مارچ ۲۰۲٥
میرے اخلاق ہی میری پہچان ہے

مشہور حدیث ہے، یقینا آپ نے بھی سنی ہوگی،ایک موقع پر اللہ کے رسولﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’تم میں بہترین شخص وہ ہے، جس کے اخلاق اچھے ہوں۔‘‘
جب بھی یہ حدیث آنکھوں کے سامنےسے گزرتی ہے تو دل حیرت زدہ ہوجاتا ہے کہ کس طرح اللہ نے انسان کی پوری شخصیت کو ’اخلاق‘کے سانچے میں ڈھال دیا۔ مطلب الله کے نزدیک انسان کا معیار ، اس کا رتبہ اور اس کی اہمیت صرف اعلیٰ و ادنی اخلاق پر منحصر ہے، لیکن ہم دیکھ رہے ہیںکہ موجودہ دور میں اخلاق کا یہ سانچہ نہایت تیزی سے ٹوٹتا جا رہا ہے۔ جیسے ملک کے مختلف حصوں میں خواتین کے معاملےمیںجنسی تشدداور جبر و زیادتی جیسی غیر اخلاقی اور غیر انسانی حرکتیں ہوںیا اسکولوں میں پڑھتے ہوئے نونہالوں کی زبانوں پر گالیاں اور فحش لغویات ہوں،غرض ہمیں ہر طرف اخلاقی قدریں منہدم ہوتی ہوئی ہی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے دنیا اخلاقی قدروں سے خالی ہو کر درندوں کے سانچے میں ڈھلتی چلی جارہی ہے،آخر ان سب کی وجوہات کیا ہیں؟
جب ہم سماج کی بات کرتے ہیں تو ہمارا مطلب پوری سوسائٹی سے ہوتا ہے۔ سوسائٹی میں موجود امیر، غریب، ہندو مسلم، چھوٹے بڑے غرض ہرفرد سے ہوتا ہے۔ یہ سو سائٹی بنتی ہی ہے ہمارے گھروں سے۔ سوال یہ ہے کہ ہمارے گھر کس سے بنتے ہیں؟ ظاہر ہے کہ ہماری عمدہ قدروں سے اور یہ قدریں بنتی ہیں ہماری بہترین تربیت سے، ہمارے تزکیہ سے۔ اس سے ظاہر ہوا کے جس سوسائی کے خراب ہونے کی ہم دن رات شکایات کرتے ہیں،جسے ہر پل کوستے نہیں تھکتے، وہ دراصل ہماری وجہ سے ہی وجود میں آتی ہے۔اللہ تعالی نے سورہ تین میں ارشاد فرمایا ہے۔ :
’’قسم ہے انجیر کی اور زیتون کی، اور طور سِینا کی،اور اس امن والے شہر کی۔یقیناً ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا ہے،پھر اسے نیچوں سے نیچا کر دیا.لیکن جو لوگ ایما ن لائے اور (پھر) نیک عمل کیا تو ان کے لئے ایسا اجر ہے جو کبھی ختم نہ ہوگا۔پس تمہیں اب روز جزا کے جھٹلانے پر کون سی چیز آماده کرتی ہے۔کیا اللہ تعالیٰ (سب) حاکموں کا حاکم نہیں ہے۔
(سورہ التین)
ان آیات میں اللہ نے ہمیں’ امت وسط‘ کہا ہے۔یعنی ایک بہترین امت کے خطاب سے نوازا ہے۔ لیکن فوراً ہی اگلی آیات میں اسی امت وسط کو الٹا پھیر کر نیچے سے نیچ کر دیا – مطلب جانوروں سے بھی زیادہ گئے گزرے بنا دیاہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ یہی ہماری حیثیت ہے۔ بل کہ ہمیں دونوں حیثیتوں سے واقف کرا دیا ہے نیزاس دوسری صورت سے بچنےاور مطلوبہ حالت پر قائم رہنے کے لیے دو طریقے بھی بتلا دیے ہیں۔ دونوں طریقے ذیل میں درج ہیں :

پہلا ایمان لانا

دوسرا نیک اعمال کرتے رہنا

ہم دیکھتے ہیںکہ ہماری کمیونٹی کے کئی مسلم نوجوان اخلاق سے عاری نظر آتے ہیں ۔ ان کے اعمال جانوروں سے بھی زیادہ خراب ہو گئے ہیں۔ آپ نے سوچا اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا وہ مسلم نہیں ہیں ، کیا وہ ایمان نہیں لائے، کیا وہ نیک عمل نہیں کرتے ہیں ؟
ایمان دراصل روح کے بدلنے کا نام ہے۔ جب ہم ایمان مفصل میں ایمان لائے جانے والی چیزوں کے بارے میں پڑھتے ہیں تو ہمیں اللہ پر ، رسولوں پر، کتابوں پر ، فرشتوں پر اور آخرت کے دن پر ایمان لانے کا حکم دیا جاتا ہے۔
دوسرا طریقہ جو ہمیں سورہ تین میں بتایا گیاہے وہ ہے’، یعنی’ نیک اعمال کرنا‘ ۔
جب ہم اوپر بیان ہوئی پانچوں چیزوں پر دل سے ایمان لاتے ہیں تو پھر ہمارے قدم خود بہ خود نیک راستے کی طرف بڑھنے لگتے ہیں۔ اور نیک عمل کی سب سے بہترین مثال بہترین اخلاق ہے۔ جس شخص کے اخلاق جتنے اچھے ہوگے وہ اتنا ہی نیک انسان بنے گا اور امت وسط کا فرد کہلائےگا۔لیکن افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑھ رہا ہے کہ اس امت وسط کے خیمے میں شامل ہونے کے مقصد سے ہم دور ہورہےہیں ۔ اس کی وجہ کیا ؟؟
اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ آج کا انسان ’مادہ پرست‘ بن گیا۔ جسے ہم materialistic بھی کہہ سکتے ہیں۔مادے کا ہو کر رہ گیا ہے۔اس کی نگاہ زمین کی طرف جھک گئی ہے۔ وہ کچھ سوچتا ہے تو اپنے فائدے کے لیے سوچتا ہے، وہ جیتا ہے تو زیادہ سے زیادہ پیسہ کس طرح کمایا جائے، اس فکر میں جیتا ہے۔ اس کی زندگی کا مقصد کم تر اور حقیر ترہوکر رہ گیا ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ انسان کی سوچ اس کے مقصدسے وجود میں آتی ہے۔ جب انسان کا دل و دماغ، اس کی فکریں اللہ اور اس کے رسول سے ہم آہنگ نہیں ہوتیں،صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم،ائمہ اربعہ سے موافقت نہیں رکھتیں،مولانا مودویؒ ،شیخ حسن البناء شہید اور علامہ اقبال جیسےمعماران قوم و ملت کےافکار و خیالات سے ہم آہنگ نہیں ہوتی ہیں، تب وہ بالی ووڈ کے اخلاق سے عاری ہیروز کو اپنا رول ماڈل تصور کرنے لگتا ہے ، اخلاق باختہ لوگوں اور منفی فکروںسے ذہنی ہم آہنگی ہونے لگتی ہے۔جان لیجیے ایسے لوگوں کی طرح بننا یا ایسے پراگندہ افکار و نظریات سےہم آہنگ ہونا گویا اپنے آپ کو ضلالت کےااس اتھاہ گہرے دلدل میں لے جاناہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوتی ۔
اس سے بچنے کے لیے ہم کیا کریں؟
اسے ہم تین حصوں میں دیکھےگے۔
(1) بچوں میں
(2) گھروں میں
(3)سماج میں

(1) بچوں میں:

 ہمیں جو اخلاقی برائیاں نظر آتی ہیں وہ گالم گلوچ ، فحش کلامی، نافرمانی ،دوسرے بچوں کے ساتھ زیادی، غصہ وغیرہ عموماً دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس کی وجوہات کیا ہیں؟
الله کے رسول ﷺ نے بچوں کو جنت کے پھول کہا ہے۔ وہ بچوں سے بے انتہا محبت کرتے تھے۔ حضرت حسنؒ، حسین اور دیگر نواسوں اور بچوں کے ساتھ بھی أپﷺ کے واقعات ہمیں سیرت مصطفی ﷺ میں پڑھنے کو ملتے ہیں ۔اسے پڑھ کر ہم parenting skills سیکھ سکتے ہیں۔
جب آپﷺ مسجد تشریف لے جاتے ،اُس وقت ان کے معصوم نواسے بھی ان کے ساتھ ہوتے تھے۔ وہ وہاں پر نمازیوں کو نماز ادا کرتے ہوئے دیکھتے۔ رکوع و سجودپر غور کرتے، ساتھ ساتھ اپنی شرارتوں سے بھی لطف اندوز ہوتے۔ آپﷺ جو کہ امت کے رسول ہیں، انہیں یہ خدشہ کیوں نہ تھا کہ یہ بچے نمازیوں کو پریشان کریں گے، مسجد کا سکون غارت کریں گے۔ کیونکہ وہ امت کے مستقبل کو اس اجتماعی ماحول کے سانچے میں تراش رہے تھے، ناکہ موجودہ دور میںامت کے بزرگوں کی طرح ہمارے مستقبل کے رہنمائوں کو تربیت کے سانچے سے ہی نکال باہر پھینکتے۔
تربیت کہنے سے نہیں، بل کہ عملی طور پر کرنےسے ہوتی ہے۔ جب آپ والدین بنتے میں تو دو آنکھیں آپ کو مستقل observe کر رہی ہوتی ہیں۔ آپ کے ہر عمل کو اسکین کرتی ہیں اور خود بہ خود اس طرح بننے کی کوشش کرتی ہیں ۔
جب ہم تاریخ اسلام کی عظیم شخصیات کا بچپن پڑھتے ہیں تو ہمیں پتاچلتا ہے کہ ان جیسے عظیم لیڈران کوعظیم بنانےکے لیے ان کے والدین نے کتنی سخت محنت کی ہوگی ۔کس درجے کی پرورش کی ہوگی، تب آج وہ اس قابل بنے کہ امت کو اللہ تعالی کی جانب سے بھیجی گئی ہدایات کو ایک ایک فرد تک پہنچانے کا فریضہ انجام دے سکے۔
دیکھیے کس طرح علامہ اقبال کے والد نے ان سے کہا کہ میں نےتمہیں پڑھانے لکھانے میں جو محنت صرف کی ہے، میںاس کا معاوضہ چاہتا ہوں ۔ اقبال نے پوچھا، وہ کیاکہئے۔ انھوں نے کہا، میری محنت کا معاوضہ یہ ہے کہ تم اسلام کی خدمت کرنا۔
اقبال کے والد کی طرح ہم میںایسے کتنے والدین ہیں، جو اپنے بچوں کو صحیح معنوں میںاسلام کی خدمت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، ایسے کتنے والدین ہیں جو مادیت پرستی کی ہوڑ میں بچوں کو پیسے کمانے کی مشین بنا دینا چاہتے ہیں،انہیں اس بات کا ذرا بھی ملال نہیں کہ کمایا ہوا حرام ہے، یا حلال۔
عظیم نسلیں تیار کرنے والے والدین اپنے بچوں کو ہیری پوٹر یا کارٹون کی دنیا سے دور لے جا کر روزانہ رات کو سونے سے پہلے نبیوں پیغمبروںکے قصے، تاریخ اسلام کے عظیم رہنمائوں کی کہانیاں سنایا کرتے ہیں جس سے بچوں کی تربیت ہوتی ہے، ان کے اندر اخلاقی قدروں کی نشو و نما ہوتی ہے۔بچے جب اپنے والدین یا گھرکے بڑوں سے اخلاقی کہانیاں سن کر سوتے ہیں تو خود کو ان عظیم رہنمائوں کے اوصاف میں ڈھل کر خود کو ان جیسا بلند مرتبہ تصور کرتے ہیں۔
جب ہم مولانا مودودیؒ کے بچپن پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں ان کے والد کا اخلاق سے پٗر کردار نظر آتا کہ کس طرح وہ مولانا کے اخلاق کی دٗرستی کے لیے ان کو ایسے لڑکوں میں کھیلنے نہیں دیا کرتے تھےجس کے اخلاق و عادات بگڑے ہوئے ہوں۔ جیسے ہی ان کے والد ان کے اندرکوکوئی بری عادت محسوس ہوتی تو فوری طور پر اسے چھڑانے کی کوشش کرتے۔
ایک بار آپؒ نے ملازم کے منہ پر مارا تو انھوں نے اس لڑکے سے کہا کہ وہ بھی ان کے منہ پر ایسے ہی تھپڑ مارے۔ مولانا کہتے ہیں اس واقعے نے انہیں ایسا سبق سکھایا کہ پھر زندگی بھر ہاتھ کسی زیر دست پر نہیں اٹھا۔
موجودہ دور میں ایسی تربیت دیکھنے کو نہیں ملتی۔ لیکن گزرتے وقت کے ساتھ باشعور اور تعلیم یافتہ افراد اسلام کو دل سے قبول کرکے اسے اپنانے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔بس ضرورت اس بات کی ہےکہ ہم اسلام کی باریکیوں کو سمجھتے ہوئے اس میں سے parenting skills کو سیکھیں،تاکہ ہمارے گھروں سے بھی نور کی ایسی کرنیں پھوٹیں جو عالم اسلام میں بڑھتی ہوئی تاریکیوں کو اپنے وجود میں قید کر اسے پرنور کردے۔

2) گھر میں:

 ہر گھر کے کچھ اصول ہوتے ہیں، یہی اصول ہمارے values کہلا تے ہیں ۔ ہم اپنے گھر میں یہ اصول بنائیں کہ وہاں کوئی کسی کا مذاق نہ اڑائے ۔ نہ ہی کوئی کسی کے کالے پن پر ، موٹے پن پر کوئی کمنٹ کریں ۔
اگر کوئی کسی قسم کی بداخلاقی کا مظاہرہ کرے تو گھر کے بڑے فوری تنبیہ کریں۔ اگر کوئی فرد کسی کی چغلی کرئے تو اسے فوری روکا جائے یا یہ کہہ کر اٹھ جائے کہ آپ اس چغلی کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
جب ہم اپنے گھروں کو ان بظاہر دیکھنے والی چھوٹی چھوٹی برائیوں سے پاک کریں گے تو آپ یہ محسوس کیے بغیر نہیںرہ سکیںگےکہ کس طرح سینکڑوں کی تعداد میں رحمت کے فرشتے آپ کے گھروں پر اتر کر آپ کے گھر کو منور کررہیں ہیں۔ یہ بظاہر چھوٹی چھوٹی کاوشوں کا نتیجہ ہوگا کہ ہمارے بچوں کی بلند تربیت ہمیں دیکھنے کو ملے گی، . انشااللہ
دوسری چیز ہے محلےکی تربیت۔ ہم جہاں رہ رہے ہیں وہ محلہ بھی ہماری ہی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ہمیں محلے کے بچوں کو جمع کرکے ان کی اصلاح و تربیت پر کام کرنے کی ضرورت ہے،تاکہ وہ ہمارے معاشرےکےلیے ایک بہترین فرد ثابت ہوسکیں۔بچوں کی تربیت کے علاوہ ہمیں ان بچوں کی مائوں کی بھی تربیت کا ذریعہ بننےکی ضرورت ہے۔تاکہ ان کی گود میں جو نسل پرورش پائے وہ بھی مکمل اسلام کے سانچے میں ڈھل کر ہماری امت کے لیے عظیم لیڈران کا کردار ادا کرسکے۔

3)سماج میں:

سماجی برائیوں کو ختم کرنے کے لیے ہمیں عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اس بات کا شعور کہ وہ اپنے حقوق کو سمجھ کر اس کی حفاظت کرسکیں۔ قانونی پیچیدگیاں سمجھنے کے قابل بن سکیں۔اس کے لیے ہم کیمپین چلا سکتے ہیں۔ کسی آرگنائزیشن کی مدد سےلوگوں میں اپنے حقوق کے تئیں آگاہی پیدا کرسکتے ہیں۔
سماجی برائیوںکے بڑھنے کی ایک اہم وجہ غربت بھی ہے۔ہمیں اس برائی کو مٹانے کی ضرورت ہے۔ہم کوشش کریں کہ غریبوں کو روزگار کے مواقع زیادہ سے زیادہ فراہم ہوسکیں اور ان میں دینی شعور بھی بیدار کرنے کی کوشش کریں۔
ہمیں عوام کو برائیوں کے خلاف متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ امیر، غریب ،ہندو ،مسلم، عیسائی غرض ہر ایک ہندوستانی ایک پلیٹ فارم پر آکر اپنی آواز ان برائیوں کے خلاف ایک ساتھ بلند کرسکے۔
آخری چیز ہے لوگوں میں اسلام کی اصل شکل کی تعلیم دینا۔انہیں بتانا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ اس میں زندگی گزارنے کے وہ سارے اصول موجود ہیں جن کے بغیر انسانیت درندگی میں بدلتی جارہی ہے۔ہمیں اس بڑھتی درندگی کو روکنا ہے جو کہ اسلامی اقتدار کو اپنائے بغیر ممکن نہیں ہے۔
تو آئیے ہم اپنے سماج کو ان بڑھتی ہوئی برائیوں سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ختم شد۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

4 Comments

  1. Sana yameen baig

    Best lesson for whole life, nice skill dear

    Reply
  2. Sana yameen baig

    Best lesson for whole life, nice skill dear

    Reply
  3. Sana yameen

    Best lesson for whole life, nice skill dear

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے