قرآن مجید میں متعدد مقامات پر ایمان کے بعد نماز اور زکوۃ کا حکم ایک ساتھ آیا ہے۔یعنی یہ دونوں فرائض دین کی اصلی اور عملی بنیادیں ہیں ۔چنانچہ جس نے ان دونوں فرائض کو اچھی طرح ادا کیا گویا اس نے دین پر عمل کرنے کی ضمانت اور عملی شہادت دے دی- اب اس سے احکام شریعت سے بے پروائی کا اندیشہ باقی نہیں رہتا-
احکام دین کی اصولی تقسیم دو قسموں پر ہے۔ ایک قسم ان احکام کی ہے، جن کا تعلق اللہ تعالی کے حقوق سے ہے اور دوسری قسم ان احکام کی ہے جن کا تعلق بندوں کے حقوق سے ہیں – نماز اللہ کے حقوق کو اور زکوۃ بندوں کے حقوق کو پورا کرنے کے لیے انسانوں کو تیار کرتی ہے۔ نماز انسان کو اللہ اور آخرت کی طرف لے جاتی ہے تو زکوۃ اسے دنیا کی طرف جھک جانے سے محفوظ رکھتی ہے-
زکوۃ کے لغوی معنی پاکیزگی اور نموکے ہیں۔ گویا کمائی کا ایک مقررہ حصہ ضرورت مندوں کو محض رضائے الہی کی خاطر دینا زکوۃ کہلاتا ہے- اس سے نفس میں پاکیزگی آتی ہے اور اس کی بہتر نشوونما ہوتی ہے- مال کی محبت ہی وہ چیز ہے جو خدا پرستی کی اصل دشمن ہے۔ یہ انسان کو خدا اور آخرت سے بیگانہ کر دیتی ہے- حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’میری امت کا فتنہ مال ہے‘‘۔ اگر ایک صاحب ایمان مال کی محبت سے اپنے آپ کو بچا لے تو دوسرے بہت سے پھندوں سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔
زکوۃ ادا کرنے والوں کے بارے میں قرآن مجید میں بہت سی فضیلتیں بیان کی گئی ہیں اور ان کے لیے اجر و انعام کا وعدہ بھی کیا گیا ہے ، لیکن جو لوگ زکوۃ کی ادائیگی میں کوتاہی کرتے ہیں ان کے بارے میں قرآن و حدیث میں سخت وعیدیں آئی ہیں ۔
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا ’’جن لوگوں کو اللہ تعالی نے مال و دولت سے نوازا ہے اور وہ اس کی زکوۃ ادا نہیں کرتے، قیامت کے دن ان کا یہ مال ایک زہریلے اور گنجے سانپ کی شکل میں نمودار ہوگا اور ان کی گردن میں لپٹ جائے گا اور ان کے دونوں جبڑوں کو نوچے گا اور کہے گا میں تیرا مال ہوں میں تیرا خزانہ ہوں ‘‘صحیح بخاری : 3041
پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی۔
وَ لَا یَحسَبَنَّ الَّذِینَ یَبخَلُونَ بِمَا اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِن فَضلِہٖ ہُوَ خَیرًا لَّہُم ؕ بَل ہُوَ شَرٌّ لَّہُم ؕ سَیُطَوَّقُونَ مَا بَخِلُوا بِہٖ یَومَ القِیٰمَۃِ ؕ وَ لِلّٰہِ مِیرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَ الاَرضِ ؕ وَ اللّٰہُ بِمَا تَعمَلُونَ خَبِیرٌ سورہ ال
عمران آیت نمبر 180
ترجمہ : جن لوگوں کو اللہ تعالی نے اپنے فضل و کرم سے نوازا ہے اور پھر وہ بخل سے کام لیتے ہیں وہ اس خیال میں نہ رہیں کہ یہ بخیلی ان کے لیے اچھی ہے وہی قیامت کے روز ان کے گلے کا طوق بن جائے گی-
اسلام کے بنیادی ارکان ہی اسلامی نظام کی بنیادیں ہیں۔ اس نظام کو ماننے اور اس پر عمل کرنے سے ایک طرف اخروی کامیابی حاصل ہوتی ہے تو دوسری طرف دنیاوی زندگی میں برکتوں کا حصول ہوتاہے- زکوۃ جیسے بنیادی رکن کی ادائیگی میں فرد کا تزکیہ اور روحانی پاکیزگی حاصل ہوتی ہے وہیں سماج میں غربت کے خاتمےاور معاشی عدل کے قیام کا بھی ذریعہ ہے-
زکوٰۃ کا اجتماعی نظم
اگر ہم غور کریں تو اسلامی عبادات میں اجتماعیت پائی جاتی ہے- پانچ وقت کی نمازیں مقررہ وقت کے ساتھ باجماعت پڑھنا فرض ہے – رمضان المبارک کے ایک ماہ کے روزے بھی متعین دنوں میں فرض ہیں- حج بھی ایک خاص مقام اور خاص مہینے میں مقرر کیا گیا ہے- لیکن ایک فرد تنہا نماز پڑھے اور جب چاہے روزہ رکھے اور حج کرے تو عبادتوں کی ادائیگی کا وہ اہتمام اور اجتماعی ماحول نہیں ہوتا ہے جو ہم دیکھتے ہیں – اجتماعیت کی یہی روح زکوۃ کی ادائیگی میں بھی پائی جاتی ہے – مسلمانوں کا انفرادی طور پر زکوۃ ادا کرنا ایسا ہی ہے، جیسے بغیر جماعت کے نماز ادا کرنا۔ زکوٰۃ کا اجتماعی نظام قائم کرنا امت کے لیے ضروری ہے ۔مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ’’ اسلام میں تمام کام نظام جماعت کے ساتھ ہوتے ہیں۔ انفرادیت کو اسلام پسند نہیں کرتا- آپ مسجد سے دور ہوں اور الگ نماز پڑھ لیں تو ہو جائے گی لیکن شریعت تو یہی چاہتی ہے کہ جماعت کے ساتھ نماز پڑھیں- اسی طرح اجتماعی نظام زکوٰۃ نہ ہو تو الگ الگ زکوۃ نکالنا اور خرچ کرنا بھی صحیح ہے لیکن کوشش یہی ہونی چاہیے کہ زکوۃ کو ایک مرکز پر جمع کیا جائے اور وہاں سے تقسیم کیا جائے تاکہ وہاں سے وہ ایک ضابطے کے ساتھ خرچ ہو-تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ زکوۃ جمع کرنے اور تقسیم کرنے کے لیے ایک اجتماعی نظام بنانے کی فکر کریں کیونکہ اس کے بغیر زکوۃ کی فرضیت کے فوائد ادھورے رہ جاتے ہیں-(ترجمان القرآن)
علامہ یوسف القرضاوی نے بھی اجتماعی نظام زکوٰۃ کو زکوٰۃ کا ایک اہم حصہ قرار دیا ہے۔ علامہ لکھتے ہیں : ’’زکوۃ اس کا نام نہیں ہے کہ فقیروں کو چند روپے تھما دیے جائیں – زکوۃ کا مقصد یہ ہے کہ لینے والا اسے لے کر خود کفیل ہو جائے اور معیاری زندگی بسر کرنے کے لائق ہو جائے‘‘
(مشکلۃالفقر و کیف عالجھا الاسلام، مؤسسۃالرسالہ١٩٨٥، ص: ٩٩)
اجتماعی نظام زکوۃ کے بارے میں مولانا ابو الکلام آزاد لکھتے ہیں: ’’ اگر مسلمان آج اور کچھ نہ کریں صرف زکوۃ کا معاملہ ہی احکام قرآن کے مطابق درست کر لیں تو بغیر کسی تامل کے دعوی کیا جا سکتا ہے کہ ان کے تمام اجتماعی مشکلات و مصائب کا حل خود بخود نکل جائے گا، لیکن مصیبت یہ ہے کہ مسلمانوں نے یا تو احکام قرآنی کی تعمیل یک قلم ترک کر دی ہے یا پھر بھی عمل کر رہے ہیں تو اس طرح کے فی الحقیقت عمل نہیں کر رہے ہیں ‘‘
( ترجمان القرآن، ١٩٦٨، ٣)
ہندوستان جیسے ملک میں بھی جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں وہاں بھی زکوۃ کا اجتماعی نظم قائم ہونا چاہیے – مولانا ابوالکلام آزاد نے لکھا ہے” لوگوں نے سمجھ لیا زکوۃ نکالنے کا معاملہ اس کے سوا کچھ نہیں کہ خود حساب کر کے ایک رقم نکال لیں اور پھر جس طرح چاہیں خود ہی خرچ کر ڈالیں ، حالانکہ جس زکوۃ کی ادائیگی کا قرآن مجید نے حکم دیا ہے اس کا قطعاً یہ طریقہ نہیں ہے اور مسلمانوں کی جو جماعت اپنی زکوۃ کسی امین زکوۃ یا بیت المال کے حوالے کرنے کی جگہ خود ہی خرچ کر ڈالتی ہے وہ دیدہ دانستہ حکم شریعت سے انحراف کرتی ہے اور یقینا عند اللہ اس کے لیے جوابدہ ہوگی –
اگر کہا جائے کہ ہندوستان میں چوں کہ اسلامی حکومت موجود نہیں ہے ، اس لیے مسلمان مجبور ہو گئے اور انفرادی طور پر خرچ کرنے لگے تو شرعاً و عقلا یہ عذر مسمو ع نہیں ہو سکتا – اگر اسلامی حکومت کے فقدان سے جمعہ ترک نہیں کر دیا گیا ،جس کا قیام امام و سلطان کی موجودگی پر موقوف تھا ، تو زکوۃ کا نظام کیوں ترک کر دیا جائے؟ کس نے مسلمانوں کے ہاتھ اس سے باندھ دیے تھے کہ اپنے اسلامی معاملات کے لیے ایک امیر منتخب کر لیں یا ایک مرکزی بیت المال پر متفق ہو جائیں یا اقلا ویسی ہی انجمنیں بنا لیں جیسی بے شمار غیر ضروری باتوں کے لیے بلکہ بعض حالتوں میں بدع محدثات کے لیے انہوں نے جا بجا بنا لی ہیں (ترجمان القرآن،٣/ ٤٨_٤٢٩)
موجودہ دور میں زکوۃ
صاحب نصاب افراد کو اپنے اثاثوں کا ٹھیک ٹھیک حساب لگا کر اس پر ڈھائی فیصد زکوۃ نکالنا فرض ہے ،لیکن اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ زکوۃ پوری طرح نہیں نکالی جاتی ۔زکوۃ کے نام پر ایک رقم اپنی مرضی سے خود ہی طے کرتے ہیں اور پھر اس رقم کو کئی حصوں میں تقسیم کرتے ہیں، جیسے کپڑے راشن اور دوسری ضروریات کی چیزیں – بڑے بڑے شہروں میں دولت مند افراد اپنے گھروں کے سامنے لمبی قطاریں لگوا کر زکوۃ تقسیم کرتے ہیں ایسی منتشر اور منقسم زکوۃ سے وہ فائدے حاصل نہیں ہوتے جو نظام زکوۃ سے مطلوب ہیں۔
زکوۃ کا نظام غریبوں کے لیے کتنی بھاری رقم جمع کر سکتا ہے اس کا اندازہ کرنے کے لیے صرف ہمارے گھروں میں موجود سونے کے ذخائر پر نظر ڈالنا کافی ہوگا ۔ ورلڈ گولڈ کونسل سونے سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والا ایک موقر عالمی ادارہ ہے اس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہمارے گھروں میں تقریبا 24 ہزار ٹن سونا لوگوں نے جمع کر کے رکھا ہے۔ اگر زکوۃ کا اجتماعی نظم ہو تو صرف سونے پر حاصل ہونے والی زکوۃ سے ملک کے تمام غریبوں کو خط غربت سے اوپر اٹھایا جا سکتا ہے-
اجتماعی نظام زکوٰۃ کے لیے تدابیر :
مولانا رضی الاسلام ندوی صاحب اپنی کتاب ’زکوٰۃ کا اجتماعی نظم‘ میں لکھتے ہیں کہ معاشرے میں دو طرح کے فقراء و مساکین پائے جاتے ہیں ۔ایک غیر پیداواری فقراء ،دوم(نان پروڈکٹیو) پیداواری فقراء ( پروڈکٹیو )
غیر پیداواری فقراء میں ایسے افراد ہوتے ہیں جو ضعیف، معذور، مریض یا بیوہ ہوں جو اپنی بنیادی ضرورتوں کو بھی پورا نہیں کر سکتے۔
دوسرے پیداواری فقراء میں وہ افراد آتے ہیں جو معذور تو نہیں ہوتے، لیکن سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ کوئی کاروبار نہیں کر سکتے۔ اگر انہیں کچھ رقم دی جائے یا مشین و اوزار خرید کر دیے جائیں یا کوئی ہنر سکھایا جائے تو وہ خود کفیل بن سکتے ہیں اور اپنے گھر والوں کی کفالت کر سکتے ہیں ‘‘۔
زکوۃ کے مال کا بڑا حصہ غیر پیداواری فقراء میں خرچ ہوتا ہے اور پیداواری فقراء کی جانب توجہ کم ہوتی ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیداواری فقراء کو خود کفیل بنانے کی شعوری کوشش کی۔ حضرت انس بن مالک رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر دست سوال دراز کیا ۔آپ ﷺ نے اس سے دریافت فرمایا : ’’کیا تمہارے گھر میں کوئی چیز نہیں ہے؟ ‘‘
اس نے جواب دیا :’’ ایک چادر ہے، جس کا کچھ حصہ بچھاتے ہیں اور اوڑھتے ہیں اور ایک پیالہ ہے جس سےپانی پیتے ہیں‘‘۔
آپ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’دونوں لے آؤ – ‘‘
وہ انہیں لے کر آیا تو اپ ﷺ نے اعلان کیا :’’ ان دونوں کو کون خریدے گا؟‘‘ ایک شخص نے ایک درہم قیمت لگائی – آپ نے فرمایا :’’ انہیں ایک درہم سے زیادہ میں کون خریدے گا؟ ‘‘
دوسرا شخص دو درہم دینے پر تیار ہو گیا ۔آپ نے اسے فرمایا : ’’ ایک درہم سے کھانے کا سامان خرید کر گھر والوں کو دے آؤ اور دوسرے درہم سے ایک کلہاڑی خرید کر میرے پاس لاو -‘‘
وہ شخص کلہاڑی خرید کر لایا تو آپﷺ نے اس میں اپنے دست مبارک سے دستہ لگایا، پھر فرمایا : ’’جاؤ اس کے ذریعے سے لکڑیاں کاٹو اور بیچو۔ میں تمہیں پندرہ دن تک نہ دیکھوں – اس شخص نے ایسا ہی کیا – اسے دس درہم حاصل ہوئے – اس نے اس رقم کو پہننے کے لیے کپڑا اور کھانے کے لیے غلہ خریدا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ ﷺ نے فرمایا : ’’یہ تمہارے لیے اس سے بہتر ہے کہ تم دست سوال دراز کرو اور یہ چیز روز قیامت تمہارے چہرے پر دھبے کی شکل میں ظاہر ہو‘‘
( سنن ابی داؤد کتاب الزکوۃ1641، سنن ابن ماجہ ابواب التجارات، 2298،مسند احمد،3/114)
موجودہ حالات میں اجتماعی نظام زکوۃ قائم کرنے کے لیے کئی ادارے اور تنظیمیں کام کر رہی ہیں- محلے کی سطح پر مسجد کمیٹی بھی بنائی جا سکتی ہے – خاندانی سطح پر خاندان کے ذمہ دار افراد کی کمیٹی بنا کر خاندان میں غریب افراد کو خط غربت سے اوپر اٹھایا جا سکتا ہے۔
خواتین کے کرنے کے کام
خواتین کے زیورات پر جو زکوۃ نکلتی ہے اس کا پورا پورا حساب لگا کر زکوۃ ادا کی جائے-
صاحب نصاب بننے کی کوشش کی جائے ۔
فضول خرچی شادی بیاہ کے غیر ضروری اخراجات سے بچا جائے۔
مصنوعی زیورات اور زرق برق لباس پر بھاری رقم خرچ نہ کی جائے-
صاحب نصاب خواتین اگر کوئی ملازمت کرتی ہوں تو وہ اپنی زکوۃ خود ادا کرتی ہیں لیکن اکثر خواتین کی زکوۃ گھر کے مرد ہی ادا کرتے ہیں۔ اگر شوہر زکوۃ ادا نہ کرے تو ہمیں پلاننگ کر کے سال بھر ایک ڈبہ بنا کر کچھ رقم پس انداز کرنا چاہیے-
جو خواتین متمول ہوں، وہ ایسے کاروبار شروع کریں جس میں دوسری خواتین کو روزگار مہیا ہو سکے۔
خواتین کو کوئی ہنر آتا ہو تو انہیں خام مال مہیا کروا کر کچھ چیزیں بنوائی جائیں اور اس کو فروخت کیا جائے۔
ٹفن ڈبہ کا کاروبار بھی خواتین گھر بیٹھے شروع کر سکتی ہیں ۔طلبہ اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے شہروں کا رخ کرتے ہیں اور انہیں اچھا کھانا ٹفن ڈبہ کے ذریعے مہیا کروا سکتے ہیں ۔
موجودہ ڈیجیٹل دور میں گھر بیٹھے آن لائن کاروبار، فری لانسنگ، ایڈیٹنگ اور پروف ریڈنگ وغیرہ کام انجام دے سکتی ہیں ۔
الغرض زکوۃ کا اجتماعی نظام قائم کرنا ہندوستانی مسلمانوں کے لیے موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسے منظم طریقے سے جمع کیا جائے اور منصوبہ بندی کے ساتھ تقسیم کیا جائے۔ اس سے سماج کے بہت سے معاشی مسائل حل ہو سکتے ہیں اور دنیاوی برکتوں سے بھی بہرہ مند ہو سکتے ہیں-
٭ ٭ ٭


0 Comments