ملک عزیز، ہندوستان، میں جہاں مغل بادشاہوں نے تہذیب و ثقافت، علوم و فنون اور سیاسی حکمرانی کے نئے باب رقم کیے ہیں ، وہیں ان کی خواتین نےبھی علم و ادب ،شاعری و موسیقی اور فن تعمیر میں لازوال نقوش مرتب کیے ہیں۔مغل شہزادیاں اور بیگمات نہ صرف خود تعلیم یافتہ تھیں ، بلکہ انہوں نے اپنی فارسی تصانیف ،ادبی محفلوں اور ذاتی کتب خانوں سے علم و ادب کے مختلف گوشوں کو بھی روشن کیا ہے ۔
اس کے ساتھ ہی ملک کے مختلف علاقوں میں مدارس اور مساجد کی تعمیر ان کی علم دوستی اور تعمیراتی ذوق کا بین ثبوت ہے۔
مغلیہ دور کی چند نمایاں خواتین
گل بدن بیگم بنت ظہیر الدین بابر
مغلیہ دور کی یہ مشہور مؤرخ خاتون 1523 میں کابل میں پیدا ہوئیں، یہ اپنے زمانے کی خواتین میں سب سے زیادہ ذہین اور علم و ادب سے آراستہ تھیں۔ یہ تقریبا پانچ سال کی عمر میں بابر کے ساتھ ہندوستان آئیں اور آٹھ سال کی عمر میں ان کے انتقال کے بعد اپنے بھائی ہمایوں کی سرپرستی میں رہیں۔
انھیں ورثے میں اپنے والد کا ذوق شاعری اور خوبیٔ تحریر دونوں ہی ملے ۔
انہوں نے اپنے بھتیجے شہنشاہ اکبر کی فرمائش پر اپنی مشہور کتاب ، ہمایوں نامہ تصنیف کی۔ یہ کتاب فارسی زبان میں تحریر کی گئی ہے اگرچہ گلبدن بیگم اپنی مادری زبان ترکی سے بھی بخوبی واقف تھی اور ان کی فارسی تحریر میں جا بجا اس کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے البتہ انھوں نے فارسی زبان میں ہی اپنی یہ مشہور تصنیف پیش کی ۔
ان کی تصنیف میں جو سلاست، روانی اور بے ساختگی ملتی ہے وہ اس کو اپنے زمانے کی دیگر تصانیف سے ممتاز کر دیتی ہے۔
تصنیف کی ابتدا میں وہ اپنے والد شہنشاہ بابر کے حالات اور واقعات تفصیل سے بیان کرتی ہیں اور اس زمانے کے زیادہ تر واقعات انہوں نے بابر کی کتاب’’تزک بابری ‘‘سے اخذ کیے ہیں ۔
بقول ان کے امیر تیمور کے زمانے سے بابر کے زمانے تک کسی اور بادشاہ نے اپنی حکومت میں اتنے خطرات اور مصائب کا سامنا نہیں کیا جتنا ان کے والد بابر کو کرنا پڑا ، دشمنوں کے ساتھ کشمکش، مفلسی، بے سر و سامانی کے عالم میں کابل کی طرف رخ کرنا ،پھر کابل کی فتح ، اس کے بعد ہندوستان پر فوج کشی، ان سبھی واقعات کو انہوں نے اپنی اس تصنیف میں بہت تفصیل سے رقم کیا ہے۔ فتح ہندوستان، ابراہیم لودھی اور رانا سانگا کی شکست کا بھی وہ تفصیلی ذکر کرتی ہیں۔ بابر کی بیماری اور ہمایوں کے لیے وصیتیں بھی اس میں درج ہیں ۔
بابر کی موت کے بعد ہمایوں کے دور حکومت کے سبھی واقعات کو انہوں نے بہت خوبی سے بیان کیا ہے۔ اس میں گجرات، بنگال پر ہمایوں کی فتح کے بعد شیر شاہ سوری کے ہاتھوں اس کی شکست، بکھر اور ملتان کی طرف فرار، حمیدہ بانو سے اس کی شادی، اکبر کی پیدائش، شاہ ایران کے ہاتھوں پذیرائی ،تسخیر قندہار، کابل پر حملہ، فتح بدخشاں، کامران کی شکست اور فرار ،مرزا ہندال کا قتل اور پھر مرزا کامران کے اندھا کیے جانے کے واقعات کو انہوں نے اس میں نقل کیا ہے۔
ہمایوں نامہ کی خاص اہمیت یہ ہے کہ اس سے دور مغلیہ کے ابتدائی زمانے کے تمدنی ،معاشرتی اور گھریلو حالات کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہمایوں نامے کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ اس زمانے میں عورتیں لکھنے پڑھنے کے علاوہ فن سپہ گری سے بھی واقف تھیں ؛شہسواری، تیر اندازی کے ساتھ فن موسیقی کا بھی عام رواج تھا ۔خواتین اور خصوصا والدہ کو بہت عزت اور احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کا دائرہ اثر محض خانگی مالی معاملات تک نہیں تھا بلکہ اہم سیاسی معاملات میں بھی ان سے مشورہ لیا جاتا تھا اور ان کی رائے کو بہت وقعت دی جاتی تھی۔
ہمایوں نامہ کی نثر سادہ اور سلیس ہونے کے ساتھ تکلف اور تصنع سے پاک ہے ۔ انشاء پردازی کے اعتبار سے یہ ایک شاہکار ہے بقول علامہ شبلی نعمانی :
’’تیموری سلطنت کی ابتدائی زمانے میں بیگمات ایسی تصنیفیں کرتی تھی جو آج مردوں سے بن نہیں آسکتی ،فارسی زبان میں سادہ اور صاف واقعہ نگاری کا عمدہ سے عمدہ نمونہ ،تزک جہانگیری اور رقعات عالمگیری ہیں اور اس میں شبہ نہیں کہ یہ کتابیں سادگی اور لطافت کے لحاظ سے اس قابل ہیں کہ ہزاروں ظہوری اور وقائع نعمت خاں ان پر نثار کر دی جائیں، لیکن انصاف یہ ہے کہ “ہمایوں نامہ” کچھ ان سے بھی آگے بڑھا ہوا ہے اس کے چھوٹے چھوٹے فقرے ،سادہ اور بے تکلف الفاظ ،روزمرہ عام بول چال ،طرز ادا کی بے ساختگی دل کو بے اختیار کر دیتی ہے۔‘‘
( مقالات شبلی،علامہ سید سلیمان ندوی،جلد 4،ص56، سن1956 )
ہمایوں نامہ زبان و بیان کی امتیازی خصوصیات کے ساتھ تاریخی اہمیت کا بھی حامل ہے حقیقت یہ ہے کہ گلبدن بیگم نے ضرورت کے مطابق واقعات کو تفصیل یا اختصار سے درج کیا ہے اور اس بات کو پیش نظر رکھا ہے کہ کس واقعے کو تفصیل سے بیان کیا جائے ،اور کسے مختصر درج کیا جائے۔ درحقیقت یہ تصنیف بابر اور ہمایوں جیسے عظیم بادشاہوں کی سیاسی اور معاشرتی دونوں طرح کے حالات کی عکاسی کرتی ہے۔ گلبدن بیگم نے جو کچھ سنا اور خود مشاہدہ کیا اس کو بہت خوبی کے ساتھ تحریر کیا ہے ۔انہوں نے مغلیہ دور کی معاشرتی اور سماجی زندگی کے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے جو کسی مورخ کی تحریر میں نہیں مل سکتے، یہی وجہ ہے کہ ہمایوں نامہ کے اردو مترجم عثمان حیدر مرزا لکھتے ہیں :
’’ہمایوں نامہ کی تاریخی حیثیت اور اہمیت ایک خاص رنگ رکھتی ہے اس کتاب کی تحریر اس کی مصنفہ کی شخصیت کے ساتھ وابستہ ہے ۔اس کی لکھنے والی ایک ایسی خاتون ہے جو ان عظیم ہستیوں کے ساتھ شامل ہے جن کے کارناموں سے صفحات تاریخ درخشاں ہیں ، ان کا دائرہ علم باہر کے واقعات تک ہی محدود نہیں بلکہ وہ اس اندرونی دائرے میں بھی قدم رکھتی ہے جس سے اکثر مورخین نا آشنا ہیں اور مورخین کی طرح وہ صرف باہر کی اسٹیج پر نظر نہیں رکھتی بلکہ پس پردہ بھی دیکھ سکتی ہیں ۔جنگ اور فتح ،شکست کے حالات بہت سی تواریخ میں موجود ہیں، ہمایوں نامہ کی خوبی ان واقعات کے بیان سے نہیں بلکہ اس کے قابل قدر وہ حصص ہیں جو ہمیں ان عظیم ہستیوں کے گویا قریب لا کھڑا کر دیتے ہیں اور ہمیں ان کی شخصیت اور ان کے احساسات کی ایسی جھلک دکھاتے ہیں کہ جس سے ان کی جیتی جاگتی تصویریں ہماری نظر کے سامنے آجاتی ہیں، گل بدن بیگم کی کتاب میں ہمایوں بادشاہ ، بابر بادشاہ اور ان کے متعلقین کی بابت بہت سی ایسی چھوٹی چھوٹی سی روزمرہ کی باتیں ہیں جو خاص طور پر ہماری دلچسپی کا باعث ہے اور جن کی وجہ سے ہم ان پر اوصاف ہستیوں کو اور زیادہ اچھی طرح سمجھنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔‘‘
(ہمایوں نامہ، ترجمہ عثمان حیدر مرزا، صفحہ 11 ،مرتبہ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ 1935)
ہمایون نامہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں محاورات بھی جابجا ملتے ہیں جبکہ قدیم تصانیف میں روز مرہ کے محاورے شاذ و نادر نظر آتے ہیں، مثلاً سر حضرت شوم یعنی آپ پر قربان ہوں ،خفتن شد یعنی سونے کا وقت آیا وغیرہ ۔
ان کی اس تصنیف میں چند ہندی الفاظ بھی ملتے ہیں:
جیسے چھپر کٹ، پاتر، گواران وغیرہ
جہاں آرا بیگم بنت شاہجہاں
یہ مشہور شہزادی 1614 میں شاہجہاں کے ہاں پیدا ہوئیں ، ان کا شمار صاحب علم و ادب خواتین میں ہوتا ہے ۔ان کی تعلیم کے لیے ستی النساء کو منتخب کیا گیا جو اپنے زمانے کی بہت قابل اور لائق خاتون تھیں ۔جہاں آرا بیگم نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ صوفیانہ مطالعے میں گزارا ، انہیں فارسی زبان اور ادب سے بھی گہرا لگاؤ تھا ۔تصوف سے متعلق ان کی کئی تصانیف ملتی ہیں جن میں سب سے مشہور تصنیف مونس الارواح ہے ۔جس میں انہوں نے فارسی زبان میں خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے نامور خلفاء کے حالات اور واقعات درج کیے ہیں۔ اس کتاب کا خط نستعلیق ہے اور مختلف جگہ قرآنی آیات درج ہیں۔ انداز بیان سادہ اور سلیس ہے ۔کتاب فلسفیانہ اور منطقی اصطلاحات سے پاک ہے ۔مذہبی اور صوفیانہ رنگ غالب ہے ۔انہوں نے اپنی اس تصنیف کا نام ہی خواجہ معین الدین چشتی رحمۃاللہ علیہ کے رسالے انیس الروح کے نام پر مونس الارواح رکھا تھا۔
پوری تصنیف خواجہ معین الدین چشتی سے والہانہ محبت و عقیدت کی آئینہ دار ہے۔ جہاں آرا بیگم نے بذات خود بعض مشائخ کے رسائل سے اکتساب فیض کیا تھا اسی لیے اپنی بخشش اور دیگر عقیدت مندوں کے لیے انہوں نے اس رسالے کو تحریر کیا۔
مونس الارواح کی ابتدا میں انہوں نے خواجہ سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کو بیان کیا ہے پھر اجمیر میں آپ کی آمد ، اقوال و اعمال، کرامات، زہد و تقوی اور پھر رحلت وغیرہ کا ذکر کیا ہے۔
اس تصنیف میں انہوں نے حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی، شیخ حمید الدین ناگوری، شیخ نظام الدین محمد بدایونی، شیخ نصیر الدین محمود لودھی کا بھی تذکرہ کیا ہے۔
آخر میں اپنے سفر اجمیر اور روضہ خواجہ تک پہنچنے کو بہت والہانہ انداز میں بیان کیا ہے:
’’ماہ رمضان کی چودھویں تاریخ کو جمعرات کے دن مجھے حضرت پیر دستگیر کے مرقد منور کی زیارت نصیب ہوئی دن کا ایک پہر رہ گیا تھا کہ میں روضہ مقدس میں گئی اور اپنے زرد چہرے کو اس آستانہ کی خاک پر ملتی رہی اور دروازے سے گنبد مبارک تک ننگے پیر زمین کو بوسے دیتی ہوئی چلی اور گنبد میں داخل ہوئی اس وقت میری عجیب حالت تھی اور ایسا سکون دل میں ہوا کہ معرض تحریر میں نہیں آسکتا ،انتہائی شوق کے عالم میں، میں پاگل ہو گئی اور نہیں جانتی تھی کہ کیا کروں اور کیا نہ کروں، روضہ اقدس کی زیارت کے بعد انتہائی رنج و غم اور بے قراری کے ساتھ اپنے والد بزرگوار کے ہمراہ اکبر آباد آئی۔‘‘
( شائستہ سنبھلی،مغلیہ عہد میں مسلم خواتین کے دینی اور علمی کارناموں کا ایک تاریخی جائزہ،ماہ نامہ دار العلوم، شمارہ 10،11،جلد 89،اکتوبر نومبر 2005 )
جہاں ارا بیگم کی دوسری تصنیف صاحبیہ ہے، اس میں 19 اوراق ہیں، یہ تصنیف ان کے پیر و مرشد ملا شاہ بدخشی کے حالات اور کمالات اور ان سے اپنے روحانی تعلق کے اظہار پر مبنی ہے ۔
انہوں نے اپنے والد شاہجہاں کی وفات پر ایک فی البدیہہ ،درد انگیز مرثیہ لکھا ، جس کے چند اشعار اس طرح ہیں :
اے افتاب من کہ شدی غائب از نظر
آیا شب فراق ترا ہم بود سحر
اے بادشاہ عالم و ای قبلہء جہان
بکشائی چشم رحمت و برحال من نگر
نالم چنین زغصہ و بادم بود بدست
سوزم چو شمع دا غم دود رود زسر
ترجمہ
اے میرے آفتاب !تو یکا یک نظر سے غائب ہو گیا،ہے شب فراغ کیا تیری بھی سحر ہوگی ،
اے عالم کے بادشاہ! اور اے دنیا جہان کے قبلے! رحمت کی آنکھ کھول اور ہمارے حال کو دیکھ میں مایوسی اور غم میں ایسے روئی کہ میرے ہاتھ کچھ نہیں رہا یعنی میں خالی ہاتھ رہ گئی ،میرا سب کچھ لٹ گیا میں شمع کی طرح غم میں ایسے جلی کہ سر سے دھواں نکل گیا۔
(. مونس الارواح،اردو ترجمہ ڈاکٹر مصباح احمد صدیقی،صفحہ 26،کوچہ چیلان، دریا گنج ،نئی دلی 2021)
جہاں ارا بیگم نے دلی، آگرہ میں بہت سے باغات، مساجد اور سرائے کی تعمیر بھی کروائی۔
زیب النساء بیگم بنت شہنشاہ اورنگزیب
سن 1638 عیسوی دولت آباد میں زیب النساء بیگم کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے ملا سعید اشرف سے درس کتب کے علاوہ فقہ ، اصول فقہ اور علم حدیث کی تعلیم حاصل کی ، یہ اپنے دور کی نہایت ذہین اور قابل خاتون تھیں ۔
ان کا ایک اہم کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی سرپرستی میں امام فخر الدین رازی کی تفسیر کبیر کا فارسی ترجمہ ملا صفی الدین سے زیب التفاسیر کے نام سے کرایا ۔
وہ فارسی ادب سے گہرا لگاؤ رکھتی تھی اور فارسی میں شاعری بھی کرتی تھی۔ مخفی ان کا تخلص تھا۔ ان کا دیوان ’دیوان مخفی‘ کے نام سے مشہور ہے ان کے دیوان کا ایک شعر بہت مشہور ہے :
دختر شاہم و لیکن روبہ فقر آوردہ ام
زیب و زینت بس ہمینم نام من زیب النساء است
میں بادشاہ کی بیٹی ہوں لیکن فقر و درویشی اختیار کی ہے۔ میری اصل زینت صرف میرا نام زیب النساء ہونا ہی ہے۔
ان کی ایک اور تصنیف زیب المنشآت کے نام سے ہے جو ان کے خطوط اور تحریروں کا مجموعہ ہے۔ یہ ان کی انشاء پردازی کی بہترین مثال ہے۔
مونس الروح یہ ان کی ایک اور فارسی تصنیف ہے ،جہاں ان کی پھوپی؛ جہاں آرا بیگم، کی کتاب مونس الارواح ،حضرت خواجہ معین الدین چشتی کی صوفیانہ سوانح حیات پر مبنی ہے وہیں زیب النساء کی یہ کتاب مخصوص علمی اور روحانی ارتقاء سے بحث کرتی ہے۔
بنیادی طور پر یہ صوفیان افکار روحانیت اور اخلاقیات کے موضوع پر ہے ۔
اس میں تصوف کے مشکل مسائل اور انسانی روح کے ارتقاء پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔
زینت النساء بنت شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر
مغلیہ عہد کی یہ شہزادی 1643ء اورنگ آباد میں پیدا ہوئیں ، ان کا زیادہ تر وقت تلاوت کلام پاک، مطالعہ حدیث اور عبادت میں صرف ہوتا تھا۔ شاہجہاں آباد میں زینت النساء کی بنائی ہوئی مسجد ’زینت المساجد‘ ان کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے 1721ء میں وفات پائی۔
ملکہ نور جہاں
جہانگیر کی محبوب ملکہ نور جہاں 1577ء میں قندھار میں پیدا ہوئیں۔ فارسی ادبیات پر انہیں عبور حاصل تھا ۔شعر و سخن کا خاص ذوق تھا ۔فی البدیہہ شاعری میں ان کا جواب نہیں تھا۔ ایک دن جہانگیر نے لباس تبدیل کیا جس کا تکمہ لعل بے بہا تھا ،نور جہاں کی نظر جیسے ہی اس پر پڑی فورا شعر کہا :
ترا نہ تکمہ لعل است برقبائے حریر
شدہ است قطرئہ خوں منت گریباں گیر
(منتخب اللباب ،ہاشم علی خان،مترجم محمود احمد فاروقی،کراچی 1963 صفحہ 277 )
ملکہ نور جہاں نے دور مغلیہ میں فنون جمیلہ کی ترقی و ترویج میں ایک اہم کردار ادا کیا ، آرائش و زیبائش ، سلیقہ مندی،خوبصورتی ،دیدہ زیبی ان سبھی چیزوں میں وہ اپنے عہد کی بے مثال خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے عطر گلاب ایجاد کیا تھا، جس کی خوشبو لاجواب اور عمدہ تھی ۔اسی طرح ان کے ایجاد کردہ برقعے، کمخواب، جبے، فرش چاندنی وغیرہ بھی نادر و نایاب تھے ۔ انہیں فن خطاطی اور فن تعمیر سے بھی گہری دلچسپی تھی۔
ماہم بیگم
مغلیہ حکومت کے بانی ظہیر الدین محمد بابر کی اہلیہ ماہم بیگم بہت ہی ذہین اور خوبصورت خاتون تھی انہیں علم و ادب سے گہرا شغف تھا ۔یہ مغل سلطنت کی پہلی پادشاہ بیگم تھیں، یہ بابر کی پسندیدہ ترین بیوی تھیں۔
ماہم انگا
یہ اکبر کی رضائی ماں تھیں اور ماہم انگا کے نام سے مشہور ہیں ۔ان کی سیاسی پکڑ بہت گہری تھی ان کی علم دوستی کا پتہ اس بات سے لگتا ہے کہ انہوں نے 1521ء میں علم کی ترویج و اشاعت کے لیے دہلی میں خیر المنازل کے نام سے ایک بہترین مدرسہ تعمیر کرایا۔
اعزاز النساء بیگم زوجہ شاہجہاں
اعزاز النساء بیگم جو اکبر آبادی کے نام سے تاریخ میں جانی جاتی ہیں ،انہوں نے شاہجہاں آباد کے فیض بازار میں اکبر آبادی مسجد تعمیر کروائی۔
سلیمہ سلطان بیگم
شہنشاہ اکبر کی یہ بیگم علم وادب کا بڑا نفیس ذوق رکھتی تھیں ۔فارسی شعر و ادب کی ماہر تھیں ۔یہ بھی مخفی تخلص سے شاعری کرتی تھی۔
ان خواتین کی طرح بہت سی باکمال مغل خواتین کا ذکر تاریخ میں موجود ہے جنھوں نے حرم کے روایتی تصور سے ہٹ کر اپنی علم دوستی اور صوفیانہ طرز فکر کو اپنی پہچان کا ذریعہ بنایا اور علم و ادب کے فروغ و اشاعت میں اہم خدمات انجام دیں۔ ان مغلیہ خواتین نے اپنے وظائف اور ذاتی اخراجات سے کئی مساجد ،مدارس اور کتب خانے قائم کیے، ان کے شاہی محلات کی کنیزیں بھی علم و ادب اور شاعری کی تعلیم حاصل کرتی تھیں ۔ان خواتین کے علمی اور ادبی کارناموں کا مطالعہ یہ ثابت کرتا ہے کہ ان کا علمی وادبی ذوق بہت اعلی اور پاکیزہ تھا ۔وہ اپنے دور کے مختلف علوم و فنون میں مہارت حاصل کرتیں اور ملک کی سیاسی ، سماجی اور معاشرتی زندگی پر اثرانداز ہوتیں۔ انڈو اسلامک کلچر کی داغ بیل ڈالنے میں بھی ان کا اہم حصہ ہے ۔
انھوں نے نہ صرف انتظام مملکت اور سیاسی پیچیدگیوں میں مردوں کا ساتھ دیا ،بلکہ علم و ادب، تاریخ نگاری، تصوف اور روحانیت میں بھی ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو آج بھی علم دو ست حضرات کی توجہ کے مرکز بنے ہوئے ہیں۔
٭ ٭ ٭

![Memaar E Jahaan Tu Hai 3[Dour Mughliya Ki Khwateen Ka Ilmi o Adbi Warsa _Ek Jayeza]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/03/Memaar-E-Jahaan-Tu-Hai-3Dour-Mughliya-Ki-Khwateen-Ka-Ilmi-o-Adbi-Warsa-_Ek-Jayeza.jpg)
0 Comments