خوشی اور مسرت کا شائستگی سے اظہار اور اسلامی اقدار کے حسین مظہر کا نام عید ہے۔ اسلامی تہذیب کی بنیاد ایمان، اخلاق، مساوات اور رحم پر ہے، عید انہی اعلی اقدار کا عملی اظہار ہے۔ رمضان کے روزوں، تقویٰ کی افزائش اور ضبط نفس کی مشق کے بعد خوشی اور مسرت کے اظہار کے لیے عید کا دن خدا کی جانب سے بخشا ہوا خاص انعام ہے، جس میں خدا کے بتائے ہوئے معتدل اور شائستہ طریقے سے بندۂ خدا خوشی و مسرت کا اظہار کرتا ہے۔
مومن کی ساری زندگی اطاعت و رضا پر مبنی ہوتی ہے اور رمضان کا مکمل ایک ماہ اسی اطاعت کی تربیت میں بسر ہوتا ہے، لہذا خوشی ومسرت کے اظہار میں بھی خدا کی اطاعت و رضا کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔ خوشی میں لہو لعب، زیبائش میں تکبر اور تفریح میں غفلت سے پرہیز کیا جاتا ہے۔
عید کے دن کا اولین عمل: تکبیر وشکر
اسلام میں عید کسی فرد کی پیدائش یا تاریخی واقعے کی یادگار نہیں، بلکہ اللہ کی بندگی اور اس کے احکام کے ایک مرحلہ کی تکمیل پر خوشی کا اظہار ہے، اس لیے اس خوشی کے اظہار کا اولین تقاضہ ہے کہ سب سے پہلے اس معبود حقیقی کی کبریائی اور شکر بجا لایا جائے، جس کی اطاعت اور جس سے تعلق مضبوط کرنے کی پورے ایک ماہ مشق کی گئی ہے اور اس کے بدلے خوب انعامات اور عظیم کامیابیوں کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اسی ماہ رہنمائی اور تربیت کا بیش بہا تحفہ قران کی صورت میں مومنین کو بخشا گیا ہے، لہذا ایک اطاعت گزار مومن کا دل عید کی اولین ساعتوں میں فطری طور پر شکر و سپاس میں اپنے معبود برحق کے آگے جھک جائے گا اور ہر لمحہ یہ شکر گزاری مستحضر رہے گی۔ مہینہ بھر اطاعت کی مشق کرنے والا بندہ خوشی کے اظہار میں ناپسندیدہ لہو و لعب اور نمائش و دکھاوے کا ارتکاب نہیں کرسکتا۔
اللہ کا حکم ہے:
ولِتُكْمِلُوا الْعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُوا اللهَ عَلى مَا هَدْكُمْ وَلَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوُنَ. (البقرۃ: 185)
تاكہ تم روزوں کی تعداد پورى كر سكو اور اللہ نے جو ہدایت تمھیں بخشی ہے، اس پر اس کی كبريائی كا اظہار واعتراف كرو اور شكر گزار بنو۔
عید گاہ جاتے وقت اللہ اکبر کی صدائیں اور نماز میں زائد تکبیریں نہ صرف فرد کے غرور و انا کو زائل کردیتی ہیں، بلکہ ساری انسانیت کو خدائے بزرگ و برتر کی کبریائی کے اعتراف کی دعوت دیتی ہیں۔
منظم اجتماعیت کا منظر
عید کے دن ہزاروں لاکھوں مسلمان نماز عید کے لیے صبح صبح نکلتے ہیں، ایک جگہ مجتمع ہوتے ہیں، خطبۂ عید سنا جاتا ہے۔ نہایت منظم انداز میں اتنا بڑا مجمع، جس میں بچے بھی ہیں اور خواتین بھی، سب ایک امام کے پیچھے صف در صف خدا کے حضور سجدہ ریز ہیں۔ کوئی شورو غوغا نہیں، celebration میں کسی قسم کی بے ہودگی، ناشائستگی یا بے حیائی کا شائبہ تک نہیں۔ خدا کے بتائے ہوئے مہذب طریقے سے شکر گزاری اور مسرت کا اتنا خوبصورت اور منظم و منضبط منظر کسی اور تہذیب میں نظر نہیں آتا۔
عید مساوات اور انصاف کا درس ہے
عید محض ایک خوشی کا تہوار نہیں، بلکہ عدل و مساوات کا عملی اعلان ہے۔ نماز عید میں ایک ہی صف میں امیر وغریب اور حکمران و خادم کا کھڑا ہونا اسلام کے نظریہ مساوات کو زندہ اور نمایاں کرتا ہے، جس میں کسی نسل، قوم یا طبقہ کی برتری تسلیم نہیں کی جاتی۔ اسلام نے خواتین کی حیثیت کو نظر انداز نہیں کیا، بلکہ اس کو معاشرے کا فعال رکن قرار دیا۔ عید جیسی اجتماعی شعار میں عورت کو شرکت کی تلقین ان کی عزت و وقار کا اظہار ہے۔
ام عطیہ سے مروی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ہمیں عید کے دن عید گاہ جانے کا حکم تھا۔ کنواری لڑکیاں اور حائضہ عورتیں بھی پردہ میں باہر آتیں تھیں۔ یہ سب مردوں کے پیچھے پردے میں رہتیں۔ جب مرد تکبیر کہتے تو یہ بھی کہتیں، جب مرد دعائیں کرتے تو یہ بھی کرتیں۔ اس دن کی برکت اور پاکیزگی حاصل کرنے کی امید کرتیں۔ (بخاری)
اسلام اجتماعی و انفرادی خوشی میں عورتوں کو حیا اور وقار کے دائرے میں رکھتے ہوئے برابر کا مقام دیتا ہے۔
ابن عباس سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی نماز پڑھائی، پھر خطبہ دیا، پھر عورتوں کی طرف آئے اور انھیں نصیحت فرمائی اور صدقہ کا حکم دیا۔
عید کے دن عورتوں کی طرف خصوصی توجہ اور ان کو الگ سے مخاطب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مردوں کے ساتھ صرف ضمنی مخاطب نہیں ہیں، بلکہ وہ شعور رکھنے والی با اختیار ہستیاں ہیں، عید کے مبارک دن ان سے خطاب کرکے انھیں اعزاز بخشا گیا۔
عید میں اخوت اور صلہ رحمی کا پیغام
عید کے مقاصد میں سے ایک یہ بھی ہے کہ غریبوں اور محروموں کو اس خوشی میں شامل کیا جائے۔ ضرورت مندوںں کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کرکے جشن کے نام پر صرف خود پر بے جا پیسے اڑانے کی خود غرضانہ روش کو اسلام سخت ناپسند کرتا ہے۔ رمضان میں مشق کے ذریعہ مومننین کے قلوب میں نرم دلی، ہم دردی اور غم خواری جیسے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔ لہذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقۂ فطر ایک صاع کھجور یا ایک صاع جو فرض قرار دیا تھا، غلام، آزاد، عورت، مرد، چھوٹے، بڑے تمام مسلمانوں پر۔ نماز عید کے لیے جانے سے پہلے یہ صدقہ ادا کردیا جائے۔ اس لیے کہ خوشی میں اپنے محروم بھائیوں کی امداد اخوت و محبت کے فروغ کا عظیم پیغام ہے۔
عید کے دن جائز تفریح کی اجازت
اسلام دین فطرت ہے۔ وہ انسان کی فطری ضروریات کا انکار نہیں کرتا، لیکن انھیں حدود الٰہی میں رکھتا ہے اور عید کی خوشی میں جائز تفریح سے منع نہیں کرتا ہے، کیوں کہ نفس کو عبادت کے ساتھ ساتھ راحت بھی درکار ہوتی ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کے دن حضرت عائشہ کی خواہش کے پیش نظر حبشیوں کے کرتب کا مشاہدہ کروایا تھا۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ عید کا دن تھا۔ حبشہ سے کچھ لوگ ڈھالوں اور برچھیوں سے کھیل رہے تھے۔ اب یا خود میں نے کہا یا نبی اصلی اللہ علیہ وسلم نے کہا کہ کیا کھیل دیکھو گی۔ میں نے کہا: جی ہاں! پھر آپ نے مجھے اپنے پیچھے کھڑا کیا۔ میرا رخسار آپ کے رخسار پر تھا اور آپ فرما رہے تھے: کھیلو کھیلو اے بنی ارفدہ! (یہ حبشہ کے لوگوں کا لقب تھا) پھر میں جب تھک گئی، آپ نے فرمایا: بس! میں نے کہا: ہاں! تو آپ نے کہا جاؤ۔ (بخاری)
نبی کی مصروف ترین شخصیت جس پر نبوت کی گراں بار ذمہ داری ہے، عید جیسے مصروف دن میں آپ نے افراد خانہ کے ساتھ ایسے خوشگوار انداز میں عید منائی، نوعمر زوجہ کے لطیف جذبات کا خیال کیا اور اس کو اتنی اہمیت دی کہ ان کے محظوظ ہونے تک آڑ کیے ٹھہرے رہے۔ یعنی گھر میں خوشگور ماحول پیدا کرنا، افراد خانہ کا ایک دوسرے کے شوق اور طبیعتوں کا خیال رکھنا عین سنت نبوی ہے۔ عید ہی کے دن آپ نے حضرت عائشہ کے پاس بیٹھی بچیوں کو گانے کی اجازت مرحمت فرمائی۔
اسلام سختی نہیں، بلکہ اعتدال سکھاتا ہے۔ خوشی کے موقعہ پر دوست و احباب کا ملنا، مبارکباد دینا، ہنسنا بولنا اور محبت و خوش اخلاقی جائز رشتوں کو مضبوط کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ اسلام نے صرف ایسی تفریحات کی اجازت دی ہے، جو باوقار ہوں۔ وہ ایسی تفریحات کی اجازت نہیں دیتا، جس سے انسان غفلت یا بے راہ روی کا شکار ہو۔ عید کسی بے قید تفریح کا نام نہیں، بلکہ اس مسرت و طمانیت کا نام ہے، جو خدا کی اطاعت کے بعد حاصل ہوتی ہے۔ وہ خوشی جو اللہ کی یاد سے غافل کردے، وہ خوشی نہیں بلکہ گمراہی ہے، چاہے وہ عید کی شکل میں کیوں نہ ہو۔ عید اطاعت سے نکلنے یا رمضان کی عبادت کے بعد بے قید تفریح کا نام نہیں ہے، بلکہ ایک اطاعت کے بعد ہمیشہ اطاعت کے عزم کا نام ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments