طاری تھی دماغوں پہ کبھی جنگ فلسطین
دنیا پہ ہے چھایا ہوا اب رنگ فلسطین
آبادی غزہ کو یہ شادی کی گھڑی ہے
با حالِ تباہ شکر کے سجدے میں پڑی ہے
طاغوت کا سر نیچا ہوا تیری مدد سے
رسوا ہوا دنیا میں وہ جب گزرا تھا حد سے
نعمت کا تری حق تو ادا کر نہیں سکتے
جو قرض ہے ہم پر اسے ہم بھر نہیں سکتے
تو بخش دے اے مولا خطاؤں کو ہماری
ایمان کے گن گائے گی مخلوق یہ ساری
ہم تیری عنایات کا دم بھرتے رہیں گے
جو چاک ہیں دامان، رفو کرتے رہیں گے
کافور ہوئے غم سبھی اور حزن بھی سارے
نزدیک نظر آنے لگے فتح کے دھارے
عنبر کی دعا ہے کہ بسے پھر سے فلسطین
یارب رہے آباد سدا ملکِ فلسطین
Comments From Facebook


0 Comments