مارچ ۲۰۲٥
نوعمر بچے اور رمضان
زمرہ : ادراك

نوعمری ایک ایسا دور ہے، جس کوماہرین بہت دباؤ کا دور شمار کرتے ہیں۔ اس عمر میں بچے مختلف قسم کے دباؤسے گزر رہے ہوتے ہیں۔جسمانی تبدیلی ، بدلتی ذہنی ساخت کے ساتھ فکر و خیالات میں وہ توانائی محسوس کرتے ہیں۔
حالانکہ وہ بچے ہوتے ہیں، لیکن ان کا دماغ انہیں اس طرح سمجھاتا ہے گویا وہ بالغ نظر ہوچکے ہیں۔اس دور کو ماہرین ’’دور کاذب‘‘( pseudo era ( جھوٹا بالیدگی ، کا دور سے بھی تعبیر کرتے ہیں ۔اس دور میں بچہ سمجھتا ہے کہ میں اب بالغ نظر ہوچکا ہوں۔ سب کچھ سمجھتا ہوںنیز اپنے فیصلے خود لے سکتا ہوں ۔
حالاں کہ جب بچہ 13 سال کا ہوتا ہے تو صحیح معنوںمیںاس کی تبدیلی کے دور کا آغاز ہو تاہے۔ اس میں تبدیلیاں آنے لگتی ہیں۔ عموماً وہ والدین کی باتوں پر کان نہیں دھرتا۔ اپنی ذات سے اپنی گرفت کھو دیتا ہے۔ اپنے دوستوں کی پیروی کرنے لگتا ہے ۔اسے احساس ہوتا ہے کہ اب میں بچہ نہیں ہوں۔ میں ہر چیز سمجھ سکتا ہوں۔ایسے دور میں والدین بھی بچوں کی حرکتوں سے نالاں ہوتے ہیں۔ اپنے تئیں والدین سمجھتے ہیں کہ بچہ بگڑ رہا ہے ۔

ڈاکٹر گول مین کے مطابق:

’’نوجوانی میں خود پر قابو پانےسے مراد ایک نوجوان کااپنے جذبات، خواہشات اور رویوں کو سنبھالنے کی صلاحیت ہے۔یہ ایک اہم نشوونما کا مرحلہ ہے ،جس میں دماغ کی نشوونما خود پر قابو پانے میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں جلد بازی کے فیصلے اور صبر و تحمل میں دشواری ہو سکتی ہے۔ تاہم مناسب رہنمائی اور پیہم مشق کے ذریعےنوجوان وقت کے ساتھ اپنے اندرمضبوطی اورخود پر قابو پانے کی صلاحیتیںحاصل کر سکتے ہیں۔‘‘

نو عمر بچوں کا روزہ :

بچوں کو سیلف کنٹرول سکھانے کا سب سے اہم ماحول رمضان میں بن سکتا ہے، اگر والدین اپنے بچے جو بالغ ہوچکے ہیں( آٹھویں ، نویں دسویں جماعت میں ہیں) انہیں لازما روزہ رکھوائیں ۔انہیں روزہ رکھنے کی تاکید کریں۔نوجوانی میں خود پر قابو پانے کے لیے دماغ فرنٹل کورٹیکس،(prefrontal cortex, )کی نشوونما لازم ہے۔ اسی کی مدد سے بچہ فیصلہ سازی میں حصہ لے سکتا ہے اور خود پر قابو پانے میں بھی آسانی محسوس کر سکتا ہے۔ نوعمری میں یہ لوپ تیار ہی نہیں ہوتا۔ ابھی وہ ڈیولپمنٹ اسٹیج سے گزررہا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے نوجوانوں کے لیے مسلسل خود پر قابو رکھنا بڑوں کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔
خود پر قابو نہ پانے کے اس عمل کو سمجھ نہیں پاتے ہیں اضطراب Anxiety کا شکار ہوتے ہیں۔ یہاں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ بڑوں کی ہدایات کو سمجھیں ،لیکن اس کے برعکس وہ بڑوں سے دوری بنالیتے ہیں ۔اب روزے کے میکانزم کو سجھئیے۔ چونکہ روزہ رکھنے کے بعد اللہ کی طرف سےدی گئی ہدایت پر بچے کو مجبوراً عمل کرنا ہوتا ہے۔جیسے وہ کھانے پینے سے رک جائیں، خود کو برے کاموں سے روکے رکھیں۔اس وقت جب وہ روزے میںہوتے ہیں، ان کی توانائی فلو کے باوجود کنٹرول کرنے سے سیلف کنٹرول پیدا ہوتا ہے،لیکن والدین پڑھائی کے بوجھ کی وجہ سے بچوں کو تعلیمی دور میں روزےسے روک دیتے ہیں۔ اس طرح والدین ایک بہترین موقع ’سیلف کنٹرول‘ کا کھودیتے ہیں ۔

خود پر قابو پانے کی اہمیت:

اپنی ذات پر پورا کنٹرول جذباتی ذہانت سے متعلق ہے۔ انسان جتنا مضبوط ہوگا ،اتنا ہی اپنے جذبات پر قابو رکھ سکے گا۔ وہ معاملاتِ زندگی میں کامیاب انسان بنے گا۔ وہ اپنے تعلیمی مسائل پر بھی قابو پائے گا۔ خود پر قابو پانا نوجوانوں کے لیے مثبت نتائج کا باعث بن سکتا ہے، جیسے کہ تعلیمی کارکردگی میں بہتری، صحت مند تعلقات، اور خطرناک رویوں کے امکانات جیسے منشیات کا استعمال ، خودکشی ، ڈپریشن ، مایوسی دوسروں کو تکلیف پہنچانا ، جنسی بے راہ روی میں بھی کمی آتی ہے ۔

سیلف کنٹرول میں درپیش چیلنجز :

چونکہ نوعمر بچوں میں ہم جولیوں کی تقلید زیادہ ہوتی ہے، اسے Peer group culture کہتے ہیں۔ اس سے بچانے کا طریقہ بری صحبت دوستوں سے دور رکھنا نہیں ہے،بلکہ بچوں کے درمیاں رہتے ہوئے ایموشنل(Emotional)
تربیت ہے، اور یہ روزہ رکھنے سے ممکن ہوپاتی ہے ۔بلکہ یوں کہہ لیجیے کہ روزہ اللہ کی طرف سے ایک ایسا نظام ہے جو ہر شخص کے لیے ایک سنہری موقع ہوتاہے۔ جب کہ نوعمر بچوں کے لیے یہ بہت بڑا عطیہ ہے ۔سلیف کنٹرول کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہم جولی دوستوں کے دباؤ، ذہنی تناؤ، جذباتی اتار چڑھاؤ، اور نیند کی کمی جیسے عوامل ہیں، جونوجوانوں کے رویے کو قابو کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرتے ہیں ۔اگر روزہ رکھوایا جائے تو بچے اپنے دوستوں کی تقلید کے دباؤ سے نکل جاتے ہیں ۔روزے میں نیند پوری کرنے کا بھی امکان بڑھ جاتا ہے۔ ہارمونز (Harmones) کی تبدیلی کی وجہ سے موڈ سوئینگز ہوتے ہیں، لیکن روزہ کی وجہ سے موڈ سوئینگز (Mood swings)
میں کمی واقع ہوتی ہے ۔لڑکیوں کے لیے اور لڑکوں کے لیے دونوں کےحق میںیہ بہترین ثابت ہوتا ہے ۔
لڑکیوں میں ابتدائی عمر میں حیض کی بے قاعدگی کی وجہ سے PCOD کے ایشو junk food کی وجہ سے بڑھ گئے ہیں۔ اس دوران جب وہ روزہ رکھتی ہیں تو ماہرین کے مطابق ڈی ٹاپکس کا یہ عمل ان کے اس سائیکل کو بہتر بناتا ہے ۔موڈ سوئینگ ، مزاجی تلون کی وجہ سے بھی بچیاں پریشان رہتی ہیں۔ جھنجلاہٹ کا شکار ہوتی ہیں۔ تاہم روزے میں انہیں کنٹرول کے سبب ان چیلنجز پر قابو پانا آسان ہوتا ہے ۔
اسی طرح لڑکوں میں بھی اپنے پاور کے استعمال کا اس عمر میں شوق بن جاتا ہے، انہیں قابو کرنا آسان نہیں ہوتا ، تیز ڈرائیونگ ، لڑکیوں کی طرف میلان اور بے راہ روی کے لیے ہمت بڑھ جاتی ہے ،روحانیت کمزور پڑ جاتی ہے۔ہمہ وقت کچھ ہنگامہ کرنے کا موڈ ہوتا ہے۔انہیں کنٹرول میں رکھنا روزے میں آسان ہوجاتا ہے ۔

والدین کا مثالی کردار :

والدین خود پر قابو پانے کا عملی نمونہ پیش کریں، جیسے اپنے جذبات کو سنبھالنا اور صحت مند فیصلے کرنا۔بچوں سے مشاورت کرنا ، تراویح کے لیے اپنے ساتھ لے جانا ، نوعمر بچوں کے ذریعہ رشتہ داروں ، پڑوسیوں ،اور غریبوں میں افطاری بھجوانا ، صدقہ و خیرات میں انہیں پیش پیش رکھنا ، زکوۃ کے نصاب میں ان سے حساب و کتاب کروانا اور اپنے گھر کے بزرگ اور مرحومین کا فدیہ دینا ان جیسے عوامل میں انہیںشامل کرکے ان کی شخصیت میں نکھار پیدا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان سے شرعی امور و معاملات میں بات چیت کرکے ان کا اعتماد بڑھا سکتے ہیں۔
اس سےوہ سیکھتے ہیں کہ شرعی عوامل کیسے حساب کتاب اور تحقیق کے ساتھ انجام دئیے جاتے ہیں ۔اس طرح رمضان کے مہینے میں ان ہی سے اپنے خاندان کے غریبوں کی ضرورتیں، ان کے تعلیمی مسائل کے اخراجات پر کہاں خرچ کرنامفید ہوگا، کہاں غیر مفید ان امور پر ان سے گفتگو کرنا، اس طرح وہ خاندانی اور سماجی امور میںحصہ لینے کا طریقہ سیکھتے ہیں۔موجودہ زمانے میں والدہ بجا طور پر کم عمر بچوں سے روزہ نہ رکھوائیں لیکن ٹین ایج ، نوعمر بچوں کو روزے کی فرضیت سے واقف کروا کر روزہ رکھوانے کی کوشش کریں۔ آج کل والدین تعلیم ،ہوم ورک اور امتحان کی وجہ سے چاہتے ہیں کہ بچہ روزہ نہ رکھے۔ ایسے والدین بہترین موقع بچوں کی تربیت کا کھودیتے ہیں۔ بعد میں بچوں کے باغیانہ نظریات سے خود پریشان ہوتے ہیں۔ نوعمر بچوں کے لیے روزہ رکھنے کے کئی جسمانی، ذہنی اور روحانی فوائد ہو سکتے ہیں، جن میں شامل ہیں۔
روحانی فوائد : 1)
روزہ رکھنے سے بچوں میں اللہ کی عبادت کا شوق پیدا ہوتا ہے اور وہ دین سے قریب ہوجاتے ہیں۔ ان کا یقین پختہ ہوتا ہے کہ جو ہستی ا نہیں دیکھ رہی ہے، نہ دکھائی دینے کے باوجود اس کے ڈر سے ہم چھپ کر بھی کچھ کھاتے پیتے نہیں ہیں ۔
2) صبر و شکر کی عادت پیدا ہوتی ہے۔ روزہ صبر و برداشت سکھاتا ہے اور بچوں کو اللہ کی نعمتوں کی قدر کرنا بھی سکھاتا ہے۔ وہ جب مختلف سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں۔ اپنے غریب رشتے داروں سے قربت بڑھاتے ہیں تو جانتے ہیں کہ اللہ نے ہمیں بہتر حالت میں رکھا ہے، اس پر وہ شکر بجا لاتے ہیں۔
3) روزہ بچوں میں نیک اعمال کی رغبت پیدا کرتا ہے،اس سےوہ اچھے اخلاق اپنا سکتے ہیں۔
4) نظام انہضام :
روزہ معدے کو آرام دے کر ہاضمے کے عمل کو بہتر کرتا ہے۔ بچے جنک فوڈ سے محفوظ ہوتے ہیں ، بسیار خوری کی عادت کم ہوتی ہے ، نیند کی سائیکل بہتر بنتی ہے ۔روزے کے دوران غیر ضروری کھانے کی عادت کم ہوتی ہے، جو صحت مند وزن برقرار رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
5) ڈی ٹاکس ( Detox) کا عمل صحت کے مفید ہے ۔ روزہ جسم سے نقصان دہ مادے کوخارج کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے جسم زیادہ توانائی محسوس کرتا ہے۔ جسمانی صحت کی بہتری دماغی صحت کو بہتر بناتی ہے، جو ان کے تعلیمی حصول میں مثبت کردار کا سبب بن سکتی ہے۔
درج بالا بیان کئے گئے سماجی اور جسمانی فائدے بھی روزے سے حاصل ہوتے ہیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. Zeenatqamar

    Bohat behtareen tehreer hai is se bachon ko tu faida hoga hi lekin bare bhi faida utha sakte hain

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥