مارچ ٢٠٢٦
درس حدیث
زمرہ : النور

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ فرماتے ہیں: ایک دن میں رسول اکرم ﷺ کے پیچھے سواری پر بیٹھا تھا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اے لڑکے! میں تمھیں چند باتیں سکھاتا ہوں: اللہ کی حفاظت کرو، وہ تمھاری حفاظت فرمائے گا۔ اللہ کو یاد رکھو، تم اسے اپنے سامنے پاؤ گے۔ جب مانگو تو اللہ ہی سے مانگو، اور جب مدد چاہو تو اللہ ہی سے مدد چاہو۔ اور جان لو کہ اگر ساری امت تمھیں کوئی نفع پہنچانا چاہے تو وہ تمھیں کچھ نفع نہیں پہنچا سکتی، مگر وہی جو اللہ نے تمھارے لیے لکھ دیا ہے، اور اگر سب تمھیں نقصان پہنچانا چاہیں تو کچھ نقصان نہیں پہنچا سکتے، مگر وہی جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دیا ہے۔ قلم اٹھا لیے گئے اور صحیفے خشک ہو چکے۔‘‘
یہ حدیث جامع ترمذی میں روایت ہوئی ہے۔ یہ حدیث ایمان بالقدر، توکل علی اللہ اور عقیدہ توحید کا نہایت جامع درس دیتی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک کم عمر صحابی کو جو تعلیم دی وہ دراصل پوری امت کے لیے رہنمائی ہے۔ سب سے پہلے فرمایا: اللہ کی حفاظت کرو، وہ تمھاری حفاظت کرے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ کے احکام کی پابندی کرو، فرائض ادا کرو، گناہوں سے بچو اور حدود الہی کی پاسداری کرو۔ جب بندہ اپنے دین کی حفاظت کرتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کی جان، مال، عزت اور ایمان کی حفاظت فرماتا ہے۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنْ تَنْصُرُوا اللَّهَ يَنْصُرُكُمْ۔

(سورة محمد: 7)
اے ایمان والو! اگر تم اللہ کے دین کی مدد کرو گے تو اللہ تمھاری مدد کرے گا۔
پھر فرمایا: اللہ کو یاد رکھو تم اسے اپنے سامنے پاؤ گے۔ یعنی ہر حال میں اللہ کو حاضر و ناظر جان کر زندگی گزارو۔ جب بندہ اللہ کو یاد رکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کا ذکر فرماتا ہے۔ قرآن میں ہے:

فَاذْكُرُونِي أَذْكُرُكُمْ.

 (سورة البقرۃ: 152)
تم میرا ذکر کرو، میں تمھارا ذکر کروں گا
اس حدیث کا ایک اہم حصہ یہ ہے کہ جب مانگو تو اللہ ہی سے مانگو اور جب مدد چاہو تو اللہ ہی سے مدد چاہو۔ یہ عقیدہ توحید کی بنیاد ہے۔ اصل مددگار اور کارساز صرف اللہ کی ذات ہے۔ اسباب اختیار کرنا درست ہے لیکن دل کا بھروسہ صرف اللہ پر ہونا چاہیے۔ سورۃ الفاتحہ میں ہم روز پڑھتے ہیں:

إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ

ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں)
مدد اور حاجت روائی صرف اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔
اگر کوئی یہ عقیدہ رکھے کہ کوئی بزرگ، پیر یا مرشد خود مختار طور پر مشکل کشائی کرتے ہیں، حاجتیں پوری کرتے ہیں یا نفع و نقصان کے مالک ہیں تو یہ کھلا شرک ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ.

(سورة غافر: 60)
مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔
قرآن میں یہ بھی ہے کہ اگر اللہ کوئی تکلیف پہنچائے تو اس کے سوا کوئی دور کرنے والا نہیں اور اگر وہ بھلائی چاہے تو کوئی روکنے والا نہیں

 (سورۃ یونس 107)
لہٰذا یہ عقیدہ رکھنا کہ غیر اللہ مشکل کشائی کریں گے یا غیب سے مدد دیں گے، توحید کے خلاف ہے۔ مسلمان کا ایمان یہ ہونا چاہیے کہ اصل مشکل کشا اور حاجت روا صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ ہاں زندہ انسان سے ظاہری اور دنیاوی مدد لینا جائز ہے، مگر دل کا بھروسا اور دعا صرف اللہ ہی سے ہونی چاہیے۔ پھر حضور ﷺ نے تقدیر کا مسئلہ واضح فرمایا کہ اگر ساری امت بھی مل کر کسی کو نفع یا نقصان پہنچانا چاہے تو وہ اللہ کے لکھے بغیر کچھ نہیں کر سکتی۔ اس سے معلوم ہوا کہ ہر چیز اللہ کے علم اور مشیت سے وابستہ ہے۔ قرآن میں ارشاد ہے:

مَا أَصَابَ مِنْ مُصِيبَةٍ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي أَنْفُسِكُمْ إِلَّا فِي کتاب.

(سورة الحديد: 22)
زمین اور تمھاری جانوں میں جو مصیبت آتی ہے وہ ایک کتاب میں لکھی ہوئی ہے)
’’قلم اٹھا لیے گئے اور صحیفے خشک ہو چکے‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تقدیر لکھ دی ہے، اب وہی ہو کر رہے گا جو اس نے چاہا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انسان عمل چھوڑ دے، بلکہ بندہ کوشش بھی کرے اور نتیجہ اللہ کے سپرد بھی کرے۔
یہ حدیث ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ بندہ ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھے، لوگوں کے خوف سے آزاد ہو جائے، رزق عزت اور زندگی کو اللہ کے ہاتھ میں سمجھے اور دین کی پابندی کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔ جب ایمان مضبوط ہو جائے تو انسان مشکلات میں بھی مطمئن رہتا ہے، کیوں کہ اسے یقین ہوتا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ اللہ کے علم اور حکمت کے مطابق ہو رہا ہے۔
لیکن یہاں ایک اہم مسئلہ پیدا ہوتا ہے جسے بعض لوگ غلط سمجھ لیتے ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اگر کفر یا گناہ بھی تقدیر میں لکھا تھا تو پھر انسان کو سزا کیوں؟ اس کا جواب یہی حدیث اور قرآن کی دیگر آیات واضح کرتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو ارادہ اور اختیار دیا ہے۔ وہ مجبور محض نہیں۔ قرآن میں صاف ارشاد ہے:

فَمَنْ شَاءَ فَلْيُؤْمِنُ وَمَنْ شَاءَ فَلْيَكْفُر (سورة الكهف: 29)
إِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا (سورة الدھر: 3)

یعنی راستہ دکھا دیا گیا اب انسان خود انتخاب کرتا ہے۔
اللہ کا علم پہلے سے ہر چیز کو جانتا ہے، لیکن اس کا علم انسان کو مجبور نہیں کرتا۔ اللہ تعالی ظلم نہیں کرتا۔

وَمَا رَبُّكَ بِظَلَّامٍ لِلْعَبِيدِ

(سورة فصلت : 46)
کفار نے بھی یہی بہانہ بنایا تھا کہ اگر اللہ چاہتا تو ہم شرک نہ کرتے، مگر قرآن نے اس عذر کو رد کیا:

سَيَقُولُ الَّذِينَ أَشْرَكُوا لَوْ شَاءَ اللَّهُ مَا أَشْرَكْنَا

 (سورة الانعام: 148)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’طاقتور مومن کمزور مومن سے بہتر اور اللہ کو زیادہ محبوب ہے اور دونوں میں خیر ہے۔ جو چیز تمھیں نفع دے اس کی حرص کرو، اللہ سے مدد مانگو اور عاجز نہ بنو۔ اور اگر تمھیں کوئی چیز پہنچ جائے تو یہ نہ کہو کہ اگر میں ایسا کرتا تو ایسا ہو جاتا، بلکہ کہو: قدر الله وما شاء فعل، کیوں کہ لو (اگر) شیطان کے عمل کا دروازہ کھول دیتا ہے۔‘‘ (مسلم)
اسی حدیث کی روشنی میں تقدیر کا صحیح مفہوم واضح ہوتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے تقدیر بیان کرنے سے پہلے تین چیزوں کا حکم دیا۔
(1) نفع والی چیز کی کوشش کرو۔
(2) اللہ سے مدد مانگو۔
(3) عاجز اور سست نہ بنو۔
اگر تقدیر کا مطلب یہ ہوتا کہ انسان کچھ نہ کرے اور سب کچھ پہلے سے طے ہے، تو حضور ﷺ حرص کرو اور عاجز نہ بنو کا حکم نہ دیتے۔ اس سے صاف معلوم ہوا کہ اسلام میں تقدیر کا عقیدہ سستی اور بے عملی کا نام نہیں، بلکہ محنت، دعا اور توکل کے بعد نتیجے کو قبول کرنے کا نام ہے۔
قرآن مجید بھی اسی بات کی تائید کرتا ہے:

وَأَنْ لَيْسَ لِلْإِنْسَانِ إِلَّا مَا سَعَى.

 (سورة النجم: 39)
انسان کے لیے وہی ہے جس کی اس نے کوشش کی۔
پھر فرمایا:

فَإِذَا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ.

 (سورة آل عمران: 159)

جب تم پختہ ارادہ کر لو تو اللہ پر بھروسہ کرو۔
یعنی پہلے عزم کوشش اور فیصلہ، پھر توکل۔
اسی حدیث میں یہ بھی فرمایا کہ جب کوئی مصیبت آ جائے تو اگر مگر نہ کرو بلکہ کہو: یہ اللہ کی تقدیر تھی اور جو اس نے چاہا وہی ہوا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوشش کے بعد اگر نتیجہ ہمارے مطابق نہ نکلے تو مایوس نہ ہوں اور تقدیر پر راضی رہیں۔ لیکن کوشش سے پہلے ہی ہر چیز کو تقدیر کہہ کر بیٹھ جانا درست نہیں۔
لہٰذا اگر کوئی شخص گناہ کرے اور کہے کہ یہ میری تقدیر میں تھا، یا محنت نہ کرے اور کہے کہ اگر رزق میں ہوگا تو مل جائے گا، تو وہ اس حدیث کی تعلیم کے خلاف ہے۔ کیوں کہ نبی ﷺ نے واضح فرمایا: ’’ولا تعجز‘‘ یعنی عاجز نہ بنو، سستی نہ کرو۔
اصل عقیدہ یہ ہے:
ہم پوری محنت کریں، جائز اسباب اختیار کریں، دعا کریں اللہ پر بھروسہ رکھیں اور پھر جو نتیجہ آئے اسے اللہ کی تقدیر سمجھ کر قبول کریں۔
یہی ایمان بالقدر کا درست مفہوم ہے اور یہی اس حدیث کا عملی پیغام ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح سمجھ اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے