اچھی یونیورسٹیوں میں خصوصاً’ ٹیکنالوجی او رسائنس‘ کے شعبوں میں اپنے ہی ملک میں تعلیم حاصل کرنا والدین اور طلباء دونوںکے لیے خو ش آئند بات ہوتی ہے۔پھر جب یہ بچے مزید تعلیم کے لیے بیرون ممالک کا سفر کرتے ہیں تو نہ صرف اپنے خوابوں کی اور ایک قدم آگے بڑھاتے ہیں بلکہ اپنی برادری و ملک کے لیے بھی ایک دروازہ کھول رہے ہوتے ہیں۔
ہمارے ہندوستانی طلباء جس طرح امریکہ ا ور یورپی تعلیم گاہوں کو اپنی منزل کی طرح دیکھتے ہیں، اسی طرح بنگلہ دیشی و نیپالی طلباء کے لیے ہندوستانی اداروں میں داخلہ لینا اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے۔ یہ طلباء اپنے ساتھ ساتھ اپنے ملک کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو خوشگوار بناتے ہیں ،اور ملکی معیشت میں بھی مضبوطی فراہم کرتے ہیں ۔
والدین بچوں کی بھاری فیس کی ادائیگی کرتے ہیں اور ان کا تحفظ ہمارے حوالے کرتے ہیں۔ ہندوستانی ادارے ہمیشہ سے بیرونی طلباء کے لئے خوشی خوشی اپنے دروازے کھولتے رہےہیں ۔ پر اب ہندوستان اور اس کے ساتھ ساتھ ہندوستانی ادارے بھی بدل رہےہیں۔ نئے ہندوستان میں طلباء اور خصوصی طور پر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے طلباء کی کوئی خاص وقعت نہیں رہی۔بل کہ مشکوک ہوگئے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے تعینات کی گئی پولیس اور دیگر محکمے انہیں اپنا مد مقابل سمجھ بیٹھے ہیں۔ یوں تو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جواہر لعل نہرو کے طلباء اس کو قریب سے محسوس کر چکے ہیں پر حالیہ دنوں میں بھونیشور، اوڈیشہ کے ’کالنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی‘ (KIIT) میں جو ہوا وہ چونکا دینے کے لیے کافی تھا ۔ مذکورہ یونیورسٹی میں نیپالی طالبہ’ پرکرتی لامسال‘ کی خودکشی کا واقعہ ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔
20 سالہ پرکرتی لامسال، جو BTech (کمپیوٹر سائنس) کی تیسرے سال کی طالبہ تھیں، 16 فروری 2025 کو اپنے ہاسٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔ رپورٹس کے مطابق، انہیں ایک ساتھی طالب علم’ ادوک سریواستو ‘ کی جانب سے ہراسانی اور بلیک میلنگ کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ وہاں موجود نیپالی طلباء نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کیمپس انتظامیہ نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں تمام نیپالی طالب علموں کو وہاں سے چلے جانے کو کہا گیا۔‘
نیپالی طلباء کے مطابق خاص طور پر طلباء کو زبردستی ان کے ہاسٹلز سے نکالا گیا، بسوں میں بٹھایا گیا اور ریلوے سٹیشن لے جایا گیا۔
وہاں موجود نیپالی طلبا نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ یونیورسٹی کے عملے سمیت سکیورٹی اہلکار پیر کی شام بھونیشور کے ریلوے سٹیشن اور بس سٹیشنوں اور ہوٹلوں پر پہنچے اور معذرت کر کے طلبا کو واپس ہوسٹل بھیج دیا۔ یہ بھی سامنے آیا کہ اس کے بعد بھونیشور میں بہت سے طلبا اپنے ہاسٹل میں واپس آچکے ہیں، لیکن کچھ پہلے ہی نیپال روانہ ہوچکے تھے۔
دریں اثنا، ایک فیکلٹی ممبر کا نیپالی طلبہ کے متعلق ژینوفوبک (غیر ملکیوں سے نفرت پر مبنی) تبصرہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ فیکلٹی ممبر نے دعویٰ کیا کہ ’کے آئی آئی ٹی‘، ہر سال طلبہ کے طعام پر نیپال کی کل جی ڈی پی سے زیادہ خرچ کرتا ہے۔ فیکلٹی ممبر ویڈیو میں کہتی نظر آئیں، ’’ہم 4ہزار بچوں کو مفت کھانا کھلا رہے ہیں۔ آپ کے ملک کا بجٹ کیا ہے؟‘‘
فیکلٹی ممبر کے اس تبصرے پر یونیورسٹی نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وقتی طور پر غصہ کی وجہ سے انہوں نے تبصرہ کیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے مزید اعلان کیا کہ سیکیوریٹی عملہ کے ۲ ارکان کو برطرف کردیا گیاہے اور ہاسٹل کے ۲ سینئر عہدیداروں اور آئی آر او کے ایک سینئر انتظامی افسر کو بھی معطل کردیا گیا۔
سفارتی تنازعہ
یہ معاملہ نیپال اور بھارت کے درمیان سفارتی تنازعے کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ نیپالی وزیر اعظم ’کے پی شرما اولی‘(KP Sharma Oli) نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو نیپالی حکومت اپنے طلبہ کو بھارت میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت پر نظرثانی کر سکتی ہے۔
اڑیسہ کا یہ کیس ہندوستانی تعلیمی اداروں کی پول کھولنے کے لیے کافی ہے۔ طلباء کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک اور بے مرّوتی اہلکاروں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ امید ہے کہ آئندہ ہمارے تعلیمی ادارے اس واقعے سے سبق لیںگے اور ایسی غلطی نہ دہرائی جائے گی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments