مارچ ٢٠٢٦
اسلامی مساوات غیروں کی توجہ کا مرکز

اسلام اس وقت عالمی سطح پر لوگوں کی توجہ اور کشش کا محور بنا ہوا ہے، جب کہ ہر طرف سے اسلام پر شکنجہ کسنے کی بھرپور کوششیں پاور فل اور غرور کے نشے میں چور حکومتوں اور ان کے ایجنٹوں کی طرف سے جاری ہیں، لیکن اسلام اپنی بہت سی خوبیوں کے ساتھ اس وقت توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ لوگ تیزی سے اسلام کو سمجھنے اور جاننے کے لیے کوشاں ہیں۔ نیز اسلام کو سمجھنے کے بعد اس کے سائے میں پناہ لینے کے لیےآگے بڑھ رہے ہیں۔ لہذا قبول اسلام کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس میں وہ لوگ زیادہ دیکھے جا سکتے ہیں، جو سلیبرٹی، کھلاڑی، رپورٹر اور سوشل ایکٹیوسٹ وغیرہ ہیں۔ ابھی حال میں ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک واقعے سے ہم سب ضرور واقف ہوں گے۔ واقعہ کچھ یوں ہے:
Thmas defutch ایک ڈچ (Dutch )بزنس مین کسی سلسلے میں دبئی گئے، وہاں انھیں ایک مسجد میں جانے کا موقع ملا۔ انھوں نے دیکھا کہ ایک بڑا بزنس مین ایک سڑک پر کام کرنے والے Street worker کے ساتھ بالکل بغل میں کھڑا ہو کر نماز پڑھ رہا ہے اور نماز کے بعد وہ اسے سلام کرتا ہے، ہاتھ ملاتا ہے، اس سے خیریت معلوم کرتا ہے۔ اس نے یہ خوبصورت منظر دیکھا، وہ اتنا بہترین مساوات، equality کا نمونہ دیکھ کر حیران ہوتا ہے۔ اسے یہ ادا اتنی پسند آئی کہ وہ یہ خوبی دیکھ کر حلقۂ بگوش اسلام ہو گیا۔
اسی طرح نہ جانے کتنے لوگوں کے بارے میں یہ بات دیکھنے کو ملی کہ وہ لوگ اسلام مخالف تھے اور اسلام کو پرتشدد مذہب سمجھتے رہے، لیکن جب قریب آئے، مطالعہ کیا تو اسلام کی پناہ میں آئے بغیر نہیں رہ سکے۔ بابری مسجد کو شہید کرنے کے لیے پہلا کلہاڑہ چلانے والا بلبیر سنگھ (balbir singh) جب اس کام سے فارغ ہوا تو اس کے اندر کے انسان نے اسے ملامت کی اور وہ اسلام کے سایۂ رحمت میں آگیا۔ اس نے اس کی تلافی کے لیے اب تک 100مساجد تعمیر کرائی ہیں۔ اب وہ ایک باعمل مسلم بن کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔

اسلام میں مساوات کا تصور

یہ ایک ایسا تصور ہے جو دنیا کے کسی بھی مذہب میں دیکھنے کو نہیں ملتا اور یہی اسلام کی سب سے بڑی خوبی ہے کہ وہ امیر غریب، چھوٹے، بڑے ہر ایک کو مساوات اور بھائی چارگی کی تعلیم دیتا ہے۔ وہ انسانوں کے درمیان کسی تفریق کو پسند نہیں کرتا، بلکہ یہ کہہ کر کہ تم میں کوئی چھوٹا، بڑا اور کوئی اونچا نیچا نہیں۔ اسلام نے ذات برادری کی بنیاد پر کاری ضرب لگائی۔ کسی کو کسی پر فضیلت حاصل نہیں، تم میں سب سے افضل وہ ہے جو تقوی اور پرہیزگاری میں آگے ہے اور یہ فرق بھی صرف اللہ کی نظر میں ہے۔ دنیا میں تو متقی کو بھی سب کے ساتھ یکساں ہی رہنا ہے۔ اسلام کا یہ خاص امتیاز اس وقت پوری دنیا میں لوگوں کے لیے توجہ کا محور بنا ہوا ہے۔

وحدت الوجود کا تصور

اسلام کی تعلیم مساوات میں سب سے پہلے وحدت بنی آدم کا تصور، یعنی سب انسان نفس واحدہ سے پیدا کیے گئے ہیں۔ اس لیےانسانیت کے ناطے سے برابر ہیں۔ برتری کا معیار اللہ کے نزدیک پرہیزگاری اور حسن اخلاق ہے۔ جو نیک اعمال انسان کرے گا، خواہ وہ مرد ہو یا عورت دونوں کو اس کے بدلے میں بہترین اجر سے نوازا جائے گا۔ انھیں لوگوں کے لیے جنت کی بشارت دی گئی۔

امتیاز رنگ و نسل

اسلام نے ہر طرح کی نسل پرستی کا خاتمہ کیا اور امتیاز رنگ و نسل کا قلع قمع کر دیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں یہ بات وضاحت سے کہی گئی ہے کہ کسی کالے کو گورے پر گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں ہے۔ اسلام نے ایک ایسے عالم گیر بھائی چارے کی بنیاد رکھی ہے، جہاں جغرافیائی یا ملکی حدود کے بجائے باہمی اخوت اور محبت اور بھائی چارہ مقدم ہے۔

زکوۃ کا سسٹم اور سود سے پرہیز

اسی مساوات کے سلسلے کی ایک اور مضبوط کڑی زکاۃ کا نظام ہے۔ ہر صاحب نصاب سے ڈھائی پرسنٹ زکوۃ لے کر غریبوں میں تقسیم کرنا بڑا ہی زبردست اور اہم مساوات و برابری کا قانون ہے۔ امیر کے پیسے اور دولت کا غریب بھی حق دار ہے، لہذا اس زکوۃ کے نظام کے ذریعے وہ ان تک بآسانی پہنچ جاتا ہے۔ سود کے لین دین کو حرام قرار دے کر امیر کو امیر تر اور غریب کو مزید غریب بنانے کے نظام پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔

صدقہ و خیرات

فرض زکوۃ کے علاوہ مال میں سے صدقہ و خیرات کرنا یہ ایک ایسا عمل ہے، جو لوگوں کے اندر سے مال کی محبت ختم کرکے انھیں صدقہ کرنے(charity )
پر آمادہ کرتا ہے۔ اسلام نے مال کی ذخیرہ اندوزی، یعنی چیزوں کو مہنگا کرنے کے لیے روک کر بازار میں لانے سے منع کیا۔ اسلام نے زکوۃ کے نظام اور عورتوں کے وراثت میں حصے پر جو قانون بنایا، وہ نہایت اہم اور حساس موضوع ہیں، ان پر اسلامی تعلیمات کے ذریعے معاشرے میں توازن پیدا ہوتا ہے۔ زکوۃ صاحب نصاب پر فرض ہے۔ ایک لمیٹیڈ مالیت تک ہی وہ اس کو رکھ سکتے ہیں، اس سے زیادہ پر ڈھائی پرسنٹ زکوۃ ہے۔ اس میں سے 40 واں حصہ سالانہ زکوۃ کے طور پر ادا کرنا ہوگا۔ اسلام کے اس سسٹم نے دنیا میں ایک بہت بڑی مثال قائم کی ہے، جو کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتی۔

خواتین کا وراثت میں حصہ

اسی طرح خواتین کا وراثت میں حق اور بطور بہن بیٹی اس کے حصے متعین کر کے ہر جگہ اسے حق دار بنایا گیا اور پھر اس کے بعد بھی اسلام کا معاشی نظام مرد پر اس کی بیوی بچوں اور والدین کی کفالت کی ذمہ داری ڈالتا ہے، جب کہ عورت اپنی وراثت یا کمائی کو صرف اپنی ذات پر خرچ کرنے کی پابند ہے۔

اسی طرح وراثت میں حصوں کی تقسیم ایک عادلانہ اور منصفانہ توازن یعنی برابر سے بڑھ کر دینا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ برابر کافی نہیں ہے، بلکہ اسے زیادہ دینا ہے۔ یہ عورت کو مزید امپاور کرتا ہے۔ ویمن اپاورمنٹ کی بات کریں تو اسلام میں خواتین کے حقوق پر اگر نظر ڈالی جائے تو دنیا میں جو حقوق عورتوں کو ملے ہیں وہ خواتین کو کافی مضبوط کرتے ہیں۔ وراثت کو دیکھیں گے تو اسے والد کی وراثت سے حصہ دلایا، شوہر سے مہر دلایا اور شوہر کی وراثت میں بھی حصہ دلایا، بیٹے کی کمائی میں بھی اس کا حصہ ہے اور وہ خود اپنا کاروبار اگر کرتی ہے تو اس کی حق داروہ خود ہوگی۔ خواتین کے حقوق کو اور اس کے خوبصورت نظام کو دیکھ کر آج دنیا کی دوسری خواتین اسلام کی طرف کھنچی ہوئی چلی آرہی ہیں۔ اسلام میں خواتین کے حقوق پر اگر نظر ڈالی جائے تو انھیں جو رائٹس چودہ سو سال قبل حاصل ہوئے وہ دوسری جگہ بہت بعد میں حاصل ہوئے، بلکہ انھیں اس کے لیے بڑی جدوجہد اور لڑائی کرنی پڑی۔ USA کی Lily jay کہتی ہیں:
’’کیا آپ کو معلوم ہے کہ امریکہ میں 1920ء تک عورتوں کو ووٹنگ کا حق نہیں ملا تھا، 1970ء تک پراپرٹی اکیلے نہیں خرید سکتی تھی، 1974ء تک وہ اپنا بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھول سکتی تھی۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ رائٹس اسلام نے عورتوں کو 1400 سال قبل ہی دے دیا تھا، انھیں بزنس کرنے کا، اپنی رائے دینے کا، پراپرٹی رکھنے کا مالکانا حق بہت پہلے یا یوں کہیے کہ پہلے ہی دن سے دے دیا گیا۔ گویا اسلام میں عورتوں کو جو عزت حاصل تھی، وہ یورپ اور امریکہ میں feminism موومنٹ کے بعد حاصل ہوئی۔‘‘

عبادات میں مساوات

نماز باجماعت اور مساجد میں نماز کے دوران بادشاہ اور فقیر دونوں برابر ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔ گویا اللہ کے گھر میں سب برابر ہیں۔ حج کے دوران دنیا بھر کے لوگ ایک ہی رنگ کے سفید بنا سلے ہوئے فقیری کے لباس کو پہن کر سارے دنیاوی رتبوں کو ترک کر کے آپسی تفریق کو مٹا کر اللہ کے سامنے حاضر ہوتے ہیں۔

وراثت اور معاشی حقوق

وراثت، معاشی حقوق اور انصاف کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ دولت صرف چند ہاتھوں میں سمٹ کر نہ رہ جائے، بلکہ پوری سوسائٹی میں وہ گردش کرتی رہے۔ وراثت کا قانون اتنا وسیع ہے کہ اس کے ذریعے خاندان کا ہر فرد معاشی طور پر خوش حال ہو سکتا ہے۔ جائداد کی قدرتی تقسیم اور ہر ایک کو اس کا حق اس کے مقام پر ہی مل جانا یہ بڑی اہم چیز ہے۔ عورتوں میں ماں، بہن، بیوی، بیٹی کے علاوہ نانی دادی اور دیگر رشتہ دار خواتین بھی حصہ دار بن جاتی ہیں۔
اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ اسلامی مساوات کے اس نظام نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچی ہے۔ اگر اس کا باقاعدہ سسٹم اور مضبوط کیا جائے تو اسلام کی کشش لوگوں میں برقرار رہے گہی اور اسلام دنیا میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور سہی دین کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے