بلاشبہ انسانی وجود نسیان و خطا کا پتلا ہے۔یہ کیفیت اس کی فطرت کے عین مطابق ہے، تاکہ زندگی کے نشیب و فراز سے جو اضمحلال اس کی طبیعت میں پیدا ہو، اس سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ اسی طرح خطا بھی اس کی سرشت میں شامل ہے کیونکہ وہ نفس امارہ کا خوگر ہے۔ اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ خطا و نسیان کے گرداب میں پھنس کر بسا اوقات وہ اپنے وجود کا مقصد ہی بھول بیٹھتا ہے ۔بالکل اسی طرح جس طرح مادی زندگی کے حصول میں شب و روز صرف کرنے کے باوجود انسان بہت سے ایسے اہم نکات سے غافل ہوجاتا ہے جس پر اس کی کامیابی کا انحصار ہوتا ہے، لہٰذا اس نکات کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف ریفریشر کورس کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ جو اصول سیکھے جانے کے باوجود ذہن سے محو ہوگئے ہیں وہ از سر نو ذہن نشین ہوجائیں اور ان زریں اصول و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے زندگی کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔
اسی طرح انسان جب نفس امارہ کا شکار ہو کر بعض ان اصولوں سے غافل ہو جاتا ہے جو اس کی کامیابی کے ضامن ہوتے ہیں تو ان اصول و قوانین کا از سر نو جائزہ لینے کے لئے ریفریشر کورس کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ ان اصولوں کو اپنا کر کامیابی کا زینہ طے کر سکے ۔ انسانی زندگی میں اس طرح کے متعدد ریفریشر کورسز میں رمضان المبارک کا مہینہ وہ بیش قیمت ریفریشر کورس ہے جو حیات انسانی کے ان زریں اصول سے آگاہی بخشتا ہے جو انسان کوکامیابی و کامرانی کے بام عروج تک پہنچا دے۔
جس طرح یونیورسٹی و کالجز کے ذمہ داران اپنے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے بعض ریفریشر کورس کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ وہ وقت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے وقت کی رفتار کے ساتھ چل سکیں، اسی طرح اللہ رب العزت بھی اپنے بندوں کو رمضان المبارک کا خاص مہینہ بطور ریفریشر کورس عطا کرتا ہے تاکہ سال بھر سے غافل بندہ اپنے مقصد وجود کو پہچان لے، جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے :
’’ و ما خلقت الجن و الانس الا لیعبدون‘‘
سورہ الذریات56:
ترجمہ: یعنی میں نے جنوں اور انسانوں کو محض اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔
اور عبادت کا یہ لفظ اپنے اندر بہت وسعت رکھتا ہے جس سے مراد حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی نیز اخلاق و معاملات کی درستی کا بھی التزام ہے۔ اور چونکہ اللہ تعالٰی ہمہ وقت اپنے بندوں پر مہربان ہے اور چاہتاہے کہ بندہ عفو و درگزر کے سائے میں زندگی بسر کرے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالٰی ہے:
’’وما أنا بظلام للعبید‘‘
ترجمہ: یعنی میں بندہ پر ظلم کرنے والا نہیں۔
لہٰذا اللہ تعالی اپنی اسی صفت رحیمی کی بنا پر ہمیں زندگی گزارنے کے وہ سنہرے مواقع فراہم کرتا ہے جس سے مستفید ہو کر بندہ انسانیت کی معراج کو پہنچ سکے۔
ایک مہینے پر مبنی یہ ریفر یشر کورس ایک طرف رب کریم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے روزہ کا پابند بناتا ہے تو دوسری طرف روزے کے ذریعے تقوی کی صفت پیدا کرتا ہے۔ ایک جانب رب کائنات کے حکم پر سر تسلیم خم کرتے ہوئے ایک متعینہ وقت تک بندہ حلال چیزوں سے بھی خود کو روک لیتاہے اور صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتا ہے، تو دوسری جانب خود بھوک و پیاس کی شدت برداشت کرکے ہمدردی و غمخواری کے جذبے سے لبریز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں حاجت مند افراد کے تئیں حمایت کی صفت پیدا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔ سحر و افطار کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک طرف جذبہ شکر سے سرشار ہوتا ہے تو دوسری طرف بیشتر ضرورت مندوں کی ضروریات کی تکمیل میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کا خواہاں بجی ہوتا ہے۔
ایک طرف فرائض کی انجام دہی کرکے گناہوں سے معافی کا سامان جمع کرتا ہے تو دوسری طرف قیام اللیل و نوافل کے ذریعے قرب الہی کے راستے تلاش کرتا ہے ۔ تلاوت قرآن کے ذریعے ایک جانب میزان حسنات میں اضافہ کرتا ہے تو دوسری جانب اس کے مفہوم و مطالب پر غور و فکر کرکے خود کو گمراہی سے نکالنے کے گوہر تلاش کرتا ہے اور روح کو تازگی بخشتا ہے۔
سال بھر سے غافل انسان ’’ ایاما معدودات ‘‘ کے اس فلسفے کو بحسن و خوبی پہچان لیتا ہے۔ جب وہ اس روح پرور مہینے میں داخل ہوتا ہے اور اپنی روح کو از سر نو اس وقت پاک صاف کر لیتا ہے جب ہر قسم کے بغض و عداوت، نفرت و کدورت، حسد و جلن غرضیکہ ہر برائی سے خود کو منزہ کر لیتا ہے۔
اس ریفریشر کورس میں بندہ ایک طرف روزہ کی فرضیت کے مقصد سے آگہی حاصل کرتا ہے تو دوسری جانب نزول قرآن کے اسرار و رموز سے واقفیت حاصل کرتا ہے کیونکہ یہی وہ مہینہ ہے جس میں روزہ فرض کیا گیا اور اس کا مقصد تقوی کا حصول بتا یا گیا۔ ارشاد ربانی ہے:
یا ایھا الذين آمنوا کتب علیکم الصیام كما كتب على الذين من قبلكم لعلكم تتقون
سورہ بقرہ:183
ترجمہ: یعنی اے ایمان والو تم پر روزہ ویسے ہی فرض کیا گیا ہے جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض تھا تاکہ تم تقوی اختیار کرو۔اور یہی وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں اس مقدس کتاب کا نزول ہوا جو انسانیت کے لئے سراسر ہدایت کا سرچشمہ اور حق و باطل کے درمیان تمیز کرنے کا بہترین پیمانہ ہے۔ ارشاد ہے:
’’ شهر رمضان الذى انزل فبه القرآن هدى للناس و بينات من الهدى والفرقان‘‘
سورہ بقرہ:185
ترجمہ: یعنی رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا ہے۔ لوگوں کے واسطے سراسر ہدایت ہے، اور ہدایت کی روشن دلیلیں اور حق و باطل کے درمیان تمیز کرنے والا ہے۔
یہ انمول ریفریشر کورس ایک ایسے پیکج سے متعارف کراتا ہے جس کا حصول دنیا و ما فیہا سے بہتر ہے اور وہ پیکج لیلہ القدر سے معروف ہے۔ یہ وہ رات ہے جس کی عبادت کو ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل قرار دیا گیا ،گویا طویل العمری میں چند گھنٹوں کی ریاضت و مجاہدہ کے بدلے ایک قیمتی لاٹری اس ریفریشر کورس کا اصل انعام ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اللہ رب العزت جو کہ اپنے بندوں پر حد درجہ مہربان ہے وہ قیمتی ریفریشر کورس کا انتخاب کرکے اپنے بندوں کو وہ تمغہ امتیاز عطا کرتا ہے جو انہیں اقوام عالم میں نمایاں کردے اس طور پر جب سارے جہاں میں ایک خاص مہینے میں ایک خاص وقت تک کے لئے مومن بندے اپنے رب کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے اجتماعیت کی وہ بہترین عکاسی کرتے ہیں جس کی تاریخ مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
اس ریفریشر کورس میں صدقات و خیرات کی ان اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے جو حاجت مندوں و ضرورت مندوں کے فقر و فاقہ کی راہیں مسدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جب بندہ صدقات و زکوۃ کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے سماج کے معذور افراد کے تئیں فکر مند ہوجاتا ہے۔
جس طرح کسی کالج و یونیورسٹی کے ذمہ داران یا کسی کمپنی کے CEO وغیرہ وقتا فوقتا ریفریشر کورس کا انعقاد کرتے رہتےہیں، تاکہ ادارے میں تدریس کے اصول و ضوابط پر عملدرآمد کر سکیں یا کمپنی کے ملازمین ان اصولوں پر کاربند رہ سکیں تو اسی طرح رمضان المبارک میں پیش کئے گئے اس ریفریشر کورس کا مقصد یہ ہے کہ پر امن ، خوبصورت اور مستحکم معاشرے کی تشکیل ہوسکے، لیکن اس دنیوی و مادی اور اس روحانی ریفریشر کورس میں نمایاں فرق یہ ہے کہ اس مادی کورس میں بسا اوقات کوئی نہ کوئی فیس ادا کرنی ہوتی ہے اور ان اصولوں پر کاربند افراد کو کچھ انعامات سے نوازا جاتا ہے، جب کہ یہ روحانی کورس محض اخلاص کی فیس کا متقاضی ہوتا ہے،جب کہ بدلے میں ان اصولوں کو اپنانے والا جہنم سے نجات کا پروانہ حاصل کرتے ہوئے جنت الفردوس کا مستحق قرار پاتا ہے اور دنیا میں بھی کامیابیاں اس کے قدم چومتی ہیں ۔ وہ اس طور پر کہ ایک مخلص روزہ دار روزہ کے روحانی فوائدکے ساتھ ساتھ جسمانی فوائد بھی حاصل کرتا ہے اور بے شمار بیماریوں سے محفوظ ہوجاتا ہے اور دوسری طرف ہمدردی کے جذبے سے سرشار جب صدقات و خیرات کے ذریعے اپنے بھائیوں کی مدد کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں ان سے تعلقات مستحکم ہوجاتے ہیں اور الفت و محبت کی فضا قائم ہوجاتی ہے۔
گویا رمضان المبارک کا مہینہ وہ ریفریشر کورس ہے جو رب کی عنایتوں کا مژدہ سناتا ہے اور سال بھر میں بھولے ہوئے اصولوں کی یاد دہانی کراتا ہے تاکہ بندہ رب کے فرمان کو ذہن نشین کر لے اور اپنی تخلیق کے مقصد کو پہچان لے۔ اس کے دل میں معاشرے کے بے کس و نادار کے حقوق کی پاسداری کی فکر دامن گیر ہو اور جنت کے ان اعلی مراتب و منازل کو پالے جو اس کے رب کی منشا ہے۔
یہ ریفریشر کورس سال کا وہ خاص جوہر ہے جس کے بارے میں دل سے یہ آواز نکلتی ہے کہ:
ہمدردی اور غمخواری کا تم بھی جلاؤ اپنا چراغ
جس سے روشن ہو دنیا وہ مِہر تاباں آیا ہے
رب کے یہاں یہ ماہ مکرم رکھتا ہے اعلیٰ درجہ
فیض اٹھا لو عنبر تم بھی، رب کا مہماں آیا ہے
اللہ تعالٰی ہماری روح کو اس ریفریشر کورس سے اس طرح سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے جیساکہ اس کا حق ہے تاکہ اس کے اثرات نہ صرف سال بھر بلکہ پوری زندگی نمایاں رہیں۔ آمین ثم آمین
٭ ٭ ٭
یہ وہ رات ہے جس کی عبادت کو ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل قرار دیا گیا ،گویا طویل العمری میں چند گھنٹوں کی ریاضت و مجاہدہ کے بدلے ایک قیمتی لاٹری اس ریفریشر کورس کا اصل انعام ہے۔


0 Comments