مارچ ٢٠٢٦
عظیم نعمت ہے دل کا دنیا میں نہ لگنا

بے نیازی یقیناً عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔ یہ وہ دولت ہے جو دل کو مخلوق کی محتاجی سے نکال کر خالق سے جوڑ دیتی ہے۔ ایمان کے بعد اگر کوئی نعمت ہے جسے بار بار مانگنا چاہیے، تو وہ بے نیازی ہے۔ اس دنیا سے بے نیازی، دولت و آسائش سے بے نیازی، شہرت و نمود سے بے نیازی۔
ﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں:

’’مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُ حَيَاةً طَيِّبَةً.‘‘ (النحل: 97)

(مرد یا عورت میں سے جو کوئی نیک عمل کرے، اس حال میں کہ وہ مومن ہو تو ہم اسے پاکیزہ زندگی عطا کریں گے)
یہ ’’حیاتِ طیبہ‘‘ دراصل اسی دل کی کیفیت کا نام ہے جو دنیا کی ظاہری چمک سے بے نیاز ہو کر ﷲ کی رضا میں سکون تلاش کرتا ہے۔
رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:

”لَيْسَ الْغِنَى عَنْ كَثْرَةِ الْعَرَضِ، وَلَكِنَّ الْغِنَى غِنَى النَّفْسِ“ (البخاری)

(مال کی کثرت اصل غنا نہیں، بلکہ اصل غنا دل کا غنی ہونا ہے)
جب بے نیازی دل میں گھر کر لیتی ہے تو اپنے ساتھ پرہیزگاری بھی لاتی ہے اور پرہیزگاری ہی تقویٰ کی بنیاد ہے۔ ﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے:

’’وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ‘‘ (الطلاق: 65)

(اور جو اللہ سے ڈرے، ﷲ اس کے لیے نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے اور اسے وہاں سے رزق دیتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہ ہو)
دل کا دنیا اور اس کی چمک دمک سے آزاد ہو جانا تقویٰ کے لیے راستہ ہموار کر دیتا ہے۔ جہاں تقویٰ اپنی جڑیں مضبوط کر لے، وہاں سکون آ کر رہائش اختیار کر لیتا ہے۔ یہی وہ کیفیت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے یوں بیان فرمایا:

’’أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ‘‘ (الرعد: 28)

(خبردار! ﷲ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے)
لہٰذا اپنے دل کو ہر اُس چیز سے بے نیاز کر لیجیے جو تقویٰ کو متزلزل کرتی ہو، کیوں کہ اصل سکون دنیا کو حاصل کرنے میں نہیں، بلکہ اس سے دل کے آزاد ہو جانے میں ہے۔ بے نیازی دراصل دل کی آزادی ہے اور یہی آزادی انسان کو ﷲ کی قربت، سکونِ قلب اور حقیقی کامیابی تک پہنچا دیتی ہے۔
لیکن اگر یہی دل دنیا کی محبت میں گرفتار ہو جائے، اس کی چمک دمک، مال و منصب اور شہرت کو ہی اپنا مقصود بنا لے تو یہی محبت تباہی و بربادی کا سبب بن جاتی ہے۔ دنیا کی محبت دل کو سخت کر دیتی ہے، آخرت سے غافل کر دیتی ہے اور انسان کو خسارے کی راہ پر ڈال دیتی ہے۔
ﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں:

’’اعْلَمُوا أَنَّمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا لَعِبٌ وَلَهْوٌ وَزِينَةٌ وَتَفَاخُرٌ بَيْنَكُمْ وَتَكَاثُرٌ فِي الْأَمْوَالِ وَالْأَوْلَادِ…‘‘ (الحدید: 20)

(جان لو کہ دنیا کی زندگی تو کھیل، تماشا، زینت، آپس میں فخر اور مال و اولاد میں بڑھ چڑھ کر حاصل کرنے کا نام ہے…)
اسی طرح ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا:

’’بَلْ تُؤْثِرُونَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا         ۝ وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ‘‘ (الاعلی: 16-17)

(لیکن تم دنیا کی زندگی کو ترجیح دیتے ہو، حالانکہ آخرت بہتر اور باقی رہنے والی ہے)
پس دانش مندی اسی میں ہے کہ دنیا کو ہاتھ میں رکھا جائے، دل میں نہیں۔ کیوں کہ جب دنیا دل میں گھر کر لیتی ہے، تو بے سکونی، حرص اور حسرت پیدا کرتی ہے اور جب دل ﷲ سے جڑ جاتا ہے تو قناعت، تقویٰ اور اطمینان عطا ہوتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے