مارچ ۲۰۲٥
محبت، شفقت اور تربیت کا حقیقی پیغام

مسجد صرف عبادت کا مقام نہیں ہےبلکہ مسلمانوں کے لیے روحانی تربیت، اخلاقی اصلاح اورمحبت وامن کا مرکز ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں بندہ اللہ تعالیٰ سے براہ راست تعلق قائم کرتا ہے، جہاں دلوں کو سکون ملتا ہے اور کردار سازی کی بنیادرکھی جاتی ہے،لیکن ایک افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ بعض اوقات مساجد میں معصوم بچوں کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جاتا ہے جو انھیں اللہ کے گھر سے دور کر دیتا ہے۔
آج کی نسل کے لیے مسجد کو ایک پر کشش اور محبت سے بھرا ماحول بنا کردینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ بچے اپنے کھیل کود ،موبائل اور دیگر مشاغل کو چھوڑ کر جب مسجد آتے ہیں تو وہ اللہ تعالیٰ کے قرب کے لیے ایک قدم بڑھارہے ہوتے ہیں لیکن جب ہم انھیں ان کی معمولی شرارتوں پرڈانٹتے ہیں یا انھیں مسجد سے بھگا دیتے ہیں توہمارا یہ طرز عمل ان کے معصوم ذہنوں پرگہرے منفی اثرات چھوڑتا ہے۔یہ عمل ان کے اندرایک ایسے رویے کو جنم دیتا ہے جو رفتہ رفتہ عبادت اور دین سے دوری کا سبب بنتا ہے۔

بچوں کی معصومیت اور اللہ کی محبت:

 اللہ تعالیٰ نے بچوں کو معصوم دل اور شرارت بھری طبیعت عطا کی ہے ،ان کی معصوم مسکرا ہٹیں،ننھے ننھے قدم اور دلچسپ سوالات اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہیں، ان کے دلوں میں کوئی بغض یا نفرت نہیں ہوتی، بلکہ وہ ایک کھلے ذہن اور محبت بھری فطرت کے حامل ہوتے ہیں۔ مسجد میں ان بچوں کا آنا اس بات کاثبوت ہے کہ ان کے دل میںاللہ تعالیٰ کی محبت ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علی وسلم کی سنت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ بچوں کے ساتھ شفقت اور نرمی کا رویہ اپنایا جائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا کہ آپ بچوں کے ساتھ کھیلتے، انھیں دعائیں دیتے اور اس طرح انھیں دین کے قریب لاتےتھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی بچے کو ڈانٹا نہیں بلکہ انھیں محبت سے سمجھایا۔

مسجد تربیت کا مرکز:

مسجدصرف لوگوں کے لیے عبادت کا ہی مقام نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں معاشرے کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ اگرہم بچوں کومسجد میں آنے پر خوش آمدید کہیں گے تووہ یہی محبت اورسکون اپنے گھروں اور معاشرے میں لے کر جائیں گے لیکن اگر ہم انھیں مسجد میں آنے سے روکیں گے تو یہ عمل ان کے دلوں میں مسجد کے لیے خوف اور بدگمانی پیدا کرے گا۔
بچوں کو مسجد کے قریب لانے کے عملی اقدامات:

٭شفقت اور محبت کا رویہ اپنائیں:

بچوں کو مسجد میں آنے پر خوش آمدید کہیں۔ ان کے ننھے قدموں کو دیکھ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ یہ بچے عبادت کے لیے اللہ تعالیٰ کے گھر آ رہے ہیں۔اگر وہ شرارت کریں یا شور مچائیںتوانھیں نرمی سے سمجھائیں نہ کہ سختی سے ڈانٹیں۔

٭دلچسپ ماحول فراہم کریں:

مسجد میں بچوں کے لیے ایک ایسا ماحول فراہم کریں جو انھیں دلچسپ لگے۔ بچوں کے لیے خصوصی نشستیں منعقد کریں جہاں انھیں آسان الفاظ میں دین کی باتیں سکھائی جائیں۔

٭انھیں اہمیت دیں:

بچوں کو مسجد کے معمولات میں شامل کریں۔ مثال کے طور پر انھیںصفیں سیدھی کرنے کا کہہ دیںیاپانی پلانے کے کام میں لگا دیں۔ اس سے وہ خود کو اہم محسوس کریں گے اور مسجد کے ساتھ لگاؤ پیدا ہوگا۔

٭نرمی اور صبر کا مظاہرہ کریں:

بچوں کے ساتھ معاملہ کرتے وقت ہمیشہ نرمی سے کام لیں۔ اگر وہ شورکرتے ہیں یا غلطی کرتے ہیں تو صبر سے انھیں سمجھائیں۔ یاد رکھیں یہ معصوم بچے ابھی سیکھنے کے عمل میں ہیں۔

٭ان کے چھوٹے کاموں کو سراہیں:

اگر کوئی بچہ اچھا کام کرے تو اس کی تعریف کریں۔ مثلاً اگر وہ نماز کے دوران خاموش رہے یا کوئی دعا یاد کرے تو اسے انعام یا تعریفی کلمات سے نوازیں۔ اس سے بچے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
بچوں کو مسجد سے بھگانے کے نقصانات:
٭مسجد سے محبت ختم ہو جانا:
جب بچوں کو مسجد میں ڈانٹا جاتا ہے یا ان کے ساتھ سختی سے پیش آیا جاتا ہے تو ان کے دلوں میں مسجد کے لیے محبت ختم ہو سکتی ہے۔ وہ اسے عبادت کے بجائے ایک غیر محبت بھری جگہ سمجھنے لگتے ہیں جہاں ان کے جذبات کی کوئی قدر نہیں ہوتی۔

٭دین سے دوری:

مسجد دین کا مرکز ہے۔اگر بچے کو وہاں سکون اور محبت نہ ملے تو وہ دین سے بھی دور ہو سکتا ہے۔وہ یہ سمجھنے لگتا ہے کہ دین سخت اور مشکل ہے جس سے وہ رفتہ رفتہ دین کے اصولوں سے بھی بیزار ہو سکتا ہے۔

٭اعتماد کی کمی:

بچوں کو مسجد سے دور کرنے کا ایک بڑا نقصان یہ بھی ہے کہ ان کا اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔ اگر وہ مسجد میں کچھ سیکھنا چاہیں یا کوئی سوال کرنا چاہیں تو ان میں جھجھک پیدا ہوتی ہے جو انھیں دین کے بارے میں جاننے سے روک سکتی ہے۔

٭والدین کی حوصلہ شکنی:

بچوں کومسجد سے دور رکھنے کا اثر محض بچوں پر ہی نہیں بلکہ والدین پر بھی پڑتاہے۔ والدین جو بچوں کو دین سے قریب کرنے کے لیے مسجد بھیجتے ہیںوہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً وہ اپنے بچوں کو مسجد بھیجنا بند کر سکتے ہیں۔

٭مثبت یادوں کی کمی:

بچپن کا وقت یادوں سے بھر پور ہوتا ہے اور مسجد ایک ایسی جگہ ہونی چاہیے جہاں بچوں کی بہترین یادیںبنیں، لیکن اگر بچے کو وہاں سخت رویہ ملتا ہے تو اس کی یادیں منفی ہو جاتی ہیں اور وہ اپنی زندگی کے باقی حصے میں مسجد سے دور رہنا پسند کرتا ہے۔

٭نسلوں پر منفی اثرات:

اگر آج بچے مسجد سے دور ہو جائیں گے تو کل وہ اپنی اولاد کو بھی مسجدمیں لانے میںدلچسپی نہیں لیںگے۔یوں مسجد سے دور ی کا یہ سلسلہ نسل در نسل جاری رہ سکتاہے۔

٭سماجی رویے پر منفی اثرات:

مسجد ایک ایسا مرکز ہے جہاں بچے نہ صرف عبادت کا طریقہ سیکھتے ہیں،بلکہ اخلاقیات، صبر اوربر داشت جیسے خوب صورت اوصاف بھی سیکھتے ہیں۔ اگربچے مسجد نہیں آئیں گے تو ان کی شخصیت میں، ان کے اوصا ف میں کمی ہو سکتی ہے، جس کا اثران کے سماجی رویے پرپڑے گا۔

٭عبادت کی عادت ختم ہو جانا:

بچپن میں عبادات کا شوق پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ اگر بچے کو مسجد میں جانے سے روکا جائے تو اس میں نماز پڑھنے اور اللہ کے قریب ہونے کی عادت ختم ہو سکتی ہے۔ یہ نقصان اس کی پوری زندگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

٭برے اثرات کا شکار ہونا:

مسجد سے دور رہنے والے بچے عموماً برے دوستوں اور ماحول کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مسجد سے وابستگی انھیں غلط راستے سے بچا سکتی ہے، لیکن اگر وہ مسجد میں خوشی محسوس نہ کریں تو وہ غلط صحبت میں جاسکتے ہیں۔

٭سیکھنے کے مواقع کا ختم ہوجانا:

مسجد ایک تربیت گاہ ہے جہاں بچے قرآن، حدیث اور دینی اصول سیکھتے ہیں۔ اگر وہ مسجد سے دور ہو جائیں گے تو یہ مواقع ختم ہو جائیں گے اور وہ دینی تعلیمات سے ناواقف رہ سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ مسجد کو ایک ایسی جگہ بنا ئیں جہاں ہر عمر کے افراد خاص طور پر بچے سکون اور خوشی محسوس کریں۔ بچوں کے دلوں میںمسجد کی محبت پیدا کریں تاکہ وہ خود کو دین کے قریب محسوس کریں۔ یاد رکھیں یہ معصوم بچے اپنے گھروں میںموبائل، ٹی وی اور کھیلوں کو چھوڑ کر مسجد میں آتے ہیں یہ ان کی عبادت کے تئیں محبت کا پہلا قدم ہے۔
آئیے ہم سب مل کر مسجدوںکو بچوں کے لیے محبت، شفقت اور تربیت کا گہوارہ بنائیں۔اگر ہم آج ان بچوں کے ساتھ محبت سے پیش آئیں گے توکل یہی بچے دین کے سچے پیروکار اور مساجد کے حقیقی معمار بنیںگے۔اللہ تعالیٰ ہمیں سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

سبق پھر پڑھ صداقت کا،عدالت کا، شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے