مارچ ۲۰۲٥
ملکی و عالمی منظر نامہ

ملکی منظر نامہ

کتنی آہوں سے کلیجہ ترا ٹھنڈا ہوگا؟

قارئینِ کرام! گزشتہ ماہ وطن عزیز میں ایک مرتبہ پھر طلبائی جدوجہد کو روندنے کی کوشش کی گئی۔ ملک کی نامور یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایک مرتبہ پھر پرامن احتجاج کو غلط رخ دیا گیا۔ حکومت کے غلیظ داؤ پیچ اور یونیورسٹی میں سیاست کی لاٹھی سے طلبہ کے حقوق پامال کرنے والی انتظامیہ نے ہمیشہ طلبہ تحریک کو دبانے کی کوشش کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق 10 فروری کو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مختلف تنظیموں کی طرف سے غیر معینہ مدت کے لیے “Reclaim Jamia, Reclaim the Democratic Spaces of Our Campus”کے عنوان سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج کے دوران ایک مرتبہ پھر طلبہ کے حقوق کو مجروح کیا گیا۔ اس دوران طلبہ پر تشدد کرنے کے کئی مناظر کیمرے میں قید ہوگئے،جو جامعہ انتظامیہ کے لیے شرمندگی کا مقام ہے۔ طلبہ پر تشدد کی وجہ سے جامعہ انتظامیہ پر کئی سوال کھڑے ہورہے ہیں۔ یہاں‌تک کہ یہ اندھا قانون اپنی شدت پسندی میں اس قدر سفاک ہوگیا کہ 17 طلبہ کو معطل کردیا گیا اور احتجاج کرنے والے طلباء کے ایڈریس اور فون نمبر جامعہ کے دروازے پر چسپاں کر دیے گئے۔ اگر ان طلباء پر حملہ ہوا تو ذمہ دار کون ہوگا؟ ان کی ذاتی معلومات اور ان کی حفاظت کا ذمہ کون لے گا؟ بات مکمل طور پر واضح ہے کہ منتظمین جامعہ کے اس فعل کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اس فہرست میں نوجوان خواتین بھی ہیں اور طالب علم بھی۔ ان کے مستقبل پر اور ان کی تعلیمی لیاقت پر یہ چیز کس حد تک اثر انداز ہوسکتی ہے اس کے نتائج دیکھنے سے جامعہ انتظامیہ قاصر ہے۔
جامعہ میں دسمبر 2019 میں ہوا سنگین معاملہ جسے جامعہ کی تاریخ میں ’’سیاہ دن‘‘ کے طور پر رقم کیا گیا ہے۔ تب سے آج تک جامعہ میں مختلف محاذوں پر طلبہ کو نشانہ بنانے کا عمل جاری ہے۔ ملک کی ایک باوقار یونیورسٹی جس کی سند اپنی انفرادی شناخت رکھتی ہے، اس یونیورسٹی کے ساتھ حکومت کا یہ رویہ اور طلبہ کے ساتھ ہورہی ناانصافی مستقبل کی بنیادوں کو ہلا رہی ہے۔

برق گرتی ہے تو بیچارے مسلمانوں پر!!

مساجد کو لے کر ملک میں معاملات جس نہج پر جارہے ہیں وہ یقیناً غور طلب ہیں۔ خانہ خدا پر باطل قوتوں نے جس طرح سے نظریں گاڑھ رکھی ہیں، یوں معلوم ہوتاہے کہ وہ صفحہ ہستی سے مساجد کو ختم کردینا چاہتی ہیں اور دوسری جانب بے جا مذہبی بحثوں کے ذریعے فساد کی راہیں ہموار کرنے کا پورا ذمہ اٹھا رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ کشی نگر میں۲۶ سال پرانی مدنی مسجد پر بغیر کسی پیشگی نوٹس بلڈوزر چلا دیا گیا۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مسجد سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ اس کے خلاف مسجد کمیٹی نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی لیا تھا جس کی مدت 8 فروری کو ختم ہوگئی۔ اس سے قبل اس میں توسیع حاصل کی جاتی، 9 فروری کو علی الصباح انتظامیہ بلڈوزر لے کر پہنچ گئی۔ یہی نہیں بلکہ بالاپور میں مسجد، مزار اور قبرستان سمیت 12 عمارتوں کو منہدم کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے ان‌تمام کو غیر قانونی کہتے ہوئے اپنا دامن تو جھاڑ لیا مگر انصاف پر کئی سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے ہیں۔ اسی طرح پورے ملک میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو مسمار کرنے کی حتی الامکان کوششیں کی جارہی ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ اس جمہوری ملک میں مذہبی آزادی اور احترام جس کی مالا جپتے ہوئے اور دستور کا سہارا لیتے ہوئے یہ سارے کام ہورہے ہیں تو انصاف کا حقیقی تصور اس ملک میں باقی بھی ہے یا نہیں؟ اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے تئیں نفرت کا یہ کونسا درجہ ہے جس میں مذہبی مقامات کی توہین اور ان سے ان کی چھت چھینی جارہی ہے!

دہلی ریلوے اسٹیشن بھگدڑ : درد ناک حادثہ

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر مہاکمبھ میلے میں جارہے لوگوں کی بھیڑ میں بھگدڑ مچنے سے کم و بیش 18جانیں ضائع ہوئی ہیں، اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس پورے معاملے میں مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں حکومت نے جس درجہ بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ افسوسناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس سانحے میں دہلی اسٹیشن پر اچانک بھیڑ کا بڑھ جانا ٹرینوں کی منسوخی کے نتیجے میں تھا۔ اس میں انتظامیہ نے پریاگ راج جانے والی ٹرینوں کو نہ صرف منسوخ کردیا بلکہ مہاکمبھ میلے میں جانے والے مسافروں کی بھاری تعداد کادرست اندازہ لگانے میں بھی مکمل طور پر ناکام رہی۔ احتیاطاً کافی تعداد میں ٹرینوں کا بندوبست ہوتا یا ٹرینیں مقررہ اوقات پر چلتیں تو اتنی جانیں ضائع نہ ہوتیں۔ یہ سراسر حکومت کی ناکامی اور لاپرواہی کا کھلا ثبوت ہے۔حادثے کے بعد سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے اور اعلی سطحی تحقیقات کا اعلان جاری کر دیا گیا ہے۔
دیکھ دجال آزاد ہوئے اور پھولوں کے کیا حال ہوئے!!
گزشتہ ماہ ظہیر آباد تلنگانہ میں ایک انتہائی درد ناک واقعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق 15سالہ’ عالیہ بیگم‘ نے اپنے والد محمد اسماعیل کو بھیڑ کے حملے سے بچانے کی کوشش میں اپنی جان گنوا دی۔
واقعہ کی تفصیلات یوں ہے کہ ’ویرا ریڈی‘ اور ’وجے ریڈی‘نے اسماعیل پر ان کے گھر کے قریب غلاظت ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے حملہ کردیا۔ جھگڑا اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ تقریباً 40 افراد کے مجمعے نے اسماعیل پر حملہ کردیا۔ اپنے والد کو بچانے کے ارادے سے آگے بڑھنے والی عالیہ پر بھی پتھروں سے حملہ کیا گیا۔ جس سے وہ شدید طور پرزخمی ہوگئی۔ علاگ معالجے کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم کچھ دن زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس بے گناہ معصوم نے دم توڑ دیا۔ اس درد ناک واقعے نے انسانیت کو شرمندہ کردیا ہے۔ قوم کی ایک معصوم بیٹی جو اپنے والد کو بچانے کی نیت سے آگے بڑھی تھی، جانوروں نے بے دردی سے کچل ڈالا۔ اب سوال یہ ہے کہ اس واقعہ پر مظلومین کے اہل خانہ کو انصاف کی خاطر کتنا رسوا کیا‌جائے گا؟

عالمی منظرنامہ

سنُقاتلُ الناس بِالحُب!

شہرِ عزیمت سے آئی خوشخبری یعنی جنگ بندی کے بعد خدا کے جیالوں نے یرغمالیوں کو رہا کرتے وقت جو پیغام دیا ہے اس پیغام محبت نے ہر کسی کو دست دعا بلند کرنے پر مجبور کردیا۔ قیدیوں کے تبادلے کے آٹھوں مراحل‌ میں مردان آہن نے قیدیوں کے ساتھ جو احسان کا رویہ اختیار کیے رکھا اس کی گواہی قیدیوں کی رہائی کے وقت وہ مسکراہٹ اور شکریہ کے کلمات ہیں جسے دیکھ کر عالم انسانیت کو ایک بڑا سبق ملا ہے۔
حال ہی میں رہا ہونے والے ایک قیدی نے بڑھ کر اپنے ساتھ کھڑے مرد خدا کی پیشانی چوم لی۔ یہ منظر ہر دیکھنے والی آنکھوں کے دل کو چھو گیا۔ دشمن کے ایک قیدی کی جانب سے جیالوں کی اخلاقی برتری کا یوں ببانگ دہل اعتراف کرنا گویا سبھی کے چہرے کھل اٹھے اور سر فخر سے بلند ہوگئے۔ آنکھیں جیسے اشکبار ہوگئیں۔ یہ ایک بوسہ پورے فلسفے کا خلاصہ ہے۔ یہ ایک بوسہ باطل کی تمام تر کاروائیوں پر بھاری ہے۔ اس حسن سلوک کا یوں سر عام اعتراف انسانیت کے لیے مثال قائم کرگیا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥