سوال:
میرے سسرال والے ہر بات مجھ سے چھپاتے ہیں، مجھے سسرال کا حصہ نہیں سمجھتے اور اجنبیت محسوس کرواتے ہیں۔ ساس اکثر اپنے بیٹے کو ہدایت کرتی ہیں کہ بیوی کو سال میں دو ماہ کے لیے میکے بھیج دیا کرو، تاکہ تنخواہ بچ سکے، جب کہ میں میکے جانے میں ذہنی کوفت محسوس کرتی ہوں۔ دو ماہ مستقل میکے میں رہنا تکلیف دہ ہوتا ہے۔ میرے دو بچے ہیں، جو طویل وقت ننیہال میں رہنے سے پریشان رہتے ہیں۔ میرے مسئلے کا حل بتائیں۔
جواب:
نکاح کے بعد شوہر کی ذمے داری ہے کہ وہ بیوی کے لیے نفقہ (روز مرّہ کے مصارف) اور سُکنیٰ (رہائش) فراہم کرے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
اَسْكِنُـوْهُنَّ مِنْ حَيْثُ سَكَنْـتُـمْ مِّنْ وُّجْدِكُمْ (الطلاق: 6)
’’ان کو اُسی جگہ رکھو جہاں تم رہتے ہو، جیسی کچھ بھی جگہ تمھیں میسّر ہو۔‘‘
آگے نفقہ کا ذکر ان الفاظ میں ہے:
لِيُنْفِقْ ذُوْ سَعَةٍ مِّنْ سَعَتِهٖ ۖ وَمَنْ قُدِرَ عَلَيْهِ رِزْقُهٝ فَلْيُنْفِقْ مِمَّآ اٰتَاهُ اللّـٰهُ ۚ (الطلاق: 7)
’’خوش حال آدمی اپنی خوش حالی کے مطابق نفقہ دے اور جس کو رزق کم دیا گیا ہو، وہ اُسی مال میں سے خرچ کرے جو اللہ نے اسے دیا ہے۔‘‘
ان آیات میں طلاق سے متعلق احکام بیان کیے گئے ہیں کہ اس کے بعد عدّت کے دوران میں عورت کو سُکنیٰ اور نفقہ فراہم کیا جائے۔ اس سے معلوم ہوا کہ نکاح کے بعد بیوی کو سُکنیٰ اور نفقہ فراہم کرنا بہ درجۂ اولیٰ شوہر کی ذمے داری ہے۔
نکاح کے بعد عورت کا تعلق اپنے سسرال سے قریبی اور مضبوط ہوجاتا ہے۔ وہ شوہر کے گھر کی ایک فرد بن جاتی ہے۔ ساس، سسر، نند اور دیور وغیرہ اس کے رشتے داروں میں شامل ہوجاتے ہیں۔ عورت کو چاہیے کہ وہ ان کے ساتھ صلہ رحمی کا برتاؤ کرے اور حسنِ سلوک سے پیش آئے اور سسرال والوں کو بھی چاہیے کہ وہ اسے اپنے گھر کا حصہ سمجھیں اور اس کے ساتھ اجنبیت اور غیروں کا سا معاملہ نہ کریں۔ اجنبیت برتنے سے دلوں میں دوریاں پیدا ہوتی ہیں اور تعلقات میں خوش گواری اور گرم جوشی باقی نہیں رہتی۔
نکاح کے بعد عورت کا تعلق اس کے میکے سے ختم نہیں ہوجاتا۔ وہاں اس کے ماں، باپ، بھائی، بہن اور دوسرے رشتے دار رہتے ہیں، اس لیے سسرال والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اسے وہاں جانے کے مواقع فراہم کرتے رہیں۔ عورت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے والدین اور دیگر رشتے داروں سے تعلق بنائے رکھے اور کبھی کبھی ان سے ملاقات کے لیے جائے اور حسبِ توفیق ان کی خدمت کرے، لیکن یہ مناسب نہیں کہ گھر کا خرچ بچانے کے لیے زبردستی عورت کو اس کے بچوں سمیت میکے میں ڈھکیل دیا جائے اور کئی مہینے وہاں وقت گزارنے پر مجبور کیا جائے۔
اگر کسی خاندان میں ایسی صورت حال پیش آئے کہ عورت پر میکے جانے اور وہاں لمبا عرصہ گزارنے کا دباؤ ڈالا جائے تو اسے حق ہے کہ اس پر اپنی ناگواری اور ناپسندیدگی کا اظہار کرے۔ اپنی ساس، سسر اور خاص طور پر شوہر سے نرمی کے ساتھ اس موضوع پر بات کرے اور سسرال ہی میں رہنے پر اصرار کرے۔
عورت کو چاہیے کہ سسرال میں خاص طور پر اپنی ساس کی خدمت کرے اور انھیں ہر ممکن سہولت اور آرام پہنچانے کی کوشش کرے۔ خدمت سے دل جیتے جا سکتے ہیں اور محبت حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایسا کرنے پر ساس اسے اپنے سے دور نہیں کریں گی، بلکہ زیادہ اوقات اپنے پاس ہی رکھیں گی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments