ہماری خوش نما تاریخ کو کیسے مٹاؤ گے!
چمکتے چاند سورج کو بھلا کیسے چھپاؤ گے!
ہمیں نے کابل و رنگون کو مربوط رکھا تھا
وطن کی ایسی وسعت کیا کبھی تم دیکھ پاؤ گے؟
عطا کی ہے قطب مینار کو ہم نے فلک بوسی
بتاؤ اس کو مہرولی سے تم کیسے ہٹاؤ گے؟
حسین و نور پیکر تاج کے خالق ہمیں تو ہیں
وفا کی جو ہے تابندہ نشانی وہ مٹاؤ گے!
جو عظمت ہے وطن کی قلعہ وہ تعمیر کس کی ہے؟
کہو جمنا کے تٹ سے یہ نشاں بھی تم ہٹاؤ گے؟
جو کوئے یار کے نغمے ظفر کی قبر سے اب بھی
اُبھرتے پھیلتے سے ہیں انہیں کیسے دباؤ گے؟
جواں مردی سراج الدولہ کی ہے سب کی یادوں میں
جو چاہو بھی تو کیا رزم پلاسی بھول پاؤ گے؟
ہمیں سے پھیلی تاریخ عزیمت کی درخشانی
شجاعت حیدر و ٹیپو کی تم کیسے چھپاؤ گے؟
جہاں میں آج بھی حضرت محل کا نام زندہ ہے
اک عورت کی شجاعت کس طرح سے تم بھلاؤ گے!
ہمارے نام ہیں سب سے نمایاں کالا پانی میں
تم ان قربانیوں کو کیسے دنیا سے چھپاؤ گے
ہزاروں مندروں کو ہم نے جاگیریں عطا کی ہیں
ہماری اس رواداری کو تم کیسے بھلاؤ گے!
وطن کو گنگا جمنی دل نشیں تہذیب ہم نے دی
ہے جو رنگ محبت اس میں وہ کیسے اڑاؤ گے!
ہمیں نے ہند کو سارے جہاں سے اچھا لکھا ہے
زمانے بھر میں تم ایسا کوئی نغمہ نہ پاؤ گے!
ضرورت پر دیا ہم نے وطن کو پانچ ٹن سونا
تم ایسا ظرف اتنا حوصلہ کب ڈھونڈ پاؤ گے!
یہ جو میزائلوں پر ہے بہت اپنا وطن نازاں
ہمیں ہیں اُن کے خالق تم اسے کیسے بھلاؤ گے؟
ہماری بزم میں عبدالحمید، عثمان اب بھی ہیں
تم اُن کی جانثاری کو بھلا کیسے بھلاؤ گے؟
وطن سے عشق کے ہر سو ہمارے قصے بکھرے ہیں
کتابوں سے کہاں تک تم یہ سب چرچے ہٹاؤ گے؟
بدلنا ہے تو تم ظلم و ستم کی یہ روش بدلو
نہیں تو ساری دنیا کو بھلا کیا منہ دکھاؤ گے!
نعیم ہر حال میں حُب وطن کے قصے لکھتا ہے
بکھرتی خوشبوؤں، سروسمن کے نغمے لکھتا ہے
٭ ٭ ٭

![Sukhn Sarapa 1[Taareekh To Zinda Rehti hai]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/03/Sukhn-Sarapa-1Taareekh-To-Zinda-Rehti-hai.jpg)
0 Comments