تشدد کے زخم ہمیشہ نظر نہیں آتے۔ صنفی بنیاد پر تشدد کے ہر اعداد و شمار کے پیچھے خوف، خاموشی، مزاحمت اور بقا کی ایک انسانی داستان چھپی ہوتی ہے۔ جسمانی چوٹیں شاید وقت کے ساتھ مندمل ہو بھی جائیں اور قانونی مقدمات بھی کسی انجام تک پہنچ جائیں، لیکن ذہن پر لگنے والے زخم اکثر دل کی گہرائیوں میں دفن ہو جاتے ہیں۔ یہی خاموش زخم متاثرہ فرد کی شخصیت، تعلقات اور دنیا کو دیکھنے کے انداز کو بدل دیتے ہیں۔ اسی طرح سماجی عوامل جیسے خاندانی رویے، میڈیا کی زبان اور ثقافتی توقعات یا تو شفاء کے عمل کو سہارا دیتے ہیں یا پھر زخموں کو مزید گہرا کر دیتے ہیں۔ لہٰذا صنفی بنیاد پر تشدد کے نفسیاتی اور سماجی پہلوؤں کو سمجھنا صرف آگاہی کا معاملہ نہیں، بلکہ انصاف، ہمدردی اور حقیقی تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
خاموش زخم
صنفی بنیاد پر تشدد کے اثرات اس وقت ختم نہیں ہوتے، جب جسمانی تشدد رک جاتا ہے۔ متاثرہ افراد اکثر طویل عرصے تک جذباتی اور نفسیاتی مسائل کا سامنا کرتے رہتے ہیں۔ بہت سے متاثرین بعد از صدمہ ذہنی دباؤ
(Post Traumatic Syndrome Disorder) (PTSD) کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انھیں بار بار اس تکلیف دہ واقعے کی یادیں ستاتی ہیں، ڈراؤنے خواب آتے ہیں یا اچانک خوف اور گھبراہٹ کا احساس ہونے لگتا ہے۔ بسا اوقات معمولی حالات بھی انھیں ماضی کے تشدد کی یاد دلا دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر گھریلو تشدد سے گزرنے والی ایک خاتون بلند آواز یا جھگڑے کی آواز سن کر شدید خوف محسوس کر سکتی ہے، کیوں کہ یہ آوازیں اسے ماضی کی تکلیف دہ یادوں کی طرف لے جاتی ہیں۔
اسی طرح ڈپریشن (افسردگی) بھی ایک عام اثر ہے۔ متاثرہ فرد شدید اداسی، مایوسی اور جذباتی بے حسی کا شکار ہو سکتا ہے۔ وہ ان سرگرمیوں میں دلچسپی کھو سکتا ہے جو پہلے خوشی کا باعث تھیں۔ بعض صورتوں میں یہ کیفیت اتنی شدید ہو جاتی ہے کہ متاثرہ شخص خود کو بے وقعت سمجھنے لگتا ہے۔
تشدد کا ایک نہایت گہرا اثر یہ بھی ہوتا ہے کہ متاثرہ فرد آہستہ آہستہ اپنے اختیار اور خود مختاری کے احساس سے محروم ہونے لگتا ہے۔ اسے محسوس ہونے لگتا ہے کہ جیسے اس کی زندگی کی باگ ڈور اس کے اپنے ہاتھوں سے نکل گئی ہے۔ وقت کے ساتھ اس کا اعتماد کمزور پڑ جاتا ہے اور وہ اپنے فیصلوں پر یقین کرنے سے بھی گھبرانے لگتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی خاتون کو اگر کام کی جگہ پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہو تو ممکن ہے کہ وہ مستقبل میں پیشہ ورانہ ملازمت کے مواقع سے ہی گریز کرنے لگے، کیوں کہ وہ خود کو محفوظ نہیں سمجھتی۔ یہ خاموش زخم اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ صنفی بنیاد پر تشدد صرف جسمانی نقصان نہیں، بلکہ ایک گہرا ذہنی اور نفسیاتی بحران بھی ہے۔
ٹراما سے آگاہ مشاورت کی ضرورت
چوں کہ تشدد کے نفسیاتی اثرات پیچیدہ اور طویل المدت ہوتے ہیں، اس لیے متاثرہ افراد کو ٹراما سے آگاہ (Trauma- Informed counselling) مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس طرزِ معاونت میں متاثرہ فرد کے تجربات کو سمجھنے، اس کی عزت و وقار کو برقرار رکھنے اور اسے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ اس میں متاثرہ شخص سے سوالات کرنے کے بجائے اس کی بات سننے اور اس کے احساسات کو تسلیم کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر کئی امدادی مراکز میں تربیت یافتہ کونسلر (مشیر ) متاثرہ خواتین کو ایک محفوظ اور رازدارانہ ماحول فراہم کرتے ہیں، جہاں وہ بغیر کسی خوف یا شرمندگی کے اپنی بات بیان کر سکیں۔ اس طرح کی مشاورت میں قانونی رہنمائی، نفسیاتی علاج، سپورٹ گروپس اور معاشی بحالی جیسے اقدامات بھی شامل کیے جاتے ہیں، تاکہ متاثرہ افراد نہ صرف ذہنی طور پر سنبھل سکیں، بلکہ دوبارہ باوقار اور خودبمختار زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
معاشرے کا کردار
اگرچہ تشدد افراد کے ذریعے کیا جاتا ہے، مگر معاشرتی رویے اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ متاثرہ فرد کے ساتھ بعد میں کیا سلوک کیا جائے گا۔
سب سے نقصان دہ رویوں میں سے ایک ’متاثرہ فرد کو موردِ الزام ٹھہرانا ہے۔‘ اکثر ایسے سوالات پوچھے جاتے ہیں جیسے:
• ٭ وہ اتنی رات کو باہر گئی ہی کیوں تھی؟
• ٭ اس نے کس طرز کا لباس پہنا ہوا تھا؟
• ٭ اس نے شوہر کو پہلے کیوں نہیں چھوڑ دیا؟
ایسے سوالات دراصل ذمہ داری کو مجرم سے ہٹا کر متاثرہ فرد پر ڈال دیتے ہیں۔
سماج میں اکثر متاثرہ خواتین کو بدنامی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خاندان اپنی عزت یا معاشرتی حیثیت کے خوف سے متاثرہ فرد کو خاموش رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ بعض اوقات انھیں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ ’گھر بچانے‘ کے لیے صبر کریں یا حالات سے سمجھوتہ کر لیں۔ نتیجتاً متاثرہ افراد انصاف اور مدد حاصل کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
میڈیا کی نمائندگی اور خبروں کی زبان
میڈیا عوامی رائے بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لیکن بعض اوقات خبروں کی پیشکش کا انداز غیر ارادی طور پر نقصان دہ تصورات کو فروغ دیتا ہے۔ مثلاً بعض سرخیاں کسی واقعے کو ’محبت کا تنازعہ‘ یا ’جذباتی جرم‘ قرار دے کر تشدد کی سنگینی کو کم کر دیتی ہیں۔ بعض رپورٹس میں متاثرہ فرد کی ذاتی زندگی پر غیر ضروری توجہ دی جاتی ہے۔
ذمہ دار صحافت کے لیے ضروری ہے کہ:
٭ متاثرہ فرد کے احترام اور وقار کو برقرار رکھا جائے
٭ سنسنی خیزی سے گریز کیا جائے
٭ تشدد کے سماجی اور ساختیاتی پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے
٭ متاثرہ افراد کی شناخت کو محفوظ رکھا جائے
٭ اس طرح میڈیا سماجی شعور بیدار کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے
خاندان اور کمیونٹی کی خاموشی
صنفی بنیاد پر تشدد کا ایک دردناک پہلو وہ خاموشی ہے جو اکثر اس کے گرد چھائی رہتی ہے۔ خاندان اکثر معاشرتی بدنامی کے خوف سے متاثرہ فرد کو خاموش رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ پڑوسی یا رشتہ دار تشدد کے آثار دیکھنے کے باوجود اسے ’’گھریلو معاملہ‘‘ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ یہ خاموشی متاثرہ فرد کو مزید تنہا کر دیتی ہے اور ظالم کو طاقت دیتی ہے۔
فرض کریں ایک نوجوان خاتون اپنے سسرال میں تشدد کا سامنا کر رہی ہے۔ اگر اس کے والدین اسے صبر کا مشورہ دیں اور محلہ خاموش رہے تو وہ خود کو مکمل طور پر بے بس محسوس کر سکتی ہے۔ اس خاموشی کو توڑنا ضروری ہے۔ معاشروں کو ایسے ماحول میں تبدیل ہونا چاہیے جہاں متاثرہ افراد کو سہارا اور انصاف مل سکے۔
مرد اور مردانگی: بیانیے پر نظرِ ثانی
صنفی بنیاد پر تشدد کو روکنے کے لیے مردانگی کے روایتی تصورات پر بھی غور کرنا از حد ضروری ہے۔ معاشرہ میں اکثر لڑکوں کو بچپن سے یہ سکھایا جاتا ہے کہ مرد کو طاقتور، غالب
اور جذبات سے بے نیاز ہونا چاہیے۔ ایسے تصورات کو اکثر زہریلی مردانگی (Toxic Masculinity) کہا جاتا ہے۔ مثلاً لڑکوں کو کہا جاتا ہے کہ ’اصل مرد نہیں روتے‘ یا ’گھر پر مرد کی حکمرانی ہونی چاہیے۔‘ ایسے پیغامات بعض اوقات جارحیت اور طاقت کے غلط استعمال کو معمول بنا دیتے ہیں۔ لیکن مردانگی بذاتِ خود مسئلہ نہیں۔ مسئلہ ان غلط سماجی تصورات کا ہے جو اسے طاقت اور غلبے سے جوڑ دیتے ہیں۔
مثبت مردانہ شمولیت
صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے مردوں اور لڑکوں کو مثبت کردار ادا کرنے کے لیے شامل کرنا ضروری ہے۔ دنیا بھر میں کئی پروگرام مردوں کو صنفی برابری، احترام اور رضامندی کے موضوعات پر گفتگو میں شامل کر رہے ہیں۔ اسکولوں، کمیونٹی گروپس اور نوجوانوں کے مراکز میں ایسے مکالمے منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں لڑکے صحت مند تعلقات اور مساوات کے اصول سیکھتے ہیں۔ کئی مقامات پر مرد رہنما کھل کر گھریلو تشدد کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ جب مرد خود اس مسئلے پر بات کرتے ہیں تو معاشرے میں تبدیلی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔
لڑکوں اور مردوں کو شامل کرنے والی مہمات
آج دنیا کے مختلف حصوں میں ایسی مہمات چل رہی ہیں جو لڑکوں اور مردوں کو صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے متحرک کرتی ہیں۔ اسکولوں میں آگاہی پروگرام، کھیلوں کے ذریعے تربیتی سرگرمیاں اور نوجوانوں کے مکالماتی سیشن اس مقصد کے لیے مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے لڑکوں کو احترام، ہمدردی اور برابری کی تعلیم دی جاتی ہے۔
جب لڑکے بچپن ہی سے صنفی مساوات اور انسانی وقار کی اہمیت سمجھتے ہیں تو وہ بڑے ہو کر ایک زیادہ محفوظ اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرتے ہیں۔
صنفی بنیاد پر تشدد کے اثرات صرف جسمانی نہیں، بلکہ گہرے نفسیاتی اور سماجی بھی ہوتے ہیں۔ متاثرہ افراد کو نہ صرف ذہنی صدمے اور افسردگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلکہ انھیں معاشرتی بدنامی، خاموشی اور الزام تراشی جیسے مسائل کا بھی مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرہ ہمدردی، انصاف اور شعور کے ساتھ آگے بڑھے۔ ٹراما سے آگاہ مشاورت، ذمہ دار میڈیا، معاون خاندان اور مردوں کی مثبت شمولیت ایسے عوامل ہیں جو ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
سب سے گہرے زخم وہ ہوتے ہیں جو نظر نہیں آتے۔ شفا کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب ہم بغیر الزام کے سنیں، بغیر خوف کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان آوازوں کے لیے بولیں جو کبھی خاموش کر دی گئی تھیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments