’’مما، آج پھر سے سبزی روٹی؟ میں یہ سبزی روٹی نہیں کھاؤں گا، آپ مجھے پاستہ بنا دیں۔‘‘
’’بیٹا، کل ہی تو آپ نے نوڈلز کھائے تھے۔ آج پھر سے پاستہ؟ دیکھو بیٹا، روزآنہ جنک فوڈ کھانے سے آپ کی صحت خراب ہو سکتی ہے۔ اس کا آپ کی صحت اور جسم پر برا اثر پڑے گا۔‘‘
’’جو بھی ہو مما، میں یہ سبزی روٹی نہیں کھا سکتا۔ مجھ سے دال روٹی یا سادہ چاول نہیں کھائے جاتے۔ پلیز، مجھے پاستہ یا سینڈوچ بنا دیں، ورنہ میں کھانا نہیں کھاؤں گا۔‘‘
’’ٹھیک ہے بیٹا، سینڈوچ ہی بنا دیتی ہوں۔‘‘
یہ عمر اور اس کی مما کی روز کی کہانی تھی۔ عمر آئے دن نئے کھانے کی فرمائش کرتا اور مما سے زبردستی اپنی پسند کی چیزیں بنواتا۔ قریب بیٹھے ابو یہ ساری باتیں سن رہے تھے۔ انہوں نے عمر کے کھانے کا انتظار کیا۔ جب عمر نے کھانا کھا لیا اور اپنا ہوم ورک مکمل کرکے بیڈ پر لیٹا، تو اس نے حسبِ معمول آواز لگائی:
’’مما، مجھے کہانی سنائیں!‘‘
عمر کی روزآنہ عادت تھی کہ وہ سونے سے پہلے اپنی ماما سے کہانی سنتا تھا۔ عمر ویسے تو ایک اچھا بچہ تھا، لیکن کچھ دنوں سے جنک فوڈ کھانے کا بہت شوقین ہو گیا تھا۔ اسکول کے بچوں کے ٹفن دیکھ کر اور کارٹونز میں اشتہارات دیکھ کر، اسے ہر روز جنک فوڈ کھانے کا دل کرتا تھا، جس کی وہ مما سے فرمائشیں بھی کرنے لگا تھا۔ آج اس کے ابو نے کہا:
’’آج عمر کو میں کہانی سناؤں گا۔‘‘
پھر انہوں نے کہانی شروع کی:
’’بیٹا، آج میں آپ کو موسیٰ علیہ السلام اور بنی اسرائیل کی قوم کی کہانی سناتا ہوں۔‘‘
’’وہی قوم نہ، جسے فرعون سے اللہ تعالیٰ نے نجات دی تھی؟‘‘ عمر نے فوراً پوچھا۔
’’ہاں بیٹا، وہی قوم۔‘‘ ابو نے جواب دیا۔
’’اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کو بہت سی نعمتیں عطا کیں اور ان کی مختلف طریقوں سے مددبھی کی۔ ان نعمتوں میں سے ایک نعمت یہ بھی تھی کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے آسمان سے کھانے نازل کیے۔‘‘
’’آسمان سے کھانے؟‘‘عمر نے حیرت سے پوچھا!
’’ہاں، ان کے لیے آسمان سے طرح طرح کے کھانے آتے تھے۔ ان میں میٹھا، نمکین، پرندوں کا گوشت اور شہد جیسی چیزیں شامل تھیں۔ وہ لوگ کئی دنوں تک ان نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ لیکن بنی اسرائیل کی قوم بڑی ناشکری تھی۔‘‘
’’پھر کیا ہوا ابو؟‘‘ عمر نے دلچسپی سے پوچھا۔
’’کچھ دن بعد انہوں نے موسیٰ علیہ السلام سے کہا: ‘ہم یہ ایک ہی طرح کا کھانا روز روزنہیں کھا سکتے۔ اللہ سے دعا کریں کہ ہمیں دال، ککڑی، سبزیاں اور دیگر قسم کے کھانے دے۔’ موسیٰ علیہ السلام نے انہیں سمجھایا کہ یہ اللہ کی طرف سے انعام ہے۔ یہ کھانا نہ صرف مزیدار بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ہے، لیکن قوم نے ضد کی، ناشکری کی، اور نتیجہ یہ ہواکہ اللہ تعالیٰ نے وہ نعمتیں ان سے چھین لیں۔ پھر انہیں زمین پر محنت کرکے اپنا کھانا اگانے کا حکم دیا۔‘‘
’’ابو، انہوں نے اللہ کے دیے ہوئے کھانے کی قدر نہیں کی؟‘‘ عمر نے افسوس سے کہا۔
’’ہاں بیٹا، اور ناشکری کی سزا یہی ہوتی ہے کہ اللہ اپنی نعمت واپس لے لیتا ہے۔‘‘
ابو نے مزید کہا:
’’بیٹا، صحت بھی اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اگر ہم اس کا خیال نہیں رکھیں گےاور شکریہ ادا نہیں کریں گے تو ہم بیمار ہو سکتے ہیں۔ جنک فوڈ آپ کے جسم کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اگر آپ صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو صحت بخش غذا کھائیں، وٹامنز اور پروٹین والی خوراک لیں، تاکہ آپ تندرست اور توانا رہیں۔‘‘
’’ابو، لیکن مجھے یہ سب چیزیں اچھی نہیں لگتیں۔ مجھے تو صرف جنک فوڈ اچھا لگتا ہے۔‘‘
’’یہ عادت کی بات ہے، بیٹا۔ اگر آپ آہستہ آہستہ صحت مند چیزیں کھانا شروع کریں گے تو آپ کو ان کا ذائقہ اچھا لگنے لگے گا۔ جنک فوڈ کو ہفتے میں ایک بار یا کبھی کبھار کھائیں، اور صحت مند کھانے کو اپنی عادت بنائیں۔‘‘
عمر نے سوچتے ہوئے کہا:’’جی ابو، آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ کل سے اپنا ڈائٹ پلان بناؤں گا اور اس پر عمل بھی کروں گا۔‘‘یوں عمر نے اچھی خوراک کھانے اور صحت کا خیال رکھنے کا عزم کر لیا۔
٭ ٭ ٭

bilkul sahi nabiyo k qisso k zariye se bacho ki tarbiyat aur khususi taur bed timing me ya tafreeh k dauran bache listening mood me hote h koi naseehat agr krni ho t in timing me krna chahiye