اس مضمون کو لکھنے کے لیے ڈاٹا اسٹڈی کیا تو یوں محسوس ہوا کہ بولنے اور لکھنے والے مردہ قبروں پر دستک دے رہے ہیں، جہاں سڑتے گلتے ڈھانچے میں زندگی کی رمق ہی نہیں ہے۔ ہر سال کم عمر بچیوں کی لٹتی عصمتوں کا تناسب دل کو درد سے بھردیتا ہے۔ ہر آنے والے سال میں جنسی زیادتی کا تناسب یہ احساس دلاتا ہے کہ انسانی شعور بڑھ رہا ہے، لیکن خواتین میں عدم تحفظ کے اعتبار سے ملک میں پستی ہی پستی نظر آتی ہے۔ بڑی دل خراش تھیں وہ چیخیں جو بڈگام میں ایک لڑکی کی ماں کی تھیں۔ وہ ایک ماں کا درد نہیں ساری انسانیت کا درد ہے۔
بڈگام ضلع کے گلواں پورہ گاؤں میں 12 سالہ لڑکی (ایک ASI کی بیٹی) 23 مئی کو گھر سے لاپتہ ہوئی۔ اگلے دن اس کی لاش گھر سے صرف 200 میٹر دور ملی۔ پوسٹ مارٹم میں ریپ اور قتل کی تصدیق ہوئی۔ مجرم پڑوسی ہی ہوس پرست تھا۔ اجتجاج ہورہا ہے علاقے میں اور مجرم کے خلاف غم و غصے کا ماحول ہے۔
21 مئی 2026 ءکو سُلور علاقے میں 10 سالہ بچی کا اغوا، جنسی زیادتی اور قتل ہوا۔ یہ کیس بہت حساس بنا، کیوں کہ پولیس کی پریس کانفرنس کا ویڈیو وائرل ہوا جس میں افسران ہنستے نظر آئے، جس پر شدید تنقید ہوئی۔ پورے تمل ناڈو میں غم و غصہ تھا، پولیس کے رویے پر سوالات اٹھے۔
وہیں ولاتھی کلم (تمل ناڈو) 12ویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی اور بعد ازاں قتل کا واقعہ سامنے آیا۔ ایک 12ویں کلاس کی لڑکی کے ساتھ ریپ ہوا اور بہت بربریت سے قتل کیا گیا۔ مجرم کو ایک کم عمر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے جرم میں POCSO کے ذریعے دوہرے موت کی سزا سنائی گئی۔
سارن ضلع بہار کے پتی شیتل گاؤں میں 11 مارچ 2026ء کو 5 مردوں نے 16 سالہ راجپوت کمیونٹی کی لڑکی کا گینگ ریپ کیا، پھر زندہ کنویں میں پھینک دیا۔ لڑکی کی موت ہوگئی۔
دہلی میں 21 سالہ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کی واردات سامنے آئی۔ کیلاش ہل امر کالونی سے اس خاتون کا تعلق تھا۔ یہ 21 سالہ خاتون IRS افسر کی بیٹی تھی جس کا بے دردی سے قتل کیا گیا۔ ملزم 19 سالہ لڑکا ہے جس کو گرفتار کیا گیا۔ یہ شخص سیریل آفنڈر نکلا۔ اس نے چند گھنٹے پہلے راجستھان کے الور میں بھی ایک خاتون کے ساتھ ریپ کیا تھا۔ آپ اس بچے کی عمر دیکھیے اور 24 گھنٹے میں اس کی دو گھناؤنی واردات دیکھیے۔
اسی طرح گروگرام ہریانہ میں 3 سالہ بچی کا ریپ، قتل اور جسم کو گڑھے میں دفنانے کا کیس بھی 2026ء میں سامنے آیا۔
قومی جرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) کے مطابق ہر سال ہزاروں ریپ اور جنسی تشدد کے مقدمات درج ہوتے ہیں، جب کہ ماہرین کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے، کیوں کہ بدنامی، خوف اور معاشرتی دباؤ کی وجہ سے بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں کیے جاتے۔
دکن ہیرالڈ کے مطابق اگست 2024ء میں کولکاتا کے سرکاری اسپتال، R. G. Kar Medical College and Hospital میں 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش اسپتال کے سیمینار ہال سے ملی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کے جسم پر شدید تشدد کے آثار تھے اور جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی۔
تحقیقات کے مطابق خاتون رات کی ڈیوٹی کے بعد آرام کے لیے سیمینار روم میں گئی تھی۔ اگلی صبح ساتھی ڈاکٹروں نے اسے مردہ حالت میں پایا۔ ابتدائی طور پر ایک سول رضاکار سنجے رائے کو گرفتار کیا گیا۔ واقعے کے بعد پورے ہندوستان میں ڈاکٹروں نے احتجاج کیا، ہڑتالیں ہوئیں اور اسپتالوں میں خواتین کی سکیورٹی پر شدید سوالات اٹھے۔
اتر پردیش کے شہر وارانسی میں 19 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر کئی دن تک اجتماعی زیادتی کی گئی۔ متاثرہ لڑکی کے اہلِ خانہ کے مطابق اسے نشہ آور مشروب پلایا گیا اور مختلف مقامات پر لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 20 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔ بعض ملزمان پر الزام تھا کہ انھوں نے ویڈیوز بناکر متاثرہ کو بلیک میل بھی کیا۔ اس کیس نے پورے ملک میں خواتین کے تحفظ اور نوجوان لڑکیوں کے استحصال کے مسئلے پر بحث چھیڑ دی۔
تھرس کے ایک گاؤں میں 19 سالہ دلت لڑکی کھیت میں چارہ لینے گئی تھی جہاں اس پر حملہ ہوا۔ خاندان کے مطابق چار افراد نے اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور شدید جسمانی تشدد کیا۔
متاثرہ لڑکی کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر ہوئی۔ وہ کئی دن دہلی کے اسپتال میں زیرِ علاج رہی، لیکن بعد میں وفات پاگئی۔ سب سے زیادہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب پولیس نے رات کے وقت خاندان کی اجازت کے بغیر آخری رسومات ادا کردیں۔ پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
2024ء کے مقابلہ 2026ء کا تناسب ہراسانی، جنسی زیادتی اور قتلکے معاملات میں بڑھتا ہوا نظر آتا ہے۔ یہ معلومات عوامی طور پر دستیاب نیوز رپورٹس پر مبنی ہیں جو صرف مئی 2026ء تک ہے، حقیقی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے، کیوں کہ بہت سے کیسز رپورٹ نہیں ہوتے ہیں۔ NCRB کی 2024ء کی رپورٹ کے مطابق جرائم کی تعداد اب بھی بہت زیادہ ہے، لیکن 2025-26 کی مکمل رپورٹ ابھی جاری نہیں ہوئی۔
بہت سے کیسز میں معروف لوگ (پڑوسی، رشتہ دار) ملوث ہوتے ہیں۔
عدالتی کاروائی کا Conviction rate اب بھی کم تقریباً %27-28 ہے، کیسز میں تاخیر عام ہے۔
یہ کیسز بتاتے ہیں کہ مسئلہ جاری ہے، خاص طور پر بچیوں کے ساتھ۔ حکومت کی طرف سے Fast Track Courts، POCSO ایکٹ اور Nirbhaya Fund جیسے اقدامات ہیں، لیکن نفاذ (implementation)، پولیس کی حساسیت اور سماجی تبدیلی کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
ہندوستان میں خواتین اور بچیوں کے خلاف جنسی جرائم کے اعداد و شمار مسلسل تشویش کا باعث رہے ہیں۔ قومی جرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) کی رپورٹس کے مطابق ہر سال ہزاروں ریپ اور جنسی تشدد کے مقدمات درج ہوتے ہیں، جن میں بڑی تعداد نابالغ بچیوں کی بھی شامل ہوتی ہے۔
2021ء میں ہندوستان بھر میں تقریباً 31,677 ریپ کیسز درج کیے گئے، یعنی اوسطاً روزانہ 86 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں تقریباً 89 فیصد واقعات ایسے تھے جن میں ملزم متاثرہ خاتون یا بچی کا کوئی قریبی شخص ہی تھا۔
2022ء میں خواتین کے خلاف جرائم کے 4,45,256 مقدمات درج ہوئے۔ ان جرائم میں ریپ کے کیسز تقریباً 7.1 فیصد تھے، جب کہ اغوا، جنسی ہراسانی اور گھریلو تشدد کے واقعات بھی نمایاں رہے۔ یو پی ایس سی کرنٹ افئیر 2025ء اور 2024ء کی NCRB رپورٹ کے مطابق خواتین کے خلاف جرائم کے تقریباً 4.41 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔ خواتین کے خلاف تشدد اور جنسی جرائم اب بھی ایک بڑا سماجی مسئلہ ہیں۔
حکومتی اقدامات
کسی بھی معاشرے کی اصل ترقی اُس وقت ممکن ہوتی ہے، جب اُس کی عورتیں اور بچیاں خود کو محفوظ محسوس کریں۔ اگر ایک بچی خوف میں زندگی گزار رہی ہو تو یہ صرف ایک خاندان نہیں بلکہ پورے سماج کی ناکامی ہوتی ہے۔
حکومتِ ہند کو چاہیے کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ ہر ضلع میں فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں، پولیس نظام کو جدید تربیت دی جائے، تعلیمی اداروں میں سیفٹی پالیسی لازمی بنائی جائے، اور POCSO قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ سوشل میڈیا بلیک میلنگ، آن لائن ہراسمنٹ اور منشیات کے استعمال کے خلاف بھی مؤثر کارروائی ضروری ہے۔
میڈیا کا رول
میڈیا کی جانب سے پیش کی جانے والی گفتگو ہمیشہ حکومت کے مناسب یا نامناسب رویے پر ہوتی ہے۔ اس طرح میڈیا سیاست کی کنیز بن کر رہ جاتا ہے اور بھانت بھانت کی بولیاں سوشل میڈیا میں گونجنے لگتی ہیں۔ میڈیا کی پالیسی میں ہمیشہ بے کس مظلوم، کمزور، اور ضرورت مندوں کی آواز کو شامل کرنا چاہیے۔ ان مظلوموں کا تصور کریں کہ بچیاں لمحہ لمحہ جوڑ کر بڑی کی جاتی ہیں۔ ایک لمحہ لگتا ہے ان کی عصمت و عفت کو پامال کرکے قتل کردیا جاتا ہے۔ ان کے گھروں میں قبرستان کا سا سناٹا اتر جاتا ہے۔ دل ہمیشہ کے لیے زخموں سے چور ہوجاتا ہے۔ کتنی بچیاں اس انجام سے سہم جاتی ہیں! کتنے والدین بچیوں کی پرورش پر عدم تحفظ کا شکار ہوجاتے ہیں! ایسے ایشوز سے توجہ ہٹنے نہ دیں۔ میڈیا اپنی آواز اتنی اٹھائے کہ ایوان بالا ہل جائیں، حکومت خاطر خواہ اقدامات پر عمل در آمد کرنے لگے۔ صرف واقعے ذکر کرکے میڈیا میں خاموشی نہیں ہونی چاہیے۔
والدین، اساتذہ اور مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داریاں
لڑکیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا والدین، اساتذہ اور سماجی جہد کار کی بھی ذمہ داری ہے۔ بچپن سے بچیوں میں بچوں کو ’’گڈ ٹچ‘‘ اور ’’بیڈ ٹچ‘‘ کے بارے میں آگاہی دینا، مارشل آرٹس کی ٹریننگ دینا، لوگوں کے ان ٹینشن کو سمجھنے کے لیے کسی اجنبی یا قریبی مرد پر اعتبار نہ کرنا سکھانا، لڑکیوں کو قانونی مدد تک رسائی فراہم کرنا اور متاثرین کو بدنام کرنے کے بجائے ان کی حمایت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ساتھ ہی کسی دوسری مظلوم لڑکی کی آواز بلند کرنے میں پیش پیش رہنا بھی ضروری ہے۔ سماج کی گندگی کسی ایک تک محدود نہیں رہتی، یہ ہر سیک کو لپیٹ میں لیتی ہے۔
بچیوں کو باقاعدہ اپنا تحفظ سکھانا ایک اہم ترین کام ہے۔ ذاتی ڈرائیو پر، ٹرانسپورٹ میں، بس میں سفر کرنے، نیز اسکول کی بس کے کلینر، ڈرائیور سے دوری بنانے کے ساتھ والدین مکمل تحفظ کا انتظام کریں۔ بچیوں کو گھر میں محبت بھرا ماحول دیں کہ وہ کسی شرارت کرنے والے کے رویے کو آسانی سے والدین سے شئیر کرسکیں۔ کئی بچیاں والدین کے خوف کے سبب اپنے ساتھ کی گئی بدتمیزی کا ذکر نہیں کرپاتی ہیں۔
رول آف سوشل میڈیا
سوشل میڈیا پر جنس زدہ مواد کے سبب بہت کم عمر میں بچے جذبات پر گرفت کمزور کرلیتے ہیں۔ ہمیں جہاں بچیوں کے تحفظ پر بات کرنی چاہیے، وہیں سماج میں ہوس زدہ، بے راہ روی کا شکار اور جذباتی طور پر ظالم و جابر اور سفاک رویے والے مجرم کی دماغی صحت کو بے نقاب کرنے پر بھی غور کرنا چاہیے۔ اس لیے ایسے گیمز پر بھی حکومت کو پابندی لگانا چاہیے جو جنسی جذبات بھڑکانے والی اور بے حیائی، جنسی انارکی اور اباحیت پسندی سے مملو ہو۔ اسکول کے اساتذہ اور بچوں کے اسٹوری رائٹرز اور مقررین بھی بچوں میں خواتین سے متعلق رویے پر بات کریں اور سیف باونڈریز بنانا سکھائیں۔ ایسے کارٹونز اور ویب سیریز سے بچوں کو دور رکھیں اور انھیں جذباتی ذہانت کو اپنانے والا بنائیں۔
٭ ٭ ٭


جب ملک میں شاد ونا در ہی ریپ کے واقعات ہوا کرتے تھے اس دور میں ماہانہ حجاب میں۔ ایک افسانہ شائع ہوا تھا غالباً عنوان تھا پرس میں چاقو ۔۔۔ اپنی ایک سہیلی سے ملاقات کے دوران
پرس میں سے کوئی چیز لیتے ہوئے ۔۔ نظر چاقو پر پڑتی ہے ۔۔۔ تب سبب معلوم ہوتا ہے کہ ۔۔۔۔۔
اسکی ایک سہیلی کے ساتھ جب وہ گھر میں تنہا تھی ۔۔۔ ایک شخص کی زیادتی کا شکار ہوجاتی ہے ۔۔ اور وہ اس وقت بڑی ہمت سے کام لے کر اسے پلنگ پر بیٹھنے کا اشارہ کر کے باتھ روم سے آنے کا کہہ کر ۔۔ دوسرے کمرے میں جاتی ہے ۔۔ اور لوٹ کر آتے ہی لایٹ کے کر دیتی ہے اور پھر ایک چینخ نکلتے ہے ۔۔۔ کمرے میں روشنی ہوتی ہے ۔۔۔
سہیلی کے ہاتھ میں چاقو ہے اور بستر پر خون میں لت پت وہ شخص دم توڑ رہا ہے ۔
خود ہی پولس کو فون کرکے بستر پر پڑی لاش پولس کے حوالے کرتی ہے یہ کہہ کر کہ عزت لوٹنے آیا تھا ۔۔ میں نے اپنی عزت بحالی ۔ آپ پنچ نامہ کریں
اور مجھ پر مقدمہ ۔۔۔۔ اور ۔۔۔۔۔ اور ۔۔۔ پہلی ہی پیشی میں نہایت مضبوط دلائل سننے کے بعد جج ن صاحب ے باعزت بری کر دیا ۔۔۔
اسکی سہیلی نے بتایا تب سے میرے پرس میں ہمیشہ چاقو رہتا ہے ۔
” پرس میں چاقو ” افسانہ ماہنامہ حجاب رامپور
تاریخ و سن یاد نہیں پرانی فایلوں میں شاید مل جائے ۔
Jazakallah Khairan kasira واقعی ایک عمدہ دور جب مسائل خال خال ہی ہوا کرتے تھے لیکن اب بڑے پیمانے میں لڑکیوں کی تعلیم تحریک نے پہلے اسکول دہلیز پھر کالج اور یونیورسٹی کی اور اب جاب اور معیشت کی دوڑ میں عورت نکل آئی ہے ۔ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں تبدیلی ساتھ لاشم ہے کہ اقدار کی تربیت اور تہذیب و تمدن پر ںھی توجہ دی جاتی نصاب سے مغربی تعلیم کے ساتھ اس کلچر کو نہ آنے دیا جاتا لیکن یہ سیلاب آیا اور اس سیلاب بلا خیز نے انسان کو خصوصا خواتین کو ایک ابجیکٹ بنادیا اور انسانی قدروں کو پائمال کرنا فیشن بن گیا ، انسانیت دم توڑ گئی ، حیوانیت اور درندگی کا کوئی سدباب نظر ہی نہیں آرہا ۔