اسوۂ ابراہیمی اور قربانی کا اصل پیغام

قَدْ کَانَتْ لَکُمْ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ فِي اِبْرَاھِیْمَ وَالَّذِیْنَ مَعَہٗ (الممتحنة: 4)

’’تمھارے لیے ابراہیم اور ان کے ساتھیوں کی زندگی ایک قابلِ تقلید نمونہ ہے۔‘‘
قرآن کریم میں اللہ تبارک و تعالٰی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی کے بعد جس نبی کو بہ طور خاص مسلمانوں کے لیے اسوہ اور نمونہ قرار دیا ہے وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ہیں۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام کی پوری زندگی قربان سے عبارت۔ ہے راہ حق میں انھوں نے ہر اس چیز کی قربانی پیش کی جو اس دنیا میں انسان کو عزیز ہوتی ہے۔ سب سے پہلے اپنے آباء و اجداد کے مذہب و مسلک کو چھوڑا، توحید کی دعوت دیتے ہوئے بادشاہ وقت سے ٹکر لی، آتش نمرود میں بے خطر کودنے سے نہ ہچکچائے۔ اپنے والد کے گھر کے عیش و آرام کو چھوڑ کر ترک وطن کی آزمائش ہو یا حکم خدا پر مکہ کی بے آب و گیاہ وادی میں اپنے شیر خوار بچے اور بیوی کو چھوڑنا ہو، ہر جگہ وہ ایمان و یقین اور محبت الہی کی ایسی تصویر بن کر سامنے آتے ہیں جو انسانی تسلیم و رضا کا پیکر بے نظیر ہے اور پھر چشم فلک نے وہ لمحات بھی دیکھے جب حکم خداوندی پر وہ اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک، اسماعیل ذبیح اللہ کے گلے پر چھری رکھ دیتے ہیں اور محبت الہی، صبر و استقلال کی زندہ مثال بن جاتے ہیں۔ ہر محبت کو خدا کی محبت پر قربان کرنے کے بعد اور ہر آزمائش میں ثابت قدم رہنے پر خلیل اللہ کو نوع بشری کا امام بنایا گیا اور نہ صرف ان کی سیرت کو تمام مسلمانوں کے لیے اسوہ قرار دیا گیا، بلکہ ان کے ساتھ والوں کی زندگی کو بھی قابل تقلید نمونہ بتایا گیا۔
یہی قربانیاں اور فدا کاریاں تھیں کہ آج بھی قربانی کا لفظ ہمیں، انسانی تاریخ کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد دلاتا ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے پیش کی تھی۔ آج ذو الحجہ کے مہینے میں جب ہم اس سنت ابراھیمی کی یاد میں جانور قربان کرتے ہیں تو گویا تجدید عہد کرتے ہیں کہ راہ خدا میں وقت آنے پر ہم اپنا سب کچھ قربان کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ قربانی کا اصل پیغام خدا پرستی کے اس تصور کو بندہ مومن کے دل میں راسخ کردینا ہے کہ وہ رضائے رب کی خاطر اپنا نفس، جان، مال غرض ہر چیز نچھاور کر سکتا ہے۔ اس کی انا، خواہشات اور عزیز ترین متاع بھی حکم خدا کے سامنے کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔
قربانی کا لفظ عربی زبان کے لفظ قربان سے مشتق ہے اور قرآن مجید میں یہ لفظ اسی معنی میں استعمال ہوا ہے۔ ہر وہ چیز جو اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لیے دی جائے، وہ ’قربان‘ ہے۔
سورہ مائدۃ میں ہابیل اور قابیل کے قصے میں اللہ فرماتا ہے: اِذۡ قَرَّبَا قُرۡبَانًا (جب ان دونوں نے ایک ایک قربانی پیش کی)۔
اصطلاحی مفہوم میں عید الاضحی کے ایام یعنی دس سے بارہ ذو الحجہ کی شام تک اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور تقرب حاصل کرنے کے لیے پالتو چوپایوں (اونٹ، گائے ،بھینس، بھیڑ، بکری، دنبہ وغیرہ) ذبح کرنا ہی قربانی کہلاتا ہے۔
جب ہم قربانی کی تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں دکھائی دیتا ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے سے ہی قربانی کو عبادت کا درجہ حاصل ہے۔ ان کے دونوں بیٹوں ہابیل اور قابیل کی پیش کردہ قربانیاں اسی تصور کو واضح کرتی ہیں۔ ہابیل کی خلوص نیت سے پیش کردہ قربانی اللہ کے حضور قبول کی جاتی ہے اور قابیل کی بد نیتی کی وجہ سے اس کی قربانی رائیگاں جاتی ہے۔ انسانی تاریخ کی یہ پہلی قربانی ہی واضح کر دیتی ہے کہ اخلاص نیت اور تقوی ہی خدا کے یہاں قبولیت کا معیار ہیں۔
اس کے بعد بھی قربانی کا تصور ہمیں تقریبا ہر امت میں کسی نہ کسی شکل میں ملتا ہے۔ اللہ تعالی قران پاک میں خود فرماتا ہے:

ولکل أمۃ جعلنا منسکا لیذکروا اسم اللہ علی ما رزقھم من بھیمۃ الأنعام۔ (الحج: 34)

’’ہر امت کے لیے ہم نے قربانی کا ایک قاعدہ مقرر کر دیا ہے تاکہ اس امت کے لوگ ان جانوروں پر اللہ کا نام لیں جو اس نے ان کو بخشے ہیں۔‘‘
قربانی تمام شریعتوں میں نظام عبادت کا ایک لازمی جز رہی ہے۔ توحید کا ایک بنیادی تقاضا بھی یہ ہے کہ انسان نے جس کسی صورت میں اللہ کے علاوہ کسی چیز کی بندگی کی ہے، ان سب کو غیر اللہ کے لیے ممنوع کر کے صرف اور صرف اللہ کے لیے ہی خاص کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں قربانی صرف اللہ کے نام پر کی جا سکتی ہے۔
قربانی مناسک حج کا ایک حصہ ہے۔ یہ وہ اہم عبادت ہے جو ہر سال تمام حاجی دیگر مناسک حج کی طرح انجام دیتے ہیں۔ یہ اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے کہ اس نے حاجیوں کے ساتھ ساتھ تمام دنیا کے مسلمانوں کو بھی یہ موقع عنایت فرمایا کہ وہ قربانی جیسی عبادت کو ادا کر سکیں اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرح اپنے اندر اللہ کے حکم کے آگے جھک جانے کے جذبے کو زندہ رکھیں۔ درحقیقت انسان کا نفس امارہ اس کو دھوکہ دینے کے لیے طرح طرح سے کوششیں کرتا رہتا ہے اور ہر عبادت میں اس طرح دنیا پرستی کو شامل کردیتا ہے کہ انسان کو خود بھی پتہ نہیں چلتا۔ یہی وجہ ہے کہ قربانی جیسی اہم عبادت کو بھی محض ایک رسم اور تفاخر کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔ لوگ مہنگے سے مہنگے جانور کو خریدتے ہیں، ایک دوسرے کو اس کی قیمتیں بتاتے ہیں، اس پر فخر کرتے ہیں، جب کہ یہ محض ایک ظاہری علامت ہے۔ یہ درست ہے کہ قربانی کا جانور صحیح و سالم، تندرست اور آدمی کی اپنی آمدنی کے اعتبار سے بہتر ہونا چاہیے، لیکن محض دوسروں کو بتانے یا دکھانے کے لیے قربانی کے جانور کی قیمت کا چرچا کرنا کسی طور پر بھی درست نہیں ہے۔
قربانی کی عبادت ہر بندہ مومن کے دل میں سنت ابراہیمی کی نہ صرف یاد تازہ کرتی ہے، بلکہ اس کو اس سنت کے اوپر عمل کرنے کے لیے بھی ابھارتی ہے۔ جب بھی انسان شعوری طور پر کسی جانور کے کو ذبح کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو اس وقت وہ درحقیقت جانور کے گلے پر نہیں بلکہ اپنے نفس اور اپنی نفسانی خواہشات کے گلے پر چھری پھیرنے کی کوشش کرتا ہے اور قربانی کا یہی اصل مقصد اللہ تعالی کو مطلوب ہے، کیوں کہ اللہ تعالی بندے کے نفس کا تزکیہ اور اس کو دنیا پرستی سے نکال کر خدا پرستی کی طرف لانا چاہتا ہے۔
قربانی محض علامتی طور پر جانور قربان کر دینے کا نام نہیں ہے، بلکہ نفس پرستی اور دنیا پرستی قربان کرنے سے عبارت ہے۔ ہم سال در سال کتنے ہی قیمتی جانور قربان کرتے رہیں، مگر ہمارے دلوں کی حالت میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔ ہم ظاہری اعتبار سے سنت ابراھیمی کی پیروی کرتے رہیں اور خود کو ان کا سچا جانشین بھی سمجھتے رہیں، لیکن ہمارے دلوں میں ابراھیمی ایمان و اخلاص کی اتباع کا کوئی جذبہ بے دار نہ ہو تو یہ ہمارے ایمان کے لیے خطرے کی بات ہے۔ جب تک ہم ظاہری رسومات اور مناسک کی پیروی کو ہی دین جانتے رہتے ہیں، ہمارے نفوس اس ہدایت کی روشنی اور ایمانی حرارت سے محروم رہتے ہیں، جو بندہ مومن کی شخصیت کا امتیاز ہیں۔
اللہ تعالیٰ سورہ الحج میں خود فرماتا ہے:

لَنْ یَّنَالَ اللّٰهَ لُحُوْمُهَا وَ لَا دِمَآؤُهَا وَ لٰـكِنْ یَّنَالُهُ التَّقْوٰى مِنْكُمْؕ-كَذٰلِكَ سَخَّرَهَا لَكُمْ لِتُكَبِّرُوا اللّٰهَ عَلٰى مَا هَداكُمْؕ، وَ بَشِّرِ الْمُحْسِنِیْنَ. (37)

’’اللہ کے یہاں ہرگز نہ ان کے گوشت پہنچتے ہیں اور نہ ان کے خون، البتہ تمھاری طرف سے پرہیزگاری اس کی بارگاہ تک پہنچتی ہے۔ اسی طرح اس نے یہ جانور تمھارے قابو میں دے دیے تاکہ تم اس بات پر اللہ کی بڑائی بیان کرو کہ اس نے تمھیں ہدایت دی اور نیکی کرنے والوں کو خوش خبری دے دو۔‘‘
یہاں آیت کریمہ میں اخلاص، نیت اور تقوی کی اہمیت اجاگر ہو رہی ہے۔ کیوں کہ اگر قربانی کے پیچھے تقویٰ کا جذبہ نہیں، تو وہ محض ایک رسم بن کر رہ جاتی ہے۔ آیت کے اگلے حصے لِتُکَبِّرُوا ﷲَ سے واضح ہورہا ہے کہ جانوروں کو انسان کے تابع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ انسان اس نعمت پر اللہ کی بڑائی بیان کرے اور اس حقیقت کا اعتراف کرے کہ یہ سب کچھ اللہ کا عطا کردہ ہے۔

قربانی ایک عبادت ہے۔ ہم نے اسے صرف گوشت کھانے اور مختلف انداز کے پکوان بنانے تک محدود کردیا ہے۔ اس کا حقیقی پیغام ہماری نظروں سے اوجھل ہو چکا ہے، جب کہ بہ حیثیت مسلمان ہم جانتے ہیں کہ جس عبادت میں اخلاص اور تقوی نہ ہو وہ بنا مغز کے چھلکے اور بغیر روح کے جسم کی طرح ہے۔ حکم خداوندی کی بلا چون و چراں اطاعت کے ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ عشقِ الٰہی میں عقل کی مصلحت پسندیوں کو پیچھے چھوڑ دینا ہی معراج بندگی ہے۔
قول اقبال:

گزر جا عقل سے آگے کہ یہ نور
چراغ راہ ہے منزل نہیں ہے

آج جب ہم غزہ اور ایران کی ہمت اور قربانیوں کو دیکھ رہے ہیں تو ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ اپنے ایمان و عقیدہ اور حقوق کی بازیافت کے لیے خود کوشش کرنی ہوتی ہے۔ زندہ انسان اور قومیں اپنی آزادی اور حقوق کی جنگ خود لڑتے ہیں۔ دشمن کی طاقت و قوت اور تمام تر ظلم و ستم ان کی ہمت اور حوصلے کو توڑنے میں ناکام رہتے ہیں۔ وہاں کے لوگ جو قربانیاں پیش کررہے ہیں وہ کسی طلسماتی کہانی کا کردار نہیں، بلکہ ہماری طرح گوشت پوست کے انسانوں کا مثالی کردار ہے۔ ان کا ایمان، صبر و استقلال اور قربانیاں ان کو غیر معمولی انسانوں میں شامل کر رہی ہیں، جو وقت کے دھارے کو بدلنے اور تاریخ میں زندہ رہنے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔
آج انسانی تاریخ کے جس عہد میں ہم سانس لے رہے ہیں وہ ایک نئی کروٹ لینے کے لیے تیار ہو رہا ہے اور اس کے آثار و قرآئن صاحب بصیرت افراد کو دکھائی دے رہے ہیں۔ وقت کے اس دورانیہ میں ہم اپنی زندگی میں ابراھیمی نظر اور ایمان کس درجہِ پیدا کر پاتے ہیں، یہی ہمارا امتحان بھی ہے اور شخصیت سازی کا ذریعہ بھی۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے