اکثر والدین بچوں کی ضد اور نافرمانی کی شکایتیں کرتے رہتے ہیں۔ بچے کی ضد دراصل بڑوں کے نزدیک ضد ہے، لیکن بچے کے نزدیک وہ اس کی جائز ڈیمانڈز ہوتی ہے اور اس جائز ڈیمانڈ کو وہ کبھی کبھی بہت شدت سے محسوس کرتے ہیں، اس لیے بضد منوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہرین کے نزدیک بچے کی ضد کی کچھ وجوہات درج ذیل ہیں:
(1) تجسس (curiosity)
(2) کسی چیز کے چھین لینے یا محرومی کا رد عمل (complexity)
(3) کسی کی عادت یا (obsession)
(4) عدم تحفظ کا احساس (Feeling of insecurity)
(5) تقابل (competition)
(6) نقالی (coping behaviour)
(7) والدین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے (Attension seeking)
تجسس curiosity
بچہ جب کس چیز کے لیے ضد کررہا ہو، جیسے کوئی کھلونے کے لیے، باہر جانے کے لیے یا کسی کھانے کی چیز کے لیے۔ یہ تمام چیزوں کی ڈیمانڈ اس کے تجسس کے سبب بھی ہوتی ہے۔ اس کے ذہن میں ہوتا ہے کہ اسے وہ حاصل کرے، جب کہ والدین اس بچے کے تجسس کو سمجھ نہیں پاتے ہیں۔
والدین کو چاہیے کہ اپنے بچے کے تجسس کو سمجھیں۔ بعض بچوں کو کھانے کی چیزوں کے مختلف ذائقوں سے تجسس ہوتا ہے؛ چپس کی ضد کررہا ہے تو مطلب بھوک لگی ہے اور چپس آسان حل نظر آرہا ہے۔ ٹیسٹ بڈز متاثر ہوئے ہیں۔والدین کو اس بچے کے تجسس کو فالو کرنا ہوگا۔ کھلونے کی ضد ہے، مطلب انجینئرنگ کا تجسس بڑھ رہا ہے۔ باہر جانے کی ضد یہ ظاہر کرتی ہے کہ بچہ گھر میں گھٹن محسوس کررہا ہے۔ اس کو نزلے کی تحریک ہے یا ناک بند ہے تو باہر کے ماحول کی پرتجسس چیزیں دیکھنے سے اسے سکون ملتا ہے۔
کسی چیز کے چھین لینے یا محرومی کا رد عمل (complexity)
اکثر والدین توجہ نہیں دے پاتے ہیں کہ چھوٹے بہن بھائی سے گھر کے بڑے بچے اس کی پسندیدہ چیز چھین رہے ہیں اور وہ اس بات کا اظہار نہیں کرپا رہا ہے، اس لیے وہ ضد کے ذریعہ آپ سے اظہار کررہا ہے کہ اسے ابھی اور اسی وقت یہ چاہیے۔ بچے کا رویہ والدین سے کلام کرتا ہے، اس لیے ان کے رویہ کو پڑھنا چاہیے۔ جیسے بچہ مقناطیس (Magnet) کو سمجھنا چاہتا تھا، مگر اس کا تجسس اطمینان کو پہنچنے سے پہلے ہی ہاتھ سے کسی دوسرے بچے نے چھین لیا۔ بچہ محرومی کے احساس کے ساتھ اس وقت تو خاموش ہوگیا یا تھک کر سو گیا، لیکن جس بچے نے چھینا، اس کے ہاتھ میں موجود ہر چیز سے اس نے ضد کو وابستہ کرلیا کہ وہ چیز اس بچے کے ہاتھ میں ہوگی، وہ اسے ابھی اور اسی وقت چاہیے۔ حالاں کہ دونوں اس چیز سے کھیل سکتے ہیں، لیکن چوں کہ ادھورے جذبے کے ساتھ چھین لیا گیا تھا، اس لیے ضد میں بچہ کنورٹ ہوگیا۔
کسی کی عادت یا (obsession)
کبھی کبھی بچے کسی چیز کے عادی ہوجاتے ہیں، جیسے گھر میں والدین کی چپقلش کا ماحول ہو تو وہ گھر کے کسی بزرگ کے ساتھ باہر نکلنا پسند کرتے ہیں۔ وہاں انھیں نئی چیزیں دیکھنا اور بچوں کو دیکھنا اچھا لگتا ہے۔ اب باہر جانے کی یہ عادت انھیں ضدی بنادیتی ہے، کیوں کہ وہ عادی بن جاتے ہیں اور سکون کے لیے کھلی فضا میں جانے کو قد بنالیتے ہیں۔ چوں کہ پہلی مرتبہ ضد کرنے پر ان کی ڈیمانڈ پوری کردی گئی تھی اور بچے نے سیکھ لیا کہ ضد کے بعد گھر کے بزرگ انکار نہیں کرتے، مطالبہ پورا ہوجاتا ہے۔ کلاسیکل کنڈیشنگ(Classical Condition) میں بچہ کسی بھی حرکت کو اس بات سے جوڑ لیتا ہے کہ جب مہمان ہو تو مما ہر بات مان لیتی ہے، اس لیے مجھ کو ماں سے ڈیمانڈ یا ضد کے لیے ایسا موقع ڈھونڈنا چاہیے جب ماں انکار نہ کرسکے، اسےکہتے ہیں کلاسیکل کنڈیشنگ۔
عدم تحفظ کا احساس (Feeling of insecurity)
جب بڑی بہن بھائی چھوٹے بچے کو اپنے کھیل میں شامل نہ کرے اور وہ تنہا ہوجائے، جب ماں اپنے چھوٹے نیو بورن بے بی میں مصروف ہوجائے اور توجہ کم محسوس ہو تو بچے میں عدم تحفظ کا احساس گہرا ہوتا ہے اور وہ توجہ پانے کے لیے ضد کرنے لگتا ہے، یا نیا نیا اسکول جانا شروع کیا، تو وہاں دوسرے بچوں سے گھلنے ملنے کے سوشل ایشوز ہیں، مطلب سوشل انگزائیٹی ہے، نتیجتاً وہ اسکول کے ماحول سے گھبرا رہا ہوتا ہے، اس لیے عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوگا اور بچہ عین اسکول کے وقت بلاوجہ رو رہا ہوگا۔ وہ سمجھ نہیں پاتا ہے کہ کیسا محسوس کررہا ہوں، اس لیے بس روتا رہتا ہے اور والدین اس کو ضد سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ جب اس کا رویہ آپ سے کہہ رہا ہے کہ اس کے ساتھ مسئلہ ضرور ہے، اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
تقابل ( competition)
والدین اکثر بچوں میں تقابل کرتے ہیں۔ دیکھو اس بچے کو کیسے کھانا کھارہا؟ دیکھو یہ ماما کی بات مان رہا ہے۔ وہاں بچہ دوسرے بچے سے جیلسی محسوس کرتا ہے کہ میرے والدین کے نزدیک یہ اہم ہے اور اسی جھنجلاہٹ میں بچہ والدین کو پریشان کرنے کے لیے اس جیلسی کے اثر میں ضدی ہوجاتا ہے۔ غیر ضروری مطالبات پورے کروانے کے لیے چیختا رہے گا، کسی چیز کو ضد کرکے حاصل کرے گا، جب وہ مل جائے تو دوسری چیز کے حصول کے لیے پھر ضد ہی واحد راستہ ہوتا ہے۔ وہ اپنی جھنجلاہٹ کو نکالنے کے لیے استعمال کرتا ہے، اس لیے کبھی بچوں کو عار دلانے والا تقابل نہیں کرنا چاہیے۔
نقالی (copying behaviour)
بچوں کو جب ہم اعتماد نہیں دیتے، ایک دوسرے سے ان کا تقابل کرتے ہیں تو وہ بھی اپنے ساتھیوں یا بہن بھائیوں کی نقالی میں چیزیں مانگنے کے لیے ضد کرتے ہیں۔ بعض دفعہ ان کی ضد ان چیزوں کی بھی ہوتی ہے، جس کی انھیں ضرورت نہیں ہوتی اور چیختے چلاتے روتے ہوئے وہ سارا گھر سر پر اٹھالیتے ہیں۔ انھیں اس بات سے کوئی مطلب نہیں ہوتا کہ جس چیز کا مطالبہ ہے وہ کسی کام بھی آئے گی؟ بس دوسرے کے پاس ہے، ہمیں بھی چاہیے۔ ایسا وہی بچے کرتے ہیں جو بہن بھائیوں یا دیگر بچوں کے درمیان تال میل بنانے کے فن سے ناآشنا رکھے جاتے ہیں۔ اس میں کوتاہی والدین کی جانب سے ہی ہوتی ہے۔ بچے کے اس رویے کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آخر بچہ کس بات سے جھوجھ رہا ہے؟
والدین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے
(Attension seeking)
والدین مہمان میں مصروف ہوں تو بچے پیسے مانگتے ہیں یا جو کام کے لیے منع کریں گے وہ اسی دوران کریں گے جب ماں مصروف ہو، خصوصا ماں کی مصروفیت بچے سے برداشت نہیں ہوتی ہے۔ وہ توجہ پانے کے لیے عجیب حرکتیں کرے گا؛ ضد کرے گا، مطالبے رکھے گا یا دوسرے کے ہاتھ سے چھیننے کے لیے روئے گا، سارے گھر میں خوب تماشا بنادے گا۔
والدین بچوں کی ضد اور نافرمانی کو کم کرنے کے لیے بعض (Neuro-Linguistic Programming) کی تکنیکیں استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کا مقصد بچے کے ذہن کو سمجھنا، اس کی کیفیت بدلنا اور مثبت رویہ پیدا کرنا ہوتا ہے۔ ان کے چند عملی طریقے یہ ہیں:
- رابطہ اور ہم آہنگی پیدا کرنا (Rapport)
سب سے پہلا اصول یہ ہے کہ پہلے بچے کے ساتھ جذباتی رابطہ (Rapport) قائم کیا جائے۔ اگر بچہ غصے میں ہے تو فوراً ڈانٹنے کے بجائے اس کی کیفیت کو سمجھیں۔ اس کے قریب ہوں، آنکھوں میں جھانکیں اور ضد کی وجہ پوچھیں، مسکرائیں، گویا یہ مطالبہ آپ کا درست ہے، ابھی دیتے ہیں۔ مثلا: مجھے معلوم ہے تم ابھی کھیلنا چاہتے ہو، لیکن ہمیں کھانا بھی کھانا ہے۔ اس طرح بچہ محسوس کرتا ہے کہ والدین اسے سمجھ رہے ہیں۔
- نیا زاویہ دینا (Reframing)
ضد کو برا رویہ سمجھ کر صرف روکنے کے بجائے اس کو نئے انداز سے پیش کریں۔ اس کو محسوس کروائیں کہ آپ کی بات قابل توجہ اور اہم ہے۔ مثلا: بچہ کہے: میں ابھی ہوم ورک نہیں کروں گا۔ کہیں کوئی بات نہیں، لیکن اگر ہم ابھی کر لیں تو بعد میں آرام سے کھیل سکتے ہیں۔ چلیں پہلے آپ کھیل لیجیے، ہم بعد میں ہوم ورک کروادیں گے۔ اس طرح بچہ ضد میں آئے بغیر کھیلے گا اور ہوم ورک کی بات آکر یاد دلادے گا۔ اس طرح دماغ مسئلے کے بجائے فائدے پر جاتا ہے۔
- انتخاب کی آزادی دینا (Choice Technique)
بچوں کو حکم دینے کے بجائے دو مثبت آپشن دینا مؤثر ہوتا ہے۔ اوکے مرضی آپ کی چاہیں تو پہلے یہ کرلیں چاہے تو یہ۔ مثلا: تم ہوم ورک پہلے کرنا چاہتے ہو یا کھانے کے بعد؟ بچہ محسوس کرتا ہے کہ فیصلہ اس کا ہے، اس لیے ضد کم ہو جاتی ہے۔
- مثبت کیفیت پیدا کرنا (Anchoring)
جب بچہ خوش اور پرسکون ہو تو اس وقت اس کی تعریف کریں یا کوئی مثبت لفظ استعمال کریں۔ پھر مشکل وقت میں وہی لفظ یا انداز استعمال کریں۔ مثلا: تم تو بہت سمجھدار ہو، تم ہمیشہ مسئلہ حل کر لیتے ہو۔ یا آپ کی عادت ہے کہ سمجھانے سے آپ بات سمجھ لیتے ہیں۔ یا اسکول نہ جانے پر بضد ہو تو کوئی بات نہیں مت جائیں۔ پھر اس سے پوچھیں کہ وہاں کون دوست ہے؟ کون بات کرتا ہے اور کون نہیں کرتا؟ یہ الفاظ بچے میں مثبت احساس پیدا کرتے ہیں۔
- مثال بننا (Modeling)
بچے بڑوں کو دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ بڑے جتنا لاجیکل گفتگو کرنے والے اور راست باز ہوں گے، ان کے بچے بھی انھیں رویوں کو جذب کریں گے۔ ماہرین کے مطابق بچے رویّہ دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ اگر والدین خود صبر اور نظم و ضبط دکھائیں تو بچہ بھی وہی رویہ اپناتا ہے۔
- مثبت زبان استعمال کرنا ( Positive Language)
منفی جملے اکثر ضد بڑھاتے ہیں۔ تم ہمیشہ شرارت کرتے ہو۔ یہ بچہ بہت ضدی ہے مجھ کو یہ بہت ستاتا ہے، یہ پڑھتا نہیں ہے۔ اس طرح کے جملے کا بچے پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔ اس کے برعکس بچے سے مثبت الفاظ کے ساتھ گفتگو کی جائے، جیسے: اگر تم سکون سے بیٹھو گے تو ہم جلدی کام ختم کر لیں گے۔
مثبت زبان دماغ کو تعاون کی طرف لے جاتی ہے اور آپ میں بات کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔
- کیفیت بدلنا (State Change)
کبھی بچہ تھکن یا بوریت کی وجہ سے ضد کرتا ہے۔ اس وقت ماحول یا سرگرمی بدل دینا فائدہ مند ہوتا ہے۔ مثلاً: تھوڑی دیر واک، پانی پینا، مختصر کھیل وغیرہ۔ اس سے ذہنی حالت بدل جاتی ہے۔
بچے کی ضد دراصل ضد نہیں ہوتی، بلکہ یہ اس کے رویے کے ذریعے والدین سے کی جانے والی عدمِ استحکام کی گفتگو ہے۔ اس لیے ضد کو سمجھنے اور دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ والدین اس کلام کو سنیں اور اس کے پیغام کو پہچانیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments