مارچ ٢٠٢٦
تمھارا ہونا ہی کافی ہے

میری پیاری فیمیسنٹ،
آؤ…
وقت کے شور سے ذرا ہٹ کر بیٹھیں،
اس مقام پر
جہاں سوچیں دھیمی پڑ جاتی ہیں
اور روح اپنی ہی آواز سننے لگتی ہے۔
کبھی ٹھہر کر دیکھا ہے؟
دریا جب سمندر سے جا ملتا ہے
تو فنا نہیں ہوتا،
اپنی حدوں سے نکل کر
لاحد ہو جاتا ہے۔
جو تمھارے اندر
خود کو ثابت کرنے کی ایک مسلسل تھکن ہے،
اسے ذرا رکھ دو زمین پر،
وجود دلیلوں سے نہیں،
معنی سے پہچانا جاتا ہے۔
تم زن ہو!
تم سے ہی تو دنیا میں رنگ اترتے ہیں،
تم سے صبح کی روشنی نرم ہوتی ہے
اور شام کو ٹھہراؤ ملتا ہے۔
پھر کیوں خود کو
اک جنگ کا سپاہی بناتی ہو؟
تم انسان کی ابتدا بھی ہو
اور تسلسل بھی،
وہ خاموش روشنی
جو نظر نہ آئے
مگر جس کے بغیر
کوئی منظر مکمل نہ ہو۔
زندگی نے تمھیں
مقابلے کی لکیر پر نہیں رکھا،
بلکہ ایک دائرے میں رکھا ہے
جہاں ملنا ہی توازن ہے
اور جڑنا ہی بقا۔
میری پیاری فیمیسنٹ!
طاقت کا مطلب تنہا ہونا نہیں،
بلکہ وہ طاقت ہونا ہے
جو جڑتا بھی ہے
اور جوڑتا بھی ہے۔
مضبوطی تو وہ ہنر ہے
جو دیوار نہیں،
پل بناتی ہے۔
یاد رکھو،
توازن ہار نہیں ہوتا،
اور تعلق
قید نہیں ہوتے۔
رشتوں کو گلے کا طوق نہیں،
گلے کا ہار بنا کر دیکھو تو سہی۔
سوچو!
سانس اگر صرف اندر ہی رہے
تو زندگی رک جائے،
اور اگر فقط باہر نکلے
تو بھی کہانی ختم۔
اس کا آنا جانا ہی
حیات کا راز ہے۔
باپ…
وقت کی پیشانی پر رکھا وہ پُرسکون ہاتھ
جس سے پہلا اعتماد جنم لیتا ہے۔
بھائی…
وہ طاقت،
جو خوف کے اندھیروں میں سمت بن جاتی ہے۔
شوہر…
جس کے ساتھ خاموشی بھی معنی اختیار کر لے۔۔
بیٹا…
کل کے افق پر ابھرتی روشنی،
جو تمھاری آنکھوں سے
اپنا مستقبل مانگتی ہے۔
رشتے تو دھاگوں کی طرح ہوتے ہیں،
ایک دوسرے میں پروئے جائیں
تو چادر بنتے ہیں،
ورنہ تنہائی کی سردی
روح تک اتر جاتی ہے۔
پھر یہ تنہائی کی ضد کیسی؟
مضبوطی دیوار اٹھانے میں نہیں،
در وا کرنے میں ہے۔
کائنات کو دیکھو،
یہ تصادم سے نہیں
توازن سے قائم ہے،
ستارے فاصلوں میں رہ کر بھی
ایک ہی آسمان کی تکمیل کرتے ہیں۔
یوں جیو
کہ تمھاری موجودگی
دنیا کو ایک خالی
میدان نہ بنائے،
کہ لوگ تم سے مل کر
اپنے ہونے کو محسوس کریں،
تنگی نہیں۔
مقابلہ نہیں، مکالمہ چنو۔
اور سنو،
طاقت کی بلند ترین شکل سختی نہیں،
نرمی ہے
اور تمھاری نزاکت ہی تمھاری طاقت ہے،
اگر مقابلہ کرنا ہی ہے
تو اپنی ہی محدود سوچ سے کرو،
انھیں گرا دو
اور پھر دیکھو،
تمھارے باطن میں
ایک بےکنار روشن آسمان پھیلتا چلا جائے گا۔
وہاں نہ جیت کی طلب ہوگی
نہ ہار کا خوف،
صرف ایک گہرا ادراک ہوگا
کہ تمھارا ہونا ہی کافی ہے!!
اور جب یہ راز تم پر کھلے گا
تو تم سمجھو گی،
زندگی صرف آگے بڑھنے کا نام نہیں،
ساتھ چلنے کا نام ہے۔
خود پہ بھروسہ رکھو کہ
تم ہو!!
بغیر شور کے،
بغیر اعلان کے،
مگر اس طرح
کہ تمھارے ہونے سے
دنیا ذرا اور متوازن،
ذرا اور روشن،
ذرا اور مہربان ہو جائے!!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے