حالیہ جنگ : بدلتا ہوا عالمی ،سیاسی و معاشی منظر نامہ

فلسطین کا مسئلہ محض زمین کے ایک ٹکڑے پر دو قوموں کے درمیان تنازع نہیں، بلکہ یہ ایک صدی پر محیط ایسا تاریخی، سیاسی اور انسانی بحران ہے، جس نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی نظام کی تشکیل و تبدیلی میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس تنازعے کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے محض حالیہ واقعات کی روشنی میں نہیں، بلکہ اس کے گہرے تاریخی پس منظر، نوآبادیاتی سیاست، عالمی طاقتوں کے مفادات، علاقائی کشمکش اور جدید عسکری تصادم کے تناظر میں دیکھا جائے۔ یہی جامع زاویہ ہمیں اس مسئلے کی پیچیدگی اور اس کے حل کی دشواری کا حقیقی ادراک فراہم کرتا ہے۔
اگر ہم تاریخ کے اوراق پلٹیں تو معلوم ہوتا ہے کہ فلسطین صدیوں تک مختلف تہذیبوں اور سلطنتوں کا مرکز رہا، مگر سلطنتِ عثمانیہ کے دور میں اس خطے نے ایک خاص نوعیت کا سماجی توازن دیکھا۔ 1516ء سے 1917ء تک عثمانی اقتدار کے تحت فلسطین ایک ایسا خطہ تھا، جہاں مختلف مذاہب اور نسلوں کے لوگ ایک سیاسی نظم کے اندر نسبتاً پرامن بقائے باہمی کے ساتھ رہتے تھے۔ اس دور میں عرب مسلمانوں کی واضح اکثریت تھی، جب کہ یہودی ایک محدود اقلیت کے طور پر موجود تھے۔ تاہم انیسویں صدی کے اواخر میں یورپ میں ابھرنے والی صہیونی تحریک نے اس توازن کو بہ تدریج تبدیل کرنا شروع کیا۔ اس تحریک کا بنیادی مقصد ایک ایسی یہودی قومی ریاست کا قیام تھا جو تاریخی فلسطین کی سرزمین پر قائم ہو۔
یہ وہ مرحلہ تھا جہاں مذہبی شناخت نے سیاسی قومیت کی شکل اختیار کی اور یورپ میں یہودیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصبات اور بالخصوص نازی دور کے مظالم نے اس تحریک کو مزید تقویت دی۔ اسی دوران یہودیوں کی فلسطین کی طرف ہجرت میں اضافہ ہوا، جس نے مقامی آبادی کے ساتھ تناؤ کو جنم دیا۔ مگر اس پورے عمل میں سب سے اہم کردار برطانیہ کی نوآبادیاتی پالیسیوں نے ادا کیا۔ پہلی جنگِ عظیم کے دوران اور اس کے بعد برطانیہ نے ایک ہی خطے کے بارے میں مختلف فریقوں سے متضاد وعدے کیے۔ عربوں سے آزادی کا وعدہ، فرانس کے ساتھ خفیہ تقسیم اور یہودیوں کے لیے قومی وطن کی حمایت۔ 1917ء کا وعدہ بالفور درحقیقت اسی تضاد کی علامت تھا، جس نے فلسطین کے مستقبل کو ایک ایسے بحران میں ڈھکیل دیا جس کے اثرات آج تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
برطانوی انتداب کے دوران یہودی آبادکاری میں مسلسل اضافہ ہوا، جس سے مقامی عرب آبادی میں بے چینی اور مزاحمت پیدا ہوئی۔ بالآخر جب برطانیہ اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہا تو اسے اقوام متحدہ کے سپرد کر دیا گیا، جس نے 1947 میں تقسیم کا منصوبہ پیش کیا۔ اس منصوبے کے تحت زمین کی تقسیم آبادی کے تناسب کے برعکس تھی، جسے عرب قیادت نے مسترد کر دیا۔ تاہم 14 مئی 1948ء کو اسرائیل کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ ایسا دور جسے فلسطینی ’’نکبہ‘‘ یعنی عظیم تباہی کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
نکبہ صرف ایک سیاسی واقعہ نہیں، بلکہ ایک انسانی المیہ تھا۔ لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے، سینکڑوں دیہات مٹا دیے گئے اور ایک پوری قوم مہاجرت، بے وطنی اور شناخت کے بحران میں مبتلا ہو گئی۔ یہ وہ زخم ہے جو آج بھی فلسطینی اجتماعی شعور کا حصہ ہے۔ اس کے بعد آنے والی جنگوں؛ 1948ء، 1967 اور 1973 نے نہ صرف جغرافیائی نقشہ تبدیل کیا، بلکہ اس تنازعے کو مزید گہرا کر دیا۔ خاص طور پر 1967ء کی جنگ نے اسرائیل کو مغربی کنارے، غزہ اور مشرقی یروشلم پر کنٹرول دے دیا، جس کے بعد سے یہ علاقے مستقل کشیدگی اور تصادم کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
عرب دنیا کا ردعمل بھی وقت کے ساتھ بدلتا رہا۔ ابتدائی طور پر عسکری مزاحمت غالب تھی، مگر بعد میں سفارتی راستے اختیار کیے گئے۔ مصر اور اردن کے ساتھ امن معاہدے اور حالیہ برسوں میں بعض عرب ممالک کی اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن اس تبدیلی کی علامت ہیں۔ تاہم یہ عمل عرب عوام کے جذبات سے ہم آہنگ نہیں رہا، جس کی وجہ سے خطے میں ریاستی مفادات اور عوامی ہم دردیوں کے درمیان ایک داخلی تضاد پیدا ہوا۔
دوسری طرف، مغربی طاقتوں کا کردار اس تنازعے میں انتہائی فیصلہ کن رہا ہے۔ امریکہ اور یورپ نے مختلف وجوہات کی بنیاد پر اسرائیل کی بھرپور حمایت کی ہے، جن میں تاریخی احساسِ جرم، جیو پولیٹیکل مفادات اور مشرقِ وسطیٰ میں اسٹریٹیجک برتری شامل ہیں۔ اس حمایت نے نہ صرف اسرائیل کو عسکری برتری دی، بلکہ سفارتی سطح پر بھی اسے تحفظ فراہم کیا، جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی قرار دادیں اکثر غیر مؤثر ثابت ہوئیں۔ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور یک طرفہ امن منصوبہ پیش کرنا، اسی پالیسی کا تسلسل ہے، جنہیں فلسطینیوں نے اپنے حق کی بنیاد پر ہمیشہ ٹھکرایا تھا۔
ایران کا کردار اس تنازعے میں ایک نئی جہت کے طور پر سامنے آیا، خاص طور پر 1979ء کے انقلاب کے بعد۔ ایران نے اسرائیل کے خلاف سخت موقف اختیار کیا اور خطے میں مختلف مزاحمتی گروہوں کی حمایت کے ذریعے اپنی پالیسی کو عملی شکل دی۔ یہ حکمت عملی براہِ راست جنگ سے بچتے ہوئے ایک پراکسی تصادم کو فروغ دیتی ہے، جس نے پورے خطے کو ایک مستقل کشیدگی کی حالت میں رکھا ہوا ہے۔
حالیہ برسوں میں یہ کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست جنگ نے مزید تباہی پھیلا دی ہے۔ اگرچہ اس نوعیت کی کسی بھی جنگ کی تفصیلات متنازع ہو سکتی ہیں، مگر یہ حقیقت واضح ہے کہ اس کشیدگی نے عالمی سطح پر توانائی، معیشت اور سیاست کو متاثر کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ، عالمی تجارت میں رکاوٹیں اور نئی جیو پولیٹیکل صف بندی اس کے نمایاں اثرات ہیں۔ دنیا ایک بار پھر مختلف بلاکس میں تقسیم ہوتی نظر آ رہی ہے، جہاں امریکہ اور یورپ ایک طرف ہیں جب کہ روس، چین اور ایران دوسری جانب۔
یہ تمام عوامل اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فلسطین کا مسئلہ اب محض ایک علاقائی تنازع نہیں رہا، بلکہ یہ عالمی نظام کے توازن کا ایک اہم جزو بن چکا ہے۔ اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں، بلکہ عالمی معیشت، سفارت کاری اور عسکری حکمت عملیوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر نئی کشیدگی یا جنگ عالمی سطح پر ایک بحران کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
مستقبل کے حوالے سے صورت حال مزید پے چیدہ دکھائی دیتی ہے۔ ایک طرف اسرائیل کی پالیسیوں میں توسیع پسندی کے رجحانات دیکھے جا رہے ہیں، جب کہ دوسری طرف فلسطینی قیادت کی داخلی تقسیم اور عالمی حمایت کی کمی نے ان کی جدوجہد کو کم زور کیا ہے۔ دو ریاستی حل، جو کبھی ایک قابلِ عمل راستہ سمجھا جاتا تھا، اب عملی طور پر کم زور پڑتا نظر آرہا ہے۔ ایسے میں ایک منصفانہ اور پائے دار حل کی تلاش مزید مشکل ہو گئی ہے۔
اس پورے منظرنامے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ تنازعہ ہمیں طاقت اور انصاف کے درمیان بنیادی فرق کی یاد دلاتا ہے۔ تاریخ بارہا یہ ثابت کر چکی ہے کہ طاقت کے ذریعے زمین حاصل کی جا سکتی ہے، مگر پائے دار امن صرف انصاف کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جب تک فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق؛ زمین، شناخت اور خودارادیت کو تسلیم نہیں کیا جاتا، اس تنازعے کا کوئی حقیقی حل سامنے نہیں آ سکتا۔
فلسطین کا مسئلہ ایک آئینہ ہے جس میں عالمی سیاست، نوآبادیاتی ورثہ، مذہبی شناخت اور انسانی حقوق کے تصورات ایک دوسرے سے ٹکراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو نہ صرف تاریخ کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے، بلکہ مستقبل کی سمت کا تعین بھی کر رہا ہے۔ اگر دنیا واقعی ایک پُرامن اور مستحکم عالمی نظام کی خواہاں ہے تو اسے اس تنازعے کو محض ایک سیاسی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک انسانی اور اخلاقی چیلنج کے طور پر دیکھنا ہوگا۔ کیوں کہ جب تک انصاف کا قیام نہیں ہوتا، یہ بحران نہ صرف جاری رہے گا، بلکہ وقت کے ساتھ مزید پے چیدہ اور خطرناک ہوتا جائے گا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے