مارچ ۲۰۲٥
’گومتی‘ کنارے دودھ کی گنگا بہاتے گرسہائے موریہ

ہندوستان میں کروڑوں لوگ بہتر زندگی کی تلاش میں گاؤں سے شہر کی طرف آتے ہیں۔ لیکن ’گرسہائے موریہ‘ جیسی زندگی بہت کم لوگوں کو میسر ہو پاتی ہے۔ گرسہائے موریہ بڑے شہر میں آکر کامیاب ہونے والے لوگوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی کامیابی کی بنیاد رکھنے میں’ الخیر‘ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ لکھنؤ میں رہنے والے گرسہائے اصلاً رائے بریلی ضلع کے ’گماوا‘ گاؤں کے رہنے والے ہیں۔کوئی آٹھویں جماعت تک ہی پڑھائی کر سکے۔ دوہزار کی دہائی میں انہوں نے شادی کی اور چھ ماہ بعد روزگار کی تلاش میں لکھنؤ آ گئے۔ اس ضمن میں گرسہائے کہتے ہیں، ’’کمانے کھانے کے لیے پوری دنیا شہر کی طرف نکلتی ہے تو ہم بھی لکھنو آنکلے۔‘‘
راجدھانی لکھنو آ کر انہوں نے سب سے پہلے مالی کا کام کیا۔ تقریبا دس سال پہلے دودھ کے کاروبار کے لیے مویشی پالنا شروع کیا۔گو شروعات انہوں نے دو تین گایوں سے ،لیکن آج گرسہائے کے پاس گائے اور بھینس ملا کر بیس سے زائد جانور ہیں۔ کاروبار کے فروغ میں الخیر سے وقتاً فوقتاً ملنے والے بلاسودی قرض کا بڑا رول ہے۔ ابھی گرسہائے لکھنو کے گومتی نگر علاقے میں ریلوے ٹریک کے بغل میں کچا مکان بناکر رہتے ہیں۔ وہیں ریلوے کی زمین پر وہ دودھ کے کاروبار کے لیے مویشی بھی پالتے ہیں۔ ان کی فیملی میں ان کی بیوی، چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ان کے سبھی بچوں کی پیدائش لکھنو شہر میں ہی ہوئی ہے۔ انہوں نے سب سے بڑی بیٹی کی شادی بھی کردی ہے۔

کئی گنا بڑھا دودھ کا کاروبار

گرسہائے کی رہائش کے پاس ہی ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر’ ایس ایم نسیم‘ صاحب کا مکان ہے۔ نسیم صاحب سے ان کی جان پہچان تھی۔ نسیم صاحب نے ہی گرسہائے کو الخیر میں ممبر بننے کے لیے تیار کیاتھا۔ گرسہائے یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں، ’’نسیم صاحب نے مجھے الخیر کا ممبر بنا کر روزانہ بیس روپے جمع کرنے کو کہا،نیزاس طورپربھروسہ بھی دلایا کہ اگر تمہارے پیسے کسی وجہ سے ڈوب جاتے ہیں تو ان پیسوں کی واپسی میں کردوں گا۔ ‘‘
گرسہائے مزید کہتے ہیں،’’ دو ڈھائی مہینے تک میں نے پیسے جمع کیے۔ پھر ضرورت پڑنے پر میں نے الخیر سے پانچ ہزار روپے کا قرض لیا۔ ان پیسوں سے میں نے ایک اور گائے خریدی، اور یہ قرض میں نے آسانی سے چکا دیا۔ میں نے کبھی بھی الخیر کو شکایت کا موقع نہیں دیا۔‘‘
گرسہائے نے الخیر کے اپنے بچت کھاتے میں سال 2011کے ستمبر مہینے سے پیسے جمع کرنے شروع کیے تھے اور اسی سال میں انہوں نے اپنا پہلا قرض بھی لیا تھا۔ انہوں نے پیسے جمع کرنے کی شروعات بیس روپے سے کی جو دھیرے دھیرے بڑھتی چلی گئی۔ گرسہائے اب تک تقریباً ایک درجن سے زیادہ بار الخیر سے قرض لے چکے ہیں اور ہر دفعہ قرض کی ادائیگی وقت پر کی ہے۔
الخیر کے قرض سے گرسہائے کے دودھ کا کاروبار کئی گنا بڑھ گیاہے۔ اپنی کامیابی کے سفر کے بارے میں گرسہائے بتاتے ہیں، ’’پہلے میرے پاس صرف دو گائیں تھیں۔ قرض لے کر سب سے پہلے میں نے گایوں کی تعداد کو بڑھایا۔ پھر چار پانچ بھینسیں خریدیں۔ آج میرے پاس گائے بھینس ملا کر کل بیس سے زیادہ جانور ہیں۔ پہلے میں صرف دس لیٹر دودھ بیچا کرتا تھا، دھیرے دھیرے بڑھ کرآج روزانہ پچاس لیٹر ہو گیا۔ اس طرح کام بڑھا اور آمدنی بھی بڑھ گئی۔ اس سے جہاںمیں نے بیٹی کی شادی کی وہیں ایک قطعہ زمین بھی خرید لی۔‘‘

مویشیوں کی دیکھ بھال گرسہائے اور ان کی فیملی کے ممبران مل جل کر کرتے ہیں۔ اس کام کے لیے انہوں نے کوئی نوکر نہیں رکھا ہے۔ گرسہائے کی بیوی دودھ دوہنا بھی جانتی ہیں۔ اگر لکھنو سے کہیں باہر جانا ہو تو گرسہائے اپنے مویشیوں کی ذمہ داری اپنے بھائی کو سونپ کر جاتے ہیں۔گرسہائے روزآنہ صبح پانچ بجے اٹھتے ہیں، اور مویشیوں کی دیکھ بھال میں لگ جاتے ہیں۔ دن کے گیارہ بارہ بجے تک تمام کام ختم ہو جاتے ہیں اور پھر دوسری شفٹ شام کے چار بجے کے آس پاس شروع ہوجاتی ہے۔خاص بات یہ ہے کہ گرسہائے اپنے پرانے گاہکوں کو خود گھر جاکر دودھ پہنچاتے ہیں۔

 بیٹی کی شادی میں ہوئی سہولت

 سال 2018 میں انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے الخیر سے ایک لاکھ کا قرض لیا تھا، اس وقت انہوں نے اپنے اور اپنی بیوی کے نام سے پچاس پچاس ہزار کا قرض لیا تھا جسے وہ اب واپس کرچکے ہیں۔
الخیر سے قرض لینا گرسہائے کو نہ صرف سستا پڑتا ہے بلکہ الخیر کے ساتھ کاروبار کرنا انہیں اچھا بھی لگتا ہے۔ اس کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں، ’’میں نے ضرورت پڑنے پر ہر بار صرف الخیر سے ہی قرض لیا ہے۔ میں نے بٹیا کی شادی میں ایک لاکھ روپے کا قرض لیا۔ اس کے بارے میں ہمارے اور الخیر کے علاوہ کسی تیسرے کو خبر بھی نہیں ہوئی۔ اور ایک سال میں دھیرے دھیرے قرض اور سروس چارج سب چکا دیا۔ شہر میں کسی سے ایک لاکھ مانگو تو اول تو کوئی دے گا نہیں، اور اگر دیا بھی تو دس فیصد سے کم سود پر نہیں دے گا، وہیں لوگوں سے دس دس ہزار مانگیں تو دس لوگ پیسے مانگنے دروازے پر آجائیں گے۔ ‘‘
جس وقت میری ملاقات گرسہائے سے ہوئی، وہ تقریباً تین مہینے پرانا اپنا پچاس ہزار کا قرض چکا رہے تھے۔ قریب تین ماہ پہلے گرسہائے نے اپنی بچت اور الخیر سے لیے گئے پچاس ہزار روپے کے قرض سے قریب ایک ہزار اسکوائر فٹ کی زمین ساڑھے سات لاکھ روپے میں خریدی ہے۔ گرسہائے ابھی جہاں رہتے ہیں وہاں سے یہ زمین پانچ کلومیٹر دور ہے۔ انہوں نے گاؤں میں بھی اپنا گھر بنالیا ہے، گھر کے لیے ٹی وی فریج جیسی چیزیں خریدنے کے لیے انہوں نے کبھی قرض نہیں لیا۔ الخیر میں جمع ہونے والی بچت اور قرض سے جب خوشحالی آئی تو انہوں نے گھر کی ضرورت کے کئی سازوسامان خریدے۔ ساتھ ہی ایک موٹر سائیکل بھی خرید لی ہے۔

کم ہو سروس چارج

الخیر میں گرسہائے امانت اور ریکرنگ ڈپوزٹ کھاتہ، دونوں میں بچت کے پیسے جمع کرتے ہیں۔ ان کھاتوں میں عام طور پر ایک لاکھ سے کچھ زیادہ رقم جمع رہتی ہے جسے وہ بغیر کسی پریشانی کے ضرورت پڑنے پر نکال لیتے ہیں۔ الخیر کے قرض کے بارے میں گرسہائے کہتے ہیں، ’’آسان یہ لگتا ہے کہ ہمیں خوشامد نہیں کرنی پڑتی اور ہمارا کام ہوجاتا ہے۔ ضرورت کے وقت قرض مل جاتا ہے۔ سنا ہے کہ بینک اور دوسری جگہوں پر بہت کاغذی کارروائی ہوتی ہے۔ الخیر میں اتنی لکھا پڑھی نہیں ہوتی۔‘‘
قرض کے پروسیس کے سلسلہ میں ان کا کہنا ہے کہ درخواست دینے کے دو تین دن کے اندر قرض مل جانا چاہیے۔ اور ادائیگی کی مدت زیادہ لمبی ہونی چاہیے۔آج کے دن گرسہائے کا کسی سرکاری یا نجی بینک میں کھاتہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بینک کھاتہ صرف گرسہائے کے نام سے تھا جسے انہوں نے بعد میں بند کروا دیا۔ اب جلد ہی گرسہائے موریہ کے نام سے نیا کھاتہ کھلواؤں گا۔ گرسہائے نے کبھی کسی مہاجن سے سود پر قرض نہیں لیا۔ انہیں بینک سے قرض لینے کا بھی کوئی تجربہ نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں، پہلے میرے پاس نہ اپنا پلاٹ تھا اور نہ ہی دوسری چیزیں۔ پھر بینک مجھے کس بنیاد پر قرض دیتے۔
الخیر کے قرض پر سود تو نہیں دینا پڑتا لیکن سروس چارج لگتا ہے۔ بینک اور دوسرے ادارے قرض پر جتنا سود لیتے ہیں اس کے مقابلے میں الخیر کا سروس چارج قدرے کم ہے۔ گرسہائے چاہتے ہیں کہ یہ اور کم ہو۔

 الخیرکے گارنٹر بنے گرسہائے

گرسہائے کے کچھ جاننے والے ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو قریب سے دیکھ رہے تھے۔ وہ دیکھ رہے تھے کہ الخیر کے ذریعہ گرسہائے کامیابی کے ساتھ بچت کر پا رہے ہیں، لون لے کر آگے بڑھ رہے ہیں مگر ان لوگوں کو الخیر پر اعتماد نہیں ہو پا رہا تھا۔ وہ لوگ پوچھتے تھے، ’’تم الخیر میں پیسہ کس بنیاد پر جمع کرتے ہو۔ کہیں یہ بھاگ تو نہیں جائے گا‘‘ گرسہائے ایسا کہنے والوں کا یقین و اعتماد بڑھاتےہیں۔ پرانی باتیں یاد کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں، ’’ایسے لوگوں سے میں کہتا تھا کہ میرا یقین کرو، اگر الخیر والے بھاگ گئے تو تمہارا پیسہ میں لوٹاؤں گا۔‘‘ ایسا ہی کچھ کبھی آئی پی ایس نسیم صاحب نے گرسہائے سے کہا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ الخیر پر گرسہائے کا اعتماد اتنا پختہ ہوگیا کہ وہ الخیر کے ’گارنٹر ‘بن گئے۔ کافی لوگ گرسہائے کے ذریعہ الخیر کے ممبر بنے۔
گرسہائے نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں دو لوگوں کا الخیر میں کھاتہ کھلوایا ہے۔ وہ اب تک بیس سے زائد لوگوں کو الخیر کا ممبر بنا چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’یہ سارے چھوٹے چھوٹے روزگار کرنے والے لوگ ہیں۔ روز کمانے کھانے والے ہیں۔ لکھنو کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتےہیں۔کوئی سیتاپور تو کوئی اور کہیں سے ہے۔ ہم لوگ اکٹھے بیٹھتے تھے تو تعلقات بنے ، پھر میں نے انہیں الخیر کے بارے میں بتایا۔‘‘
گرسہائے کے مطابق الخیر کی ہر چھوٹی بڑی میٹنگ کے لیے انہیں بلاوا آتا ہے، لیکن اپنا کام چھوڑ کر میٹنگ میں جانے کا وقت نہیں مل پاتا۔ اگر کبھی گئے تو الخیر سے ملنے والی سہولت کے بارے میں بتائیں گے اور یہ بھی بتائیں گے کہ انہیں کیا کیا اچھا لگا۔
آخر میں گرسہائے نے کہا کہ جب تک ممکن ہوا وہ ریلوے کی زمین پر ہی رہیں گے کیونکہ یہاں سے ان کا کاروبار چلتا ہے۔ اور یہ مسئلہ بھی ہے کہ نئی جگہ پر جانور رکھنے کے لیے مناسب جگہ بھی نہیں مل پائے گی۔ گرسہائے کا
پلان ہے کہ انہوں نے جو زمین خریدی ہے دو تین ماہ بعد اس پر گھر بنانا شروع کریں گے اور اس کام کے لیے وہ الخیر سے پچاس ہزار سے ایک لاکھ تک کا قرض لینا چاہتے ہیں۔ اس معاملے میں ان کی سمجھ بہت صاف ہے کہ ایک قرض چکادینے کے بعد ہی دوسرا قرض لینا چاہیے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے