مارچ ۲۰۲٥
ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

پہلا پتھر

فرماتے ہیں:
’’ ادب کا معیار کم ہوتا جارہا ہے ‘‘۔
آپ نے اپنی سی کوئی کوشش کی ہے اس معیار کو بلند کرنے کے لیے ؟
کیا مطلب کس طرح کی کوشش کرنی چاہیے ۔!
مطلب باتوں ہی باتوں میں’ ادبی اصطلاحات‘ کو عام کرکے ۔
جیسے
’’ ادبی اصطلاحات (۱)
۱۔ آرکائیو Archives
تاریخی طور پر پرانے قصے، کہانیوں میں موجود وہ اولین نقوش اور تمثالیں جو ورثے میں فرد کے لاشعور میں محفوظ ہوتے ہیں۔آرکی ٹاپ کہلاتے ہیں۔
۲۔ آفاقیت Universality
جذبات اور احساسات کا فنی اور جمالیاتی اظہار جو جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر کل نوعِ انسانی کی ترجمانی کرے۔آفاقیت کہلاتا ہے ۔
۳۔ آہنگ Harmony
کسی فن کے عناصرِ ترکیبی کا باہمی ارتباط آہنگ کہلاتا ہے۔
۴۔ابتذال Vulgarity
کلام میں غیر مہذب الفاظ کا استعمال ابتذال کہلاتا ہے۔
۵۔ ابلاغ Communication
شاعر یا ادیب اپنے فن پارے میں جو امیجز بناتا ہے اگر کم و بیش اسی شکل میں قاری محسوس کرے تو ابلاغ کہلاتا ہے۔
پہاڑ پر تبصرہ کرنے سے بہتر پہلا پتھر اٹھا لینا چاہیے

( کتاب: صنفیات و اصطلاحات)

دارالسلام

ز آب در گل خدا خوش پیکرے ساخت
جہانی از ارم زیبا ترے ساخت
ولے ساقی بآں آتش که دارد
ز خاک من جہانِ دیگرے ساخت
(اللہ تعالی نے پانی اور مٹی سے خوب صورت پیکر ( انسان ) بنایا ایک جہان جنت سے بھی زیادہ خوب صورت تشکیل دیا ،مگر ساقی نے اس آگ کی بدولت جو اس کے پاس ہے میری مٹی سے ایک اور ہی جہان بنالیا ۔ )
جموں کے پہاڑی سلسلے کے اختتام پر پٹھان کوٹ کا شہر آباد ہے۔ پٹھان کوٹ کے نواح میں ایک گاؤں ‘سرنا ہے جس کے قریب چودھری نیاز علی خان (م: ۲۴ فروری ۱۹۷۶ جو ہر آباد) کا ایک وسیع رقبہ تھا۔ جہاں پر انھوں نے علامہ محمد اقبال کے مشورے سے ایک ٹرسٹ قائم کیا تھا۔ ابا جان نے اس ٹرسٹ کا نام’ دار الاسلام‘ تجویز کیا تھا۔
میں نے اسی دار الاسلام میں شعور کی آنکھ کھولی اور بچپن کے کچھ برس یہیں گزارے۔ نہایت سرسبز و شاداب اور خوب صورت مقام تھا۔ ہمارے گھر سے کچھ فاصلے پر مادھو پور کا ہیڈ ورکس تھا۔ سامنے پہاڑوں پر پڑی برف نظر آتی تھی۔ جیسے جیسے سورج بلند ہوتا برف اپنے رنگ بدلتی جاتی تھی۔ پھر جوں ہی سورج ڈھلتا، برف سفید دودھیا سے رفتہ رفتہ گہرے تاریخی رنگی جسے اختیار کرتی جاتی اور سورج غروب ہونے کے بعد تک شفق کے رنگوں میں نیرنگی نظر آتی تھی۔ غرض یہ کہ قدرت کی رعنائیاں بھر پور طریقے سے وہاں نظر آتی تھیں۔ شہروں کی کوئی سہولتیں وہاں موجود نہیں تھیں۔ بجلی کے قمقموں اور پانی کی سپلائی کے لیے نلکوں کا وہاں تصور بھی نہ تھا۔ گھر بھی بہت سیدھا سادہ سا تھا، لیکن اس کے باوجود ابا جان سے جو بن پڑا اپنے محدود وسائل میں آرام مہیا کیا اور ہر طرح سے ہماری اماں جان کی دل جوئی کی۔ ہماری والدہ جو دہلی کے ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں، انھوں نے بڑے صبر اور حوصلے سے وہاں ابا جان کا ساتھ بڑی خوش دلی سے دیا۔ ابا جان نے وہاں آمد و رفت کے لیے گھوڑا تا نگا خریدا جسے ایک ترکستانی کو چوان تختہ بیگ چلاتے تھے۔ دہلی سے ایک ماہر خانساماں کو لے کر آئے ۔ ایک آیا بچوں کو سنبھالنے میں اماں جان کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔ یہ تینوں ملازم بے حد جاں نثار اور خیر خواہ تھے۔ خانساماں کا نام مقبول تھا۔ اماں جان روزانہ صبح کے وقت آیا کو ہدایات دے دیتی تھیں کہ کیا پکانا ہے۔ آیا خانساماں کو بلا کر بتاتی تھی اور ساری ضروری اجناس اس کے حوالے کر دیتی تھیں۔ دو پہر اور رات کو خانساماں ہنڈیا پکا کر ڈائینگ روم سے متصل کمرے میں لا کر رکھ دیتا تھا اور آیا اماں جان کو بلا کر کھانا ان کے سپرد کر دیتی تھیں۔ یہ باورچی خانہ گھر کے باہر تھا۔ اس لیے مقبول کبھی گھر کے اندر نہیں آیا تھا۔ تختہ بیگ بھی گھر کے اندر کبھی نہیں آئے تھے۔ اس طرح ہم نے اپنے گھر کے اندر مرد ملازموں کا آنا جانا کبھی نہیں دیکھا تھا۔
روڈ ٹو مکہ کے مصنف علامہ محمد اسد صاحب [م: فروری ۱۹۹۲ء ] اپنی بیگم منیرہ صاحبہ اور کم سن صاحبزادے طلال کے ہمراہ دار الاسلام آئے تھے۔ ہمارے والدین نے ان کو کھانے پر مدعو کیا۔ ہماری اماں جان نے اپنے جہیز کا ڈنرسیٹ نکالا ۔یہ وہ زمانہ تھا ، جب بعض گھرانوں میں نفاست کا لحاظ رکھتے ہوئے گلاسوں کو اوپر سے جالی کے رومال سے ڈھکا جاتا تھا۔ جالی کے ان رومالوں کا توازن قائم رکھنے کے لیے موٹے موٹے مصنوعی موتی لٹکائے جاتے تھے۔ یہ اہتمام اس لیے کیا جاتا تھا کہ گلاسوں میں مکھیاں نہ گریں ۔ مقبول نے اتنا اچھا کھانا پکایا اور اماں جان نے اتنا اچھا دستر خوان سجایا کہ علامہ محمد اسد اور ان کی بیگم بہت ہی خوش ہوئے اور اپنی عزت افزائی پر ہمارے والدین کا شکریہ ادا کیا۔
انھی دنوں’ انڈین نیشنل کانگریس‘ کے رہنما جواہر لال نہرو [ م بمئی ۱۹۶۴ء ] کا پرائیویٹ سکریٹری بیمار ہو کر آرام کرنے اپنے گاؤں آیا۔ اس کا گاؤں سرنا کے قریب تھا۔ اس نے اپنے آس پاس کے لوگوں سے ابا جان کا چرچاسنا تو وہ اپنے چند ہندو دوستوں کے ساتھ دارالاسلام آیا۔ ابا جان سے ملاقات کے دوران اس نے بڑے چبھتے ہوئے سوالات کیے۔ اسلام اور مسلمانوں کے اوپر تابڑتوڑ حملے کیے لیکن جب ابا جان نے اس کے سارے سوالوں کے جوابات انتہائی تحمل اور ٹھنڈے دل سے دیے تو وہ لاجواب ہو کر رہ گیا۔ وہ ابا جان کے عمل اور استدلال سے اور اس بات سے بھی بہت متاثر ہوا کہ ابا جان اس کے تند و تیز اعتراضات اور اشتعال انگیز لب و لہجہ کے باوجود قطعی مشتعل نہیں ہوئے۔ اپنے احباب سے کہا کہ میں نہیں سمجھتا تھا کہ مسلمانوں میں اس قدر تنظیم اور علم و فضل ہے اور وہ اتنے بیدار مغز ہیں۔ جب اس دور افتادہ چھوٹے سے گاؤں میں ایسے ایسے اسکالر بیٹھے ہیں اور ان میں اتنی خود اعتمادی ہے تو بڑے بڑے شہروں کا کیا حال ہوگا ؟ اس طرح دار الاسلام سے جاتے ہوئے وہ کانگریسی برہمن سخت تشویش میں مبتلا ہوا۔اس واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد دار الاسلام میں ایک اجلاس میں مولانا محمد منظور نعمانی صاحب [م: ۱۹۹۷ء ] اور مولا نا جعفر شاہ پھلواروی صاحب [م: یکم اپریل ۱۹۸۲ء ] کے ہمراہ چند علما تشریف لائے اور دار الاسلام میں ایک ڈیڑھ ہفتے کے لیے قیام پزیر ہوئے ۔ اباجان نے انھیں اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا اور احتیاط برتتے ہوئے اماں جان کو ہدایت کی کہ تانبے کی جن پلیٹوں میں ہم روزانہ خود کھانا کھاتے ہیں مہمانوں کے لیے بھی بس اسی دستر خوان پرچنا جائے ۔ انھوں نے اماں جان کو ہدایت کی کہ اپنا شادی کا ڈنرسیٹ نہ نکالنا اور نہ گلاسوں کو موتیوں والے رومالوں سے ڈھکنا ۔ اماں جان نے اصرار کیا کہ اتنے بڑے علمائے دین میرے گھر آئیں اور میں ان کی عزت افزائی اور اکرام کے لیے اپنے اچھے برتن بھی نہ نکالوں اور بس تانبے کے برتنوں میں انھیں کھانا کھلا دوں؟ یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟؟اسی طرح ابا جان نے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ زیادہ پر تکلف کھانا نہ پکوانا بس وہی دال کے دلیا جو ہم روزانہ کھاتے ہیں دستر خوان پر رکھنا۔ اماں جان پھر تڑپ اٹھیں : اگر ہم بھی اپنے دینی حلقوں کو عزت نہیں دیں گے تو عام لوگوں سے اس کی کیسے توقع کریں گے؟الغرض مقبول نے بہت اچھا پر تکلف کھانا پکایا اور ہماری اماں جان نے اپنے بہترین برتنوں سے دستر خوان سجایا۔
مہمان تشریف لائے کھانا کھایا اور چند روز بعد چه می گوئیاں شرو ع ہو گئیں، ، جن کا انجام جماعت اسلامی سے ان کے استعفا کی صورت میں سامنے آیا۔
حضرات گرامی نے اپنے دائیں بائیں ملنے والوں سے فرمایا: مولانا مودودی دین داری کے پردے میں دنیا دار آدمی ہیں۔ مولانا کے گھر میں خانساماں کھانا پکاتا ہے۔ بچے آیا پالتی ہے۔ یہ بیوی آخر کس مرض کی دوا ہے؟ سنا ہے کہ مولانا کی بیوی بھی ساڑھی پہنتی ہیں اور کبھی غرارہ۔ پان لگانے کے لیے مولانا کا پان دان چاندی کا ہے۔ پان جس ڈبیا میں رکھے جاتے ہیں، وہ بھی چاندی کی ہے حالانکہ یہ چاندی کے نہیں، تانبے کے تھے جن پر قلعی کی ہوئی تھی ) ۔ آیا، مولانا کے بچوں کو بچہ گاڑی میں سیر کرانے لے جاتی ہے۔ یہ سب دین داری کے نام پر دھوکا نہیں تو اور کیا ہے۔
دادی اماں [ محترمہ رقیه بیگم : ۱۸۷۳ء ۷ دسمبر ۱۹۵۷ء ] نے یہ باتیں سنیں تو چھوٹتے ہی کہا: اللہ تعالیٰ بھی تو قد دیکھ کر جامہ دیتا ہے۔ بس اتنا ہی ظرف ہے! اس واقعے کے بعد سے اماں جان نے کبھی ابا جان سے اختلاف کر کے اپنی بات نہیں منوائی۔ انھیں ہمیشہ اس بات کا پچھتا وا رہا کہ اگر میں ان کی ہدایت کے مطابق سیدھا سادہ کھانا پکواتی اور تانبے کی پلیٹیں دستر خوان پر رکھتی تو جماعت کو اتنا بڑا دھچکا نہ لگتا۔ شاید اسی حادثے کی وجہ سے ہم نے اپنی زندگی میں اپنے والدین کے درمیان کبھی سخت جملوں کا تبادلہ یا تلخ نوائی کا اظہار نہیں دیکھا۔ البتہ ایک واقعہ ایسا ضرور ہے جب اماں جان اور دادی اماں نے ابا جان سے سخت اختلاف کیا۔ یہ اگست ۱۹۴۷ء کے وہ دن تھے، جب فرقہ وارانہ فسادات عروج پر تھے۔ ابا جان اور دارالاسلام کے کارکنوں کا رعب و دبدبہ اس قدر تھا کہ آس پاس کے ہندووں اور سکھوں کو جرات نہیں ہوئی کہ وہ سے دار الاسلام کے حدود میں قدم بھی رکھیں۔ یہی وجہ تھی کہ مضافات کے دیہات سے لوگ اپنے اپنے گھر بار چھوڑ کر اپنے بیوی بچوں اور مویشیوں کے ساتھ دارالاسلام میں پناہ لینے کے لیے آگئے تھے۔ پورا علاقہ مسلمانوں سے پٹا پڑا تھا۔ متاثرین کی آمد کا اتناد باؤ تھا، لیکن اس وقت فوج کی ہمراہی میں صرف تین بسیں لوگوں کو لینے کے لیے آئیں۔ ان میں سے بھی ایک بس چودھری نیاز علی خاں صاحب کے گھر والوں کو لینے کے لیے بھیج دی گئی ۔ اب صرف دو بسیں دار الاسلام والوں اور وہاں پہنچنے والے پناہ گزینوں کے لیے رہ گئیں۔ابا جان نے فوری طور پر فیصلہ کیا: اس وقت صرف عورتیں اور بچے ان دو بسوں میںچلے جائیں، مرد بعد میں جائیں گے۔ غضب یہ ہوا کہ جو فوجی جوان بسوں کے ساتھ آئے تھے انھوں نے حکم صادر کیا۔ دس منٹ کے اندر اندر آپ لوگ بسوں میں بیٹھ جائیں ہمارے پاس وقت بہت کم ہے۔ اس وقت دادی اماں اور اماں جان نے کہا: ہم مردوں کے بغیر اکیلے کیسے جائیں جبکہ قدم قدم پر سکھ کر پانیں لیے کھڑے ہیں، تقریباً یہی سوال ہر گھر میں اٹھا ہوا تھا اور چونکہ ہمارا گھر نمونے کا گھر تھا اس لیے سب کی نظر یں اس گھر پر ٹکی ہوئی تھیں۔ابا جان نے کہا: آس پاس دیہات کے مسلمان میرے پاس پناہ کے لیے آئے ہیں۔ میں انھیں کیسے بلوائی سکھوں اور ہندووں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اور اپنے بیوی بچوں کو لے کر چلا جاؤں؟ ابا جان نے مزید یہ کہا: عورتوں اور بچوں کی موجودگی میں بہادر سے بہادر مرد بھی بزدلی دکھا کر جان بچانے کے لیے آمادہ ہو جاتا ہے۔ عورتوں اور بچوں کے جانے کے بعد ہم عزتیں بچانے کی فکر سے تو آزاد ہو جائیں گے۔ باقی رہیں ہماری اپنی جانیں تو جو اللہ کو منظور ہوا وہی ہوگا اس کی فکر نہ کریں۔ اسی گومگو کی کیفیت میں وقت بہت تیزی سے گزر رہا تھا۔ فوجی جوان سیٹیوں پر سیٹیاں بجارہے تھے۔ بالآخر ابا جان نے بڑے مصم لہجے میں اماں جان سے کہا: جب تک آخری آدمی یہاں سے پاکستان نہیں چلا جاتا میں یہاں سے ہلوں گا بھی نہیں۔ یہ سنتے ہی دادی اماں نے اپنا قرآن شریف گلے میں ڈالا اور وضو کا لوٹا ہاتھ میں لیا اور اماں جان کے ساتھ بچوں کے ہاتھ پکڑ تے ہوئے چہروں، بھینچے ہوئے ہونٹوں اور آنسوؤں سے لبریز آنکھوں کے ساتھ بس 1 میں سوار ہو گئیں۔ جیسے ہی دادی اماں اور اماں جان بس میں بیٹھیں باقی گھروں کی خواتین اور بچے -بھی سوار ہو گئے ۔ جب بسیں چلیں تو کچھ لوگ بے اختیار ہو کر ساتھ ساتھ دوڑ نے لگے لیکن ہم نے مڑ کر کھڑکی سے دیکھا کہ ابا جان چٹان کی طرح جیسے اپنی جگہ پر خاموش کھڑے ہماری طرف دیکھ رہے تھے !
عصر اور مغرب کے درمیان یہ بسیں سرنا سے روانہ ہو کر رات کے وقت امرتسر پہنچیں ۔ اور پوری رات وہاں کھڑی رہیں۔ کیونکہ اندھیرے میں سفر خطر ناک تھا۔ آدھی رات کو دادی اماں حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کے لیے سب کے روکنے کے باوجود اصرار کر کے بس سے اتر گئیں۔ جب کافی دیر ہوگئی اور دادی اماں نہیں آئیں اور سب لوگ مایوس ہو گئے تو اچانک ایک عجیب واقعہ رونما ہوا۔ کیا دیکھتے ہیں کہ دو سکھ دادی اماں کا ہاتھ پکڑے لیے چلے آ رہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ اماں جی پہچاہیے آپ کی بس کون سی ہے۔ ہم نے فوراً آواز دی: دادی اماں ادھر آجائیے۔ غرض دونوں سکھ سہارا دے کر اماں جی کو بس میں چڑھا کر سلام کر کے روانہ ہو گئے ۔ ایک کے ہاتھ میں پانی کا بھرا ہوا لوٹا تھا، وہ بھی اس نے کھڑکی سے اماں جی کو پکڑا دیا۔ بعد میں دادی اماں نے ہم سے کہا: تم لوگ خواہ مخواہ سمجھتے ہو کہ سکھ مارتے ہیں، حالانکہ مارنے جلانے والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ابا جان نے احتیاطاً دارالاسلام ہی سے جماعت اسلامی کے ایک بزرگ مولانا عبد الجبار غازی صاحب [م: ۱۹۸۱ء ] کو ہمارے قافلے کے ساتھ بھیجا اور ان کو ہدایت کر دی تھی کہ بسیں لے کر سیدھے گوال منڈی لاہور میں ملک نصر اللہ خاں عزیز صاحب [م: ۲ جولائی ۱۹۷۶ء کے گھر چلے جائیں اور بعد میں ہم لوگوں کو تانگے میں اسلامیہ پارک، فصیح منزل میں مولوی ظفر اقبال صاحب [م: ۵) مئی ۱۹۸۵ء کے گھر پہنچا دیں۔
اسی طرح ابا جان نے عبدالجبار غازی صاحب کو اس بات کا بھی پابند کیا کہ سب خواتین کو ان کے رشتے داروں کے گھر پہنچا دیں۔ہم فصیح منزل میں چند روز تک رہے۔ اس عرصے میں ابا جان کی طرف سے کوئی بھی اطلاع نہیں آئی کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔ ہر دن دادی اماں اور اماں جان کے لیے ایک ایک صدی بن کر گزرتا تھا اور ہر رات قیامت کے مانند ہوتی تھی۔ اس پورے عرصے میں مولوی ظفر اقبال صاحب کے گھر والوں نے جس طرح ہماری خاطر مدارات ،دل جوئی اور علاج معالجہ کیا اس نے انصار مدینہ کی جانب سے مکے کے مہاجرین کی آؤ بھگت کی یاد تازہ کردی۔

کتاب : شجر ہائے سایہ دار۔ سیدہ حمیرہ مودودی

بڑھاپا

’’بڑھاپا کمزور دل انسانوں کے لئے نہیں ہے۔
ایک دن آپ جاگتے ہیں اور محسوس کرتے ہیں کہ جوانی پیچھے رہ گئی ہے، مگر اس کے ساتھ ہی عدم تحفظ، عجلت، اور دوسروں کو خوش کرنے کی خواہش بھی ماند پڑ جاتی ہے۔ آپ کی چال سست ہو جاتی ہے، مگر اعتماد بڑھ جاتا ہے۔ آپ بغیر خوف کے چیزوں کو چھوڑنا سیکھتے ہیں اور ان لوگوں کی قدر کرنا جان جاتے ہیں جو ساتھ رہتے ہیں۔
بڑھاپا قبولیت کا نام ہے؛ یہ دریافت کرنا کہ خوبصورتی کبھی بھی ظاہری جلد میں نہیں تھی، بلکہ ان کہانیوں میں تھی جو ہم اپنے اندر لیے پھرتے ہیں۔‘‘
(میریل سٹریپ)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥