رمضان المبارک رب ذوالجلال کا بخشا ہوا وہ عظیم تحفہ ہے جو بندوں کی کامیابی کے دریچے کھولتا ہے۔ یہ ماہ مبارک کامیابی کی راہیں اس طرح استوار کرتا ہے کہ اس پورے دورانیہ میں یہ بندوں کے اندر خود احتسابی کی صفت کو پروان چڑھاتا ہے ۔
جب بندہ اس ماہ مبارک میں داخل ہوتا ہے تو سال بھر ہوئی کوتاہیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے ایک نئے عزم و ولولہ کے ساتھ داخل ہوتا ہے ۔ گویا اس ماہ معظم میں ہر لمحہ وہ خود احتسابی کا مجسمہ ثابت ہوتا ہے۔ چناں چہ روئیت ہلال کے وقت ایک بار پھر اس مقدس ماہ کے حصول پر شکر گزاری کے جذبے سے سرشار ہو جاتا ہے اور پھر گیارہ مہینوں میں نعمت خداوندی سے معافی کا خواستگار ہوتا ہے ۔ اس ماہ مبارک کی پہلی شب بیداری کی رسم اور سنت رسول یعنی سحری کی دعوت پر لبیک کہتا ہے تو بے اختیار پچھلے گناہوں کی فہرست دیکھ کر گھبرا اٹھتا ہے اور پھر بارگاہ ایزدی میں معافی نامہ لے کر حاضر ہو جاتا ہے ۔
دن کے معمولات میں بھوک و پیاس کی شدت کو محسوس کرتا ہے تو پچھلے ایام میں حاجت مندوں اور ضرورت مندوں کی امداد سے پہلو تہی پر پیچ و تاب کھا اٹھتا ہے اور پھر باہمی تعاون کی ایک نئی امنگ کے ساتھ اپنا دن گزارتا ہے۔ رمضان المبارک میں حقوق اللّہ اور بالخصوص نماز کی ادائیگی کا اہتمام کرتے وقت ماضی میں اس اہم عبادت سے بے توجہی پر ندامت کے آنسو بہاتا ہے اور پھر اقامت نماز کا عزم لے کر اپنے شب و روز گزارتا ہے ۔
شام کے آخری حصے میں افطار کی تیاریوں اور بندوبست کے وقت باہم امداد و تعاون کا جذبہ کارفرما ہوتاہے اور ذہن ماضی کے دریچوں میں جھانکتا ہے تو خدمت خلق سے بے توجہی پر پشیمان ہو جاتا ہے اور دل میں اعزہ و اقارب کی خدمت کا ایک نیا ولولہ انگڑائی لیتا ہے۔
افطار سے فراغت کے بعد ایک خاطی کا قدم جب مسجد کی جانب رواں دواں ہوتا ہے تو نماز تراویح کا خوبصورت سماں اتحاد و یگانگت کا درس دیتے ہوئے ماضی میں ہوئے باہمی اختلافات و تنازعات پر جنجھوڑ دیتا ہے اور بندوں کو پھر ایک بار امن و پر سکون معاشرتی تشکیل کی دعوت دے رہا ہوتا ہے ۔
دن اور رات میں تلاوت قرآن کریم کا معمول سال کے گیارہ مہینوں میں حقوق قرآن کی نا قدری کا احساس دلاتا ہے اور دل کے تار و پود بکھیر کر رکھ دیتا ہے اور مستقبل میں قرآن کریم سے رشتہ استوار کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔
اس ماہ میں انفاق و صدقات کی اٹھتی ہوائیں جب تہی داماں و ضرورت مندوں پر اپنا یکساں فیضان کرتی نظر آتی ہیں تو ماضی میں محتاجوں اور ناداروں کی ضروریات سے بے رخی پر ضمیر بے حس کو جنجھوڑ دیتی ہیں ۔
اسی طریق پر شب وروز کی یہ گزرتی گھڑیاں بندہ کو ماضی میں ہوئی کوتاہیوں پر نظر ثانی کی دعوت دیتی ہیں اور فرمودات رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں ہر عمل کو اخلاص کے ترازو میں تولنے کی جانب توجہ مبذول کراتی ہیں ۔
رمضان المبارک کے یہ گزرتے شب وروز دیکھتے ہی دیکھتے ایک عشرہ مکمل کر لیتے ہیں اور بندہ اپنی تگ و دو تیز کر لیتا ہے، اس احساس کے ساتھ کہ رحمت خداوندی کہیں اپنا رخ نہ موڑ لے، یہاں تک کہ انہی جد وجہد کے ساتھ بندہ اس کا دوسرا عشرہ بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیتا ہے اور اس کے ساتھ ہی اپنا قدم اس عشرہ میں رکھ دیتا ہے جو اجر و ثواب کے بھاری پیکج کے ساتھ اس کا منتظر ہوتا ہے ۔
تیسرے اور آخری عشرے میں قدم رکھتے ہی بندہ خود احتسابی کا عمل تیز تر کر دیتا ہے کہ اس بھاری پیکج سے کہیں محروم نہ رہ جائے۔ چناں چہ آغاز سے ہی انجام دی جانے والی عبادات کے ساتھ اعتکاف و شب قدر کا اضافہ بھی کر لیتا ہے اور ہمہ وقت اپنے اعمال کی کوتاہیوں پر نظر رکھتے ہوئے بارگاہ ایزدی میں معافی نامہ پیش کرتا ہے اور اسی خود احتسابی کے زینہ پر قدم رکھتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوتا ہے ۔
اس پورے مہینے میں ہر لمحہ اس کے پیش نظر کہیں ’’ لعلکم تتقون‘‘ کی تفسیر ہوتی ہے تو کہیں ’’شھر رمضان الذی انزل فیہ القرآن ھدی للناس و بینات من الھدی والفرقان‘‘ کی توجیہہ ہوتی ہے ۔
کبھی ’’من قام رمضان ایمانا و احتسابا فقد غفر لہ ما تقدم من ذنبہ‘‘ کو پالینے کی جستجو مہمیز کا کام کرتی ہے تو کبھی ’’من قام لیلہ القدر ایمانا واحتسابا فقد غفر لہ ما تقدم من ذنبہ‘‘ کے حصول کا جذبہ رب سے قربت کی راہیں ہموار کرتا ہے ، تو کبھی فرمان رسول ’’شقِيَ عبدٌ أدركَ رمضانَ فانسلخَ منهُ ولَم يُغْفَرْ لهُ
(صحيح الأدب المفرد:500)
ترجمہ: بدبخت ہے وہ جس نے رمضان پایا اوریہ مہینہ اس سے نکل گیا اور وہ اس میں( نیک اعمال کرکے) اپنی بخشش نہ کرواسکا۔ رمضان دراصل اس کے دل کی کایا پلٹنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ الغرض یہ کہ اس ماہ مبارک کا ہر لمحہ بندہ کو خود احتسابی کی صفت سے مالا مال کرتا ہے ۔
ایک مہینہ کی جہد مسلسل اور انتھک محنت کے نتیجے میں بندہ اس منزل پر پہنچ جاتا ہے جسے دنیا عید الفطر کے نام سے جانتی ہے ۔
رمضان المبارک میں خود احتسابی کے زینہ پر قدم رکھ کر بندہ عید الفطر میں شکر گزاری کی منزل پر پہنچ جاتا ہے اور ایک مہینے کی بھاری بھرکم اسکیم سے فائدہ اٹھانے پر شکر خداوندی کے جذبے سے معمور ہو جاتا ہے ۔
ایک مہینے کی مسلسل جد وجہد کے بعد پر مسرت گھڑی کی آمد پر بندہ قولی و عملی شکر گزاری کا نذرانہ پیش کرتا ہے۔ جب بوقت سحر رقت آمیز انداز میں تکبیر و تہلیل و تسبیح کی صدائے بازگشت بلند کرکے قولی شکر ادا کرتا ہے اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل درآمد کرتے ہوئے صدقہ فطر کی ادائیگی کرتا ہے اور غریبوں اور ناداروں کو عید الفطر کی خوشی میں شریک کرکے عملی شکر گزاری پیش کرتا ہے۔
مسلسل ایک ماہ کی جسمانی و اعصابی محنت کے بعد اپنے معمولات زندگی کی جانب واپس لوٹ جاتا ہے تو رب کریم کے بخشے ہوئے یسر اور صحت و تندرستی کی بہتری پر شکر خداوندی بجا لانے میں بالکل تاخیر نہیں کرتا ۔ یہ اس لیے کہ رمضان المبارک میں فرض کی گئی خصوصی عبادت یعنی روزہ نہ صرف روحانی فوائد کا حامل ہے بلکہ بے شمار طبی فوائد کی عملی کٹ بھی ہے ۔ چناں چہ لگاتار ایک ماہ کے روزے رکھ کر جہاں بندہ اپنی روح کو توانائی بخشتا ہے، وہیں جگر، معدہ، تیزابیت وغیرہ جیسی بیماریوں سے نجات بھی حاصل کر لیتا ہے اور اتنا ہی نہیں بلکہ قوت مدافعت کا بھی خاصا بڑا پیکیج حاصل کرتا ہے۔ لہٰذا رب کائنات کے بخشے ہوئے اس عظیم تحفہ کی قدر میں بطور شکرانے بارگاہ ایزدی میں سجدہ ریز ہوجاتا ہے ۔
چناں چہ رمضان المبارک اور عیدالفطر میں پنہاں یہی وہ راز ہے جسے پالینے کے لیے اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم چھ مہینے پہلے سے کمربستہ ہو جایا کرتے تھے اور شکر گزاری کے طور پر رمضان المبارک کے چھ مہینے بعد تک اس کی قبولیت کے لیے متفکر رہا کرتے تھے اور رب سے امید لگائے ہوئے دعائیں کیا کرتے تھے۔ بد قسمتی سے آج ہمارے درمیان سے یہ صفت مفقود ہوتی جارہی ہے، جس کی بنا پر ہم رمضان المبارک سمیت عید الفطر کی نوازشوں سے مستفید ہونے سے قاصر ہیں ۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ رمضان المبارک کے پیغام ’ خود احتسابی‘ کے چراغ سے دل کو منور کریں اور عیدالفطر کے پیغام ’شکر گزاری‘ کے جام سے توحید اور حسن خلق کی پیاسی مخلوق کو سیراب کریں۔
خلاصہ یہ کہ رمضان المبارک میں بندہ خود احتسابی کی صفت کو پروان چڑھا کر ایمان و احتساب کے مژدہ سے محظوظ ہو اور اپنی عملی زندگی اس کے مطابق گزارنے کی کوشش کرے تو عیدالفطر کے موقع پر ’’ لئن شکرتم لازیدنکم ‘‘ کے مصداق نعمت الہی سے مستفید ہو ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس مبارک مہینے کی روح پالینے والوں میں شامل کرے ۔ آمین ثم آمین یارب العالمین !
٭ ٭ ٭

![Memaar E Jahaan Tu Hai 2[ Ramadan Al Mubarak Aur Eid al fitr..]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/03/Memaar-E-Jahaan-Tu-Hai-2-Ramadan-Al-Mubarak-Aur-Eid-al-fitr.jpg)
0 Comments