مارچ ۲۰۲٥
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا!

 جنگ بدر حق و باطل کا عظیم معرکہ جس میںفرشتے زمین پر اترےاور مسلمانوں کی مدد کی۔
’بدر‘ایک گائوں کا نام ہے، جومدینہ منورہ سے تقریباً 80میل کے فاصلے پر واقع ہے۔یہاں زمانہ جاہلیت میں سالانہ میلہ لگتا تھا۔ اس کی وجہ تسمیہ کچھ یوں ہے کہ یہاں ایک کنواں واقع تھا جس کے مالک کا نام ’بدر‘ تھا۔چنانچہ اسی کے نام سے اس جگہ کا نام ’بدر‘ پڑا۔آج تک یہ مقام بدر کے نام سے ہی معروف ہے۔
اسی مقام پر ’جنگ بدر‘ کا عظیم معرکہ رونما ہوا جس میں کفار قریش اور مسلمانوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔اسلام اور کفر کے درمیان یہ اولین جنگ تھی۔ اس جنگ میں مسلمانوں کو وہ عظیم الشان فتح مبین حاصل ہوئی جس کے بعد نہ صرف اسلام کی عزت و حرمت اور عظمت و سربلندی کا پرچم چہار دانگ عالم میں بلند ہوگیا بل کہ کفارقریش کی نام نہاد عظمت وشوکت بھی خاک میں مل گئی۔ اس معرکے کا تذکرہ قرآن کریم میں ’یوم الفرقان‘ کے نام سے موجود ہے۔ارشادِ باری تعالی ہے:

لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللٰهُ بِبَدْرٍ وَّ اَنْتُمْ اَذِلَّةٌ فَاتَّقُوا اللٰهَ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ

ترجمہ: اور بیشک اللہ نے بدر میں تمہاری مدد کی تھی، درآنحالیکہ تم کمزور تھے۔سو تم اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم شکرگزار بن جائو۔ سورہ آل عمران آیت نمبر 123

  غزوہ بدر کا پیغام
17رمضان المبارک سنہ 2 ھجری وہ دن ہے، جب عالمِ موجود میں کفرواسلام کا اولین معرکہ پیش آیا تھا۔بدر کا میدان اس معرکہ میں اہلِ ایمان کی کامیابی اور اہلِ کفر کی شکست فاش کا گواہ بنا تھا۔یہ وہ دن ہے جب اپنی عددی اکثریت، اسلحہ کی فراوانی اور مادی وسائل سے مالامال ہونے کے زعم میں کفارو مشرکین نے یہ سوچا کہ وہ یثرب کی چھوٹی سی بستی جو کہ اب مدینہ النبی بن گئ ہے، اس پر چڑھائی کرکےاسلام کے چراغ کو گل کردیں گے، تاکہ جہالت کی تاریکی کبھی دور نہ ہو اور دنیا ایمان کی روشنی سے منور نہ ہونے پائے۔لیکن بقول شاعر

نور خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

معرکہ بدرایک تاریخی واقعہ ہے، جس کو مورخ کسی بھی طور سے نظر انداز نہیں کرسکتا۔ایسا معرکہ جس میں اسلام نے کفر کو، اقلیت نے اکثریت کو,اور ایمان نے اسلحہ کوشکست ِفاش دیدی تھی۔
غور کیجئے کہ ایک طرف 1000کا طاقتور لشکر ہے ،جس کے پاس مکمل اسلحہ اور مادی وسائل تھے اور ساتھ ہی مختلف قبائل کا اتحاد بھی تھا۔جب کہ اس کے برعکس دوسری جانب اہل ایمان کے لشکر میں صرف تین سو تیرہ جانثارتھے۔ یہی نہیںیہ لشکر بے سروسامانی کی حالت میں بھی تھا۔فاقہ کشوں کے اس لشکر کے پاس مکمل سازسامان بھی بھی نہیں تھا۔ جنگی نقطہ نظر سے نہ کوئی سامان تھا نہ ہی کوئی ٹریننگ تھی۔ 313 کے اس لشکر میں صرف دو گھوڑے اور ستر اونٹ تھے ،جن پر تمام لوگ باری باری سواری کرتے تھے۔ہاں اس لشکر جرارکے پاس کچھ تھا توایمان کی طاقت تھی اور سینوں میں موجزن سرفروشی کا جذبہ تھا۔ جنگ شروع ہونے سے پہلے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ سے دعا کی اےاللہ! اگر آج یہ مٹھی بھر جماعت بھی ہلاک ہوگئ تو پھر اس روئے زمین پر تیری عبادت کہیں نہ ہوگی۔اور پھر دنیا نے دیکھا کہ کس طرح اللہ سبحانہ و تعالی نے اس جنگ میں اہل ایمان کی غیب سے مدد فرمائی۔ارشادِ باری تعالی ہے:

اِذْ تَسْتَغِيْثُوْنَ رَبَّكُمْ فَاسْتَجَابَ لَكُمْ اَنِّىْ مُمِدُّكُم بِاَلْفٍ مِّنَ الْمَلَآئِكَـةِ مُرْدِفِيْنَ.وَمَا جَعَلَـهُ اللّـٰهُ اِلَّا بُشْرٰى وَلِتَطْمَئِنَّ بِهٖ قُلُوْبُكُمْ ۚ وَمَا النَّصْرُ اِلَّا مِنْ عِنْدِ اللّـٰهِ ۚ اِنَّ اللّـٰهَ عَزِيْزٌ حَكِـيْـمٌ

ترجمہ: ’’ اور وہ موقع جب تم اپنے رب سے فریاد کررہے تھے۔جواب میں اس نے فرمایا کہ میں تمہاری مدد کے لئے پے در پے ایک ہزار فرشتے بھیج رہا ہوں. یہ بات اللہ نے تمہیں صرف اس لئے بتادی کہ تمہیں خوشخبری ہو اور تمہارے دل اس سے مطمئن ہو جائیں‘‘۔سورہ انفال آیت 10/9
اس غزوہ میں چودہ مسلمان شہید ہوئے جبکہ کفار کے ستر افراد ہلاک ہوئے اور اتنےہی قیدی بنائے گئے۔جبکہ مسلمانوں کو فتح نصیب ہوئی. آج کے دور میں ہمیں غزوہ بدر سے سبق حاصل کرنا چاہئے، اور ان صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین جیسا صبر،ایمان اور ثابت قدمی کی ضرورت ہے۔ رمضان کا مہینہ صبر و استقامت اور ٹریننگ کا مہینہ ہے۔
غزوہ بدر کا واقعہ مسلمانوں کو یہ یاد دلاتاہےکہ اللہ تعالی ہمیشہ ان کے ساتھ ہے،حالات کیسے بھی ہوں انہیں کبھی ناامید و مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
غزوہ بدر سے ہمیں کئ اہم سبق ملتے ہیں۔
(1)صبرو استقامت اور پختہ ایمان۔ (2)اتحاد و اجتماعیت
(3) نیک ارادہ اور صراط مستقیم پر چلنا۔ (4)اللہ پر ایمان اور کامل بھروسہ۔ (5)اپنی اصلاح,اور گناھوں کی معافی۔ (6)خدمت خلق,اور صلہ رحمی کا جذبہ۔ (7)باطل کے خلاف حق پر ڈٹےرہنا۔ اللہ تعالی ہمیں غزوہ بدر کے مسلمانوں جیسا ایمان، صبر اور استقامت عطا فرمائے۔آمین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے