مارچ ۲۰۲٥
رمضان المبارک کی شعوری منصوبہ بندی
زمرہ : النور

شَهرُ رَمَضَانَ الَّذِىٓ اُنزِلَ فِيهِ القُراٰنُ هُدًى لِّلنَّاسِ وَ بَيِّنٰتٍ مِّنَ الهُدٰى وَالفُرقَانِ

 رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو انسانوں کے لیے سراسر ہدایت ہے، اور ایسی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے جو راہِ راست دکھانے والی اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہے۔ 2:185
رمضان، ماہِ فرقان‘ ماہِ قرآن‘ ماہِ فیضان‘ ماہِ صیام‘ ماہِ مواساة‘ ماہِ تربیت اور ماہِ محبت ہے۔اس ماہ کو ماہِ مبارک بھی کہا جاتا ہے۔اسی ماہ کی شب قدر میں قرآن حکیم لوح محفوظ سے آسمان دنیا پرایک ساتھ مکمل نازل ہوا تھا۔
قرآن حکیم ھدی للناس ہے (

وَ هُدًى وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْن ‘
کلام اللہ ہے اَفَتَطْمَعُوْنَ اَنْ یُّؤْمِنُوْا لَكُمْ وَ قَدْ كَانَ فَرِیْقٌ مِّنْهُمْ یَسْمَعُوْنَ كَلٰمَ اللٰهِ ثُمَّ یُحَرِّفُوْنَهٗ مِنْ بَعْدِ مَا عَقَلُوْهُ وَ هُمْ یَعْلَمُوْنَ‘
شفاء ہےیٰاَیُّهَا النَّاسُ قَدْ جَآءَتْكُمْ مَّوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ
بیان ہے ۔هٰذَا بَیَانٌ لِّلنَّاسِ
احسن الحدیث ہے۔للَّهُ نَزَّلَ أَحْسَن َ ٱلْحَدِيثِ كِتَـٰبًا مُّتَشَـٰبِهًا ‘
ھدی للمتقین ہے

تقویٰ والوں کے لیے ہدایت ہے۔
صوم‘ صلوٰة‘ قربانی‘ زکوٰة ‘ اور حج، یہ وہ اہم عبادات ہیں جن سے تقویٰ پیدا ہوتا ہے۔ان عبادات کے خصوصی اہتمام کے ذریعے بندہ مومن کی تربیت کی جاتی ہے۔

لَن یَّنَالَ اللّٰہَ لُحُومُہَا وَ لَا دِمَآؤُہَا وَ لٰکِن یَّنَالُہُ التَّقوٰی مِنکُم

نہ ان کے گوشت اللہ کو پہنچتے ہیں نہ خون ، مگر اسے تمہارا تقوی پہنچتا ہے ۔ 22:37

یَسئَلُونَکَ عَنِ الاَہِلَّۃِ ؕ قُل ہِیَ مَوَاقِیتُ لِلنَّاسِ وَ ا لحَجِّ ؕ وَ لَیسَ البِرُّ بِاَن تَاتُوا البُیُوتَ مِن ظُہُورِہَا وَ لٰکِنَّ البِرَّ مَنِ اتَّقٰی وَ اۡتُوا البُیُوتَ مِن اَبوَابِہَا ۪ وَ اتَّقُوا اللّٰہَ لَعَلَّکُم تُفِلحُلونَ

اور لوگ تم سے چاند کی گھٹتی بڑھتی صورتوں کے متعلق پوچھتے ہیں ۔ کہو : یہ لوگوں کے لیے تاریخوں کی تعیین کی اور حج کی علامتیں ہیں ۔ نیز ان سے کہو : یہ کوئی نیکی کا کام نہیں ہے کہ تم اپنے گھروں میں پیچھے کی طرف سے داخل ہوتے ہو ۔ نیکی تو اصل میں یہ ہے کہ آدمی اللہ کی ناراضی سے بچے ۔ لہٰذا تم اپنے گھروں میں دروازے ہی سے آیا کرو ۔ البتہ اللہ سے ڈرتے رہو ۔ شاید کہ تمھیں فلاح نصیب ہو جائے۔ 2:189
ان آیات سے واضح ہوتا ہے کہ قربانی اور حج بھی تقویٰ کے ذرائع ہیں۔

لَیسَ البِرَّ اَن تُوَلُّوا وُجُوہَکُم قِبَلَ المَشرِقِ وَ المَغرِبِ وَ لٰکِنَّ البِرَّ مَن اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَ الیَومِ الاٰخِرِ وَ المَلٰٓئِکَۃِ وَ الکِتٰبِ وَ النَّبِیّٖنَ وَ اٰتَی المَالَ عَلٰی حُبِّہٖ ذَوِی القُربٰی وَ الیَتٰمٰی وَ المَسٰکِینَ وَ ابنَ السَّبِیلِ ۙ وَ السَّآئِلِینَ وَ فِی الرِّقَابِ وَ اَقَامَ الصَّلٰوۃَ وَ اٰتَی الزَّکٰوۃَ ۚ وَ المُوفُونَ بِعَہدِہِم اِذَا عٰہَدُ وَ الصّٰبِرِینَ فِی البَاسَآءِ وَ الضَّرَّآءِ وَ ؕ حِین البَاسِ ؕ ؕ اُولٰٓئِکَ الَّذِین صَدَقُوا ؕو وَ اُولٰٓئِکَ ہُمُ المُتَّقُونَ۔

نیکی یہ نہیں ہے کہ تم نے اپنے چہرے مشرق کی طرف کر لیے یا مغرب کی طرف ، بلکہ نیکی یہ ہے کہ آدمی اللہ کو اور یوم آخرت اور ملائکہ کو اور اللہ کی نازل کی ہوئی کتاب اور اس کے پیغمبروں کو دل سے مانے اور اللہ کی محبت میں اپنا دل پسند مال رشتے داروں اور یتیموں پر ، مسکینوں اور مسا فروں پر ، مدد کے لیے ہاتھ پھیلانے والوں پر اور غلاموں کی رہائی پر خرچ کرے ، صلوٰۃ قائم کرے اور زکوٰة دے ۔ اور نیک وہ لوگ ہیں کہ جب عہد کریں تو اسے وفا کریں ، اور تنگدستی و مصیبت کے وقت میں اور حق و باطل کی جنگ میں صبر کریں ۔ یہ ہیں راست باز لوگ اور یہی لوگ متقی ہیں۔ 2:177
صلوٰۃ کا قیام، صوم، قربانی، حج، اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنا اور زکوٰۃ ادا کرنا یہ تقویٰ کے ذرائع ہیں۔ بالخصوص صوم۔

یٰاَیُّہَا الَّذِینَ اٰمَنُوا کُتِبَ عَلَیکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِینَ مِن قَبلِکُم لَعَلَّکُم تَتَّقُونَ

اے لوگو جو ایمان لائے ہو تم پر روزے فرض کر دیے گئے ہیں۔ جیسا کہ تم سے پہلی امتوں پر فرض کیے گئے تھے۔ اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہو۔ 2:183
تقویٰ والوں کی صفات ہیں

الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ وَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ یُنْفِقُوْنَ۔

 جو غیب پر ایمان لاتے ہیں ، نماز قائم کرتے ہیں ، جو رزق ہم نے ان کو دیا ہے ، اس میں سے خرچ کرتے ہیں ۔ 2:3
گرحالت صوم میں ان صفات پر عمل آوری ہو تو نتیجتاً تقویٰ پیدا ہونا یقینی ہے۔چونکہ قرآن سے ہدایت پانے کے لیے تقویٰ کو بھی شرط قرار دیا گیا ہے اور تقویٰ صوم(روزہ) سے حاصل ہوتا ہے۔پس ماہ صیام سے مستفید ہوتے ہوئے تقویٰ حاصل کرنے اور اس ماہ کا حق ادا کرنے کے لیے اس ماہ کو منصوبہ بند طریقے سے گزارنا نہایت ضروری امر ہے۔موجود صورتحال سے مطلوبہ اور معیاری صورتحال تک پہنچنے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ ہم اپنا احتساب کریں کہ

 ہمارا اللہ سے اور کلام اللہ سے تعلق کیسا ہے؟
خشیت الٰہی کی کیا کیفیت ہے؟
ہمارے اعمال اور انسانوں سے ہمدردی و مواساة کا کیا عالم ہے؟

ہم جس کیفیت میں آج ہیں، اس سے بہترین درجہ جو کہ معیارِ مطلوب ہے، اس تک پہنچنے کے لیے ہمیں منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ماہ رمضان ماہ تربیت ہے ۔رمضان سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھانے، رمضان کی برکات و انوار صحیح اور منظم طریقے سے سمیٹنے اور اپنے آپ کو درجہ کمال تک پہنچانے کے لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ماہ مبارک رمضان الکریم کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی شروع کریں۔رمضان سے متصل ماہ شعبان المعظم ایک اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔ اس ماہ سے ہی رمضان کی تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔نبی اکرمؐ بھی رمضان کے علاوہ اسی ماہ کے پورے روزے رکھتے۔اور اسی ماہ سے رمضان کی تیاریاں شروع کردیتے۔

ہماری منصوبہ بندی SMARTہونی چاہیے۔

 S – Specific (مخصوص)
M – Measurable (قابل پیمائش)
A – Acheivable (قابل حصول)
R – Realistic (حقیقت پسندانہ)
T – Time Bond ( متعین مدت)
بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے ہم ماہ رمضان سے بخوبی فیض یاب ہوسکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے،

فَمَن شَہِدَ مِنکُمُ الشَّہرَ فَلیَصُمہُ ؕ وَ مَن کَانَ مَرِیضًا اَو عَلٰی سَفَرٍ فَعِدَّۃٌ مِّن اَیَّامٍ اُخَرَ ؕ یُرِیدُ اللّٰہُ بِکُمُ الیُسرَ وَ لَا یُرِیدُ بِکُمُ العُس رَ وَ لِتُکمِلُوا العِدَّۃَ وَ لِتُکَبِّرُوا اللّٰہَ عَلٰی مَا ہَدٰىکُم وَ لَعَلَّکُم تَشکُرُونَ

ترجمہ:

لہٰذا، اب سے جو شخص اس مہینے کو پائے ، اس پر لازم ہے کہ اس پورے مہینے کے روزے رکھے۔ اور جو کوئی مریض ہو یا سفر پر ہو تو وہ دوسرے دنوں میں روزوں کی تعداد پوری کرے۔ اللہ تمھارے ساتھ نرمی کرنا چاہتا ہے، سختی کرنا نہیں چاہتا۔ اس لیے یہ طریقہ تمھیں بتایا جارہا ہے تاکہ تم روزوں کی تعداد پوری کرسکو اور جس ہدایت سے اللہ نے تمھیں سرفراز کیا ہے، اس پر اللہ کی کبریائی کا اظہار و اعتراف کرو اور شکر گزار بنو 2:185
روزہ محض فاقہ کشی کا عمل نہیں ہے۔ روزہ کی حالت میں ہمیں صرف اشیائے خورد و نوش سے ہی نہیں بلکہ ان اعمال سے بھی اجتناب کرنا ہے جو بدی کی طرف لے جاتے ہوں، جن سے پروردگار ناخوش ہوتا ہو اور بندہ نصرت الٰہی سے محروم ہوجاتا ہو۔اس آیت سے ظاہر ہے کہ روزہ ہر اہل ایمان پر فرض ہے،الا یہ کہ وہ مریض ہو یا سفر پر ہو۔ہمارے روزے اللہ کے لیے خالص ہوں۔ہم روزے کو مصیبت، پریشانی یا تکلیف نہ سمجھیں۔ارشاد الٰہی ہے:

لاَ يُكَلِّفُ اللهُ نَفْساً إِلاَّ وُسْعَهَا

ترجمہ:
اللہ کسی متنفس پر اس کی وسعت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔ 2:286
روزے میں اتنی ہی آزمائش ہوتی ہے جتنی کہ ہماری برداشت۔البتہ اس آزمائش میں بھی کھرا اترنا ایک مومن کی پہچان ہے۔ہم روزہ کے اصل مقصد کو پورا کریں تو یقیناً ہمیں تقویٰ حاصل ہوگا۔
زمانہ قدیم میں اہل عرب اپنے گھوڑوں کوبھوک، پیاس اور فاقہ کشی سے گزارتے تاکہ وہ تند و تیز ہواؤں سے نبرد آزما ہوسکیں۔اور اپنا کام بحسن و خوبی انجام دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
ایسے تربیت یافتہ گھوڑے کو ”فرس صائم“ کہا جاتاتھا۔ اسی طرح ایک ماہ کی مسلسل ٹریننگ اور مشق کے ذریعے ایک بہترین اوصاف کا حامل مومن تیار ہوتا ہے۔ جو آئندہ گیارہ ماہ اپنی یک ماہی تربیت کا مظاہرہ کرتا ہے۔جو ہر طرح کی سختی، پریشانیوں اور مصیبتوں سے نبرد آزما ہوتا ہے۔
اس ماہ مبارک میں جن کاموں میں ہمیں اپنی خصوصی تربیت کرنی ہے ان میں سے چند درج ذیل ہیں۔

۱) عبادت میں کثر ت

ہمیں اپنا بیشتر وقت عبادتوں میں صرف کرنا چاہیے۔ذکر اللہ کا کثرت سے اہتمام، تلاوت قرآن مع ترجمہ، آیات قرآنی کا حفظ، تجوید اور قرات کا سیکھنا، قرآنی عربی سیکھنا، آیات ربانی پر عمل کی کوشش، قرآنی تعلیمات کو برادران وطن اور انسانیت تک عام کرنا، نمازوں کا اہتمام و پابندی، باہمی تعلقات کی استواری، رشتہ داروں سے بہتر تعلقات، کشیدہ تعلقات میں ہمواری، زکوٰة کی ادائیگی، زکوٰة کے اجتماعی نظم کے قیام کی کوشش، نمازِ تراویح اور لیلة القدر میں قیام کا خصوصی نظم کرنا۔

۲) عرفان ذات

اپنی خوبیوں، خامیوں اور صلاحیتوں کو Identifyکرنا۔ ہم اپنی خوبیوں میں اضافے اور خامیوں کے ازالے کی منصوبہ بندی کریں۔ اپنی صلاحیتوں سے معرفت حاصل کرکے انھیں اپنے لیے اور لوگوں کے لیے کارآمد بنائیں۔

۳) توبہ و استغفار

ود سے سرزد ہوئے گناہوں کی کثرت سے معافی مانگنا۔ توبہ و استغفار کو یقینی بنانا۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے

 فَمَن تَابَ مِن بَعدِ ظُلمِہٖ وَ اَصلَحَ فَاِنَّ اللّٰہَ یَتُوبُ عَلَیہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ غَفُورٌ رَّحِیمٌ )

پھر جو ظلم کرنے کے بعد توبہ کرے اور اپنی اصلاح کر لے تو اللہ کی نظرِ عنایت پھر اس پر مائل ہو جائے گی ، اللہ بہت درگزر کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے ۔ 5:39
کثرت سے اللہ کو یاد کرنا، اپنی صلاحیتوں کو اس کی راہ میں لگادینا، اپنے مزاج میں اس کی خاطر مثبت تبدیلی لانا، توبہ و استغفار کا دامن تھام لینا یہ تمام روحانی ارتقاءکے مراحل ہیں۔ بندہ کثرت سے اگر اپنے رب کی راہ میں سر دھڑ کی بازی لگادے، اس کی طرف اپنے قدم بڑھائے تو اس کا رب جو شفیق اور مہربان ہے، اپنے بندے کو محبت سے تھام لیتا ہے۔

۴) علم میں اضافہ 

حصول علم ایک عبادت ہے۔ ہم اپنے اوقات میں علم کی حصولیابی کے لیے بھی کچھ حصہ مختص کریں۔ تعلیم کے اہداف مقرر کریں۔ سیکھنا اور مسلسل سیکھنا انسان کی سوچ کو وسیع کرتا ہے۔ اور فکر کے کئی در وا ہوتے ہیں۔رمضان میں ہم اسلامک لیکچرز، ورکشاپس (آف لائن یا آن لائن)، ویبینارزسے موقع بہ موقع مستفید ہوسکتے ہیں۔

۵) گناہوں سے اجتناب

ہم خواہ حالت خلوت میں ہوں یا کسی انجمن یا محفل میں، ہمارا ہر عمل معروف ہو۔ ہم اپنے آپ کو منکرات سے محفوظ رکھیں۔ ہر صغیرہ و کبیرہ گناہ جو چاہے یا ان چاہے ہم سے سرزد ہوتا ہو، ہمیں اس سے اپنا دامن بچائے رکھنا چاہیے۔ نیز ٹیکنالوجی کے مضر اور غلط استعمال سے اپنے آپ کو بچائیں۔

۶) دعا

 بندہ جب اپنے قادر مطلق کے آگے دست سوال دراز کرتا ہے ، معافی اور اشکوں کے ذریعے اپنے رب سے کچھ طلب کرتا ہے تو خداوند سبحان کی رحمت جوش کھاتی ہے اور وہ اپنے خزانہ سے اپنے بندے کو بہرہ یاب کرتا ہے۔ الدُّعاءُ سِلاحُ المُؤمِنِ (دعا مومن کا ہتھیار ہے۔)ہم اس حدیث کو Visualize کریں۔ہم اپنی زبان کو ذکر الٰہی اور دعاؤں سے تر رکھیں ۔دعا دل سے نکلتی ہے، اور بارگاہ الٰہی میں دل سے نکلنے والی آواز کو مقبولیت کا درجہ حاصل ہے۔دعا کو اپنا معمول بنالیں۔قرآنی دعاؤں کا بھی لازماً اہتمام کریں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَإِذَا سَأَلَکَ عِبَادِیْ عَنِّیْ فَإِنِّیْ قَرِیْبٌ أُجِیْبُ دَعْوَۃَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ

ترجمہ:(اور اے نبی ، میرے بندے اگر تم سے میرے متعلق پوچھیں تو انھیں بتادو کہ میں ان سے قریب ہی ہوں۔ پکارنے والا جب مجھے پکارتا ہے ، میں اس کی پکار سنتا ہوں اور جواب دیتا ہوں)۔ 2:186۷)
زکوٰة،صدقات، خیرات و عطیات

 وَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَ وَركَعُواْ مَعَ ٱلرَّٰكِعِينَ

نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو، اور جو لوگ میرے سامنے جھک رہے ہیں ان کے ساتھ تم بھی جھک جاؤ۔ 2:43
زکوٰة کے علاوہ ہم اپنی آمدنی کا کچھ حصہ صدقات کے لیے مختص کریں۔حاجت مندوں کے معاملے میں فراخ دلی سے کام لیں۔صدقہ و خیرات کو اپنے بنیادی اخراجات کی فہرست میں ترجیح دیں،ضرورت مندوں میں خوراک، رقم، کپڑے ، یا دیگر ضروری اشیاءتقسیم کریں۔ اگر استطاعت رکھتے ہوں تو ایسے ادارے جو انسانیت اور لوگوں کے فائدے کے لیے کام کررہے ہوں، جیسے اسکول، اسپتال، واٹر سپلائرز، مدرسے، NGOs، تنظیمیں، وغیرہ ان کی ترقی کے لیے کچھ رقم عطیہ کرسکتے ہیں۔حکم الٰہی ہے،

 یٰٓـاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْآ اَنْفِقُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا کَسَبْتُمْ وَمِمَّآ اَخْرَجْنَا لَکُمْ مِّنَ الْاَرْضِ۔

اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، جو مال تم نے کمائے ہیں اور جو کچھ ہم نے  زمین سے تمہارے لیے نکالا ہے ، اس میں سے بہتر حصہ راہ خدا میں خرچ  کرو۔ 2:267اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، جو مال تم نے کمائے ہیں اور جو کچھ ہم نے  زمین سے تمہارے لیے نکالا ہے ، اس میں سے بہتر حصہ راہ خدا میں خرچ  کرو۔ 2:267صدقہ و خیرات کو اپنا معمول بنالینا چاہیے۔ اپنی فیملی اور بچوں کو بھی چیریٹی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینی چاہیے۔ ہم انھیں دینے والا بنائیں۔ چاہے وہ رقم ہو، اشیائے ضروریات ہو، یا ہمدردی و خلوص ہو۔ ہماری پوری کوشش ہو کہ یہ ہمارے معمولات زندگی کا حصہ بن جائیں۔ماہ رمضان میں غرباءو مساکین کے لیے سامان ضروریات کا اہتمام کرنا نیکی ہے۔ جو لوگ صاحب استطاعت ہیں، انھیں غرباءو فقراءکے افطار کا نظم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اللہ کے بندوں کو افطار کرانے کا ثواب بہت زیادہ ہوتا ہے۔ یہ فطری ہے کہ کسی کی اشتہا اور تشنگی رفع کرکے ہماری روح شاداب ہوجاتی ہے۔ اس سے ہماری روحانی نشوونما و ترقی ممکن ہے۔ ان تمام امور کے ذریعے ہم اپنی روح کو مطہر کرتے ہیں۔تطہیر قلب تقویٰ کا ایک درجہ ہے۔ متقین مطہر ہوتے ہیں۔اسی کے ساتھ ہماری اجتماعی زندگی مومنانہ زندگی کی عکاسی کرتی ہوئی ہونی چاہیے۔ایک مومن غمگسار، ہمدرد، خوشیاں بانٹنے والااور اپنے اطراف کے لوگوں کو اپنی ذات سے فیض پہنچانے والا ہوتا ہے۔ماہ فرقان کو ماہ مواساة بھی کہا جاتا ہے۔ اور اس ماہ میں ہم اپنے آپ کولوگوں کے لیے خیر کا باعث بنائیں۔ رمضان المبارک میں جس رات قرآن حکیم کا نزول ہوا، اس رات کواللہ تعالیٰ نے لیلة القدر (قدر کی رات) یا لیلة المبارکہ کہا ہے۔شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔یہ رات رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں پنہاں ہے۔یہ رات طلوع فجر تک سرتاسر سلامتی ہے۔

إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةٍ مُّبَارَكَةٍ

ہم نے اس کتاب کو بابرکت رات میں نازل کیا۔44:3ق
قرآن حکیم ، لوح محفوظ سے آسمانِ دنیا پر ایک ساتھ مکمل ، شب قدر میں نازل کردیا گیا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے تھوڑا تھوڑا کرکے محمدﷺ پر نازل کیا۔چونکہ وہ رات قرآن کی رات ہے۔ تو ہمیں اس رات کو قرآن کے نام کرنا چاہیے۔ہم اس رات اپنے آپ کو ذکر الٰہی، قرآن اور دعاؤں میں مستغرق رکھیں۔ لیلة القدر کی تمام فضیلتوں اور برکتوں کا مرجع قرآن کریم ہی ہے۔ رسول اللہﷺ ا ور صحابہ کرامؓ اس رات کو ذکر الٰہی ، سجود و قیام میں گزارتے۔رات کا ایک حصہ تلاوت قرآن، نماز ، اذکار اور استغفار میں لگاتے۔
رمضان میں صحت و تندرستی کا خیال رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ یہ بھی ہماری تربیت کا اہم پہلو ہے۔ماہ رمضان میں ہمارا نظام الاوقات تبدیل ہوجاتا ہے۔یوں کھانے پینے کے بھی اوقات متغیر ہوجاتے ہیں۔سحر ی صبح کا ناشتہ ہمیں قبل از طلوع فجر، منہ اندھیرے کھا لینا ہوتا ہے۔جسے سحری کہتے ہیں۔رسول اللہﷺ کا فرمان ہے،

تَسَحَّروا؛ فانَّ في السَّحورِ بَرَكةً

سحری کھایا کرو ، کیونکہ سحری میں برکت ہے۔سحری کھایا کرو ، کیونکہ سحری میں برکت ہے۔چونکہ وہ نیند سے بیداری کی حالت ہوتی ہے، اس لیے اس وقت ہمارا معدہ Inactive(غیر سرگرم)ہوتا ہے۔ہم سحری میں زیادہ کھانا کھالیں، یہ سوچ کر کہ روزہ میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تو ہمارے معدے پر منفی اثر پڑتا ہے۔اس بات کا خیال رکھیں کہ ہم ضرورت سے زیادہ کھا کر معدے کو نقصان میں نہ ڈالیں۔اس کے علاوہ کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ بنا سحری کھائے روزہ کی نیت کرلیتے ہیں۔سحری کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا:  سحری سراپا برکت ہے، اسے ترک نہ کیا کرو۔سحری کرنے والے پر اللہ کی رحمتیں ہوتی ہیں۔“آپؐ کا فرمان یہ بھی ہے کہ: ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں سحری کھانے کا فرق ہے۔“وقت سحر کھانا کھانے سے جسم کو ضروری غذائی اجزاءفراہم ہوتے ہیں۔ جو سارا دن ہماری توانائی کو برقرار رکھنے میں ممد و معاون ہوتے ہیں۔افطار اسی طرح افطاربھی رسول اللہﷺ  کی سنت ہے۔افطار میں بھی اس بات کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا کہ سارا دن روزہ کی حالت میں ہمارا معدہ غیر سرگرم ہوتا ہے۔اس وقت بھی ہم Overeating نہ کرجائیں ہمارا جسم ہمیں ہر طرح کے Signals(اشارے)دیتا ہے۔ اسی طرح اشتہا اور شکم پری کے اشاروں کو سمجھتے ہوئے غذا تناول کریں۔خیال رکھیں کہ سحر اور افطار دونوں اوقات میں بسیار خوری (Overeating)نہ ہونے پائے۔افطار میں تلی ہوئی اشیاءاور پراسیسڈ فوڈ سے مکمل پرہیز کرنا،شکر اور کیفین کی مقدار کو محدود رکھنا صحت کے لیے مفید ہے۔ہم آج ہی سے یہ طے کردیں کہ ہمارے افطار کے مینیوسے غیر صحت بخش اشیاءکو حذف کردیا جائے گا۔سحری اور افطار دونوں میں صحت بخش غذاؤں کے استعمال کو ترجیح دیں۔افطار میں ہم تاخیر نہ کریں۔ رسول اللہ سحری میں تاخیرکرتے تھے۔ سحری آخری وقت میں تناول فرماتے تھے۔ البتہ افطار میں عجلت کیا کرتے تھے۔البتہ افطار اور سحری کے درمیان ہمیں پانی وافر مقدار میں پینا چاہیے۔روزوں کے درمیان اپنے آپ کو ہائیڈریٹ رکھنا نہایت ضروری ہے۔ہلکی جسمانی سرگرمی کو اپنے معمولات میں شامل کریں۔جیسے چہل قدمی، ہلکا پھلکا یوگا یا ہلکی پھلکی ورزش۔اچھی نیند بھی بے حد ضروری ہے۔ نیند کی کمی سے ہماری عبادتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔رمضان میں مجموعی صحت و تندرستی کے لیے ان تمام پر عمل آوری بے حد ضروری ہے۔وقت کی تنظیم یعنی ماہ رمضان میں مزید عبادتوں کے لیے وقت کی تقسیم نہایت اہمیت کی حامل ہے۔اس لیے سب سے پہلے، ماہ رمضان کے آغاز سے قبل وقت کی تنظیم کریں۔اپنی مصروفیات اور دیگر امور کا لحاظ کرتے ہوئے وقت کا تعین کیا جائے۔ہمارے پاس وقت بہت ہے، لیکن اس کو کیسے اور کہاں استعمال کرنا ہے، کس کام کو کتناوقت دینا ہے یہ ہم پر منحصر ہے۔سب سے پہلے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنا نظام الاوقات ترتیب دیں۔رمضان المبارک میں پوری تیاری، منصوبہ بندی اور لگن کے ساتھ داخل ہوں،اور پورے جوش و خروش کے ساتھ اس ماہ مبارک کا استقبال کریں۔چونکہ یہ ماہ ماہِ تربیت ہے۔ اس لیے اس ماہ مبارک میں مکمل طور پر اپنی روحانی، جسمانی و اجتماعی تربیت پر توجہ مرکوز کریں۔ تاکہ وہ آئندہ زندگی میں ہمارے لیے ممد و معاون ثابت ہو۔ اس ماہ میں ہم جو بھی نیک کام کررہے ہوں، وہ اس ماہ کی حد تک ہی نہ ہوں، بلکہ پورا سال ہم اسی طرز پر زندگی گزاریں۔پورا ماہ ہم نے جو ٹریننگ حاصل کی ہے ، وہ پورا سال ہر موقع پر ہمارے لیے کار گر و مفید ثابت ہو۔

رمضان رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔

 ہم اپنی ذات کے تاریک پہلوؤں کوتلاش کرکے ان کی فہرست بناکران پر اس ماہ مشقت کریں۔ ذاتی تڑپ ، کوشش پیہم و اللہ کی مدد سے انھیں روشن کردیں۔ نیز ذات کے روشن پہلوؤں کو مزید روشن کریں۔ اپنے نفس کا تزکیہ کریں۔چونکہ یہ ماہ تغیر ہے، اس ماہ میں اپنی شخصیت کے ارتقاءپر توجہ مرکوز کریں۔ اپنی ذات میں تبدیلیاں لائیں۔ اور ان پر ثابت قدم رہیں۔جو کام ہم اس ماہ صیام میں انجام دے رہے ہیں، جو کوششیں اقدامات ہم کررہے ہیں، اور جو تبدیلیاں ہم اپنے اندر لارہے ہیں ان پر ہم مستقل مزاجی سے جمے رہیں۔ اور رب رحمٰن سے دعا گو رہیں کہ وہ ہمیں استقامت عطا فرمائے۔ہماری حتی المقدور کوشش ہو کہ جو ماہ ہم پر سایہ فگن ہونے جارہا ہے ، ہم اس کی تمام برکات و انوار سمیٹیں۔ اپنی بخوبی تربیت کریں۔ اور اس مشن کے لیے آج ہی سے کمربستہ ہوجائیں۔ ساتھ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار بنیں۔ ہر نعمت پر اس کا شکر ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ماہ مبارک کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اوریہ ماہ ہماری زندگیوں میں انقلاب کا ذریعہ بنے۔آمین۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے