مارچ ۲۰۲٥
قاری کی رائے

 السلام علیکم رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مکرمی ایڈیٹر صاحبہ،
ہادیہ ای میگزین فروری 2025 کے شمارے کا مطالعہ کیا۔ ماشاءاللہ دن بدن نکھار بڑھتا جا رہا ہے۔ ہادیہ سے تعارف اقبال انصاری صاحب کے’ ٹیچر بھرتی گرلز گروپ‘ میں چند ماہ قبل آئی لنک کے ذریعے ہوا تھا۔ تب سے پابندی سے اس میگزین کا مطالعہ کرتی ہوں۔
مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ ہادیہ ای میگزین مارچ 2025 کو اپنے چار سال کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے جا رہا ہے۔ ماشاءاللہ نہایت قلیل مدت میں مذکورہ میگزین نے پوری آب و تاب کے ساتھ یہاں تک کا سفر طے کر لیا ہے۔
یقین جانیےماہ فروری کے شمارے میں عنوانات کی فہرست دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا۔ ہر عنوان اپنی جانب دلکشی اور تجسس لیے ہوئے تھا۔ ایڈیٹر ڈاکٹر ’خان مبشرہ فردوس‘ صاحبہ کی تحریر ’’غزہ : خون شہیداں رنگ لایا !‘‘ دل کو جھنجوڑنے والی، اور دل کی ایمانی کیفیت میں اضافہ کرنے والی ہے۔نیز ’درس قران‘،‘ درس حدیث‘،’ ٹی ٹائم‘، اور خاص طور پر’ عکس ہادیہ‘، ’نگاہیں مساجد پر تشخص نشانے پر‘ ان کالموں کا مطالعہ کرتے وقت علم میں کافی اضافہ ہوا۔’ استقبال رمضان‘ اس مضمون کے ذریعے رمضان المبارک کے استقبال ، رمضان کی آمد اور اس مہینے میں کی جانے والی عبادات کا اعادہ ہوا۔ ’میرا دوست میرا ہادی‘ ، سمیہ بنت عامر خان کا یہ مکالمہ بہت پسند آیا۔ ہر شمارے میں اس طرح کے مکالمے شامل کیے جائیں تو بہتر ہوگا۔ اس طرح کے مکالمے اسکول کے ثقافتی پروگرام میں لینے کے لیے ایک بہت اچھا مجموعہ ہمارے پاس جمع ہو سکتا ہے۔ ’گرلز پلانٹ ‘کے سبھی کالم اپنے عنوان کے تحت اپنے اندر ایک وسیع گہرائی سموئے ہوئے تھے۔ صحت و صلاح میں’ انسومنیا‘ جیسے نفسیاتی مرض کے تعلق سے جو رہنمائی کی گئی ہے وہ صحت کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے والی ہے۔ جس طرح سے ’ہم ہوں گے کامیاب‘ اس عنوان کے تحت دسویں اوربارویں کے امتحانات کی تیاریوں کے تعلق سے جو رہنمایانہ باتیں بتلائی گئی ہیں، اسی طرح دیگر مقابلہ جاتی امتحانات جیسے اسکالرشپ، ٹیچر بھرتی امتحانات، ایم پی ایس سی، یو پی ایس سی، ریلوے بورڈ، پولیس بھرتی اور دیگر امتحانات کے تعلق سے بھی ہر ماہ رہنمایانہ کالم شائع کیے جائیں تو نوازش ہوگی۔
’ای استاد ‘کالم میں سب ایڈیٹر ’زہرہ فاطمہ‘ صاحبہ نے آن لائن ارننگ کے ذرائع کی جو قسط وار قیمتی معلومات فراہم کی ہیں وہ یقینا قابل قدر ہیں۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ جہاں انسانوں کے فائدے کے لیے تیار کیے گئے تھے وہیں ان سے آج بہت سارے نقصانات بھی ہو رہے ہیں۔ بہت سارے جرم سرزد ہو رہے ہیں، بہت ساری گمراہیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ اگر استاد اس کالم کے ذریعے ایسے مہلک خطرات کی نشاندہی اور ان سے بچنے کے طریقے پہلے ہی سکھلا دیے جائیں تو یہ ہماری مسلم خواتین اور لڑکیوں کے لیے باعث رحمت ہوگا۔ میری اس ناقص رائے پر ضرور غور کیا جائے۔ موبائل فون یا انٹرنیٹ کے خطرات و خدشات اور ان سے بچاؤ کی تدابیر اس عنوان کے تحت ایک سیریز کئی مہینوں تک چلائی جا سکتی ہے۔
میں معلمہ ہوں اس لحاظ سے’ معمار جہاں تو ہے‘ میں ’اپنے بچوں کو اردو سکھائیے!‘ یہ مضمون مجھے بہت پسند آیا۔ ساتھ ہی ’ہم ایک بنیں گے نیک بنیں گے‘، یہ مضمون بھی بطور خاص ہم جیسے اساتذہ کے لیے رہنمائی کرنے والا ہے۔
خواتین کی اس میگزین میں بچوں کے صفحات بھی رکھے گئے ہیں یہ دیکھ کر بھی خوشی دوبالا ہوئی جاتی ہے۔ اس طرح سے اس میگزین میں سمندر کو کوزے میں بند کرنے کوشش نظر آتی ہے۔
آخر میں عالمی شہرت یافتہ شاعرہ’ لتا حیا ‘صاحبہ کے اس شعر کو ہادیہ میگزین کی نظر کرتے ہوئے میں اپنے خیالات و تاثرات کا اختتام کرتی ہوں،

 دم ٹھوک کر کہا ہے کہ اردو سے عشق ہے
اتنی وفا زباں سے کوئی کیا نبھائے گا
کیا کیا نہیں کہا گیا مجھ کو حیا مگر
میں منتظر تھی وقت حقیقت دکھائے گا۔

والسلام

وعلیکم السلام ورحمتہ اللّٰہ وبرکاتہ
سسٹر، ہمیں بے حد خوشی ہے کہ آپ نے تفصیل سے ھادیہ کو پڑھا اور اپنی رائےکا اظہار کیا ۔
ھادیہ ٹیم ہمیشہ سنجیدہ قارئین کی قدردانی کرتی ہے۔ آپ اپنے اسکول اور دیگر مقامات پر اس میگزین کو متعارف کرواتی رہیں ۔
ھادیہ میگزین کا مقصد خواتین میں متوقعہ تبدیلی ہے۔ اس کار خیر میں آپ بھی شریک ہیں الحمدللہ ۔
شکرا جزیلا

 ایڈیٹر ھادیہ ای ۔میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲٥