مارچ ۲۰۲٥
اپنی عزت اور شوہر کے مال کی حفاظت

فالصالحاتُ قانتاتٌ حافظاتٌ للغيبِ بما حفظ اللهُ

 سورۃ النساء : 34
آیت کے پہلے جز میں مرد کو’ قوامیت ‘کے منصب پر فائز کرنے کے بعد اب نیک بیویوں کا رویہ بتایاجا رہا ہے۔
یوں سمجھئے کہ قرآن کریم کے نزدیک ایک خاتون خانہ کی جو بہترین روش ہونی چاہیے وہ یہاں تین الفاظ میں بیان کردی گئی ہے :

فَالصّٰلِحٰتُ قٰنِتٰتٌ حٰفِظٰتٌ لِّلْغَیْبِ ۔

متذکرہ آیت کے اس جز کی تشریح مختلف احادیث سے ہوتی ہے۔ذیل میںکچھ احادیث پیش کی جا رہی ہیں ۔
نبی ﷺ نے فرمایا:
’’ بہترین بیوی وہ ہے کہ جب تم اسے دیکھو تو تمہارا جی خوش ہوجائے، جب تم اسے کسی بات کا حکم دو تو وہ تمہاری اطاعت کرے، اور جب تم گھر میں نہ ہو تو وہ تمہارے پیچھے تمہارے مال کی اور اپنے نفس کی حفاظت کرے‘‘۔
یہ حدیث اس آیت کی بہترین تفسیر کرتی ہے۔ مگر یہاں پر ایک بات کی وضاحت ناگزیر معلوم ہوتی ہے کہ عورت پر اپنے شوہر کی اطاعت سے اہم اور افضل اپنے خالق کی اطاعت ہے۔ لہٰذا اگر کوئی شوہر خدا کی معصیت کا حکم دے، یا خدا کے عائد کیے ہوئے کسی فرض سے باز رکھنے کی کوشش کرے، تو اس کی اطاعت سے انکار کردینا عورت کا فرض ہے۔ اس صورت میں اگر وہ اس کی اطاعت کرے گی تو گنہ گار ہوگی۔ بخلاف اس کے اگر شوہر اپنی بیوی کو نفل نماز یا نفل روزہ ترک کرنے کے لیےکہے تو لازم ہے کہ وہ اس کی اطاعت کرے۔ اس صورت میں اگر وہ نوافل ادا کرے گی تو مقبول نہ ہوں ۔
اصل میں نیک بیویاں وہ ہیں جو قوّام کی اطاعت گزار اور راز دار ہیں ۔مرد کو قوامیت کے منصب پر سرفراز کرنے کے بعد نیک بیویوں کا رویہ بتایا کہ وہ نہایت فرمانبرداری کے ساتھ اپنے قوام کی اطاعت کرتی ہیں، اس کے رازوں اور اس کی عزت و ناموس کی حفاظت کرتی ہیں ۔

قانتاتٌ

ان کی دوسری صفت یہ ہے کہ وہ قانتات ہوتی ہیں۔ قانتات کا معنی ہے ، ’فرمانبرداری کرنے والیاں ‘۔ یعنی نیک بیویوں کا رویہ یہ ہوتا ہے کہ وہ نہایت فرمانبرداری کے ساتھ اپنے شوہر کی اطاعت کرتی ہیں کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے :

اعْظَمُ النَّاسِ حَقًّا عَلَی الْمَرأۃِ زَوْجُہَا وَاَعْظَمُ النَّاسِ حَقًّا عَلَی الرَّجُلِ اُمُّہ

لوگوں میں سب سے زیادہ حق عورت پر اس کے شوہر کا ہے اور لوگوں میں سب سے زیادہ حق مرد پر اس کی والدہ کا ہے۔
مزید یہ بھی فرمایا ہے:

لَوْکُنْتُ اَمُرُاَحَدًاَنْ یَّسْجُدَ لِاَحَدٍ لَاَمَرْتُ الْمَرْأۃَ اَنْ تَسْجُدَ لِزَوْجِھَا

اگر میں کسی کو حکم دیتا کہ وہ اللہ کے علاوہ کسی اور کو سجدہ کرے تو میں عورت کو حکم دیتا کہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔
قرآن وسنت کے ان واضح ارشادات سے خود بخود یہ بات نکلتی ہے کہ جو عورتیں صالحات بن کر نہیں رہنا چاہتیں اور وہ اپنے شوہر کی اطاعت کو اپنے لیے بوجھ سمجھتی ہیں اور اسے اپنی آزادی کے لیے چیلنج تصور کرتی ہیں کہ وہ حقیقت میں عورت بن کر نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں مرد بن کر رہنا چاہتی ہیں۔ تو یقیناً ان کا یہ رویہ صالحات کا نہیں بلکہ فاسقات کا ہے۔ یہی وہ رویہ ہے جس نے اسلام کے نظام عفت وعصمت اور عائلی قوانین کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا ہے۔ نتیجتاً گھر برکتوں اور خوشحالیوں سے محروم ہوگئے۔
در اصل اس آیت کے شروع میں بطور ضابطہ یہ بتلا دیا گیا کہ مرد عورت پر حاکم ہے۔ اس کے بعد نیکوکار عورت کے اوصاف اس طرح بیان فرمائے گئے: 

’’فالصلحت قانتات حافظات للغیب بما حفظ اللہ ‘‘

یعنی نیک عورتیں وہ ہیں جو مرد کی حاکمیت کو تسلیم کر کے ان کی اطاعت کرتی ہیں اور مردوںکی پیٹھ پیچھے بھی اپنے نفس اور ان کے مال کی حفاظت کرتی ہیں۔ یعنی اپنی عصمت اور گھر کے مال کی حفاظت جو امور خانہ داری میں سب سے اہم ہیں، ان کے بجا لانے میں ان کے لئے مردوں کے سامنے اور پیچھے کے حالات بالکل مساوی ہیں، یہ نہیں کہ ان کے سامنے تو اس کا اہتمام کریں، اور ان کی نظروں سے غائب ہوں تو اس میں لاپرواہی برتیں۔
اس لیے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس آیت کی تفسیر کے طور پر ارشاد فرمایا :
’’ یعنی بہترین عورت وہ ہے کہ جب تم اس کو دیکھو تو خوش رہو اور جب اس کو کوئی حکم دو تو اطاعت کرے اور جب تم غائب ہو تو اپنے نفس اور مال کی حفاظت کرے۔‘‘
اور چونکہ عورتوں کی یہ ذمہ داریاں ہیں،یعنی اپنی عصمت اور شوہر کے مال کی حفاظت کریں،چونکہ یہ دونوں آسان کام نہیں ہیں ، اس لئے آگے فرما دیا :
بما حفظ اللہ،
یعنی اس حفاظت میں اللہ تعالیٰ عورت کی مدد فرماتا ہے۔ اسی کی امداد اور توفیق سے وہ ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوتی ہیں، ورنہ نفس و شیطان کے مکر و فساد ہر وقت ہر انسان (مرد و عورت) کو گھیرے ہوئے ہیں۔ گو عورتیں خصوصاً اپنی علمی اور عملی قوتوں میںبہ نسبت مردوں سے کمزور بھی ہیں، اس کے باوجود وہ ان ذمہ داریوں میں مردوں سے زیادہ مضبوط نظر آتی ہیں، یہ سب اللہ تعالیٰ کی توفیق اور امداد ہے، یہی وجہ ہے کہ بےحیائی کے گناہوں میں بہ نسبت مردوں کے عورتیں بہت کم مبتلا ہوتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نےاطاعت شعار، تابعدار عورتوں کا ذکر فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ مزید ارشاد فرماتا ہے ۔

حٰفِظٰتٌ لِّلْغَیْبِ

َوہ مردوں کی غیر موجودگی میں ان کے اموال اور حقوق کی حفاظت کرتی ہیں۔ ظاہر ہے مرد کا مال تو گھر میں ہی ہوتا ہے ‘ وہ کام پر چلا گیا تو اب وہ بیوی کی حفاظت میں ہے۔ اسی طرح بیوی کی عصمت درحقیقت مرد کی عزتّ ہے۔ وہ اس کی غیر موجودگی میں اس کی عزت کی حفاظت کرتی ہے۔ اسی طرح مرد کے راز ہوتے ہیں ‘ جن کی سب سے زیادہ بڑھ کر رازدان بیوی ہوتی ہے۔ تو یہ حفاظت تین اعتبارات سے ہے ‘ شوہر کے مال کی ‘ شوہر کی عزت و ناموس کی ‘ اور شوہر کے رازوں کی حفاظت، خود اس کی اپنی عفت اور پاکدامنی کی حفاظت، غرض سب کچھ اس میں آجاتا ہے۔ کیونکہ یہ دونوں ایک دوسرے کے قدرتی امین ہیں۔ بالخصوص عورت کا مرتبہ تو یہ ہے کہ وہ مرد کے محاسن ومعائب اس کے گھر ، اس کے اموال واملاک اور اس کی عزت و ناموس ہر چیز کی ایسی رازدان ہے کہ اگر اس کا پردہ چاک کرنے پر اتر آئے تو مرد بالکل ہی ننگا ہو کر رہ جائے۔ اس لیے قرآن کریم نے میاں بیوی کی حیثیت کو واضح کرنے کے لیے ارشاد فرمایا :

 ھُنَّ لِبَاسٌ لَّـکُمْ وَاَنْتُمْ لِبَاسٌ لَّھُنَّ ‘‘

ہ تمہارا لباس ہیں تم ان کا لباس ہو ‘‘۔ سورہ البقرہ ۱۸۷
یعنی جس طرح لباس اور جسم کے درمیان کوئی پردہ نہیں رہ سکتا ، بلکہ دونوں کا باہمی تعلق و اتصال بلکل غیر منفک ہوتا ہے ۔اسی طرح تمہارا اور تمہاری بیویوں کا تعلق بھی ہے ۔
لباس جس طرح ایک لباس پوش کے لیے پردہ پوش حفاظت کرنے والا اور اس سے گہرے اتصال کی علامت ہے،یہی حال میاں بیوی کا بھی ہے۔ بیوی پریہ ذمہ داری ڈالی گئی ہے کہ وہ اطاعت کے ساتھ ساتھ مرد کے رازوں اور ان تمام چیزوں کی جس کا ابھی ذکر ہوچکا ہے حفاظت بھی کرے۔
در اصل یہ تشبیہ میاں بیوی کے ایک دوسرے کے ساتھ انتہائی گہرے تعلق کی طرف اشارہ ہے۔ اس سے بتلانا یہ مقصود ہے کہ میاں بیوی ایسے فطری تقاضوں میں ایک دوسرے کے ساتھ بندھے ہوئے ہیں کہ کسی صورت بھی ایک دوسرے سے الگ الگ نہیں رکھے جاسکتے۔ ان کے اس تعلق پر اسی حد تک پابندی لگائی جاسکتی ہے جس حد تک فطرت اجازت دے اور اس کے لیے دن کا روزہ کافی ہے اور وہی تربیتِ نفس کے لیے کفایت کرتا ہے۔ اس سے بڑھ کر پابندی فطرت کی حدود میں مداخلت سے کم نہیں۔
اس تشبیہ کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ لباس ہر آدمی کے جسم کے لیے ساتر ہے۔ اس سے اس کے عیوب برہنگی کو پردہ پوشی نصیب ہوتی ہے۔ اگر کسی شخص میں لباس کا فطری تقاضا کمزور پڑجائے تو آہستہ آہستہ وہ کتے بلیوں کی سطح پر آجاتا ہے۔ کیونکہ انسان کے اندر اظہار کی خواہش اس کی جبلت میں داخل ہے اور جنسی ضرورت اور جنسی کشش اس کی طبیعت کا لازمی حصہ ہیں۔ جب لباس کی فطری خواہش کمزورپڑتی ہے تو اظہار کی قوت اپنا زور لگاتی ہے اور جنسی طلب اپنے لیے غلط راستے نکالتی ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اخلاق کا دیوالیہ نکل جاتا ہے۔ نگاہیں آوارہ ہوجاتی ہیں، دل سفلی جذبات کے مسکن بن جاتے ہیں اور شیطانی قوتیں اپنے ذ رائع ابلاغ کے ذریعے اس کو ہوا دیتی چلی جاتی ہیں۔ بالکل اسی طرح میاں بیوی کا تعلق بھی لباس کا کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ہر جبلت اور ہر قوت کو اصلی جگہ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اللہ نے انسان میں جو ایک حیا کی قوت رکھی ہے وہ خود ایک باطنی لباس ہے۔ ظاہری لباس جب اس کا ساتھ دیتا ہے تو دونوں مل کر اخلاق کا تانا بانا تیار کرتے ہیں اور اسی سے میاں بیوی کا نازک تعلق پروان چڑھتا ہے۔

شوہر کی اطاعت غیر مشروط نہیں

البتہ یہ بات یاد رہنی چاہیے کہ یہ اطاعت غیر مشروط نہیں ہے۔ کیونکہ غیر مشروط اطاعت صرف اللہ اور اس کے رسول کی ہے۔ اگر شوہر اپنی بیوی سے اللہ کی معصیت کا مطالبہ کرے، مثلاً وہ فرض نماز اور روزے سے منع کرے یا شراب پینے کا حکم دے یا پردہ شرعی ترک کرائے یا فواحش کا ارتکاب کرانا چاہے تو عورت نہ صرف انکار کرنے کی مجاز ہے بلکہ اس کا فرض ہے کہ شوہر کے ایسے حکم کوٹھکرادے۔ اس لیے کہ خالق کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی اطاعت جائز نہیں۔ مختصر یہ کہ ایک بیوی کو اپنے شوہر کے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کرنا چاہیے اور یہی اس کی ذمہ داری ہے اور یہی رویہ اس گھر کے لیے سرتاپا رحمت ہے اور اللہ کی رحمتیں ہمیشہ اس پر برستی ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایک ارشاد کا مفہوم یہ ہے کہ جب شوہر بیوی کو دیکھے تو بیوی مسکرائے، اور بیوی شوہر کو دیکھے تو شوہر مسکرائے تو دونوں کی اس خوشی کو دیکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رحمت ان پر مسکرانے لگتی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ میاں بیوی کی بظاہر آپس کی خوشیاں جو نفسانی خواہشیں بھی کہی جاسکتی ہیں لیکن وہ اللہ کی رحمت کا سبب بنتی ہیں۔ کیونکہ یہی خواہشیں اور یہ بہتر رویہ انسانی معاشرے کی بہتری اور اس کے تہذیب و تمدن کے ارتقا کا باعث بنتے ہیں۔ لیکن اگر کوئی بیوی شوہر کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کرتی ہے جسے قرآن کریم نے نشوز کا نام دیا ہے تو اس کے لیے اس آیت کے اگلے حصے میں ہدایات عطا فرمائی گئی ہیں۔ ارشاد فرمایا :

وَالّٰتِیْ تَخَافُوْنَ نُشُوْزَھُنَّ فَعِظُوْھُنَّ وَاھْجُرُوْھُنَّ فِی الْمَضَاجِعِ وَاضْرِبُوْھُنَّ ج فَاِنْ اَطَعْنَـکُمْ فَلاَ تَبْغُوْا عَلَیْھِنَّ سَبِیْلاً ط اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلِیًّا کَبِیْرًا

ترجمہ: اور جن سے تمہیں نشوز کا اندیشہ ہو تو ان کو نصیحت کرو اور ان کو ان کے بستروں پر تنہا چھوڑ دو اور ان کو سزادو۔ پس اگر وہ تمہاری اطاعت کریں تو ان کے خلاف راہ نہ ڈھونڈو۔بیشک اللہ بہت بلند اور بہت بڑا ہے۔ نشوز کی صورت میں شوہر کو تین اختیارات دیئے گئے ہیں۔
(١) نصیحت،
(٢) ھجر فی المضاجع،
(٣) تعزیرنشوز کا مفہوم
نشوز کا لغوی معنیٰ بلندی یا ارتفاع، اٹھان اور ابھار کے ہیں۔ خصوصاً جب کسی چیز میں یہ اٹھان تحرک اور ہیجان کا تیجہ ہو۔ مثلاً عورت اپنے خاوند کو اپنا ہمسر یا اپنے سے کمتر سمجھتی ہو یا اس کی سربراہی کو اپنے لیے توہین سمجھ کر اسے تسلیم نہ کرتی ہو۔ اس کی اطاعت کے بجائے اس سے کج بحثی کرتی ہو۔ خندہ پیشانی سے پیش آنے کے بجائے بدخلقی سے پیش آتی ہو اور سرکشی پر اتر آتی ہو۔ بات بات پر ضد اور ہٹ دھرمی دکھاتی ہو یا مرد پر ناجائز قسم کے اتہامات لگاتی ہو۔ یہ باتیں نشوز کے معنیٰ میں داخل ہیں۔ ایسی عورتوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے مردوں کو تین قسم کے ترتیب وار اقدام کرنے کی اجازت دی ہے۔ پہلا قدم یہ ہے کہ اسے نرمی سے سمجھائے کہ اس کے اس رویہ کا کیا انجام ہوسکتا ہے۔ لہذا وہ کم از کم اپنی بہتری اور مفاد کی خاطر گھر کی فضا کو مکدر نہ بنائے۔ پھر اگر وہ خاوند کے سمجھانے بجھانے کا کچھ اثر قبول نہیں کرتی تو خاوند اس سے الگ کسی دوسرے کمرہ میں سونا شروع کر دے۔ اور اسے اپنے ساتھ نہ سلائے۔ اگر اس عورت میں کچھ بھی سمجھ بوجھ ہوگی اور اپنا برا بھلا سمجھنے سوچنے کی تمیز رکھتی ہوگی تو وہ اپنے خاوند کی اس ناراضی اور سرد جنگ کو برداشت نہیں کرسکے گی۔ اگر پھر بھی اسے ہوش نہیں آتا تو پھر تیسرے اور آخری حربہ کے طور پر مارنے کی بھی اجازت دی گئی ہے، مگر چند شرائط کے ساتھ جیسا کہ مندرجہ ذیل احادیث سے واضح ہے۔
:1۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا خبردار ! عورتوں کے متعلق نیک سلوک کی وصیت قبول کرو۔ وہ تمہارے پاس صرف تمہارے لیے مخصوص ہیں۔ اس کے سوا تم ان کے کچھ بھی مالک نہیں، بجز اس کے کہ وہ کھلی بےحیائی کریں اگر وہ ایسا کریں تو تم انہیں بستروں میں علیحدہ کرسکتے ہو اور اس طرح مار سکتے ہو کہ انہیں چوٹ نہ آئے
ترمذی، ابو اب الرضاع، باب فی حق المرأۃ علی زوجھا.
2۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ بیوی کو مارو نہیں نہ اسے برا بھلا کہو اور نہ اسے چھوڑو مگر گھر میں (یعنی گھر میں ہی اسے اپنے بستر سے علیحدہ سلاؤ۔ گھر سے نکالو نہیں۔ ) ابو داؤد، کتاب النکاح، باب فی حق المرأۃ علی زوجھا
3۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :تم میں سے کوئی اپنی بیوی کو یوں نہ مارے جیسے اپنے غلام کو مارتے ہو، پھر دن کے آخر میں اس سے جماع بھی کرے۔
بخاری، کتاب النکاح، باب مایکرہ من ضرب النساء۔۔ مسلم کتاب الجنۃ۔ باب النار یدخلہ الجبارون۔
یعنی اگر مارنے کے بغیر عورت کے راہ راست پر آنے کا کوئی امکان نہ ہو تو یہ سوچ کر مارے کہ ممکن ہے رات کو اسے بیوی کی ضرورت پیش آجائے اور اسے منانا پڑے۔ دوسرے یہ کہ اسے غلاموں کی طرح بےتحاشا نہ مارے۔ اور ایک حدیث کے مطابق کسی کو بھی یہ اجازت نہیں ہے کہ وہ اپنی بیوی، یا ملازم یا بال بچوں کو منہ پر مارے۔ اور تیسری پابندی یہ ہے کہ ایسی مار نہ مارے جس سے اس کی بیوی کو کوئی زخم آجائے یا اس کی کوئی ہڈی پسلی ٹوٹ جائے۔ ان حدود وقیود کے ساتھ خاوند کو ایسی اضطراری حالت میں بیوی کو مارنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یعنی اگر وہ باز آجاتی ہیں تو محض ان پر اپنا رعب وداب قائم کرنے کے لیے پچھلی باتیں یاد کر کے ان سے انتقام نہ لو اور اس اجازت سے ناجائز فائدہ نہ اٹھاؤ، اور اگر ایسا کرو گے تو اللہ جو بلند مرتبہ اور تم پر پوری قدرت رکھتا ہے تم سے تمہارے اس جرم کا بدلہ ضرور لے گا۔ان تینوں اختیارات کا تعلق چونکہ نشوز سے ہے اس لیے نشوز کا مفہوم سمجھ لینا چاہیے۔ نشوز معمولی عدم اطاعت کو نہیں کہتے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ بیوی نے اگر ذرا سا کسی بات سے انکار کیا یا تعمیل حکم میں لاپرواہی کی یا کسی بات میں کوتاہی ہوگئی تو یہ سمجھ لیاجائے کہ نشوز کا جرم سرزد ہوگیا اور نہ شوہر کو اتنا ذکی الحس ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ جس پروردگار نے شوہر کو بیوی پر قوام بنایا ہے اسی نے یہ بھی ارشاد فرمایا ہے :

ومن آیاتہ ان خلق لکم من انفسکم ازواجا لتسکنوا الیھا وجعل بینکم مودۃ ورحمۃ

 الزمر ۶۰
ترجمہ: اور اس اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک یہ نشانی ہے کہ اس نے تمہاری بیویوں کو تمہارے لیے تمہارے نفسوں سے پیدا کیا تاکہ تم ان سے سکون پائو اور اس نے تمہارے درمیان ہمدردی اور رحمت پیدا کردی۔
اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی میں صرف یہی تعلق نہیں رکھا کہ مرد حاکم ہے اور بیوی محکوم، مردآمر ہے اور بیوی مامور بلکہ ان کے درمیان یہ تعلق بھی ہے کہ شوہر اپنی بیوی میں سکون پاتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ان دونوں میں ہمدردی اور رحمت کا رشتہ رکھا ہے۔ ہمدردی اور رحمت کے رشتے کا یہ تقاضا ہے کہ انتظامی ضرورتوں کے حوالے سے اگرچہ شوہر کو ایک فوقیت حاصل ہے اور اس کے احکام کا احترام ہونا چاہیے۔ لیکن اس کا رویہ اپنی بیوی سے ہرگز ایسا نہیں ہونا چاہیے جیسے ایک حکمران اور بادشاہ کا ہوتا ہے۔ بلکہ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسا کہ حکم ہے کہ تم میں سے دو دوست بھی اگر کہیں سفر کریں تو دونوں آپس میں ایک کو امیر بنالیں تاکہ راستے کے معمولات حسن و خوبی سے انجام پاسکیں۔ اب اس امیر بننے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ دوستوں میں دوستی کی نزاکتیں ختم ہوگئیں اسی طرح شوہر کو اگرچہ قوام بنایا گیا ہے اور اسے ایک درجہ فضیلت حاصل ہے لیکن یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ باہمی مودت و رحمت کے رشتے کو بھول جائیں۔ اس لیے میاں بیوی میں اگر کہیں معمولی اختلاف بھی ہوجائے تو اس کی شوہر کو ہرگز پرواہ نہیں کرنی چاہیے بلکہ اسے برداشت کرنا چاہیے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ ادب کے دائرے میں رہتے ہوئے معمولی اختلاف تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ازواج مطہرات بھی کرتی تھیں اگرچہ جواب نہیں دیتی تھیں۔ لیکن طبیعتوں میں کسی بات سے انقباض کا پیدا ہوجانا انسانی فطرت ہے۔ لیکن حضور نے کبھی اسے برا نہیں مانا۔ حدیث میں آتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ سے فرمایا کہ عائشہ، جب تم مجھ سے خوش ہوتی ہو تو ’’ رب محمد‘‘ کہہ کر قسم کھاتی ہو اور جب تم مجھ سے ناراض ہوتی ہو تو’’ رب ابراہیم ‘‘ کہہ کر قسم کھاتی ہو۔ حضرت عائشہ نے عرض کیا حضور :

انی لا اھجر الا اسمک ‘‘۔

 حضور میں آپ کے نام کے سوا اور کوئی چیز ترک نہیں کرتی ‘‘۔ یعنی صرف آپ کا نام نہیں لیتی ورنہ خدانخواستہ آپ سے تعلق میں تو کوئی کمی نہیں آتی۔
اندازہ کیجیے ! ازواجِ مطہرات اگر کسی معمولی ناراضگی کا شکار بھی ہوتی تھیں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے بلند ترین مراتب کے باوجودان باتوں کو اپنی قوامیت کے خلاف نہیں سمجھتے تھے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے