مارچ ۲۰۲٥
حاملہ ماں بچے کی ضد سے پریشان کیوں ؟

دو سے تین سال کی عمر کے بچے

بیشتر مائیں آج کل سوال پوچھتی ہیں کہ میرابچہ دو یا تین سال کا ہے اور میںحاملہ بھی ہوں، لیکن میرا بچہ آج کل بہت ستانے لگا ہے۔ بات بات پر رونے لگتا ہے ۔پہلے جن باتوں پر کبھی ضد نہیں کرتا تھا ،آج ان پر بھی ضد کرنے لگا ہے۔پہلے تو دادا دادی کے پاس کھیل بھی لیا کرتا تھا، لیکن اب تو ماں سے جدا ہی نہیں ہونا چاہتا ۔جب کہ میرے سامنےدیگر کااموربھی ہوتےہیں ۔کھانا وغیرہ بھی نہیں بناپارہی ہوں ۔
سب سے پہلے تو یہ سمجھنا ضروری ہے بچے کی پیدائش اور اسے نو ماہ تک سنبھالنا ایک خاتون کے لیےنہایت تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے،اس دوران خواہ آپ یا کوئی اور کتنا ہی اس ماں کو نصیحت کرے۔ گھر کے دیگر ممبران اور خصوصی طور پرشوہر کو یہ بات سمجھنا چاہیے کہ جب ایک ماں اپنے بڑے بچوں کی ضروریات پورا کررہی ہے، عین اس وقت جب کہ وہ حمل سے ہے،اپنے پیٹ میں پلنے والے بچے کی بھی ضروریات کو سمجھ رہی ہےنیز پورا بھی کر رہی ہے۔ ایسی صورت میں اس کی طبعیت میں اتار چڑھائو آجاتا ہے۔وہ جھنجلاہٹ کا بھی شکار ہوسکتی ہے ۔
جہاں اس کے اس درد کو دو سے تین سال کے بچے سمجھ نہیں پارہے ہیں، وہاں گھر کے بڑوں کو اسے سمجھنا چاہیے نیزکچھ سہولیات بھی دینا چاہیے۔ ایسے موقعوں پر گھر کی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے میں کوئی ہاتھ بٹانے والا نہ ہوتو کوشش یہ ہونی چاہیے کہ کوئی ملازمہ رکھ لی جائے ،تاکہ وہ اپنے دو تین سال کے بچوں کی ضروریات کے ساتھ ساتھ اپنے کھانے پینے کا بھی خیال رکھ سکے ۔وہ اپنی صحت پر توجہ دے سکے۔ ہمہ وقت پریشان رہنے کے بجائے وہ خوش گوار موڈ میں رہے۔ ایسی کیفیت میں ایک خاتون کی ’دماغی صحت ‘(Mental health)سب سے اہم ہوتی ہے ۔جو ماں کے پیٹ میں موجود بچے پر اثر انداز ہوتی ہے۔
اس کی نزاکت کو اس کیس اسٹڈی سے سمجھیے کہ ایک خاتون اپنی ایک ایب نارمل بیٹی کا ذکر کرتی ہوئی کہتی ہے :
’’ جس وقت میں حاملہ تھی، اس وقت میرا دو سال کا بیٹا ،جوحلق میںپیسہ پھنس جانے کی وجہ سے فوت ہوگیا تھا۔ میں اپنے جگر گوشے کو اپنے ہاتھوں میں دم توڑتا دیکھتی رہ گئی۔ مجھ پر وہ لمحات قیامت کے گزرے ۔میں اس قدر غم زدہ رہی کہ مکمل بے خبر ہوگئی۔ کیسے باقی چھ ماہ گزرے مجھے کچھ ہوش نہ رہا۔ لیکن جب میری بیٹی پیدا ہوئی تو وہ مکمل ایب نارمل’ ڈاؤن سینڈروم‘ بچی ہے۔ اس کا ’نروسس سسٹم ‘دماغی نظام بالکل معطل ہے۔ میرا غم ٹوٹا، تب تک میں اپنی بیٹی کی زندگی تباہی کرچکی تھی‘‘۔
اس کیس سے یہ سمجھنے میںمدد ملتی ہے کہ دورانِ حمل ایک ماں کی دماغی صحت کس قدر ضروری ہے۔اس مضمون میں ہم یہ کوشش کریں گے کہ حاملہ خاتوں کا بچہ کس وجہ سے بے چین ہونے لگتا ہے اور اسے کس طرح سمجھنا ہے ،اورکیسے ؤ اسے نارمل کرنا چاہیے۔
جب ماں حاملہ ہوتی ہے تو 2 سے 3 سال کے بچے کا رویہ اکثر بدل جاتا ہے، اور وہ ماں کو زیادہ تنگ کرنے لگتا ہے۔ اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔۔

ماں کی عدم توجہی :

چھوٹے بچے اپنی ماں کی توجہ کے عادی ہوتے ہیں۔ جب ماں حاملہ ہوتی ہے تو گھر میں آنے والے نئے بچے کی تیاری میں ماں کی توجہ بٹ جاتی ہے ، اپنے چیک اپ یا متلی الٹی ، یا اضطرابی کیفیت جیسے مسائل میں گھر جاتی ہیں ، جس کی وجہ سے بڑا بچہ توجہ حاصل کرنے کے لیے ضد یا تنگ کرنے لگتا ہے۔ اسے توجہ طلبی ( Attention seeking ) بھی کہا جاتا ہے ۔ اپنی جانب متوجہ کرنے والی حرکتیں دراصل رویہ کی اسٹڈی (Behaviour study) سے بھی سمجھ میں آجاتی ہے ۔
ماؤں کو ایسی حالت میں بہت توجہ دینا چاہیے۔ عدم تحفظ کا یہ احساس وقتی رہتا ہے۔ جب بچہ پریشان کرے ،ضد کرنے لگے یا بلاوجہ روتا رہےیا ماں سے جدا نہ ہونا چاہتا ہوتو ایسی صورت میںماںکو چاہیے کہ اسے اپنے قریب کرلے، کہانیاں سنائے ، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوری توجہ سے اس سے بات کرے۔ حتی الامکان قریب رکھے، دوسروں کے حوالے نہ کرے ، کسی ایسے گیم میں مصروف کردے، جس میں ماں سامنے بیٹھ کر بچے کو کھیلتا دیکھ رہی ہو اور بار بار اسے قریب بلاکر گلے لگائے، بوسہ دے ۔سوتے وقت اپنے نزدیک سلائے ۔

عدمِ تحفظ کا احساس:

بچے کو لگتا ہے کہ آنے والا نیا بہن یا بھائی اس کی جگہ لے سکتا ہے۔ اس وجہ سے وہ ماں کے قریب رہنے اور اپنی اہمیت ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اس کا تجربہ اس طرح سے کیجیے کہ آپ یہ سوچتے ہیں کہ بچے کو سلاکر اپنے کام میں مصروف ہوجاؤں گی، لیکن بچہ اسی حالت میں جلدی نہیں سوتا ، ایسا کیوں ہے ؟ اس لیے بچہ اپنے محسوسات سے یہ سمجھ لیتا ہے کہ ماں اسے چھوڑ کر چلی جائے گی۔ وہ بیدار رہتا ہے۔ کانشیس ہوتاہے۔ سوتا نہیں ہے ۔
اسی طرح اگر آپ بالکل مطمئن ہوکر سلارہی ہوں۔ آپ کوئی کام نہیں کر رہی ہیں۔ اب بے فکری ہے۔ آپ کے پاس اضطرابی حالت نہیں ہے ۔ ایسے میں بچہ مطمئن ہوکر سوجاتا ہے ۔بس یہی چیز ہے کہ بچہ آپ کو محسوس کرلیتا ہے ۔دوران حمل بھی عدم توجہی کو محسوس کرکے وہ بے کل ہو جاتا ہے ۔

ماں کے رویے میں تبدیلی:

حمل کے دوران ماں کا مزاج، توانائی کی سطح، اور جذبات بدل سکتے ہیں۔ بچہ ان تبدیلیوں کو محسوس کرتا ہے اور ردعمل کے طور پر چڑچڑاہٹ یا ضد دکھا سکتا ہے۔مائیں اپنی اندرونی کیفیات کے باوجود بچے کو سمجھیں، اسے قریب رکھیں۔اس سے وہ بے چین نہیں ہوگا ۔صرف ماں کے احساس قرب سے ہی بچہ سنبھل سکتا ہے ۔
یاد رہے اس وقت بچے کو کول نہیں کیا گیا تو معاملہ نازک صورت اختیار کر سکتا ہے۔جیسےیہ چیزبعد میں بہن بھائی کی حسد کا سبب بن سکتی ہے ۔

بات سمجھنے میں مشکل:

دو سے تین سال کا بچہ ابھی مکمل طور پر جذبات کو سمجھنے اور بیان کرنے کے قابل نہیں ہوتا، اس لیے وہ اپنے جذبات کو نخرے یا ضد کے ذریعے ظاہر کرتا ہے۔اس لیے اس کے رویہ کو وقتی سمجھتے ہوئے اسے اپنے ساتھ رکھیں ۔

معمولات میں تبدیلی:

حمل کے دوران گھر میں روزمرہ کے معمولات میں بھی تبدیلی آتی ہے، جیسے ماں کا زیادہ آرام کرنا یا ڈاکٹرز کے پاس وزٹ پر جانا، جس سے بچے کا ذہن متاثر ہو سکتا ہے۔
ذیل میں کچھ مشورے ہیں۔ مائیں ایسی صورت میںان کوروبہ عمل لا سکتی ہیں ۔
1) توجہ دیں۔ روزانہ کچھ وقت صرف بڑے بچے کے لیے نکالیں ،تاکہ وہ خاص محسوس کرے۔
2) نرمی سے بات کریں۔ بچے کو نرمی سے سمجھائیں کہ نیا بہن یا بھائی اس کا دوست ہوگا۔
3)مصروف رکھیں ۔کھیل، کہانی یا چھوٹے کاموں میں شامل کر کے بچے کو مصروف رکھیا جا سکتا ہے۔
4) حساسیت کو سمجھیں ۔اگر بچہ ضد کرے یا غصہ دکھائے تو سختی کے بجائے سمجھ بوجھ اورصبر سے کام لیں۔
5) بچے سے باتیں کیجیے۔ اس کی باتوں کی خوب پزیرائی کریں ۔
6) بچے کو رنگ برنگے کھلونے، بلاکس یا پزلز دیں تاکہ وہ خود سے کھیلنے میں مصروف ہو جائے۔کھیلتے ہوئے ماں کچھ دیر ساتھ بیٹھے – Water play یا sand play جیسے آسان سرگرمیاں بھی بچے کو مصروف رکھ سکتی ہیں۔
7) کاغذ اور رنگ دے کر بچے کو ڈرائنگ یا کلرنگ کرنے کا موقع دیں۔
سادہ اسٹیکرز یا اسٹیمپس سے کھیلنے دیں تاکہ وہ تخلیقی بنے اور مصروف بھی رہے۔یہ ایک عارضی مرحلہ ہوتا ہے، اور مناسب توجہ اور محبت سے بچہ نئے حالات کو قبول کرنا سیکھ لیتا ہے۔
8) بچے کی عمر کے مطابق تعلیمی گانے، نظمیں یا کارٹونز دکھائیں، لیکن اس کا دورانیہ محدود رکھیں۔بچوں کے لیے آڈیو کہانیاں سنانا بھی اچھا متبادل ہے، خاص طور پر وہ کہانیاں جو اس کی دلچسپی کا باعث بنیں۔
9) بچے کو چھوٹے چھوٹے کام سونپیں، جیسے کھلونوں کو جمع کرنا یا کوئی سادہ چیز لانا، اس سے بچہ بڑا محسوس کرے گا اور دلچسپی لے گا۔
جوں جوں آپ کے حمل کا دورانیہ بڑھنے لگے تو بچے کو ڈال یا تکیہ دے کر بتائیں کہ ہم ایک چھوٹا سابےبی لائیں گے۔ آپ بھی مما کے ساتھ اس بے بی کا خیال رکھنے میں مدد کریں گے۔ اس طرح اچانک ماں سے جدائی افتاد سے بچے کے ذہن کو بچایا جاسکتا ہے اور اسے ذہنی طور پر تیار بھی کیا جاسکتا ہے۔ آنے والے مہمان کے کپڑے رکھنے ، لباس بدلنے میں مدد کی ٹریننگ بچے کو دیں اور بہت پزیرائی کریں۔ مثبت جملے کہیں ۔ اس طرح بچے کے دماغ کو یہ فیڈ کروایا جاتا ہے کہ بچے آنے والے مہمان کے لیےجگہ بھی بنائیں اور دوری بھی محسوس نہ کریں ۔

پیدائش کے فورا بعد بھی بچے کو بہت دور نہ کریں۔ اسے سات سال کا ہونے تک ساتھ ہی سلائیں ۔چالیس دن مکمل جدا کرنے سے بچے بہت زیادہ تکلیف میں ہوتے ہیں ۔یاد رکھیں خاندان کی مدد لازماً لیں ، اگر ممکن ہو تو دادا، دادی، یا دیگر اہل خانہ کی مددبھی لیں تاکہ بچہ ان کے ساتھ وقت گزار سکے اور ماں کو کچھ آرام مل سکے۔ چھوٹا بچہ بہت زیادہ سوتا ہے۔ ابتدا میں آپ سلاتے ہوئے توجہ بڑے ہی پر رکھیں ،تاکہ بڑا کمی محسوس نہ کرے ۔
اگر بچے کی ضد بہت زیادہ ہو رہی ہو تو نرمی اور صبر سے کام لیں، کیونکہ اس عمر میں بچے اکثر اپنی بات منوانے کے لیے زیادہ ضد کرتے ہیں۔ نرم لہجے میں بات کر کے اور اس کی توجہ دوسرے کاموں پر لگا کر ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے