مارچ ۲۰۲٥
منجمد خواب

کھڑکی کے پار آسمان پر بادلوں کی چادر تنی ہوئی تھی، اور سورج کی روشنی مدھم پڑ چکی تھی۔ ہوا میں نمی تھی،جیسے بارش کسی بھی لمحے برسنے والی ہو۔ میرا کے سامنے اس کا لنچ باکس کھلاہوا تھا، مگر اس میں رکھے کھانے کی خوشبو بھی اس کی توجہ حاصل نہ کر سکی۔ وہ کہیں دور، سوچوں کے دھندلکے میں کھوئی ہوئی تھی۔
کیفے ٹیریا میں چہل پہل تھی، لوگ اپنی اپنی گفتگوئوں میں مگن تھے، لیکن اس شور میں بھی میرا کے ارد گرد ایک عجیب سی خاموشی بکھری ہوئی تھی۔ سامنے بیٹھ کر سومیہ نے چمچ کو ہلکی سی آواز کے ساتھ ٹیبل پر رکھا اور مسکراتے ہوئے کہا،
’’ہائے میرا! تم بہت گہری سوچ میں ہو، کیا بات ہے؟‘‘
میرا نے چونک کر سومیہ کو دیکھا، جیسے کسی خواب سے واپس آئی ہو!
’’کچھ نہیں، بس… زندگی کی الجھنیں ہیں۔‘‘
’’کرئیر اور شادی کی الجھنیں؟‘‘
سومیہ نے آنکھیں سکیڑتے ہوئے پوچھا-
میرا نے کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے گہری سانس لی۔ بادل اب کچھ اور گہرے ہو چکے تھے۔
’’کرئیر اور شادی تو ٹھیک ہے، لیکن ماں بننے کا سوال مجھے بے چین کر رہا ہے۔ میں ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہوں ، مگر ماں کہتی ہیں کہ 35 سال کے بعد مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ اگر میں نے فیصلہ نہ کیا، تو شاید ہمیشہ کے لیے موقع کھو دوں۔‘‘
سومیہ نے غور سے میرا کی آنکھوں میں جھانکا، جیسے کسی ان کہی داستان کو پڑھنے کی کوشش کر رہی ہو۔
’’پریشان مت ہو! آج کل ٹیکنالوجی بہت ترقی کر چکی ہے۔ کیا تم نے Egg Freezing کے بارے میں سنا ہے؟‘‘
’’کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟‘‘
میرا کی نظریں سوالیہ نشان بن گئیں۔۔
سومیہ نے پانی کے گلاس سے ایک گھونٹ بھرا اور کہنے لگی،
’’یہ ایک جدید طبی طریقہ ہے، جس میں خواتین اپنے بیج جوانی میں محفوظ کر سکتی ہیں تاکہ بعد میں جب وہ ماں بننے کے لیے تیار ہوں، تو ان کا جسمانی وقت ان کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے۔‘‘
کھڑکی کے باہر اچانک پہلی بوند گری، اورجیسے میرا کے چہرے پر امید کی ایک جھلک ابھرآئی ہو۔ وہ سوچ رہی تھی اگر ایسا ممکن ہے، تو وہ اپنے کرئیر پر توجہ بھی دے سکتی ہے اور ماں بننے کا خواب بھی برقرار رکھ سکتی ہے۔
چند دن بعد…
میرا ایک مشہور آئی وی ایف سینٹر (IVF Centre)میں سفید دیواروں والے ایک کمرےمیں ڈاکٹرکےسامنے بیٹھی تھی۔دیوار پر لگے ایکو سونگرافی (echo sonography) کے پوسٹر پر ایک ننھے بچے کی تصویر تھی، جو امید اور زندگی کی علامت لگ رہی تھی۔
Egg Freezing ایک جدید ٹیکنالوجی ہے، تاہم یہ کوئی سو فیصد کامیاب حل نہیں۔ ڈاکٹر نے نرمی سے میرا کو سمجھایا۔
’’یہ آپ کے بیجوں کو بچانے کا ایک طریقہ ضرور ہے، مگر بعد میں ان کے زندہ بچنے کی شرح عمر، صحت، فریزر کے معیار پر منحصر ہوتی ہے‘‘۔
میرا نے ڈاکٹر سے کئی سوالات کیے۔ اور بہت غور و فکر کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ اپنے مستقبل کے ایک حصے کو ضرور محفوظ کرے گی۔
وقت گزرتا گیا…
کرئیر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے باوجود میرا کے اندر ایک جذباتی خلا باقی رہا۔
ایک دن، ایک بین الاقوامی کانفرنس کے دوران، اس کی ملاقات وکرم سے ہوئی۔۔۔۔۔ سنجیدہ مگر ہمدرد شخص، جس کی آنکھوں میں بھی ایک کہانی تھی۔
’’تمہاری آنکھوں میں ایک کہانی ہے،‘‘ وکرم نے کافی کا گھونٹ لیتے ہوئے کہا۔
میرا نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔
’’تمہیں کیسے پتہ؟‘‘
وکرم نے ایک گہری سانس لی۔
’’کیونکہ میں نے بھی ایسا ہی خلا محسوس کیا ہے۔‘‘اس نے بتایا کہ وہ ایک حادثے میں اپنی بیوی اور بچے کو کھو چکا ہے۔ زندگی نے اسے دوسرا موقع دیا تھا، اور شاید میرا بھی کسی ایسے ہی موقع کی تلاش میں تھی۔ پہلے پہل تو وہ دونوں آپس میں صرف اپنی باتیں ہی شئیر کیا کرتے تھے – پھر زندگی کے ساتھی بن کر زندگی بھی شئیر کرنے لگے –
کچھ سال بعد…
بارش کی بوندیں کھڑکی کے شیشے سے ٹکرا کر نیچے پھسل رہی تھیں، جیسے وقت کی نمی، جو گزرنے کے بعد بھی نشان چھوڑ جاتی ہے۔
میرا ڈاکٹر کے کمرے میں بیٹھی باہر کے منظر کو دیکھ رہی تھی، اور اس کے دل کی دھڑکن تیز ہو رہی تھی۔
لیب میں ڈاکٹر اس کے منجمد بیجوں کو پگھلانے کی کوشش میں مصروف تھا۔ ایک ایک لمحہ میرا کے لیے قیامت بن چکا تھا۔ جب ڈاکٹر کمرے میں داخل ہوا، تو اس کے چہرے کی سنجیدگی نے میرا کے اندر طوفان سا برپا کر دیا۔
’’مجھے بے حد افسوس ہے، مسز میرا—‘‘
ڈاکٹر کی آواز گمبھیر تھی۔
’’بیجوں کو محفوظ رکھتے وقت جو فریزنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی تھی، وہ آج کے جدید معیارات کے قریب بھی نہیں تھی۔ بدقسمتی سے، آپ کے بیجوں میں سے کوئی بھی بیج پگھلنے کے عمل سے زندہ نہیں بچ سکا۔‘‘
میرا کے دل میں جیسے ایک بھالا سا اتر گیا – اس کی آنکھوں کے سامنے برسوں کا خواب کرچیاں بن کر بکھر گیا۔ امید کی وہ روشنی، جسے اس نے سینت کر رکھا تھا، دھندلا کر کہیں کھو چکی تھی۔
اگلے چند ہفتے اس کے لیے کسی عذاب سے کم نہ تھے۔ غم کی گہری لہریں اسے اندر سے کھائےجا رہی تھیں۔ ہر لمحہ وہ اپنے فیصلوں، اپنی ترجیحات، اور ٹیکنالوجی کے وعدوں پر خود سے سوال کرتی۔ اسے بار بار یہ احساس ستاتا کہ امید کے بیجوں کو منجمد کرنا کوئی یقینی راستہ نہیں تھا۔۔۔۔بلکہ ایک جوا تھا۔۔۔۔۔ اور ایسا جوا جس میں اس نے نادانستہ طور پر اپنے خوابوں اور مستقبل کی امیدیں لگا دی تھیں۔
زندگی کے اس موڑ پر، جہاں وہ ہمیشہ خود کو مضبوط اور بااختیار سمجھتی تھی، اچانک بے بس محسوس کرنے لگی۔
کھڑکی کے باہر بادل چھٹ چکے تھے، مگر بارش کی بوندیں اب بھی زمین پر بکھری ہوئی تھیں بالکل اس کی امیدوں کی طرح، جو زمین سے مل کر بھی کسی نئے خواب کی کونپل نہیں اگا سکی تھیں۔ اور آنسوؤں کی نمکین بوندیں میرا کے گالوں پر بھی بہہ رہی تھیں – اس نے اپنے آنسو پونچھتے ہوئے آسمان کی طرف دیکھا اور کہا،
’’اے ایشور بس تو ہی مہان ہے‘‘ !

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥