مارچ ۲۰۲٥
ادب میں صنف افسانہ کی اہمیت اور عصری افسانہ نگاری

وحدت تاثیر اور بیانیہ کے خوبصورت امتزاج کا نام افسانہ ہے
افسانہ کے لغوی معنی ہیں داستان کہانی جھوٹی بات ۔
اس طرح قاری کی دلچسپی حقیقت پر مبنی افسانوں کی جانب بڑھی تو عصری افسانہ بھی کم وقت اور کثیر انٹرٹینمنٹ کی شکل اختیار کرتا ہوا قاری کے دل ودماغ پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ۔
عصری افسانے کی خصوصیت بھی یہ ہے کہ یہ حقیقت پسندی پر مبنی ہوتا ہے۔ اس میں ماضی کی روایات اور کہانیوں کی جگہ آج کے دور کے حقیقی مسائل کی عکاسی کی جاتی ہے۔ افسانہ نگار معاشرتی ناانصافی، طبقاتی تفریق، عورتوں کے حقوق، جنگ و فساد، اخلاقی گراوٹ اور دیگر موضوعات پر لکھتے ہیں۔ ان افسانوں میں انسان کی داخلی کشمکش، اس کی پریشانیاں اور اس کے جذبات کا گہرا تجزیہ کیا جاتا ہے۔
عصری افسانے کی خاصیت یہ کہ مختصر اور جامع ہوتے ہیں، جو قاری کو فوراً متاثر کرتے ہیں اور اسے کسی گہرے سوال پر سوچنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ قاری کو کرداروں کی نفسیات، معاشرتی مسائل اور انسانی جذبات کا مکمل تجزیہ ملتا ہے۔

عصری افسانہ اپنے دامن میں،فن،فکر ،تخیل ،تجزیہ اور نقطہء نظر سمائے ہوئے قاری کے ذوقِ سخن کی تسکین کا باعث بنتا ہےاتنا ہی نہیں بلکہ قاری خود کو افسانہ کے کردار کی گہرائیوں میں ڈوب کر خود اپنی حیات جیتا ہوا محسوس کرنے لگتا ہے جیسے زندگی کے مختلف راہوں سے گزرتا،ایک آپ بیتی کی کیفیت میں مبتلا ہر اچھے عمل پر فخر محسوس کرتا ہوا سرشاری کے عالم میں بدمست تو وہیں برائی پر نادیم اور تو اور غم زدہ حالات پر سسک اٹھتا ہے۔یہ کمال نہیں تو اور کیا ہوسکتا کہ لفظوں کا ایک خوبصورت جہاں،سکھ و دکھ اور ہمہ قسم کے احساسات سے لبریز روشنی کبھی وہ ہنس رہا ہے کبھی اس کی آنکھیں نمناک ہیں۔۔۔۔یہ افسانہ نگار کا کمال اور صنفِ افسانہ کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔

افسانہ کیسے لکھا جاتا ہے اور اسے تیار کرنے میں کن کن لوازمات کی ضرورت پیش آتی ہے۔
افسانہ لکھنے کے لئے جب قلم تھاما جاتا ہے تو سب سے پہلے پلاٹ کی تیاری نہایت ضروری ہوتی ہے۔۔۔بنا پلاٹ کے ہم کچھ بھی تیار نہیں کرسکتے۔
پلاٹ کی تعریف یوں ہے کہ افسانے میں جو واقعات ہوتے ہیں انہیں ترتیب کے ساتھ پیش کرنا پلاٹ کہلاتا ہے ایک مثال پیش ہے۔

ایک خوبصورت عمارت تیار کرنی ہو تو ہم سب سے پہلے زمین کے کسی ٹکڑے کا انتخاب کرتے ہیں جسے پلاٹ بھی کہا جاتا ہے پلاٹ کے انتخاب کے بعد اس پر بنیاد کا کام عمل میں لایا جاتا ہے ۔مثلاً سمنٹ ،اینٹ ،پتھر ،پانی ان تمام لوازمات کے استعمال کے بعد در و دیواریں ، چھت تمام چیزین تیار کرلی جاتی ہیں اس طرح ایک خوبصورت عمارت وجود میں آتی ہے اب اس عمارت کو انٹیریئر ڈیزائنّیگ سے اور خوبصورت بنایا جاتا ہے۔
اسی مثال کو دھیان میں رکھ کر آگے بڑھتے ہیں۔۔
ایک افسانہ لکھنے سے پہلے سب سے پہلے ہمیں اس کا پلاٹ تیار کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے۔ واقعات کی ترتیب، تناؤ، عروج، زوال اور انجام۔
ایک مضبوط پلاٹ افسانے کی بنیاد ہوتا ہےافسانے میں کئی واقعات گڈ مڈ ہو جاتے ہیں اور انہیں ترتیب دے کر ایک مکمل افسانہ تیار کرنا ہی افسانہ نگار کا کمال ہوتا ہے۔جزیات نگاری ،تشبہات،استعارے یہ تمام لوازمات ہیں جن کے بہتر استعمال سے آپ کی تحریر میں نکھار اور افسانوی رنگ پیدا ہوسکتا ہے۔۔۔منظر نگاری سے آپ کا افسانہ قاری کے دل ودماغ کو ایک فرحت بخش احساس جگانے میں کامیاب رہے گا۔نوک پلک سنوارنے کا کام ایسا ہے جیسے آپ گھر کی تعمیر کے آخر میں انٹیریئر ڈیزائن کروارہے ہوں۔
افسانے میں ان تمام عناصر کا ہونا ضروری ہے اس کے بغیر افسانہ ادھورا یا سادہ رہے گا
ایک بات کا خیال رکھا جائے افسانے میں تجسس ہونا چاہیے لیکن پیچیدگی نہیں ہو اگر ایسی بھول ہوئی تو پھر قاری الجھن محسوس کرے گا اور ہوسکتا درمیان میں ہی آپ کی تحریر قاری کی عدم دلچسپی کا شکار ہوجائے۔

زبان و بیان

افسانہ لکھنے کیلئے مطالعہ کی کثرت نہایت ضروری ہوتی ہے ۔ اگر آپ کا مطالعہ وسیع ہوگا تب ہی آپ کو زبان پر عبور بھی حاصل ہوگا۔
انداز بیاں یعنی آپ کا اسلوب دلنشین اور جاذب ہونا چاہیے ۔۔۔
آپ نے افسانے کا پلاٹ عمدہ تیار کررکھا ہے موضوع دل کو چھولینے والا ہے لیکن آپ کی پیشکش ، بیانیہ اسلوب ٹھیک نہیں تو ایک بہترین پلاٹ اور موضوع دم توڑتا نظر آئے گا۔۔اپنا ایک منفرد اسلوب تیار کریں

افسانہ لکھنے کے لیے کوئی مخصوص موضوع کی ضرورت نہیں ۔
افسانے کا مرکزی خیال یا پیغام۔ یہ موضوع واضح اور دلچسپ ہونا چاہیےآپ کے اطراف و اکناف بےشمار کہانیاں پھیلی ہیں۔۔
گھر یا پڑوس میں مفلسی چھائی ہے تو اس کرب کو افسانے کا رنگ دے سکتے ہیں
جہز جیسی لعنت نے کسی پڑوسی یا دوست کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے تو آپ اسے کہانی کا روپ دے کر دنیا کے آگے پیش کرسکتے ہیں تاکہ اس درد کو آپ کی دوست کے ساتھ تمام دنیا بھی محسوس کرے اور اس کے خلاف آواز بلند ہو
افسانے کا مقصد ذہن میں رکھیں کیونکہ
قلم اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہم اشرف المخلوقات کو بخشا گیا بہترین عطیہ ہے اس کے استعمال کا سہی ڈھنگ لازمی ہے۔۔۔ہمیشہ یہ خیال رہے کہ آپ کے قلم سے نکلی بات ایک اصلاحی تحریک ہے بس آپ کو اسے انجام دینا ہے اور اس قلمی تحریک سے سماج ومعاشرے میں نکھار پیدا کرنا ہے۔۔گندگی کو صاف کرنا ہے۔۔لوگوں اور خاص طور پر قوم کی معصوم کلیوں کی بہتر رہنمائی ۔۔۔اگر یہ مقصد لے کر آپ نے قلم چلایا تو ان شاءاللہ آپ کا قلم آپ کو بہت اونچائی تک لے جائےگا جہاں پر آپ کو رب کی رضا بھی حاصل ہوگی ان شاءاللہ ۔

کسی بھی تخلیق کا عنوان بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔۔۔کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ قاری عنوان کی جاذبیت سے متاثر مکمل افسانہ پڑھنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔۔
خیال رہے افسانہ تیز رفتاری سے آگے بڑھ کر اختتام پذیر نہ ہو۔۔۔بلکہ کسی پرسکون ندی کی طرح رواں دواں اپنے اختتام پر پہنچے۔۔۔۔
ہلکے پھلکے مکالمے ہوں۔۔۔تشبہات کا استعمال ہو۔۔۔۔دلکش منظر کشی ہو۔۔۔آخر میں خوب صورت پنچ لائین کے ذریعے اختتام چونکا دینے والا ہو۔۔۔ یادگار اور معنی خیز ہو۔۔۔قاری سوچ کچھ رہا ہو اور قلم کار اسے کہیں اور پہنچا دے۔۔تب دیکھنا قاری کے ہونٹوں پر خود بخود مسکراہٹ کھل اٹھے گی اور یہ مسکراہٹ ہی ایک قلم کار کی اصل کامیابی کا راز ہوگی۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

1 Comment

  1. سمیرا شاہین

    الحمدللہ بہت ہی اچھے انداز میں مصنفہ نے سمجھایا ہے کہ کوئی بھی سادہ انسان بھی اس کو سمجھ کر اپنی بات کو کہانی کا رخ دے سکتا ہے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے