مارچ ۲۰۲٥
پورا روزہ

آج فرزین نے ضد کر کے سحری کھائی تھی۔ وہ روزہ رکھنا چاہتا تھا۔ دوپہر کے وقت اسے بھوک اور پیاس تو لگ ہی رہی تھی، مگر سب سے زیادہ مشکل کام غصے پر قابو پانا لگ رہا تھا۔چھوٹا بھائی عمر بار بار فرزین کو تنگ کر رہا تھا، کبھی اس کی کتابیں ادھر سے اُدھر کر دیتا، کبھی پنکھا بند کر دیتا، آخرکار فرزین کا صبر جواب دے گیا۔
فرزین نے غصے سےعمر کا ہاتھ پکڑ کر کھینچا۔ ’’کیوں بار بار تنگ کر رہے ہو؟ مجھے غصہ آ رہا ہے!‘‘
مما جو قریب ہی موجودتھیں، فرزین کے پاس آئیں اور نہایت شفقت سے اس کا ہاتھ پکڑ کر بٹھالیا۔
مما : ’’بیٹا فرزین روزے کا مقصد صرف بھوکا پیاسا رہنا نہیں، بلکہ اپنے غصے پر قابو پانا اور صبر کرنا بھی ہے۔‘‘
فرزین : ’’لیکن مما ، عمر بار بار مجھے تنگ کر رہا ہے، میں کیسے صبر کروں؟‘‘
مما: ’’بیٹا، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اگر روزے دار سے کوئی جھگڑا کرے یا اسے برا بھلا کہے تو وہ صرف اتنا کہے’’میں روزے سے ہوں!‘‘
فرزین : (حیرانی سے) ’’یعنی مجھے غصہ نہیں کرنا چاہیے، بلکہ بس یہ کہنا چاہیے کہ میں روزے سے ہوں؟‘‘
مما : ’’جی ہاں! کیونکہ روزہ صرف کھانے پینے سے رک جانے کا نام نہیں، بلکہ اپنی زبان، ہاتھ اور دل کو بھی ہر برائی سے روکنے کا نام ہے۔ اگر ہم غصہ کریں گے، تو روزے کا اصل مقصد ختم ہو جائے گا۔‘‘
فرزین کو یاد آیا مما نے اسے سحرکے وقت ہی سمجھایا تھا کہ بھوک پیاس برداشت کرنے سے زیادہ آپ کو غصے پر قابو پانے کی مشق کرنا ہوگا۔ تب آپ کا روزہ مکمل ہوگا۔ تب تک آپ’ چڑیا روزہ‘ یعنی ظہر تک کا آدھا روزہ ہی رکھنا۔
فرزین نہیں چاہتا تھا کہ چڑیا روزہ رکھے۔ وہ پورا روزہ رکھنا چاہتا تھا۔
اس نے اپنے غصے پر قابو کرتے ہوئے پیا اور نرمی سے کہا:
’’مما میں نے عمر کو معاف کیا۔اب میں اپنا روزہ مکمل کرونگا۔‘‘
مما نے اسے پیار کیا اور عمر کو آواز دی:
’’عمر ! فرزین بھیا آپ سے بڑے ہیں اور روزہ دار بھی ہیں۔ آپ کو ان کا ڈبل احترام کرنا چاہیے۔ ورنہ اللہ میاں آپ سے سخت ناراض ہوں گے۔ اور ہم بھی۔!!!
مما کی خفگی سے نٹ کھٹ عمر گھبرا گیا۔ اس نے جھٹ معافی مانگی۔’’ سوری بھیا۔ اب میں آپ کو تنگ نہیں کروں گا۔‘‘
فرزین نے چھوٹے بھائی کو گلے لگا لیا۔مما نے خوشی سے دونوں کو اپنے سینے سے لگا لیا۔
سبق: روزہ صرف بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں، بلکہ اللہ میاں کی خاطر صبر، برداشت اور اچھے اخلاق اپنانے کا نام ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥