ہندوستان میں مشترکہ تہذیب کی بنیادیں

ہندوستان قدیم زمانے سے ہی بیرونی اقوام کی آماج گاہ رہا ہے ۔اس خطے میں دنیا کی مختلف اقوام آئیں اور یہیں آباد ہو کر رہ گئیں ۔ آرین ، یونانی، شک، ہون ، کشان مختلف ادوار میں یہاں آئے اور اس خطے کو اپنا مسکن بنایا ۔ یہ قومیں یہاں کے معاشرے میں اس طرح گھل مل گئی کہ اب ان کی علاحدہ شناخت کا پتہ لگا پانا مشکل ہے ۔ دنیا کی دیگر اقوام کی طرح ہی ہندوستان کے ساتھ عربوں کے تعلقات قدیم زمانے سے رہے ہیں۔ جزیرۃ العرب میں اسلام کی آمد سے پہلے ہندوستان کے جنوبی ساحلوں پر عرب تاجروں کی آمد و رفت جاری تھی۔جنوب میں ان کی تجارت راس کماری سے لے کر مدراس کے ساحلوں تک پھیلی ہوئی تھی۔عربوں کے بحری تجارتی راستوں کا احوال تاریخ کی قدیم مستند کتابیں میں تفصیل کے ساتھ موجود ہے۔اس ضمن میں سید سلیمان ندوی
( 1884-1953) کی کتاب ’عرب ہند کے تعلقات‘ بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ اس میں قدیم ماخذوں سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ اسلام کی آمد سے کئی صدی پہلے اہل ہند سے عرب اور فارس کے تعلقات کافی گہرے تھے۔سید سلیمان ندوی کے مطابق عرب تاجر مصر و شام کے شہروں سے چل کر خشکی کے راستے بحر احمر (ریڈ سی )
کے کنارے کنارے حجاز کو طے کرکے یمن تک پہنچتے تھے اور وہاں سے بادبانی کشتیوں پر بیٹھ کر کچھ تو افریقہ اور حبشہ کی طرف چلے جاتے تھے اور کچھ وہیں سے سمندر کے کنارے کنارے
حضر موت، عمان، بحرین اور عراق کے کناروں کو طے کرتے ہوئے خلیج فارس کے ایرانی ساحلوں سے گزر کر یا تو بلوچستان کی بندرگاہ دیبل (کراچی) چلے آتے یا آگے بڑھ کر گجرات کا ٹھیا واڑ کی بندر گاہ تھانہ ( ممبئی) کھمبایت چلے جاتے تھے ۔پھر اور آگے بڑھتے ہوئے سمندر کے ہی راستے کالی کٹ، راس کماری پہنچتے اور پھر کبھی مدراس کے کنارے ٹھہرتے تھے اور کبھی سراندیپ ، انڈمان ہو کر پھر سیدھے۔ مدراس کی مختلف بندر گاہوں پر چکر لگاتے ہوئے خلیج بنگال میں داخل ہو جاتے۔بنگال کی ایک دو بندر گاہوں کو دیکھتے ہوئے برما اور سیام (تھائی لینڈ ) ہوکر چین چلے جاتے تھے اور پھر اسی راستے سے لوٹ آتے تھے(1) ان بحری سفروں میں ہندوستان میں پیدا ہونے والی ایسی اشیاء کی تجارت ہوتی تھی جس کی مانگ عرب کے بازاروں میں تھی۔ان اشیاء میں مختلف قسم کے مسالوں کے علاوہ موتی، جواہرات، خوشبوئیں، دوائیں، مٹی چینی کے برتن، ہتھیار، زہر، سوتی کپڑے اور یہاں پائے جانے والے جانور شامل تھے۔اسلام سے پہلے عربوں کے تجارتی تعلقات صدیوں پر محیط تھے۔یہاں یہ بات ملحوظ رہے کہ عربوں کی آمد سے پہلے اس ملک کا کوئی نام نہیں تھا۔ملک کا کوئی متحدہ تصور بھی موجود نہیں تھا۔یہاں کے خطے اپنے صوبے کے ناموں سےجانے جاتے تھے۔ہر ریاست کا نام اس کی راجدھانی کے نام سے مشہور تھا۔اہل فارس نے جب اس ملک کے ایک صوبے پر قبضہ کیا تو اس دریا کا نام جسے دریائے سندھ کہتے ہیں اور جس کا نام عربوں کی زبان میں مہران ہے ’ہندھو‘ رکھا۔قدیم ایرانی زبان اور سنسکرت میں ’ س‘ اور ’ہ‘ آپس میں بدل جایا کرتے ہیں ، اس کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔اس لیے فارس والوں نے اس کو ’ ہندھو‘ کہہ کر پکارا اور اس سے ملک کا نام ہندو پڑ گیا۔عربوں نے جو سندھ کے علاوہ دوسرے شہروں سے بھی واقف تھے، سندھ کو سندھ ہی کہا ۔لیکن اس کے علاوہ انھوں نے ہندوستان کے دوسرے شہروں کو’ ہند ‘
کے نام سے پکارا ۔آخر یہی نام دنیا میں مختلف صورتوں میں پھیل گیا ۔
اس نام کی مختلف صورتیں ہو کر تمام دنیا میں مشہور ہو گئیں۔یہ حیرت انگیز بات ہے کہ’ ہند ‘ لفظ عربوں کو ایسا پیارا معلوم ہوا کہ انھوں نے ملک کے نام پر اپنی عورتوں کے نام رکھے۔چنانچہ عربی شاعری میں اس نام کی وہی حیثیت ہے جو فارسی شاعری میں لیلیٰ اور شیریں کو حاصل ہے۔(2)تجارتی سرگرمیوں کے علاوہ ساحلی علاقوں سے عربوں کا گہرا سماجی تعلق تھا کہ انھوںنے اس ملک کو ایک نام دیا ’ ہند ‘ جو بعد میں ہندوستان ہو گیا ۔یہی نام اس خطے کی پہچان بن گیا ۔یہ بات تاریخ سے ثابت شدہ ہے کہ قدیم زمانے میں اس ملک کا ایسا کوئی نام نہیں تھا جس کا اطلاق تمام خطوں پر ہوتا ہو۔جہاں تک ’ آریہ ورت ‘ کا تعلق ہے تو اس کا اطلاق صرف بعض شمالی خطوں تک محدود تھا جو آریوں کی آماج گاہ رہا۔اس ملک اور اس میں بسنے والے افراد کو ایک نام دینے والے اہل عرب اور فارس تھے۔انھوں نے ہی اس ملک کو نام کے ساتھ شناخت بخشی ۔

ابتدائے اسلام میں ہندوستان سے رشتے

اسلام سے کافی پہلے عرب اور فارس ( ایران ) سے ہندوستان کے گہرے روابط تھے۔یہ تجارتی ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی اور تہذیبی بھی تھے۔چونکہ عربوں میں بھی بت پرستی رائج تھی۔فارس میں آتش پرستی کا زور تھا۔چنانچہ بت پرستی کا گہوا، رہ کہے جانے والے ہندوستان سے ان کی ہم آہنگی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ جزیرۃ العرب اور فارس میں اسلام کے پھیلنے سے بت پرستی کا خاتمہ ہو گیا، لیکن عرب تاجروں کے تعلقات اہل ہند سے برقرار رہے۔ ساحلی علاقوں میں ان کی تجارتی سرگرمیاں پہلے کی طرح جاری رہیں۔ اب جو عرب ہندوستان آئے وہ اپنے ساتھ اسلام کی روشنی لائے اور لوگوں کو ایک نئی تہذیب سے روشناس کرایا۔ یہ گمراہ کن بیانیہ ( جو کافی بعد میں گڑھا گیا ) کہ مسلمان ایک حملہ آور کے روپ میں ہندوستان آئے، نہ صرف تاریخی طور پر غلط ہے بلکہ تاریخ کو مسخ کرنے والا بھی ہے۔ اس میں تبدیلی یہ واقع ہوئی کہ جب عرب بت پرست تھے تو بت پرستی کے عقیدے کے ساتھ یہاں آتے رہے ، جب انھوں نے اسلام قبول کر لیا تو وہ اسلامی عقیدے کے ساتھ یہاں آنے لگے۔ لیکن ان کے تجارتی اور سماجی تعلقات میں کوئی فرق نہیں آیا، بلکہ اسلام کے اثرات ساحلی علاقوں پر نمایاں ہونے لگے۔ مسلم عربوں کی آمد و رفت اور مقامی آبادیوں سے میل جول پر اسلام کے جو اثرات مرتب ہوئے وہ فطری تھے۔ جب دو قوموں کے درمیان میل جول بڑھتا ہے تو وہ ایک دوسرے سے اثر قبول کرتی ہیں۔ اسلام چونکہ ایک تازہ دم مذہب تھا، اس کی تعلیمات انسانی اقدار پر مبنی تھیں، اس کا سماجی نظام عدل پر قائم تھا، لہٰذا ساحلی علاقوں کے باشندوں نے اس کا خیر مقدم کیا۔ بالخصوص جنوبی ساحلی علاقوں میں اسلام کا پھیلاؤ عرب تاجروں کے ذریعے پہلے سے بنے سماجی رابطوں کی بنیاد پر ہوا۔اس تاریخی عمل میں کسی عسکری مہم کا کہیں کوئی ثبوت نہیں ملتا ہے۔ یہ میل جول پوری طرح سماجی ، عوامی اور انفرادی نوعیت کا تھا۔ ساحلی آبادی میں اسلام کے پھلاؤ نے ایک نئے معاشرے کو جنم دیا۔ دور اول کے یہ مسلمان جنوبی ساحلوں پر آباد آج بھی مستقل شناخت رکھتے ہیں۔ اسلام کے دور اول سے ہی ہندوستان میں مسجد اور اسلامی اوقاف قائم ہونے لگے تھے۔ ہندوستان میں اسلام جتنا قدیم ہے اوقاف کی تاریخ بھی اتنا ہی پرانی ہے۔ اگرچہ برصغیر کے تقریباً ہر حصے میں دور اول سے اوقاف قائم ہونے لگے تھے، تاہم ہندوستان کے سب سے قدیم اوقاف شمالی ہند کے بجائے کیرالہ کے ساحلی علاقے مالابار میں وجود میں آئے۔ کیرالہ کے کوڈنگلور(Kodungallur) کی مسجد کو ہندوستان کی سب سے پرانی مسجد کہا جاتا ہے۔ بعض لوگ تو اسے دنیا کی دوسری قدیم ترین مسجد تک قرار دیتے ہیں۔ اسے ’ چیرامن پیرومل جامع مسجد‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مسجد مالابار کے اس بادشاہ کی طرف اشارہ ہے جس نے اسلام قبول کیا اور پیغمبر اسلامؐ سے ملاقات کرنے کے لیے عرب کا سفر کیا تھا۔ بادشاہ کی درخواست پر مالک بن دینار تقریباً دو درجن رفقاء کے ساتھ، جن میں کئی جلیل القدر علما شامل تھے، مالابار آئے اور انھوں نے اس خطے میں متعدد مساجد تعمیر کیں۔ کیرلا کے مالا بار میں کم از کم دس مساجد ایسی ہیں جو مالک بن دینار اور ان کے ساتھیوں سے منسوب کی جاتی ہیں۔(3)
ابتدا سے ہی مسلمان یہاں آباد رہے۔ یہ یہاں کی وسیع تر آبادی کا نا قابل تقسیم حصہ ہے۔ جنوب کے مقابلے شمالی حصے میں مسلمانوں کے پھیلاؤ میں اثر پذیری زیادہ نظر آتی ہے۔ شمالی خطوں میں مسلمانوں نے یہاں کے رسم و رواج، مذہبی عقائد، علوم، رہن سہن اور ذہنی معیار کو سمجھنے کی سنجیدہ کوششیں کیں۔ یہ کوششیں اعلیٰ علمی سطح پر بھی کی گئیں۔ ہمارے پاس ایک ہزار سال پہلے کے ہندوستان کی تحریری تصویر موجود ہے۔ ابو ریحان البرونی(973-1048) پہلا مؤرخ ہے جس نے اس ملک کے سماجی، مذہبی، نفسیاتی اور اخلاقی حالات کو قلم بند کیا ہے ۔اس کی مشہور تصنیف ’ کتاب الہند ‘ میں ایک ہزار برس پہلے کے ہندوستان کی جو تصویر کشی کی گئی ہے ، وہ اتنی حقیقی اور معروضی ہے کہ اس کا عکس آج کے ہندوستان پر نظر آتا ہے۔ البرونی لکھتا ہے :
’’ہندو ، مذہب کے معاملے میں ہم سے کلی مغایرت رکھتے ہیں۔ نہ ہم کسی ایسی چیز کا اقرار کرتے ہیں جو ان کے یہاں مانی جاتی ہے اور نہ وہ ہمارے یہاں کی کسی چیز کو تسلیم کرتے ہیں۔ غیروں کو تو یہ لوگ’ ملیچھ‘ یعنی ناپاک سمجھتے ہیں ۔اس وجہ سے ان سے ملنا جلنا، شادی بیاہ کرنا ان کے قریب جانا، ساتھ بیٹھنا اور ساتھ کھانا پینا جائز نہیں سمجھتے۔ یہ ایسی حالت ہے جو ہر رشتے کو توڑ دیتی ہے اور پوری طرح سے منقطع کر دیتی ہے۔‘‘ (4)
اس وقت کے ہندوستانی سماج کی ذہنی اور اخلاقی حالت کی عکاسی کرتا ہوا لکھتا ہے : ’’ قطع تعلق کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ یہ لوگ رسم و عادت میں بچوں کو ہم سے اور ہماری ہئیت و لباس وغیرہ سے ڈراتے ہیں اور ہم کو شیطان کی طرف منسوب کرتے ہیں۔‘‘ (5)
البرونی نے کتاب الہند میں اس وقت ، کے ہندوستانی سماج کا گہرائی سے تجزیہ کیا ہے۔ اس تجزیہ کا قابل ذکر پہلو یہ ہے کہ ایک ہزار سال بعد بھی اس میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آتی۔ وہ سماج میں پائی جانے والی تنگ نظری، جہالت، خود پسندی، تعصب، تکبر اور عصبیت کا تفصیل کے ساتھ ذکر کرتا ہے۔البرونی افسوس کے ساتھ لکھتا ہے کہ ہندوستانی معاشرے کے بارے میں کچھ باتیں لکھنا گویا ایک طرح سے ان کی ہجو کرنا ہے۔لیکن وہ ان کے اخلاق میں سمائے ہوئے ہیں اور کسی سے مخفی نہیں ہے اور حماقت ایسی بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ ان لوگوں کا اعتقاد یہ ہے کہ ملک ہے تو ان کا ملک، انسان ہیں تو ان کی قوم کے لوگ، بادشاہ ہیں تو ان کے بادشاہ، دین ہے تو وہی جو ان کا مذہب ہے اور علم ہے تو وہ جو ان کے پاس ہے۔اس لیے یہ لوگ اپنے بارے میں بہت تعلی کرتے ہیں اور جو تھوڑا سا علم ان کے پاس ہے اس کو بہت سمجھتے ہیں اور خود پسندی میں مبتلا ہو کر جاہل رہ جاتے ہیں۔ جو کچھ جانتے ہیں دوسروں کو بتلانے میں بخل کرنا اور غیر قوم والے درکنار خود اپنی قوم کے لوگوں سے بھی شدت کے ساتھ چھپانا ان کی سرشت میں داخل ہے۔ اس کے علاوہ وہ ان کے گمان میں بھی نہیں ہے کہ دنیا میں ان کے شہروں کے سوا دوسرے شہر اور ان کے باشندوں کے سوا بھی دوسری جگہ بھی انسان ہیں اور ان کے ماسوا دوسرے لوگوں کے پاس بھی علم ہے۔(6) ان منفی حالات کے با وجود ہندو اور مسلمانوں کے درمیان دوریاں بہت عرصے تک قائم نہ رک سکیں۔ میل جول بڑھنے لگا۔ رفتہ رفتہ ایک ایسا سماج وجود میں آنے لگا جہاں ہندو مسلم ساتھ ساتھ رہ سکیں۔ خاص طور پر نچلے طبقے کے لوگوں کو اسلام اور مسلمانوں نے بہت متاثر کیا۔ مشہور مؤرخ ڈاکٹر تارا چند (1973 1888-) کا خیال ہے کہ اسلام نے بتدریج ہندوستانی سماج پر اپنے اثرات ڈالنے کا کام کیا۔ ڈاکٹر تارا چند کے مطابق ’’ جو مسلمان هندوستان میں آئے انھوں نے اس کو اپنا وطن بنا لیا۔ ان کے چاروں طرف ہندو تھے اس لیے ان کو ان لوگوں سے دائمی خصومت رکھنا نا ممکن تھا، چنانچہ با همی تعلقات نے ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد دی۔ بہت سے نو مسلم اپنے غیر مسلم خویش و اقارب سے بہت کم مختلف تھے۔ اس طرح فتح کے پہلے جھٹکے کے بعد ہندو اور مسلمان ایک درمیانی راه ڈھونڈنے پر آمادہ ہوئے جس کی بنا پر وہ بطور همسایه کے زندگی گزار سکیں۔ ایک نئی زندگی کی جست جو ایک نئے تمدن کی ترقی کی طرف لے گئی جو نہ تو بالکل ہند و تمدن تھا اور نه خالص اسلامی۔(7) حقیقی معنوں میں یہیں سے ایک ہندوستانی مشترکہ تہذیب کی شروعات ہوتی ہے۔ اس کی بنیاد میں ہم آہنگی، تحمل اور باہمی احترام کا خمیر شامل تھا۔ اس بنیاد پر جو عمارت تعمیر ہوئی اس نے مستقبل کے نئے امکانات روشن کر دئے۔ ڈاکٹر تارا چند اس دور کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ہندوستانی تمدن اپنے مزاج کے اعتبار سے ایک مخلوط تمدن ہے جس کا خمیر مختلف قسم کے افکار و نظریات سے اٹھایا گیا ہے۔ هندوستانی زندگی شروع ہی سے امتزاجی خصوصیت کی حامل چلی آ رہی ہے۔ تاریخ کی ابتدا سے یہ ملک مختلف تہذیبوں کی آماجگاہ رہا ہے۔ هندوستان کے شمال مشرق دروازوں سے تارکین وطن کے غول کے غول اور فاتح افواج آتی رہیں اور سیلاب کی طرح اگر ایک طرف اپنے ساتھ تباهی و بربادی لائیں تو دوسری طرف ایسے قیمتی جواھر بھی بہا کر لے آئیں، جنھوں نے اس سر زمین کو قوت و طاقت سے مالا مال کیا اور اس کی آغوش میں زیادہ تنومند اور توانا اور زیادہ ترقی یافته تہذیبی ابھرتی رہیں۔(8)
مسلمانوں نے ہندوستان میں اخوت، مساوات، انسانیت اور ہمدردی کی بنیاد پر مبنی ایک ایسے معاشرے کی بنیاد ڈالی جس میں تمام مذاہب اور طبقات کی سمائی تھی۔ اسلام کی آفاقی تعلیمات نے یہاں کے گٹھن بھرے معاشرے کو ایک تازہ ہوا کا احساس کرایا۔ مسلمانوں کے دل اور دروازے دونوں عام لوگوں کے کھلے تھے۔ بھید بھاؤ اور اونچ نیچ سے پاک ایک نئے سماج نے نئے دور کی تشکیل کی۔

صوفیاء کرام کی خدمات

ہندوستان کی عوام کو زمینی سطح پر ایک دوسرے کے قریب لانے میں صوفیاء کرام نے اہم کردار ادا کیا۔ ایوان اقتدار سے دور صوفیاء کرام نے عوام کے درمیان رہ کر انسانیت، اخوت اور مساوات کا درس دیا۔ ان کا کام کسی کا مذہب تبدیل کرانا نہیں تھا۔ مستند تاریخ میں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملتا کہ کسی صوفی نے کسی غیر مسلم کا مذہب تبدیل کرایا ہو۔ ان کا کام انسان کو اچھا بنانا تھا خواہ اس کا تعلق کسی مذہب یا ذات سے ہو۔ ذات پات پر مبنی ہندوستانی سماج میں یہ بالکل انوکھی بات تھی۔ خدا کے سامنے سب انسان برابر ہیں۔ دنیا کا سب سے بڑا مذہب انسانیت ہے اور یہ کہ خدا ہر شئے میں جلوہ گر ہے۔ خانقاہوں اور درگاہوں کی آسان سی تعلیمات نے عوام کے دلوں میں سکون و راحت کی ایک کیفیت پیدا کر دی۔ بھید بھاؤ کا شکار نچلے طبقے کے عوام یہ کبھی تصور نہیں کر سکتے تھے کہ ان کو کبھی برابری کے درجہ ملے گا، ان کو گلے لگایا جائے گا، وہ ایک دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا کھا سکیں گے۔ صوفیاء نے عمل کرکے دکھا دیا کہ ہندوستان جیسے ملک میں مساوات کس طرح سے قائم کی جا سکتی ہے۔ محروم طبقے کی دلجوئی اور غریب پروری سے ہندوستانی سماج میں بنیادی تبدیلی آنی شروع ہو گئی۔ یہ غریب پروری کا ہی نتیجہ تھا کہ خواجہ معین الدین چشتی کو ’غریب نواز ‘ کہا جانے لگا۔ کسی نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی سے ایک بار سوال کیا کہ اللہ تعالیٰ کی بہترین عبادت کیا ہے ؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ بے سہارا لوگوں کی فریاد رسی،بے کسوں کی حاجت روائی، بھوکوں کو پیٹ بھر کھانا کھلانا۔(9) صوفیاء کا سب سے بڑا کام خدمت خلق تھا۔ وہ اس کو اپنی عبادت تصور کرتے تھے۔ صوفیاء کی فکر کا دوسرا اہم پہلو یہ تھا کہ انسان کو اپنے افکار اور اعمال میں اللہ تعالیٰ کی شانِ ربوبیت کا مظہر بننا چاہیے اور اس اخلاق کے سانچے میں اپنی زندگی کو ڈھال دینا چاہیے۔ جس طرح اللہ کی ربوبیت سب انسانوں بلکہ پوری کائنات کو بلاکسی تفریق و امتیاز اپنی فیض رسانیوں سے مالا مال کرتی رہتی ہے۔ اسی طرح انسان کو اپنے پورے وسائل اور دل و دماغ کی ساری صلاحیتیں انسانیت کے لیے عام کر دینی چاہیے۔ سورج نکلتا ہے تو محل اور جھونپڑے یکساں طور پر اس سے روشنی اور گرمی حاصل کرتے ہیں۔ وہ اپنی ضیا پاشیوں کو ہندو اور مسلمان یکساں طور پر عام کر دیتا ہے۔(10)خواجہ معین الدین چشتی نے اسی نظریہ ربوبیت کی عظمت اور اہمیت لوگوں کو ذہن نشین کرائی تھی۔ وہ فرمایا کرتے تھے کہ اللہ اس انسان کو محبوب رکھتا ہے جو دریا کی سی سخاوت، آفتاب کی سی شفقت اور زمین کی سی تواضع پیدا کر لیتا ہے۔ خواجہ اجمیری کا یہ قول چشتیہ سلسلہ کی تعلیم کی روح بن گیا۔ شیخ قطب الدین بختیار کا کی، بابا فرید گنج شکر، شیخ نظام الدین سلطان الاولیا، شیخ نصیر الدین چراغ دہلی نے اپنی پوری زندگیاں اس کی تلقین میں بسر کر دیں۔ دلّی نے روز و شب کی کتنی ہی کروٹیں بدلیں، کتنے ہی خاندان سریر آرائے سلطنت ہوئے اور حرف غلط کی طرح مٹا دیے گئے، کتنے ہی بادشاہ جلال و طمطراق کے ساتھ تخت پر آئے اور بالآخر بقول امیر خسرو چارگز زمین میں جاسوئے۔ یہ سب کچھ ہوتا رہا لیکن صوفیاء اقتدار و سیاست سے بے نیاز انسان کو انسانیت کا درس دینے میں مصروف رہے۔ وہ عقیدہ کے اختلاف کی بنا پر بنی نوع انسان میں فرق کرنا مذہب کی روح کے منافی سمجھتے تھے اور اس حقیقت کی وضاحت مختلف انداز سے کرتے تھے۔(11)
صوفیاء کی اس عظیم خدمات کا اثر براہ راست عوام پر پڑا۔ ہندوستان کے وہ عوام جو ذات پات کے نام پر صدیوں سے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے تھے، جن کی کوئی انسانی حیثیت نہیں تھی، ان کو ایسے آفاقی مذہب کا سایہ مل گیا تھا جو ان کو برابری اور عزت و وقار کا درجہ دیتا تھا۔ صوفیاء کرام خلق خدا کے درمیان مساوات اور محبت کا پیغام دیتے۔ ان سے کوئی بھی شخص فیض حاصل کرسکتا تھا۔ یہ عوام کے درمیان رہتے، اپنے ساتھ کھانا کھلاتے، ان کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے، ان کا دکھ درد سنتے، ان کو تسلی دیتے اور اپنے گلے سے لگاتے۔ انسانیت کے اس عمل نے لوگوں کو اسلام کے آفاقی پیغام سے اور قریب کر دیا۔ گرچہ اس عمل میں کئی صدیاں لگ گئی لیکن یہاں کی لاکھوں کروڑوں عوام نے اسلام کے سائے میں اپنے لیے پناہ تلاش کر لی۔ صدیوں کے اس عمل کے متوازی ایک نئی تہذیب جنم لے رہی تھی۔ ایک ایسی تہذیب جسے ملک کی مشترکہ تہذیب ہونے کا فخر حاصل ہے۔ آج برصغیر میں بسنے والے کروڑوں مسلمان اسی تہذیبی دھارے کا حصہ ہیں۔ یہ نہ تو غیر ملکی ہیں اور نہ ہی حملہ آور ہیں، یہ یہیں کے قدیم باشندے ہیں۔ وہ باشندے جو صدیوں سے مذہبی استبداد اور ذات پات کی غلامی کا شکار تھے۔ اسلام نے ان کو انسانوں کی غلامی سے باہر نکالا اور عزت و وقار کا مقام عطا کیا۔ یہی لوگ ہیں جو بتان رنگ و بو کو توڑ کر ایک ملت کا حصہ بن گئے۔

بھکتی تحریک کے اثرات

بھکتی تحریک میں مذہب کے کئی رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ یہ تحریک ساتویں صدی سے دسویں صدی تک مختلف مرحلوں سے گذری۔ اس میں ہندو سنتوں اور مسلم صوفیاءنے مل کر خدا کی وحدانیت اور مذہبی توہم پرستی کے خلاف آواز بلند کی۔ بھکتی تحریک نے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا پیدا کر دی، اس کا ایک قوی محرک نو وارد مسلمانوں کے جاندار اور جاں بخش مذہبی عقیدے کا اثر تھا۔ یہاں تک کہ گیارھویں صدی میں را مانی فرقے نے اسے فلسفے کی بنیا د پر استوار کیا۔ رفتہ رفتہ اس کا اثر شمالی ہند تک پہنچنے لگا اور ویشنویت کو جو راجپوت ریاستوں میں فروغ پا رہی تھی، تقویت پہنچانے لگا۔ تیرھویں صدی کے شروع میں مسلمانوں کی سلطنت قائم ہونے کے بعد شمالی ہند میں بھکتی تحریک کے لیے اور بھی ساز گار ماحول پیدا ہو گیا۔(12) بھکتی نظریہ میں نہ پوجا پاٹ کی لازمیت ہے نه ریاضت کی ضرورت، محض عشق الهی کافی ہے۔ اگر عاشق سچا ہے تو اس کا عشق اس کی نجات کے لیے کافی ہے۔ ازمنہ وسطی میں بنگال، مهراشٹر اور شمالی هندوستان میں جتنے ویشنؤ مہنت ہوئے، مثلاً را مانند کبیر، نانک، چیتن، تکارام و غيره، ان سب نے بڑے زور شور سے بھکتی کی تلقین کی اور سچے بھکتوں کے پریم بھاؤ یعنی محبت کی کیفیت کو یوگ کی ریاضت اور کرم کانڈ کی پابندیوں سے افضل اور بارگاہ ایزدی میں مقبول بتایا۔(13) اگرچہ بھکتی تحریک کا نظریہ اسلامی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا تھا، تاہم صوفیاءکرام نے سماج میں ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے بھکتی نظریہ کی کبھی مخالفت نہیں کی، بلکہ ایک طرح سے تحریک کو ان کی تائید حاصل رہی۔ صوفیاء نے بھکتی تحریک میں عوام کے لیے ایک ایسی راہ پیدا کر دی جس سے وہ اسلام سے فیضیاب ہو سکیں۔

ہندوستانی مشترکہ تہذیب کی خصوصیات

ہندوستان کی مشترکہ تہذیب میں کسی ایک مخصوص مذہب یا کلچر کو غلبہ حاصل نہیں ہے۔ اس میں کئی تہزیبوں کی آمیزش، انگنت رسم و رواج، مخلتف عقائد،زبانیں، بولیاں اور رویئے شامل ہیں۔ گرچہ اس وقت ہندوتو اور جارحانہ قوم پرستی کے نظریہ کو بطور ایک تہذیب تھوپنے کی کوشش کی جا رہی۔ لیکن کوئی بھی کوشش خطرناک اور سماج کو توڑنے والی ہو سکتی ہے۔ ہندوستان کی تہذیب نہ تو ہندو تہذیب ہے نہ مسلم اور نہ ہی سکھ یا عیسائی، بلکہ یہاں کی تہذیب میں تمام مذاہب کی حصہ داری ہے۔ یہ حصہ داری ایک دوسرے میں ضم کرنے والی نہیں ہے بلکہ سب کی اپنی شناخت اور انفرادیت ہے۔ یہاں بسنے والی ہر قوم کو اپنے عیقدے، اپنی زبان، اپنے رہن سہن اور کھان پان کے ساتھ رہنے کا حق حاصل رہا ہے۔ کئی صدیوں پر محیط مسلم دور حکومت میں بھی ان اقدار کی سختی سے پاسداری کی گئی۔ خود اسلام کا بھی یہی اصول ہے۔ اسلام جہاں جہاں پھیلا اس نے وہاں کی زبان، پہناوا، کھان پان، رہن سہن اور رسم و رواجوں کو مشروط طریقے سے قبول کیا۔ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب میں نہ تو کوئی حملہ آور ہے نہ کوئی غیر ملکی۔ اگر ہم یہاں آنے والی قوموں کو غیر ملکی قرار دینے لگ جائیں تو کوئی بھی ’ ہندوستانی ‘ نہیں بچے گا۔ یوں بھی قدرتی طور پر ہماری پہلی شناخت انسان ہونے کی ہے۔ یہ بات دوسرے درجے کی ہے کہ ہمارا تعلق کس خطے یا ملک سے ہے۔ ہزاروں سال سے ایک گروہ دوسرے خطے کی طرف ہجرت کرتا رہا ہے۔ ہجرت اور انسانی رابطوں کے تسلسل سے ہی نئی نئی تہذیبیں وجود میں آئیں۔ فیض احمد فیض تہذیب اور کلچر کی توضیح اسلامی پس منظر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’ چونکہ مسلمانوں کو کسی خاص خطے یاقوم کے ساتھ مخصوص نہیں کیا جا سکتا، اس لیے مختلف مسلم ملکوں کی تہذیبیں یا کلچر ایک دوسرے سے الگ الگ ہیں۔ ایرانی کلچر یا ایرانی تہذیب وہ نہیں ہے جو انڈونیشیا کی تہذیب ہے یا جو سوڈان کی تہذیب ہے وہ مصر کی تہذیب نہیں ہے۔ ان تہذیبوں کے ایسے حصوں میں مذہب یا دین کا تعلق نہیں جن کا تعلق قومیت سے ہے۔ اسلام یہ حکم نہیں دیتا کہ تم کونسی زبان بولو، پنجابی میں گفتگو کرو یا فارسی میں کرو یا عربی میں۔ زبان ہر ملک کے کلچر کا بنیادی عنصر ہوتی ہے۔ اسی طریقے سے ہمارا دین کسی پر یہ حکم عائد نہیں کرتا کہ تم کس طریقے کا مکان بناؤ یا کس طریقے کا لباس پہنو یا یہ کہ تم کس طریقے سے کھانا پکاؤ۔ چنانچہ اگر ہم کلچر کو زندگی کا روزمرہ سمجھیں اور اس میں فنون کے علاوہ وہ سب چیزیں شامل کر دیں جو کہ لوگوں کی زندگی کا حصہ ہیں تو ظاہر ہے اُن میں بہت سی ایسی باتیں ہوں گی جن کے بارے میں دین کوئی حکم صادر نہیں کرتا۔(14)خود علی سردار جعفری نے ساٹھ کی دہائی میں لکھا تھا کہ ’’ آج دنیا آزاد ہو رہی ہے۔ سائنس کی بے پناہ ترقی نے انسان کا اقتدار بڑھا دیا ہے۔ صنعتوں نے اس کے دست و بازو کی طاقت میں اضافہ کر دیا ہے۔ انسان ستاروں پر کمندیں پھینک رہا ہے۔ پھر بھی حقیر ہے۔ مصیبت زدہ ہے۔ دردمند ہے۔ وہ رنگوں میں بٹا ہوا ہے۔ قوموں میں تقسیم ہے۔ اس کے درمیان مذاہب کی دیواریں کھڑی ہوئی ہیں۔ فرقہ وارانہ نفرتیں ہیں۔ دلوں کے اندر اندھیرے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی خود غرضیاں اور رعونتیں ہیں۔ انسان کو انسان کا دشمن بنا رہی ہیں۔ جب وہ حکومت، شاہنشاہیت اور اقتدار سے آزاد ہوتا ہے تو خود اپنی بدی کا غلام بن جاتا ہے۔ اس لیے اس کو ایک نئے یقین نئے ایمان اور نئی محبت کی ضرورت ہوتی ہے ۔(15)
ہندوستان میں مشترکہ تہذیب کا مطلب لوگوں کے مشترکہ حقوق ہیں۔ یہاں بسنے والے تمام افراد مساوی درجے کے حق دار ہیں۔ یہ ملک کسی خاص قوم خاص مذہب یا خاص تہذیب سے نہیں ہے۔ دنیا کی بہت سی اقوام یہاں آئیں اور یہاں کے سماج کا حصہ بن گئیں۔ اسلام سے بہت پہلے عرب اور فارس کے لوگ ہندوستان آتے جاتے رہے۔ ان کے سماجی اور معاشی رشتے قائم ہوئے۔ جب یہ مسلمان ہوئے تو اپنے ساتھ اسلام لائے۔ ان لوگوں کے ذریعے اسلام پورے ملک میں پھیل گیا۔ یہ اپنے ساتھ ایک نئی تہذیب اور آفاقی پیغام لے کر آئے تھے۔ مقامی آبادی کے بڑے حصے نے اسلام قبول کیا۔ مسلمان تاریخی طور پر یہاں کے اصل باشندے ہیں۔ صرف مذہب کی بنیاد پر ان کو غیر ملکی کہنا پوری تاریخ کو جھٹلانا ہے۔ پوری دنیا میں سرحدوں کی شکلیں ایک جیسی کبھی نہیں رہیں۔ ماضی میں بہت سے ملک جو عظیم تہذیبوں اور سلطنتوں کے مالک رہے ہیں، آج ان کا نام و نشان نہیں رہا۔ خود برصغیر کی وہ صورت نہیں رہی جو ایک صدی پہلے تھی۔ یہاں صدیوں سے مختلف قوموں کے لوگ آباد ہیں۔ یہاں سینکڑوں زبانیں اور ہزاروں بولیاں بولی جاتی ہیں۔ تھوڑے فاصلے پر بولیاں اور لہجے بدل جاتے ہیں۔ خود ہندو دھرم میں درجنوں سمپردائے اور مت ہیں۔ سب کی آستھائیں الگ الگ ہیں۔ سینکڑوں جاتیاں اور ان کی ذیلی جاتیاں موجود ہیں۔ دھرم کی بنیاد پر جاتیاں اور طبقے سماج میں ہزاروں سال سے موجود ہیں۔ ان کو ابھی تک ختم نہیں کیا جا سکا ہے۔ آج بھی کرروڑوں افراد اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ ایسے میں ایک قوم یا ایک کلچر کا نعرہ نہ صرف گمراہ کن ہے، بلکہ تاریخی حقیقتوں سے کوسوں دور ہے۔ اس طرح کے نعرے اور کوششوں سے سماج میں مزید تقسیم پیدا ہوتی ہے۔ جارحانہ فرقہ واریت کو بڑھاوا ملتا ہے۔ ظاہر ہے اس طرح باتیں ملک کے اتحاد و سالمیت کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
اردو کے مشہور شاعر رگھوپتی سہائے فراق گورکھپوری نے کہا تھا :

سر زمین ہند پر اقوام عالم کے فراق
قافلے بستے گئے، ہندوستاں بنتا گیا

حوالہ جات :

1۔ ندوی، سید سلیمان، عرب ہند کے تعلقات، ہندوستانی اکاڈمی الہ آباد، 1930 ص 7
2۔ ایضاً ص 12۔ 13
3۔ دیکھیے دیباچہ

History of Waqf in India: Muslim Endowments , Origin and Laws , by Syed Ubaidur Rahman , Global Media Publications , New Delhi , 2025

4۔ البرونی، ابوریحان، کتاب الہند، اردو ترجمہ سید اصغر علی،جلد اول، انجمن ترقی اردو ہند،دہلی 1941 ص 16 تا 20
5۔ ایضاً
6۔ ایضاً
7۔ تارا چند، ڈاکٹر، تمدن ہند پر اسلامی اثرات، اردو ترجمہ محمد مسعود احمد، مجلس ترقی ادب لاہور، ص 226
8۔ ایضاً ص 56
9۔ نظامی، خلیق احمد، تصوف اور صوفیہ، انجمن ترقی اردو ہند، دہلی 2025
10۔ ایضاً
11۔ ایضاً
12۔ سید عابد حسین، قومی تہذیب کا مسئلہ، انجمن ترقی اردو علی گڑھ، 1955، ص 111
13۔ زتشی، پنڈت منوہر لال، کبیر صاحب، ہندوستانی اکاڈمی الہ آباد، 1930، ص 45
14۔ فیض احمد فیض، ہماری قومی ثقافت، ادارہ یادگار غالب کراچی، 1976 ص 21
15۔ جعفری، علی سردار، کبیر بانی، دہلی، 1965 ص 64

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ٢٠٢٦