پنڈت کنہیا داس گاؤں کے سرپنچ تھے۔خاصے مال دار اوراثر و رسوخ کے مالک تھے۔ گائوں میں دبدبہ تو تھا ہی آس پڑوس کے کئی گاؤوں میںبھی لوگ ان کے نام پر ڈرتے اور ڈراتے تھے۔
’لکشمی‘ پنڈت کنہیا داس کی اکلوتی بیٹی تھی، جس سے ان کو بے پناہ محبت تھی۔پنڈت کنہیا جیسے اثرورسوخ والے انسان کی بیٹی ہونے کے باوجود لکشمی نہایت سادہ دل اور نرم طبیعت انسان تھی۔والد کےرتبے کا اس کے اندر ذرا بھی غرور نہیں تھا۔
لکشمی کے ساتھ ایک سانحہ یہ تھا کہ وہ قد میں کم تو تھی ہی اس پر اس کا رنگ بھی خاصا سانولا تھا، اور آنکھوں پر کالے گھیرے تو جیسےاس کےچہرے پر نمایاں نظر آتے تھے۔ایسا لگتا تھا جیسے وہ کسی گہرے صدمے کا شکار ہے۔۔۔آخر کیوں نہ ہو اس نے اپنی چھوٹی سی عمر میں اپنی امی کو جو کھو دیا تھا۔ اس پر ایک اور صدمہ اسکا منتظر تھا۔
لکشمی کی شادی کی عمر گزرتی جا رہی تھی۔کنہیا داس کو اس بات کا احساس بھی تھا۔ اسی لیے کنہیا داس نے لکشمی کے لیے رشتہ تلاش کروانا شروع کردیا،بلکہ باضابطہ یہ اعلان بھی کروادیاکہ اگر لکشمی کے لیے کوئی مناسب رشتہ تلاش کرے گا تو بطور عطیہ اسے اچھی خاصی رقم دی جائے گی ، اور میرے پسندیدہ داماد کو 10ایکڑ زمین ،گھر اور دو عدد بیل دینے کا وعدہ ہے۔
پھر کیا تھا جو لوگ برسوںسے خاموش تھے ،اعلان سن کر اچھل پڑے، کوئی اپنے بھائی کا، کوئی اپنے خالہ زاد بھائی کاتو کوئی چچا زاد بھائی کا رشتہ پنڈت کنہیا داس کے سامنے بڑی ہی خوبیوں کے ساتھ پیش کرنے لگے۔ پنڈت کنہیا داس نہایت خوش تھے کہ اب میری لکشمی رانی بن کر رہے گی ۔
لکشمی نہایت معصوم، سنجیدہ اور با ظرف لڑکی تھی، انہی خوبیوں کو دیکھ کر کنہیا داس اسے ایک اعلی خان دان میں رخصت کرنا چاہتے تھے۔ادھر لکشمی کے لیے درجنوں رشتے آن کھڑے ہو ئے تھے ۔
اتوار کی صبح رام کمار دوڑتے ہوئے کنہیا داس کے مکان پر تشریف لائے، لکشمی کو دیکھ کر کھل کھلاتے ہوئےکہنے لگے، لکشمی تیرے لیے چاند سے مکھڑے والا اور بادشاہوں سی دولت والا رشتہ آیا ہے، کیا کہنا تیری قسمت کا.
ادھر کنہیا داس اپنے کمرے سے باہر آئے، ’’کیا خبر لائے ہو کمار؟‘‘
سرکار ایک رشتہ لایا ہوں، بلکہ سمجھیے اپنی لکشمی کے لیے راج کمار آیا ہے، چلیے ہمارے ساتھ۔ پھر کیا تھا کنہیا داس رام کمار کو بہت مانتے تھے، وہ اس کے پیچھے ہی چل پڑے۔
ادھر دھن پت کنہیا داس کا بے صبری سے انتظار کر رہا تھا، کنہیا داس کو دیکھ کر جھٹ سے کھڑے ہوتے ہوئے دھن پت نے نمسکار کیا ، پنڈت تو آدھے یہیں پگھل گئے’’کیا نام بتایا اپنا‘‘؟ جی دھن پت، قریب کے گاؤں ’دس رج پور‘ کا رہنے والا ہوں.
’’بیٹھو، جی!‘‘
’’پہلے آپ بیٹھ جائیے۔‘‘
معلوم ہوتا تھا کہ دھن پت ایک اچھے خاندان کا لڑکا ہے۔ کنہیا داس نے چند ایک باتیں کی اور کمار کو اشارہ کرتے ہوئے گھر میں کھانے کے انتظام کا اشارہ دیا۔دونوں خاندان مل کر کنہیا داس کے گھر کی طرف روانہ ہوے۔
دھن پت کے والد اور کنہیا داس راستے میں بڑی ساری باتیں کر رہے تھے اور دھن پت انکی باتیں غور سے سن رہا تھا، گھر پہنچ کر کھانے کے بعد، کنہیا داس نے دھن پت سے کہا ’’کیوں بھائی دھن پت، ہماری گڑیا کو لے جانا چاہتے ہو‘‘؟ دھن پت نے جھٹ سے کہا:
’’ آپ اجازت دیں تو بات بنے‘‘۔
اس پر تمام لوگ ہنس پڑے۔
’’ہماری لکشمی کو خوش رکھو گے‘‘؟
دھن پت نے جواب دیا:
’’ کیوں نہیں ، میں ایک باظرف اور نہایت خوددار لڑکا ہوں، میرے گاؤں میں میرا بڑا نام ہے، آپ فکر نہ کیجیے، آپ یہ نہ سمجھیے کہ پیسے کی لالچ مجھے یہاں کھینچ لائی ہے۔ مجھے تو دو روپے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
اس پر کنہیا داس مسکراتے ہوے کہنے لگے،’’ ارے نہیں، یہ تو فرض ہے ہمارا، ذرا رکیے میں لکشمی سے پوچھ آتا ہوں، بلکہ اس رشتے کو آپ قبول سمجھیے۔
یہ ساری باتیں لکشمی باورچی خانے سے سن رہی تھی، کنہیا داس لکشمی کے پاس گئےاور لکشمی سے اس ضمن میں جواب طلب کرنے لگے۔ لکشمی نے اپنے والد کا ہاتھ کر چومتے ہوے کہا،’’ ابا آپ کے حکم کے آگے میں جھک جاتی ہوں، بس میری ایک التجا ہے اگر آپ اجازت دیں تو میں آپ تمام کے سامنے ہی دھن پت سے چند ایک سوالات کرنا چاہتی ہوں‘‘۔ اس پر کنہیا داس مان گے، لکشمی نے چاے کی تھال ہاتھ میں لی ،سر کو جھکا کر سب کو نمسکار کرتے ہوئے بیٹھ گئی، پھر دھن پت کی طرف مخاطب ہو کر کہا،’’ آپ مجھے ایک اچھے انسان نظر آئے۔ آپ بڑے ہی نیک معلوم ہوتے ہیں، اور مجھے یقین ہے آپ میری بات نہیں ٹالیں گے۔ اس پر دھن پت نے کہا، ’’بالکل آپکی ہر بات مجھے قبول ہے کہیے۔ لکشمی نے کہا :’’میں شادی کے بعد تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ آپ شادی کے بعد میرے لیے ایک استاد مقرر کیجیے، جو مجھے روز پڑھانے کے لیے آئے۔ اس پر دھن پت نے جواب دیا، ارے کیوں نہیں بلکہ میں تو خود تعلیم حاصل کرنے اور کروانے پر قائل ہوں۔جو مرد شادی کے بعد عورت کو اپنی جیب کا سکہ تصور کرتے ہیں، میں ان سے سخت نفرت کرتا ہوں۔ دھن پت کے ایک ایک جواب پر کنہیا داس کا سینہ فخر سے چوڑا ہو رہا تھا۔ لکشمی نے کہا ،’’میں ابا کو کب سے یہی کہہ رہی ہوں کہ ابا دھن پت ایک با ظرف اور بہت نیک انسان ہے، وہ آپکے پیسے کے محتاج نہیں۔ انہیں آپکی ایک کوڑی بھی نہیں چاہیے، وہ اپنے بل پر کمائیں گے، اور میری خواہشات خیال رکھیں گے۔آپ ہمارا بیاہ مندر میں کروا دیں، ایسے افراد بہت بڑی نعمت ہوتے ہیں معاشرے کے لیے.
یہ بات سننا تھا کہ دھن پت نے اپنے ہاتھ کی چائے زمین پر دے ماری اور کہا ،
’’کیا چاہتی ہو، اس رنگ و جسم کے ساتھ تجھے لے جاؤں، ہاے رے میری قسمت ،میری منگیتر سے اچھا خاصا رشتہ توڑ کر یہاں چلا آیا، وہ لوگ مجھ نیک و شریف کو اچھی خاصی رقم دینے پر آمادہ بھی ہو گئے تھے.
کسطرح ایک نیک نظر آنے والا چہرہ اندرون سے کیسا زہریلہ ہوتا ہے، یہ کنہیا داس کی آنکھوں نے دیکھ لیاتھا۔ اس کا جسم ٹھنڈا پڑ گیا۔ کنہیا داس اٹھے، دھن پت کا گلا پکڑ کر گھر کے باہر کر دیا، اور اپنی بیٹی کو گلے سے لگا کر زار و قطار رو پڑے۔ لکشمی نے اپنے والد کے آنسو صاف کیے اور کہا ابا ایسے خون خار جانور دنیا میں ہر جگہ موجود ہیں، جو گھات لگائے بیٹھے ہیںکہ کوئی معصوم ان کے جال میں پھنس جائے اور وہ اسکا شکار کر لیں۔ اس جانور کی ہوس نے آج اُسے یہاں لا کھڑا کیا تھا، وہ مجھے ضرور ایک روز موقع پا کر نوچ لیتا۔یہ حقیقت ہے اس کم ظرف دنیا کی.
یہ قصہ لکشمی کے ہم سفر پریم نے پورے 48سال بعد لکشمی کی سالگرہ پر بطور تحفہ اپنے ناول میں درج کروایا، جس نے اپنی ہم سفر لکشمی کو اصل زر اور بہادر شیرنی سے تشبیہ دی.
لکشمی صبر و شکر والی لڑکی تھی۔ اس پر پریم بھی نہایت سچا انسان تھا، جس نے اس کی تنہائی میں اس کامکمل خیال رکھا تھا۔لکشمی اور پریم میں وفاء اور عزت کا رشتہ تھا، لالچ اور پیسے کا نہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments