وقف ترمیمی بل 2024کے حوالے سے ہندوستان کے مسلمانوں میں اسوقت شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بل سراسر مسلمانوں کے خلاف ہے۔ان کی وقف کی املاک پر ایک جارحانہ اور غاصبانہ قبضہ ہے۔ حالانکہ سرکاری اہلکاروں کے مطابق اس بل کا مقصد’ وقف بورڈ ‘کے کام کو بہتر بنانا اور ملک بھر میں وقف جائیدادوںکے مؤثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔ جب کہ مسلمانوں کا ماننا ہے کہ یہ بل ایک Pandora’s Box کھولے گا، جس کے نتیجے میں مسلمانوں کو وقف کی جائیدادیں حکومت یا نجی اداروں کے حوالے کرنی پڑیں گی، خصوصاً وقف کی وہ جائیدادیں جن پر مقدمہ چل رہے ہیں۔
اس بل کی دفعات ان قدیم مساجد، قبرستانوں، مدارس اور درگاہوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں ،جو طویل عرصے سے مذہبی و فلاحی مقاصد کے لیے استعمال ہو تی رہی ہیں۔ اور ان کے اندر مساجد ،مدارس اور درگاہیں موجودہیں جن میں تاریخی جامع مسجد اور دیگر اہم مساجد بھی شامل ہیں۔ بڑی تعداد میں قدیم مساجد، قبرستان اور مقبرے جو 1995 کے وقف ایکٹ کے تحت استعمال میں ہیں۔ waqf by user ہیں اب اس بل کے ذریعے غیر محفوظ ہو رہی ہیں۔ چونکہ ان جائیدادوں کے اصل مالکان کے وقف معاہد ے یا عطیہ دہندگان کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں، جس کی بنا پر ان کی قانونی حیثیت خطرے میں پڑ سکتی ہے اور یہ جائیدادیں حکومت یا دیگر فریقین کے غیر قانونی قبضے کا شکار ہو سکتی ہیں۔نیز اس سے فرقہ پست عناصر کو مساجد اور دیگر وقف جائیدادوں پر دعوہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
اگر یہ بل قانون بن جاتا ہے تو دہلی کی 123وقف جائیدادوں کے مقدمات، جو بیشتر waqf by user کے زمرے میں آتی ہیں، خطرے میں پڑ نے کے امکانات ہیں۔ ان میں سنہری باغ مسجد، پارلیمنٹ مسجد اور انڈیا گیٹ کے قریب واقع مسجدیں شامل ہیں، جن پر ابھی دہلی ہائی کورٹ میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ’دہلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ (ڈی ڈی اے)، جو مرکزی حکومت کے زیر انتظام ادارہ ہے، ان جائیدادوں کو سرکاری آراضی قرار دے چکا ہے اور سمجھا جا سکتا ہے کہ دیگر ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتوں کے زیر انتظام جہاں مساجد اور مسلم عمارتوں کو محض الزامات کی بنیاد پر پر مسمار کیا جا رہا ہے، ان کی کیا حالت ہوگی؟
استعمال شدہ وقف املاک
اوقاف کی املاک اسلامی قانون میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ جب کوئی بھی جائیداد ہمیشہ کے لیے وقف کے طور پر مخصوص کر دی جاتی ہے اور نسلاً بعد نسل مذہبی مقاصد کے لیے خالص ہو جاتی ہے اور اسے قانونی حیثیت بھی حاصل ہو جاتی ہے تو اس پر کسی طرح کا قبضہ نہیں کیا جاسکتا ۔
وقت کی املاک کی اسلام میں کیا اہمیت ہے؟ اس سلسلے میں حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے تعلق سے ایک بہت مشہور اور اہم تاریخی واقعہ یہ ہے کہ خیبر کی جنگ میں حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کو فتح حاصل ہوئی اور وہاں سے ایک جائیداد ان کے حصے میں آئی۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نےآپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ میں اس کا بہترین استعمال کرنا چاہتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کو روک دو یعنی اسے فروخت ہونے سے۔۔ تبدیل کرنے سے۔۔ تحفہ دینے سے۔۔ کسی کو گفٹ کرنے سے ۔غرض ہر طرح سے روک دو۔ یعنی لوگوں کے لیے وقف کردو ۔اسے مذہبی کاموں کے لیے استعمال کیا جاےگا ۔اس طرح وقف کی جائیدادوں کی خرید و فروخت نہیں کی جا سکتی۔ ہندوستان کی سپریم کورٹ نے بھی کہا تھا کہ ایک بار جو جائیداد وقف ہو جاتی ہے وہ ہمیشہ وقف رہتی ہے۔ ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 13کے تحت رسوم و رواج قانون کو تحفظ حاصل ہے، لیکن اس نئے بل میں’’waqf by user‘‘استمال ہونے والی وقف پراپرٹی کی دفعات کو ختم کر دینا وقف کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ہندوستان میں اسوقت 8لاکھ 70ہزار سے زائد جائیدادیں اوقاف کی ہیں۔ اب انمیں سے زیادہ تر جائیدادیں اس بل کے آنے سے خطرہ میں آ رہی ہیں ۔
وقف ترمیمی بل کے خطرات
نئے بل کا ایک اور منفی پہلو یہ ہے کہ ضلع کے کلیکٹرز کو جائیداد کی حیثیت کے فیصلے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ جب وقف بورڈ اور حکومت یا کسی نجی پارٹی کے درمیان جائیداد کے تنازعہ کا معاملہ ہو تا تو پہلے یہ کام وقف بورڈ کے ذریعے مقرر کردہ سروے کمشنر کے سپرد کیا جاتا تھا ،لیکن اب کلیکٹرجو حکومت کے افسر ہیں اور تنازعے میں ایک فریق بن سکتے ہیں۔ اس صورت میں انصاف کے قدرتی اصولوں کے خلاف یہ اقدام ہوگا کیونکہ کلیکٹر جو حکومت کےنمائندے ہیں وہ حکومت کے حق میں ہی فیصلہ کریں گے،یہ بات یقینی ہے۔
اس بل میں یہ بھی تجویز ہے کہ مرکزی وقف کونسل اور ریاستی وقف بورڈز میں دو غیر مسلم اراکین کی تقرری کی جائےگی۔ یہ تجویز اس ادارے کے بنیادی مقصد کو کمزور کرتی نظر آتی ہے، کیونکہ وقف ایک مذہبی ادارہ ہے اور اس کا انتظام صرف مسلمان ہی کر سکتے ہیں۔اس سے وقف کے معاملے میں امتیازی سلوک پیدا ہو گا اور آئین کے آرٹیکل 26کی خلاف ورزی ہو گی، جو کہ اقلیتی طبقات کو اپنے مذہبی اور ثقافتی ادارے قائم کرنے اور ان کے انتظام کا اختیار دیتا ہے۔ اس قانون سے اسکی خلاف ورزی ہوگی۔
1995 کے وقف ایکٹ کے تحت وقف بورڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر صرف مسلمان ہو سکتا تھا، لیکن اس بل میں اس شرط کو ختم کر دیا گیا ہے، جو اس وقت ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔
بل کے خدشات –
نئے بل کے تحت وقف جائیدادوں کا رجسٹر یشن کرنے کے لیے ضلع کے کلیکٹر کی رپورٹ ضروری ہو گی ،جس سے وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن میں مشکلات آ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام قبول کرنے والے افراد کے لیے جائیداد وقف کرنے کے لیے کم از کم پانچ سال تک اسلام قبول کیے ہوئے گزرنا ضروری ہوگا، جو غیر منطقی ہے۔ کیونکہ کسی فرد کو کسی بھی خیرات یا غیر مذہبی ادارے میں جائیداد دینے کی کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے ۔
1995 کے ایکٹ کے تحت غیر مسلم بھی وقف جائیدادیں دے سکتے تھے، لیکن اس نئے بل میں اس پر پابندی عائد کی گئی ہے،جو ایک امتیازی عمل ہے۔
لہٰذا یہ نیا بل ایک ایسی سازش معلوم ہوتی ہے جو وقف جائیدادوں کو چھیننے اور بھارت میں وقف کے ادارے کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments