کتاب : خاندانی مسرتوں کے راز
فیملی کونسلنگ گائیڈ بک
خاندان کے ماحول کو سکون اور لطف سے معمور بنانے کے لیے ذہن سازی کی بڑی اہمیت ہے۔ خاندان کے مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کے لیے بروقت کوشش ضروری ہوتی ہے۔ شادی سے لے کر بچوں کی پیدائش اور تعلیم وتربیت تک قدم قدم پر رہنمائی مطلوب ہوتی ہے۔ خاندان کو درپیش مشکل حالات میں مشاورت کی اہمیت سے بھی کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ فیملی کونسلنگ ان سب ضرورتوں کی تکمیل کا نام ہے۔ فیملی کونسلنگ کی ایک صورت یہ ہوتی ہے اور کبھی وہ ناگزیر ہوجاتی ہے کہ پروفیشنل کونسلر کی خدمات حاصل کی جائیں۔ لیکن ظاہر ہے کہ یہ خدمات سب کو میسر نہیں ہوتی ہیں۔اور پروفیشنل کونسلر کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے اس کے پاس جانا ضروری ہوتا ہے، جس کے لیے تمام متعلق لوگوں کو آمادہ کرنا آسان نہیں ہوتا ہے۔فیملی کونسلنگ کی بہترین صورت یہ ہے کہ ہر ہر خاندان میں اس فن سے واقفیت رکھنے والے لوگ پیدا ہوجائیں، اور وہ رضا کارانہ طور پر خود آگے بڑھ کر اپنے گھر اور خاندان میں بہتر سوچ اور خوش گوار ماحول بنانے کی مسلسل کوشش کریں۔ قرآن مجید میں اس کے لیے واضح اشارے ملتے ہیں۔ اس کتاب کی مصنّفہ ڈاکٹر نازنین سعادت صاحبہ کا تعلیمی پس منظر یوں تو سائنس کا ہے۔ انھوں نےSRTM یونی ورسٹی ناندیڑ سے ماحولیاتی سائنس (Environmental Science) میں M.Sc. اورPh.D. کی ہے ۔ اس کے بعد اسی مضمون میں 2008ء سے تدریس کی خدمت انجام دے رہی ہیں اور تحریر و تصنیف کا بھی کام کیا ہے ۔ لیکن ان کی خصوصی دل چسپی کونسلنگ سے ہے ۔ اسی دل چسپی کی وجہ سے انھوں نے اس کے متعدد کورس کیے ہیں اور اب عملی طور پر اس میدان میں سرگرم ہیں اور کونسلنگ کی خدمت انجام دیتی ہیں ۔ اس موضوع پر انھوں نے اردو زبان میں لکھنے کا سلسلہ چند برس پہلے شروع کیا تھا ۔ ان کے مضامین طالبات اور خواتین کے مشہور رسالے ماہ نامہ ’حجابِ اسلامی‘ نئی دہلی میں شائع ہوتے رہے ہیں ۔ انہی مضامین کو اب کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر نازنین سعادت کی کتاب “خاندانی مسرتوں کے راز۔فیملی کونسلنگ گائیڈ بک”، ایک انوکھی اور عمدہ کوشش ہے، گھر گھر خاندانی رہنمائی اور مشاورت کے فن اور طریقوں سے واقف مرد اور خواتین تیار کرنا اس کتاب کا خاص مقصد ہے اور یہی اس کتاب کا امتیاز ہے۔ اس کتاب میں شامل مضامین کو چار (4) ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ باب اوّل میں ان مضامین کو رکھا گیا ہے جو ازدواجی زندگی سے متعلق ہیں ۔ ان میں نکاح سے قبل کی الجھنوں کو رفع کیا گیا ہے ، خوش گوار ازدواجی زندگی کی تدابیر بتائی گئی ہیں ، زوجین کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کیسے دور کیے جائیں؟ اس سلسلے میں رہ نمائی کی گئی ہے اور طلاق کے بچوں پر پڑنے والے بُرے اثرات سے ہوشیار کیا گیا ہے ۔ باب دوم میں افرادِ خاندان کے درمیان تعلقات کی نزاکتوں پر اظہارِ خیال کیا گیا ہے ، ان کے نفسیاتی مسائل سُلجھائے گئے ہیں اور تنازعات پیدا ہونے پر ان کا ازالہ کرنے کی صورتیں بتائی گئی ہیں ۔ باب سوم کا عنوان ’بچوں کی تربیت‘ ہے ۔ اس میں دورانِ حمل عورتوں کی نفسیات ، چھوٹے بچوں کی الجھنوں ، نو عمر لڑکوں اور لڑکیوں کے مسائل اور بچوں کی اپنے والدین سے بدسلوکی کے اسباب سے بحث کی گئی ہے ۔ باب چہارم کونسلنگ پر ہے ۔ اس میں فنِ کونسلنگ کا تعارف کرانے کے ساتھ اس کی ضرورت و اہمیت اور طریقہ بتایا گیا ہے اور کیریر کونسلنگ پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے ۔ اس کتاب کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ اسے ایک تجربہ کار خاتون نے لکھا ہے، جو کونسلنگ کے جدید طریقوں سے اچھی طرح واقف ہیں، قدیم روایتی طریقوں سے بھی آگاہ ہیں، اور زندگی گزارنے کے لیے قرآن وسنت کی تعلیمات کو اصل ماخذ سمجھتی ہیں۔ اس کتاب میں ہر گھر کی تصویر نظر آتی ہے۔ اور یہ کتاب ہر گھر کی ضرورت ہے۔
اس کتاب کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ اسے ایک تجربہ کار خاتون نے لکھا ہے، جو کونسلنگ کے جدید طریقوں سے اچھی طرح واقف ہیں، قدیم روایتی طریقوں سے بھی آگاہ ہیں، اور زندگی گزارنے کے لیے قرآن وسنت کی تعلیمات کو اصل ماخذ سمجھتی ہیں۔
Comments From Facebook

1 Comment

  1. Aari

    مصنفہ کو اللہ جزائے خیر عطا فرمائے
    مجھے یہ کتاب بہت ہی اچھی لگی،
    میں اس طرح کا کورس کرنا چاہتا ہوں

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۱