہے۔
سلام سے اجنبیت ختم ہوتی ہے اور قربت پیدا ہوتی ہے۔ (ترمذی)
یہ دراصل بچوں کو سکھانا ہوتا ہے کہ کیسے اپنے ہم جولیوں کے درمیان اپنی جگہ بنائی جاتی ہے۔جسے ہم social initiation skill کہتے ہیں۔
دوستی کا تربیتی پہلو یہ ہے کہ اس سے بچے کا اعتماد بڑھتا ہے۔ بچے کو دوسروں سے بہتر دوستی کرنے کا سلیقہ آتا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ بچے میں احساس قدر (sense of worth ،confident) پیدا ہوتی ہے۔
حضرت انسؓ فرماتے ہیں کہ وہ بچوں کے ساتھ کھیل رہے تھے، رسول اللہ ﷺ وہاں آئے اور محبت سے بلایا، لیکن بہت دیر تک انھیں کھیلتا دیکھتے رہے۔ آپ ﷺ نے انھیں کھیل سے سختی سے نہیں روکا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم بچوں کو بھرپور موقع دیتے تھے کہ کھیل کا میدان یا ہم جولیوں کا ساتھ بچوں کے لیے social laboratory کی مانند ہے، جہاں وہ اپنے ساتھیوں کے مزاج کو سمجھتے ہیں۔ اپنے دوست کو منانا، ان کے مزاج کا خیال رکھنا اور دوستی کے آداب وغیرہ سیکھتے ہیں اور کھیل کود میں sharing ،patience اور cooperation بھی سیکھتے ہیں۔
تابعی بزرگ حضرت حسن بصریؒ فرماتے تھے کہ بچوں کو کھیلنے دو، کیوں کہ کھیل ان کی عقل اور شخصیت کو مضبوط کرتا ہے۔
دوستی کے مواقع دینا اور اپنے ہم جولیوں سے توجہ حاصل کرلینا بچوں میں
self-esteem healthy friendship قائم کرتا ہے، لیکن دوستی کا فن خود بہ خود نہیں آتا۔ ابتدا میں بچوں کو سیلف کئیر سکھانا ضروری ہوتا ہے۔ بچے اکثر خود غرض ہوتے ہیں اور بانٹنا نہیں جانتے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ انھیں شعوری طور پر یہ سکھایا جائے۔ دوستی کی اہمیت کو سمجھنے سے بچے زندگی کی قدر کرتے ہیں اور ایک بہتر شہری بنتے ہیں۔
بچوں میں دوستی کی نشوونما کے مراحل
بچوں میں دوستی کی نشوونما مختلف مراحل سے گزرتی ہے۔ نفسیات دان جین پیاجے کے مطابق، بچپن کے ابتدائی سالوں میں (2-5 سال) دوستی کھیل پر مبنی ہوتی ہے۔ بچے ایک دوسرے کو صرف کھیلنے کا ساتھی سمجھتے ہیں، بغیر کسی جذباتی وابستگی کے۔ اس مرحلے میں انھیں بانٹنے اور باری لینے کا سبق سکھانا چاہیے۔ ان سالوں میں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی دوستی پڑوسی بچے سے یا خاندان کے ہم عمر کزن سے، اسکول کے بچوں سے، مکتب کے بچوں سے یا مقامی سی آئی او (چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن) کے بچوں سے تال میل بنانے میں مدد کریں۔ کچھ بچے بہت شرمیلے ہوتے ہیں، بعض بچے صاف گفتگو نہیں کرپاتے ہیں، اس لیے انھیں اپنے ساتھیوں کے درمیان ایڈجسمنٹ میں مشکل درپیش ہوسکتی ہے۔ یہ عمر سماجی تال میل بنانے کی عمر ہے، اس میں اگر بچہ دشواری محسوس کرے تو والدین کو مدد کرنی چاہیے۔ کچھ بچے بہت سوشل ہوں تو وہ بچوں سے بہترین دوستی بنالیتے ہیں اور بہترین مینج کرنا سیکھ لیتے ہیں، لیکن بعض بچے جذباتی طور پر کمزور ہوں تو انھیں اپنے ساتھیوں سے مستقل شکایت رہتی ہے اور گھر آکر شکایت کرتے ہیں۔ بس اسی جگہ والدین کو اپنے بچے کو سیلف مینج کرنا سکھانا چاہیے۔
اسکول کی عمر (6-12 سال) میں دوستی زیادہ گہری ہو جاتی ہے۔ بچے مشترکہ دل چسپیوں کی بنیاد پر دوست بناتے ہیں، جیسے کھیل، کارٹون یا مطالعہ یا اپنی دل چسپیوں کے مطابق گروپ بن جاتے ہیں، جن بچوں کی دلچسپی زبان دانی میں ہو تو وہ آپس میں ایک ساتھ رہنے لگتے ہیں۔ کرافٹ میں دل چسپی رکھنے والے بچے اسی بنیاد پر دوستی بنالیتی ہے۔ اس عمر میں بچے کے درمیان دوستی کا میکانزم اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ کون ہم درد ہے، کون ان کی زبان اور جذبات کو سمجھتا ہے۔ ہم دردی اور اعتماد کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ بچے سیکھتے ہیں کہ دوست راز رکھتا ہے اور مدد کرتا ہے۔ لیکن اس مرحلے میں جھگڑے بھی عام ہوتے ہیں، جو حل کرنے کی مہارت سیکھتے ہیں۔
نوعمری میں (13-18سال) دوستی جذباتی ہو جاتی ہے۔ بچے دوستوں سے مشورہ لیتے ہیں اور خود شناسی کرتے ہیں۔ یہاں دوستی کا فن سکھانا ضروری ہے تاکہ وہ غلط کمپنی اور غلط صحبت سے بچیں۔ اس عمر میں صحبت کا انتخاب کرنا اور اپنے اصولوں کی پاسداری سکھانی ہوتی ہے۔
مثلا جس عمر کے بچے 13 سے 18 سال کے ہوں تو انھیں یہ اصول بتائیں کہ اپنے دوست کی صلاحیت یا کامیابی پر اسے کھلے دل سے کیسے مبارک باد دی جاتی ہے۔ حسد جلن یا تنگ دلی اچھے دوستوں سے دور کردیتی ہے۔ کسی دوست کو اس کی امیری غریبی کے بجائے اس کی خوبی اور صالحیت کی وجہ سے دوستی رکھنی چاہیے۔ ایک دوست کے غیاب میں دوسرے کی برائی نہ کرنے کا اصول بھی بچوں کو سمجھانا چاہیے۔ کسی بچے کی غلطی پر اس کا مذاق بنانے اور عام بچوں کی طرح Bully کرنے کے بجائے کمزور بچوں کا سہارا بننا سکھائیں۔ آپ کے ساتھیوں میں کوئی بچہ ڈر اور خوف کا شکار ہو تو اس کا سہارا بنیں، کوئی شرمیلا بچہ ہو تو اس کو ہمت دیں۔ اس طرح کی گفتگو گھر میں کرنے سے بچے دوستوں کے درمیان ہمدردی، وفاداری، راز داری کا سلیقہ سیکھتے ہیں اور اپنی شخصیت کو اپنے دوستوں کے درمیان ’’خیر الناس من ینفع الناس‘‘ کی بنیاد پر خود کو نافع بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ عمر عموما کسی کی بات نہ سننے اور کان نہ دھرنے کی ہوتی ہے، لیکن بچپن سے جب انھیں یہ باتیں گھر کے ماحول سے ملنے لگیں تو اعلی انسانی اقدار اور صالحیت ان کی شخصیت کا حصہ بننے لگتی ہے۔
یہ ایک سوال ہے کہ کیا ہر مرحلے میں والدین کو بچوں کی دوستی کے سلسلے میں مداخلت کرنی چاہیے؟ مثال کے طور پر چھوٹے بچوں کو کھیل کے میدان میں نگرانی کریں، جہاں بچے کے مزاج یا فہم کی غلطی نظر آئے تو کہانی سناکر یا نرم گفتگو کے ذریعہ سمجھاکر انھیں سکھائیں۔
اگر 2 سے 5 سال کے بچے آپس میں جگہ بنانے کی دشواری سے گزر رہے ہوں اور بات بات پر لڑ پڑتے ہوں، تو انھیں آہستہ آہستہ سمجھانے کی کوشش کریں، بلکہ یہ بھی ہو کہ آپ دوست بنانے کا سلیقہ سکھائیں کہ اپنے اسکول بیگ میں ایکسٹرا پینسل رکھ لیں، تاکہ کسی کی ضرورت پر ان کی مدد کر سکیں۔ اگر ان دوست کو ٹیچر ڈانٹ دیں اور سب بچے ہنسنے لگیں تو آپ اس دوست کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر انھیں تسلی دیں کہ اٹس اوکے، کوئی مسئلہ نہیں۔
خاندان کے ہم جولیوں کے پاس کسی چیز کو دیکھ کر والدین سے مانگنا نہیں چاہیے، کسی کی نقالی کرنا معیاری بات نہیں ہے۔
بچے بڑوں کے طور طریقے کا مشاہدہ کرتے ہیں اور بڑوں کی گفتگو سے ترغیب پاتے ہیں۔ نشو ونما کے ان مراحل کو سمجھ کر، ہم بچوں کو قدم بہ قدم دوستی کا فن سکھا سکتے ہیں۔ ان کے آپسی چپقلش پر پوری بات سمجھیں اور اپنے بچے کی درست رہنمائی کریں۔
والدین اور اساتذہ کا کردار
والدین اور اساتذہ بچوں کی دوستی کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین کو سب سے پہلے خود ایک اچھا مثال بننا چاہیے۔ اگر والدین دوستوں سے احترام سے پیش آئیں، بچے اسے کاپی کریں گے۔ روز مرہ زندگی میں والدین بچوں کے دوستوں کو گھر بلانے کی اجازت دیں اور اکٹھے کھیلنے کی نگرانی بھی کریں۔
اساتذہ اسکول میں گروپ ایکٹیویٹیز کے ذریعے دوستی سکھا سکتے ہیں۔ کلاس روم میں ٹیم ورک پروجیکٹس، جیسے گروپ ڈسکشن یا کھیل، بچوں کو تعاون سکھاتے ہیں۔ اساتذہ کو بلنگ (bullying) کی روک تھام کرنی چاہیے تاکہ دوستی محفوظ رہے۔ ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جو اسکول دوستی کی ورکشاپس منعقد کرتے ہیں، وہاں بچوں کی سماجی مہارتیں 30/فیصد بہتر ہوتی ہیں۔ اساتذہ کو چاہیے کہ بچوں کی دوستی کو ری شفل کریں اور انھیں نئے دوستی بنانے کی ترغیب دیں یا یہ بھی سرگرمی کی جاسکتی ہے کہ بچوں کو اپنے دوست کی خوبیان بیان کرنے کی سرگرمی لیں۔ اس طرح وہ ایک دوسرے کے قریب ہوں گے اور ان میں دوسرے کی کامیابی پر خوش ہونے اور اپنے دوست کی کھلے دل کے ساتھ تعریف کرنے کی عادت پیدا ہوگی۔
والدین اور اساتذہ کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ مثال کے طور پر، پیرنٹ ٹیچر میٹنگز میں بچوں کی دوستی پر بات کریں۔ اگر بچہ تنہا ہے تو اسے کلبز یا اسپورٹس میں شامل کریں۔ کردار ادا کرنے سے بچے دوستی کا فن آسانی سے سیکھتے ہیں۔
عملی طریقے اور مشقیں
دوستی کا فن سکھانے کے لیے عملی طریقے بہت موثر ہیں۔
1) چیزیں بانٹنے کی عادت ڈالیں۔ بچوں کو کھلونے، کھانا یا کتابیں بانٹنے کی ترغیب دیں۔ ایک مشق: “شیئرنگ سرکل” جہاں بچے دائرے میں بیٹھیں اور اپنی پسندیدہ چیز بانٹ کر بتائیں۔
2) رول پلے۔ بچوں کو مختلف حالات ادا کرنے دیں، جیسے جھگڑا حل کرنا یا معافی مانگنا۔ یہ ہمدردی سکھاتا ہے۔
3) بات سننے کی مشق بچے کو بتائیں کہ جب دوست بات کریں تو آنکھوں میں دیکھ کر سنیں، نہ کہ فون دیکھیں۔
4) کہانیاں اور گیمز بھی مفید ہیں۔ اردو کہانیاں جیسے ’’دوست ہو تو ایسا‘‘ سنائیں اور پوچھیں کہ کردار نے کیا اچھا کیا۔ بورڈ گیمز جیسے ’’Snake and Ladder‘‘ میں باری لینا سکھائیں۔
5) ڈیجیٹل دور میں، آن لائن دوستوں کی حدود بتائیں۔ ہفتے میں ایک بار ’’فرینڈشپ ڈے‘‘ منائیں، جہاں بچے دوستوں کا کارڈ بنائیں۔ ان مشقوں سے دوستی کا فن عملی طور پر سیکھا جاتا ہے۔
چیلنجز اور ان کے حل
دوستی سکھانے میں کئی چیلنجز آتے ہیں۔ ایک بڑا چیلنج بلنگ ہے۔ اگر بچہ بلنگ کا شکار ہو تو اسے اعتماد دیں اور اسکول کو اطلاع دیں۔ اسے مارشل آرٹ میں ایڈمیشن کروائیں، جسمانی کمزوری دور کرنے کے لیے کاؤنسلر سے مدد لیں۔
دوسرا چیلنج ڈیجیٹل تنہائی ہے۔ بچے اسکرین ٹائم کی وجہ سے حقیقی دوست نہیں بناتے۔ والدین سکرین ٹائم محدود کریں اور آؤٹ ڈور ایکٹیویٹیز کی ترغیب دیں۔ گھر کے بزرگوں سے قریب کروائیں اور رشتہ داروں سے ان کے بچوں کے حوصلہ افزا قصے سنوائیں۔
تیسرا جیلسی یا خود غرضی ہے۔ بچے دوست کی کامیابی سے حسد کرتے ہیں۔
بچوں کے درمیان ایک دوسرے کی تعریف کی سرگرمی لیں اور کہیں حقیقی تعریف کریں، چاپلوسی یا خوش امدی انداز نہ ہو، بلکہ جو خوبیاں دوست میں موجود ہے اس کو بیان کروائیں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ بچے خامیوں کو نظر انداز کرکے خوبی پر فوکس کرنے کی عادی ہوں گے۔ تعریف کی عادت ڈالیں اور کہیں کہ “دوست کی خوشی ہماری خوشی” ہے۔
اگر بچہ انٹروورٹ ہے تو مجبور نہ کریں، بلکہ چھوٹے گروپس سے شروع کریں۔ اگر ضروری ہو تو نفسیاتی مدد لیں۔ چیلنجز کو موقع سمجھیں اور بچوں کو حل سکھائیں تاکہ وہ مضبوط بنیں۔
کامیاب دوستی کی مثالیں اور کیس اسٹڈیز
دنیا بھر میں کامیاب دوستیوں کی مثالیں موجود ہیں۔ مثال کے طور پر اللہ کے نبی صلعم کے دوستوں کو صحابی کہا جاتا ہے۔ انصار و مہاجرین کی مدد اور تعاون کو پیش کریں۔
ایک کیس سٹڈی: ایک سکول میں دوستی پروگرام شروع کیا گیا، جہاں بچوں کو جوڑے بنا کر مشقیں کروائی گئیں۔
نتیجہ: بچوں کی خوشی میں 40/فیصد اضافہ ہوا۔ ایک اور مثال: پاکستانی ڈرامہ ’’دوستی‘‘ میں بچوں کی دوستی کو دکھایا گیا، جو زندگی کے سبق سکھاتی ہے۔ ان مثالوں سے بچوں کو ترغیب دیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments